Tag: درخت کاٹنا

  • دانتوں کا ڈاکٹر بورڈ صاف دکھائی نہ دینے پر فٹ پاتھ کے درخت کٹوانے لگا

    دانتوں کا ڈاکٹر بورڈ صاف دکھائی نہ دینے پر فٹ پاتھ کے درخت کٹوانے لگا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن چورنگی فٹ پاتھ پر لگے درخت کاٹنے والے 2 افراد پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلشن چورنگی کراچی میں علاقہ کونسلر اور مکینوں نے دو افراد کو عین اس وقت دھر لیا جب وہ فٹ پاتھ پر لگے درخت کاٹ رہے تھے۔

    ملزمان نے بیان میں کہا کہ سامنے موجود دانتوں کے کلینک کا بورڈ صاف نظر نہیں آ رہا تھا اس لے درخت کاٹ رہے تھے، درخت کاٹنے والے دونوں افراد گلستان جوہر بلاک 12 کے رہائشی نکلے۔

    علاقہ کونسلر کے مطابق کلینک مالک نے اجرت پر دونوں کو درخت کاٹنے کا کہا تھا، اس سے قبل بھی کلینک مالک درخت کٹوا چکا ہے، ڈاکٹر چاہ رہا تھا کہ اس کے ڈینٹل کلینک کا بورڈ واضح نظر آئے اس لیے درخت کٹوا رہا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی شہر کو جہاں صنعتی فضلے کو ٹھکانے لگانے کا مسئلہ درپیش ہے وہاں گاڑیوں اور صنعتوں سے نکلنے والے دھویں سے آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، ماہرین نے اس کی شدت کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی تجویز دی ہے۔

    مینٹیننس آف ٹری اور پبلک پارکس آرڈیننس 2002 کے سیکشن 9 کے مطابق درخت کاٹنا جرم ہے، اس کے علاوہ سندھ لوکل باڈیز آرڈیننس 2001 میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اتھارٹی درخت کی کٹائی نہیں کر سکتی، اگر کٹائی انتہائی اہم ہو تو پھر اس کا طریقہ کار واضح کر دیا گیا ہے۔

    تاہم عام شہری تو ایک طرف خود سندھ حکومت بھی درختوں کی غیر قانونی کٹائی سے باز نہیں آتی، رواں ماہ 2 تاریخ کو سندھ ہائی کورٹ نے ریڈ لائن پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے درخت کاٹنے کے معاملے پر میئر کراچی مرتضی وہاب کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، حکم نامے میں کہا گیا کہ بلاجواز درخت کاٹنا جرم ہوگا اور اگر درختوں کی کٹائی ضروری ہو پہلے سیشن جج سے لازمی اجازت لینا ہوگی۔

    عدالتی حکم میں کہا گیا کہ انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق ہر درخت کی کٹائی پر 5 نئے درخت اگانا لازمی ہیں، لیکن ریڈ لائن پراجیکٹ کے ٹھیکے دار نے انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی ہدایت پر عمل درآمد نہیں کیا اور پراجیکٹ کے لیے 3 ہزار سے زائد درخت کاٹے گئے۔

  • بلند و بالا درخت پر بیٹھے شخص کی خطرناک حرکت، دیکھنے والوں کی سانسیں رک گئیں، ویڈیو وائرل

    بلند و بالا درخت پر بیٹھے شخص کی خطرناک حرکت، دیکھنے والوں کی سانسیں رک گئیں، ویڈیو وائرل

    آپ نے بہت خطرناک کرتب دیکھے ہوں گے لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص بلند و بالا درخت پر بیٹھ کر اسی درخت کو کاٹ رہا ہے، یہ رونگٹے کھڑے کر دینے والا منظر دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بہت بلند کھجور کے درخت کی چوٹی پر بیٹھا اسے کاٹ رہا ہے، اور درخت اس کے بوجھ سے فضا میں نیچے کی طرف جھکا ہوا ہے۔

    یہ کرتب دکھانے والا شخص آرے سے درخت کی چوٹی پر پتوں والے حصے کو کاٹتا دکھائی دیتا ہے، درخت اس کے بوجھ سے جھکا ہوا ہے اور ہوا میں نہایت خطرناک انداز میں جھول رہا ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی، لوگ حیران رہ گئے کہ ایک شخص جس درخت پر بیٹھا ہوا ہے اسی کو کاٹ رہا ہے، اس کا انجام کیا نکلے گا۔یہ ویڈیو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اب درختوں کو کاٹنا بھی مہم جویانہ کھیلوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

    درخت کاٹتے ہوئے جس طرح فضا میں جھول رہا تھا لوگوں کو لگا کہ جیسے ہی اس کا اوپری سرا کٹے گا، وہ بھی اس کے ساتھ ہوا میں جھٹکے کے ساتھ اڑ جائے گا۔

    تاہم جیسے ہی درخت کا اوپری حصہ کٹ کر گرا، اس نے تنے کو پوری قوت سے جکڑ کر خود کو جھٹکے سے اڑ کر گرنے سے بچا لیا، اور درخت کا تنا دیر تک جھولتا رہا۔