Tag: درخت

  • انوکھا فنکار جو اپنے جادو سے درخت کے تنے کو غائب کردیتا ہے

    انوکھا فنکار جو اپنے جادو سے درخت کے تنے کو غائب کردیتا ہے

    بیجنگ: چین میں ایک نوجوان فنکار درختوں پر اس طرح سے پینٹنگ کرتا ہے کہ انہیں ’غائب‘ کردیتا ہے، فنکار نے اس کام کا آغاز سنہ 2020 کے لاک ڈاؤن کے دوران کیا تھا۔

    چین کے صوبہ شینزو کا 33 سال ہوانگ یاؤ درختوں کے تنے کے ایک حصے کو کچھ اس طرح رنگتا ہے کہ وہ پس منظر کا حصہ بن جاتا ہے، یوں تنے کا کچھ حصہ کٹا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

    یہ فنکار خود کو تھری ڈی مصور کہتا ہے جو درختوں کو کینوس بناتا ہے اور اسے کیمو فلاج کا روپ دیتا ہے۔

    ہوانگ نے جو فن پارے بنائے ہیں ان میں کبھی ٹیلیفون کا کھمبا ہوا میں معلق دکھائی دیتا ہے، یا کبھی کوئی درخت پینسل کے نوک کے سہارے کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ اسی طرح کچھ تصاویر میں کسی کیڑے نے درخت کا اگلا حصہ اٹھا رکھا ہوتا ہے۔

    ہوانگ نے بتایا کہ درخت کے ایک حصے پر پس منظر بنانے کے باوجود بھی ہوا، بادل اور آسمان کی بدلتی رنگت اسے تبدیل کر سکتی ہے۔ اگرچہ انہیں اوائل عمری سے ہی مصوری سے لگاؤ رہا لیکن انہوں نے 2020 میں کیمو فلاج پینٹنگ کا آغاز کیا۔

    خوش قسمتی سے اطراف میں گھنے سبزے اور درختوں کی صورت میں انہیں کینوس مل گیا اور اب وہ دل کھول کر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ان کے فن کو بے حد سراہا جاتا ہے۔

  • انوکھا درخت جس کے قریب جانے پر جیل ہوسکتی ہے

    انوکھا درخت جس کے قریب جانے پر جیل ہوسکتی ہے

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں موجود دنیا کے سب سے بڑے درخت کے قریب جانے پر پابندی عائد کردی گئی، قریب جانے والے شخص کو 6 ماہ قید اور 5 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے درخت ہائپرون تک لوگوں کو جانے سے روک دیا گیا ہے، ہائپرون کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے بڑے درخت کے طور پر درج ہے جو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ریڈ ووڈ نیشنل پارک میں موجود ہے۔

    نیشنل پارک کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس درخت کے قریب جانے والے فرد کو 6 ماہ قید اور 5 ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا۔

    یہ درخت نیشنل پارک میں بہت اندر موجود ہے اور کوئی راستہ اس کی جانب نہیں جاتا، مگر پھر بھی وہاں جانے والے افراد کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث درخت کو سنگین ماحولیاتی اثرات کا سامنا ہے۔

    اس درخت کو 2006 میں ماہرین نے دریافت کیا تھا اور اس کی لمبائی 115.92 میٹر ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہائپرون عام راستے پر موجود نہیں اور اس کے ارگرد بہت زیادہ سبزہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہاں تک پہنچنے کے لیے کافی جھاڑیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

    مشکل سفر کے باوجود وہاں جانے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے درخت کے ارگرد کے ماحول پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    نیشنل پارک کے نیچرل ریسورسز چیف لیونل آرگیلو نے کہا کہ اس علاقے میں موبائل فون اور جی پی ایس سروسز محدود ہیں، تو وہاں کسی کے گم ہونے یا زخمی ہونے پر امداد کرنا بہت مشکل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ درخت کی بنیاد کو پہنچنے والے نقصان سے ہٹ کر بھی لوگوں کی بھیڑ سے دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں، لوگ وہاں کچرا بھی پھینک رہے ہیں۔

  • خشک سالی اور قحط سے بچنے کے لیے درخت لگانا ضروری

    خشک سالی اور قحط سے بچنے کے لیے درخت لگانا ضروری

    آج دنیا بھر میں صحرا زدگی اور قحط سے حفاظت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد خشک سالی اور قحط کے اثرات میں کمی اور صحرا زدگی کے عمل کی روک تھام سے متعلق آگاہی و شعور بیدار کرنا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو منانے کی قرارداد 30 جنوری 1995 کو منظور کی تھی جس کے بعد سے یہ دن ہر سال 17 جون کو منایا جاتا ہے۔

    صحرا زدگی ایک ایسا عمل ہے جو ایک عام زمین کو آہستہ آہستہ خشک اور بنجر کردیتا ہے جس کے بعد ایک وقت ایسا آتا ہے کہ یہ مکمل طور پر صحرا میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

    یہ عمل اس وقت شروع ہوتا ہے جب کسی علاقے میں خشک سالی پیدا ہوجائے، کسی مقام سے بڑے پیمانے پر جنگلات کو کاٹ دیا جائے، یا زراعت میں ایسے ناقص طریقہ کار اور کیمیائی ادویات استعمال کی جائیں جو زمین کی زرخیزی کو ختم کر کے اسے بنجر کردیں۔

    براعظم افریقہ اس وقت سب سے زیادہ صحرا زدگی سے متاثر ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں اس وقت 25 کروڑ افراد صحرا زدگی کے نقصانات سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک سو ممالک اور 1 ارب افراد صحرا زدگی کے خطرے کا شکار ہوجانے کی زد میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت کے مطابق دنیا بھر میں ہر 1 منٹ میں 23 ایکڑ زمین صحرا زدگی کا شکار ہو کر بنجر ہو رہی ہے۔

    عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں جاری خانہ جنگیاں بھی صحرا زدگی کو رونما کرنے کی ایک بڑی وجہ ہیں جو کسی علاقے کو پہلے قحط زدہ بناتی ہیں، زراعت کو نقصان پہنچاتی ہیں، پھر بالآخر وہ زمین صحرا میں تبدیل ہوجاتی ہے جہاں کچھ بھی اگانا ناممکن ہوجاتا ہے۔

    علاوہ ازیں دنیا بھر کے موسموں میں ہونے والا تغیر یعنی کلائمٹ چینج، شدید گرم درجہ حرارت اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے ہوتی کمی بھی زمین کو خشک کر رہی ہے اور صحرا زدگی کا عمل تیز ہوتا جارہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق صحرا زدگی سے بچنے کا حل یہ ہے کہ زمینوں پر زیادہ سے زیادہ درخت اگائے جائیں تاکہ یہ زمین کو بنجر ہونے سے روک سکیں۔ اس کے لیے غیر آباد زمینیں بہترین ہیں جہاں کاشت کاری یا باغبانی کی جاسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں آبی ذرائع کی مینجمنٹ کرنا اور انہیں احتیاط سے استعمال کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔

  • اس تصویر میں کیا گڑبڑ ہے؟

    اس تصویر میں کیا گڑبڑ ہے؟

    بعض تصاویر میں کچھ گڑبڑ چھپی ہوتی ہے جو بغور دیکھنے پر ہی نظر آتی ہے، مذکورہ تصویر بھی کچھ ایسی ہی ہے۔

    اس تصویر میں ایک خوبصورت سا گھر اور کچھ درخت موجود ہیں۔

    لیکن یہیں کہیں ایک گڑبڑ بھی چھپی ہے، کیا آپ اس غلطی کو پکڑ سکتے ہیں؟

    کیا آپ نے غلطی پکڑ لی؟

    تصویر میں غلطی یہ ہے کہ سیب اور پھول ایک ساتھ درخت پر ظاہر ہیں جو ممکن نہیں۔

  • گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش برآمد

    گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی، لاش کی شناخت نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے وزیر آباد میں نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ایک زمیندار کے ڈیرے پر ملی۔

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا کہ مقتول کو قتل کرنے کے بعد لاش کو پھندا دیا گی۔ نامعلوم لاش کی شناخت نہ ہو سکی۔

    پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے شہر فیصل آباد میں قتل کی ایک اور لرزہ خیز واردات ہوئی تھی جس میں لڑکی کو قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینک دیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی جس کے کچھ روز بعد تالاب سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو کچھ افراد نے ملازمت دلانے کے بہانے بلایا اور مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر کے لاش تالاب میں پھینک دی۔

  • ماضی میں جنگلات اور درختوں کی تباہی کی گئی: وزیر اعظم عمران خان

    ماضی میں جنگلات اور درختوں کی تباہی کی گئی: وزیر اعظم عمران خان

    ناران: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں جنگلات اور درختوں کی تباہی کی گئی، سیاحت سے علاقوں میں پیسہ آئے گا اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ناران میں ٹائیگر فورس سے خطاب کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ علاقے کا فضائی جائزہ لے کر خوشی ہوئی، بہت زیادہ درخت اگائے گئے، ہماری آنے والی نسلیں ہماری شکر گزار ہوں گی کہ ہم نے ان کی پرواہ کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنگلات اور درختوں کی تباہی کی گئی، ناران کے لیے پروگرام شروع ہوگیا تو بہت اچھا ہوگا، جو خوبصورتی پاکستان میں ہے شاید ہی دنیا میں کہیں ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ اللہ کی دی گئی نعمتوں کاخیال رکھیں، جتنے بھی گارڈز اور رضا کار چنے ہیں وہ مقامی ہی ہیں۔ مقامی رضا کار جانتے ہیں کہ کون درخت کاٹتا ہے، مقامی رضا کار بہتر انداز سے درختوں کی حفاظت کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صفائی کی بہت اہمیت ہے، ٹور ازم سے علاقوں میں پیسہ آئے گا، روزگار کے مواقع ملیں گے۔ سوئٹزر لینڈ ہمارے ناردرن ایریاز کا نصف ہے۔ سوئٹزر لینڈ سیاحت میں پاکستان کے ناردرن ایریاز کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہم نے اپنے سیاحتی مقامات کا خیال رکھنا ہے۔

  • بھارت: کرونا ویکسین سے خوفزدہ شخص درخت پر چڑھ گیا

    بھارت: کرونا ویکسین سے خوفزدہ شخص درخت پر چڑھ گیا

    بھارت سمیت دنیا بھر میں کرونا ویکسین کے حوالے سے لوگوں میں بے اعتمادی اور خوف پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ویکسی نیشن تاخیر کا شکار ہورہی ہے، بھارت میں بھی ایسے ہی ایک خوفزدہ شخص نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں کرونا ویکسی نیشن کا کیمپ لگایا گیا جہاں گاؤں والوں کی ویکسی نیشن کی جارہی تھی۔

    وہاں موجود ایک شخص پہلے تو کیمپ میں کھڑا ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتا رہا پھر اچانک وہ وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا اور درخت پر چڑھ کر بیٹھ گیا۔

    مذکورہ شخص نے ویکسین لگوانے سے صاف انکار کردیا، یہی نہیں وہ اپنی بیوی کا راشن کارڈ بھی اپنے پاس رکھ کے بیٹھ گیا تاکہ اسے بھی ویکسین نہ لگائی جاسکے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کی بیوی ویکسی نیشن کروانا چاہتی تھی لیکن تصدیقی دستاویز نہ ہونے کے سبب وہ ویکسی نیشن نہ کروا سکی۔ مذکورہ شخص شام تک درخت پر چڑھا رہا جب تک میڈیکل ٹیم اپنا سامان سمیٹ کر وہاں سے رخصت نہ ہوگئی۔

    یہ خبر جب میڈیا پر آئی تو مقامی میڈیکل افسر ڈاکٹر راجیو نے اس گاؤں کا دورہ کیا اور اس شخص سے ملاقات کی، انہوں نے اس شخص کو ویکسی نیشن کے لیے قائل کیا اور اس حوالے سے اس کے خدشات دور کیے۔

    ڈاکٹر راجیو کے مطابق مذکورہ شخص نے ویکسی نیشن کے لیے حامی بھر لی ہے اور چند دن بعد جب ایک قریبی گاؤں میں ویکسی نیشن کیمپ لگے گا تو اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ وہاں جا کر ویکسین لگوائے گا۔

  • جھگڑے کے بعد پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی

    جھگڑے کے بعد پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی

    شیفلڈ: پڑوسیوں میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں، لیکن برطانیہ میں ایک پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی، اس نے غصے میں آ کر گھر کے سامنے کھڑے چیڑ کے درخت کا اپنی گھر کی طرف کا آدھا حصہ ہی کاٹ ڈالا۔

    یہ واقعہ برطانوی کاؤنٹی ساؤتھ یارکشائر کے شہر شیفلڈ میں پیش آیا، دو پڑوسیوں میں اس بات پر جھگڑا ہوا کہ دروازے کے پاس کھڑے درخت پر کبوتر آ کر بیٹ کر جاتے ہیں جو گھر کے دروازے کے پاس گرتی ہے اور راستہ گندا ہو جاتا ہے، جھگڑے کے بعد ایک پڑوسی نے اپنی طرف کا درخت کا آدھا حصہ کاٹ دیا۔

    صفائی سے بالکل نصف کٹنے کے بعد درخت کی شکل عجیب لگنے لگی ہے، جس کے سبب اب لوگ اسے دیکھنے آنے لگے ہیں، اور درخت سیاحوں کے لیے دل چسپی کا سامان بن گیا ہے۔

    معلوم ہوا کہ چیڑ کا درخت 25 سال سے وہاں کھڑا تھا، 56 سالہ بھرت مسٹری اور اس کی فیملی یہ دیکھ کر سخت مایوسی کا شکار ہو گئی، جب اس کے پڑوسی نے اسپیشلسٹس کو بلوایا اور درخت کی نصف شاخیں کٹوا دیں۔

    ان پڑوسیوں کے درمیان ایک سال سے اس بات پر جھگڑا چل رہا تھا کہ درخت پر کبوتر آ کر شور مچاتے ہیں اور بیٹ کر جاتے ہیں، جس سے ڈرائیو وے میں گندگی پھیل جاتی ہے۔

    بھرت مسٹری نے بتایا کہ ہم پڑوسیوں نے متفقہ طور پر درخت کو گیند کی شکل میں ترشوایا تھا، لیکن حال ہی میں اس پر پرندے آنے لگے، کیوں کہ سال کے اس وقت پرندوں کا آنا متوقع ہوتا ہے، لیکن پڑوسی نے پرندوں کو وہاں بیٹھنے سے روکنے کے لیے سیاہ شاپنگ بیگز رکھنا شروع کر دیا۔

    بھرت مسٹری کے مطابق گزشتہ ہفتے پڑوسی نے اچانک ایک ٹری سرجن بلوایا اور ہمارے منع کرنے کے باوجود اس نے درخت کی اپنی طرف والی شاخیں کٹوا دیں، ہمیں سخت دکھ ہوا اس سے، ہم نے منتیں کر کر کے روکا لیکن وہ نہ مانا۔

    بھرت کا کہنا تھا کہ پڑوسی کو درخت کاٹنے کا حق تھا کہ وہ اس کی پراپرٹی پر مسئلہ پیدا کر رہا تھا لیکن 25 سال سے کھڑے درخت کو کاٹنا تکلیف دہ ہے۔

    تاہم جب اس باقی ماندہ درخت کی تصویر آن لائن پوسٹ کی گئی تو انٹرنیٹ صارفین میں یہ تیزی سے وائرل ہو گئی، اور اس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ اس درخت کو ایک نظر دیکھنے آنے لگے ہیں۔

  • دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    گلگلت بلتستان کے شہر چلاس میں دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ کو تاحال نہ بھجایا جاسکا، آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل کر خاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل گئے، گوہر آباد، ہڈور اور کھنبری کے گھنے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں، مقامی افراد کو مطالبہ ہے کہ حکومت فوری آگ بجھانے کا انتظام کرے۔

    اس سے قبل چترال میں 9 ہزار فٹ بلندی پر پہاڑوں میں جنگلات میں لگی آگ پر گزشتہ روز 5 دن بعد قابو پایا جاسکا۔ خوفناک آتش زدگی کے باعث لاتعداد قیمتی درخت جل کر راکھ ہو گئے۔

    وادی کیلاش کے علاقے بیریئر کے پہاڑوں پر جنگلات میں آگ 9 جون کو لگی تھی جس نے 85 ایکڑ (680) کنال رقبے پر محیط درختوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

    ضلعی فاریسٹ افسر چترال فرہاد علی کے مطابق ریسکیو عملے کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

  • بلڈنگز بنانے کے لیے درخت نہیں کاٹے جائیں گے: عدالت کا حکم

    بلڈنگز بنانے کے لیے درخت نہیں کاٹے جائیں گے: عدالت کا حکم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے تعمیرات کے لیے درخت کاٹنے سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ درخت کاٹنے کے بجائے دوسری جگہ منتقل کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔

    رپورٹ میں کمیشن نے شیخو پورہ میں 11 بھٹوں کی نشاندہی کی جو پرانی ٹیکنالوجی پر تھے، کمیشن نے 9 بھٹوں کو سیل کیا جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایل ڈی اے کی 122 میں سے 73 اسکیموں نے سیوریج چارجز ادا نہیں کیے، جوڈیشل کمیشن کی ہدایات پر 5 صنعتی یونٹس کے نمونے لیے گئے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے جی پی او کے سامنے سڑک کی ٹوٹ پھوٹ پر جواب طلب کرلیا، ہائیکورٹ نے سڑک تعمیر کرنے اور پودے لگانے کا حکم بھی دے دیا اور کہا کہ سڑک پر سے کوڑا کرکٹ صاف کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

    عدالت نے تعمیراتی منصوبوں کے دوران درخت کاٹنے سے بھی روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ درخت کاٹنے کے بجائے دوسری جگہ منتقل کیے جائیں۔

    موٹر وے پر دھوئیں کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرانے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی گئی جبکہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی پالیسی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے پالیسی پر عمل درآمد کس حد تک ہوا، کیس کی مزید سماعت 3 جون تک ملتوی کردی گئی۔