Tag: درخت

  • بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    پاکستان میں کپڑے کی صنعت میں بڑی پیش رفت دیکھی جارہی ہے، بھنگ کے بعد اب کیلے کے درخت کے تنے سے بھی کپڑا بنا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کیلے کے درخت کے تنے سے کپڑا تیار کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد محسن نے اس حوالے سے بتایا۔

    ڈاکٹر محسن کے مطابق پاکستان میں 34 ہزار 800 ہیکٹر پر کیلے کی کاشت ہوتی ہے جو سالانہ کیلے کی 1 لاکھ 54 ہزار 800 ٹن پیداوار ہے۔ کیلے کے درختوں کے 9 ہزار کلو سے زائد تنے ہر سال ضائع ہوجاتے ہیں جنہیں پھینک دیا جاتا ہے یا جلا دیا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس تنے سے نہ صرف دھاگہ بنایا ہے بلکہ کپڑا بھی تیار کیا ہے اور اسے رنگنے میں بھی قدرتی طریقہ اجزا استعمال ہوئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ کپڑا کاٹن کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہے جبکہ اس کی قیمت بھی کاٹن کی قیمت کی نصف ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ کسان پہلے اس تنے کو پھینک دیا کرتے تھے یا جلا دیتے تھے جس سے کچرے اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب یہ بیکار تنے بھی ان کی آمدن کا ذریعہ بن سکیں گے۔

    علاوہ ازیں یہ کپڑا ماحول دوست ہوگا جبکہ کپاس کی پیداوار میں کمی کو بھی پورا کرسکے گا۔

  • کلفٹن کراچی میں درخت کیوں کاٹے گئے، انتظامیہ لاعلم

    کلفٹن کراچی میں درخت کیوں کاٹے گئے، انتظامیہ لاعلم

    کراچی: شہر قائد میں درخت کاٹنے والا مافیا سرگرم ہو گیا، تاہم دوسری طرف سو سے زیادہ درخت کاٹے جانے پر بھی انتظامیہ لا علم نکلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نہر خیام کلفٹن کے علاقے میں فٹ پاتھ پر لگائے گئے درخت کاٹ کر حکومت کی درخت لگانے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کی مہم کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کلفٹن کے علاقے میں گزشتہ رات مافیا نے درختوں کو کاٹا، درخت کاٹنے کے بعد انھیں فٹ پاتھ پر ہی چھوڑ دیا گیا، جب کہ انتظامیہ اس حوالے سے لا علم ہے کہ ان درختوں کو کس نے اور کیوں کاٹا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گرمیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی درختوں کو کاٹنے کا یہ واقعہ پیش آیا ہے، جب کہ ان درختوں کو ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے لگایا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نہر خیال میں فٹ پاتھ پر مافیا کی جانب سے 100 سے زائد درختوں کو کاٹا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل خیبر پختون خواہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ 10 بلین ٹری منصوبے کے تحت شجر کاری مہم میں شریک ہوں گے۔

    وزیر اعظم کل خیبر پختون خواہ میں زیتون کی شجر کاری کا آغاز کریں گے، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

  • طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا

    طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا

    سربیا میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوتے بال بال بچا اور بال برابر فاصلے سے ایک درخت کو چھوتے ہوئے گزر گیا۔

    سربیا کے گریٹ ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رادا ایئر لائن کا کارگو طیارہ ٹیک آف کررہا ہے۔

    ٹیک آف کرتے ہوئے وہ درختوں کے ایک جھنڈ کے اوپر سے گزرتا ہے اور ایک درخت سے بالکل ذرا سے فاصلے سے گزرتا ہے۔

    درخت کے اوپر سے گزرتے ہوئے طیارہ درخت کی ٹہنیوں اور پتوں سے ٹکراتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جہاز کے گزرنے کے بعد شاخیں اور پتے ریزہ ریزہ ہو کر فضا میں بکھرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    درخت سے ٹکرانے کے باوجود پائلٹس طیارے کی پرواز جاری رکھتے ہیں اور طیارے کو فضا میں بلند کرلیتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ کسی نقصان سے محفوظ رہا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطاق یہ واقعہ سربیا میں رواں برس جولائی میں پیش آیا تھا۔

  • انسانوں جیسا ردعمل دینے والے حیرت انگیز درخت

    انسانوں جیسا ردعمل دینے والے حیرت انگیز درخت

    نئی دہلی: فطرت کے مظاہر عجیب تر ہیں جو انسانوں کو حیران کردیتے ہیں، بھارت میں ایک درخت بھی عجوبہ ہے جو انسانوں جیسی حرکات کرتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترا کھنڈ میں واقع جنگل میں ایک ایسا درخت موجود ہے جو انسانوں جیسا ردعمل دیتا ہے، اس درخت کو چھونے پر اسے گدگدی ہوتی ہے۔

    اترا کھنڈ کے ضلع نینی تال میں واقع کالا ڈھونگی جنگل میں ایسے پیڑوں کی تعداد 2 ہے جبکہ رام نگر کے کیاری جنگل میں بھی ایسا ہی ایک درخت موجود ہے۔

    ان درختوں کے تنوں کو چھوا جائے تو ان کی شاخیں حرکت کرنے لگتی ہیں، مقامی افراد انہیں کانپنے والے درخت اور ہنسنے والے درخت بھی کہتے ہیں۔

    ماہرین ان درختوں پر تحقیق کر رہے ہیں کہ ان کے تنے اور شاخ ایسا ردعمل کس وجہ سے دیتے ہیں۔

  • شجر کاری منصوبوں کی سماعت، سپریم کورٹ کا سندھ اور کے پی پر اظہار برہمی

    شجر کاری منصوبوں کی سماعت، سپریم کورٹ کا سندھ اور کے پی پر اظہار برہمی

    اسلام آباد: ملک میں شجر کاری منصوبوں کے سلسلے میں سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سندھ اور خیبر پختون خوا پر اظہار برہمی کیا، عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا بھی عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے منصوبے کی تمام تفصیلات طلب کر لیں، سپریم کورٹ نے کہا آگاہ کیا جائے منصوبے پر اب تک کتنے فنڈز خرچ ہوئے، فنڈز خرچ ہونے کا جواز بھی معہ ریکارڈ پیش کیا جائے۔

    کتنے درخت کہاں لگے، سپریم کورٹ نے تمام تفصیلات تصاویر سمیت فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا، سپریم کورٹ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے سٹیلائٹ تصاویر بھی منگوا لیں، نیز سپریم کورٹ نے کلر کہار کے اطراف پہاڑوں پر کمرشل سرگرمیاں روکنے کا حکم دے دیا۔

    پہاڑوں سے متعلق عدالت کو بتایا گیا کہ نجی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا نجی ملکیتی پہاڑ ہیں تو بھی قدرتی حسن متاثر کرنے کی اجازت نہیں، پنجاب حکومت کمرشل سرگرمیاں ختم کرا کر پہاڑوں پر درخت لگائیں۔

    سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی نے عدالت کو بتایا کہ ایک سال میں 430 ملین درخت لگائے جا چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان نے ناہید درانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کیا آپ نے 430 ملین درخت لگے دیکھے ہیں؟ ناہید درانی نے بتایا کہ یہ دیکھنا ممکن نہیں ہے کہ تمام درخت لگے ہوئے ہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ 10 ارب درخت لگنا ناقابل یقین بات ہے، اتنے درخت لگ گئے تو ملک کی قسمت بدل جائے گی، عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا بھی عندیہ دیا، چیف جسٹس نے کہا ملک بھرمیں مجسٹریٹس کے ذریعے درخت لگنے کی تصدیق کرائیں گے۔

    کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الحسن نے محکمہ جنگلات سندھ کے حکام کی بھی سرزنش کی، انھوں نے ریمارکس میں کہا سندھ میں جو بھی فنڈز جاتے ہیں چوس لیے جاتے ہیں، جتنا بھی فنڈ چلا جائے لگتا کچھ نہیں، انسانوں کا جینا مشکل ہے تو درخت کیسے رہیں گے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سندھ میں ڈاکو پکڑنے کے نام پر لاڑکانہ کے قریب جنگل کاٹاگیا، سندھ پولیس ڈاکو تو کیا ایک تتلی بھی نہیں پکڑ سکی، پورے پورے جنگل صاف ہوگئے مگر پکڑا کوئی نہیں گیا۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا نہروں، دریاؤں کے اطراف درخت عدالت نے لگوائے، بلین ٹری سونامی منصوبے کے درخت کہاں گئے؟ سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ بلین ٹری منصوبے پر عمل صوبائی حکومتیں کر رہی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا صوبے آپ کی بات سنتے ہی کہاں ہیں، بلوچستان میں تو بلین ٹری منصوبے کا وجود ہی نہیں۔

    عدالت میں سیکریٹری ماحولیات خیبر پختون خوا کی بھی سرزنش کی گئی، جسٹس اعجاز الحسن نے کہا اسلام آباد پشاور موٹر وے پر درختوں کا وجود ہی نہیں، ملک کی کسی ہائی وے کے اطراف درخت موجود نہیں، کلر کہار کے اطراف پہاڑوں سے درخت کاٹ دیے گئے، اور اب وہاں ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جا رہی ہیں۔

    جسٹس اعجاز نے کہا بلین ٹری منصوبے سے متعلق دعوے کے شواہد بھی دیں، کیا بلین ٹری منصوبہ کی تصدیق بھی کرائی جا رہی ہے ؟ عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا عندیہ دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر سیکریٹری پلاننگ اور چاروں صوبائی سیکریٹریز جنگلات کو طلب کر لیا، سپریم کورٹ میں کیس کی مزید سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔

  • سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب میں وسیع پیمانے پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کا حصہ ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت زراعت کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم میں نائب وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر منصور ھلال المشیطی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    طائف میں شجر کاری مہم میں 50 خواتین اور مرد رضا کاروں نے حصہ لیا جنہوں نے طائف کمشنری کے علاقے عکرمہ میں 120 پودے لگائے۔ شجر کاری کے لیے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کیا گیا جو طائف کے موسم کے مطابق تھے۔

    مہم کے دوران لوگوں کو شجر کاری کی اہمیت اور ماحول پر سبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    یہ شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے شروع کی گئی جس میں ماحولیات اور قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگلات کے پھیلاؤ اور سبزے کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔

    مہم میں وزارت زراعت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں لگانے کے لیے پودوں کے بیچ بھی مفت فراہم کیے گئے، علاوہ ازیں شجر کاری کی اہمیت پر مشتمل ہینڈ بلز اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے۔

  • بلند و بالا درخت پر بیٹھے شخص کی خطرناک حرکت، دیکھنے والوں کی سانسیں رک گئیں، ویڈیو وائرل

    بلند و بالا درخت پر بیٹھے شخص کی خطرناک حرکت، دیکھنے والوں کی سانسیں رک گئیں، ویڈیو وائرل

    آپ نے بہت خطرناک کرتب دیکھے ہوں گے لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص بلند و بالا درخت پر بیٹھ کر اسی درخت کو کاٹ رہا ہے، یہ رونگٹے کھڑے کر دینے والا منظر دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بہت بلند کھجور کے درخت کی چوٹی پر بیٹھا اسے کاٹ رہا ہے، اور درخت اس کے بوجھ سے فضا میں نیچے کی طرف جھکا ہوا ہے۔

    یہ کرتب دکھانے والا شخص آرے سے درخت کی چوٹی پر پتوں والے حصے کو کاٹتا دکھائی دیتا ہے، درخت اس کے بوجھ سے جھکا ہوا ہے اور ہوا میں نہایت خطرناک انداز میں جھول رہا ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی، لوگ حیران رہ گئے کہ ایک شخص جس درخت پر بیٹھا ہوا ہے اسی کو کاٹ رہا ہے، اس کا انجام کیا نکلے گا۔یہ ویڈیو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اب درختوں کو کاٹنا بھی مہم جویانہ کھیلوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

    درخت کاٹتے ہوئے جس طرح فضا میں جھول رہا تھا لوگوں کو لگا کہ جیسے ہی اس کا اوپری سرا کٹے گا، وہ بھی اس کے ساتھ ہوا میں جھٹکے کے ساتھ اڑ جائے گا۔

    تاہم جیسے ہی درخت کا اوپری حصہ کٹ کر گرا، اس نے تنے کو پوری قوت سے جکڑ کر خود کو جھٹکے سے اڑ کر گرنے سے بچا لیا، اور درخت کا تنا دیر تک جھولتا رہا۔

  • کیا آپ درختوں پرجھولتے ان اسمارٹ فونز کی کہانی جانتے ہیں؟

    کیا آپ درختوں پرجھولتے ان اسمارٹ فونز کی کہانی جانتے ہیں؟

    شکاگو: درختوں پر جھولتے اسمارٹ فونز کے پیچھے بہت دلچسپ وجہ ہے اور وہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ کام اپنے لیے حاصل کرنا۔

    امریکی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ای کامرس کمپنی ایمیزون کے لیے کام کرنے والے ڈرائیوروں نے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ آرڈر حاصل کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔

    شکاگو کے نواح میں‌ ایمیزون کےڈیلیوری اسٹیشنز اور ہول فوڈ اسٹورز کے باہر ان درختوں پر ڈیلیوری ڈرائیور اسمارٹ فون لٹکا دیے ہیں تاکہ صارفین کے زیادہ سے زیادہ آرڈر حاصل کر کے آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔

    ڈرائیوروں نے درختوں پر یہ فون لٹکا کر انہیں اپنے پاس موجود فونز سے منسلک کر دیا ہے تاکہ دیگر کے مقابلے میں انہیں سبقت حاصل ہوسکے۔

    رپورٹ کے مطابق درختوں پر لٹکے یہ فون ایمیزون کے سسٹم سے بھی جڑے ہیں اور ڈرائیور چاہے وہاں سے میلوں دور ہی کیوں نہ ہو، سسٹم کو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ وہ قریب موجود ہے۔

    امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ کتنے لوگ اس طریقے کو استعمال کر رہے ہیں مگر اس سے اندازہ ہوتا کہ آمدنی میں کمی کی وجہ سے لوگ کس طرح جارحانہ انداز سے دوسروں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

    ایمیزوں کے ڈرائیوروں کو فی گھنٹہ 15 سے 18 ڈالرز ملتے ہیں جبکہ ایندھن اور گاڑی کی مرمت کے اخراجات بھی نہیں دیے جاتے۔

    واضح رہے کہ عام طور پر ایمیزون کے آرڈر بک کرنے والا الگورتھم ایسے ڈرائیوروں کو ترجیح دیتا ہے جو ویئر ہاؤس کے قریب ہوں اور ایسے افراد کو پہلے ڈیلیوری کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

  • نیلے صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کی خوفناک ویڈیو

    نیلے صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کی خوفناک ویڈیو

    امریکا میں بغیر کسی طوفان یا برسات کے زوردار آسمانی بجلی گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، صارفین نے اسے خوفزدہ کردینے والی ویڈیو قرار دیا ہے۔

    آسمانی بجلی کڑکنے کی توقع عموماً بارش یا طوفان کے وقت کی جاتی ہے اور بالکل صاف مطلع ہوتے ہوئے بجلی کڑکنا انوکھی بات معلوم ہوتی ہے، تاہم ایسا انوکھا واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔

    ایک ڈیش کیم میں ریکارڈ ویڈیو میں نہایت صاف شفاف چمکتا ہوا آسمان دکھائی دے رہا ہے اور طوفان یا بارش کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔ اچانک زوردار آواز کے ساتھ آسمانی بجلی کڑکتی ہے اور قریب موجود پام کے درخت پر گرتی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین نے اسے خوفزدہ کردینے والی ویڈیو قرار دیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق صاف آسمان پر بجلی کڑکنے کا عمل کبھی کبھار ہوتا ہے اور اسے بلیو بولٹ کہا جاتا ہے، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب کچھ دور کسی مقام پر طوفان موجود ہو تو بجلی کا کرنٹ دور دور تک پہنچتا ہے۔

    صاف آسمان پر بجلی چمکنے کی یہ ویڈیو پہلی نہیں ہے، اس سے قبل ایک سیاح والٹ ڈزنی ورلڈ میں ایسی ہی بجلی گرنے کو اپنے کیمرے میں ریکارڈ کر چکا ہے جس کی آواز قریبی علاقوں تک سنی گئی۔

    مزید پڑھیں: طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جائے تو کیا ہوتا ہے؟

  • ٹائیگر فورس ڈے: نوجوان ایک دن میں ملین درخت لگائیں گے

    ٹائیگر فورس ڈے: نوجوان ایک دن میں ملین درخت لگائیں گے

    اسلام آباد: ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں مشاورت کے لیے معاون خصوصی عثمان ڈار کو طلب کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں 1 کروڑ پودے لگانے کے لیے رضا کاروں کے تعاون پر مشاورت کے لیے وزیر اعظم نے عثمان ڈار کو ملاقات کے لیے بلا لیا ہے، وزیر اعظم عمران خان آج نوجوانوں کے لیے اہم پیغام بھی ریکارڈ کرائیں گے۔

    دوسری طرف ٹائیگر فورس ایپلیکیشن میں گرین سیلفی کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے پودا لگانے والا رضا کار شجر کاری مہم کی تصاویر اپلوڈ کر سکے گا، خصوصی دن پر رضا کار نوجوان 1 دن میں ریکارڈ 1 ملین (دس لاکھ) درخت لگائیں گے۔

    وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل پنجاب بیوروکریسی کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں معاونین خصوصی عثمان ڈار، ملک امین اسلم اور چیف سیکریٹری پنجاب، صوبے کے کمشنرز، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اظفر منصور شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹائیگر فورس ڈے اور شجر کاری مہم کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    اجلاس میں ٹائیگر فورس ڈے کے سلسلےمیں انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا، یہ فیصلہ کیا گیا کہ ٹائیگر فورس ڈے پر بڑے پیمانے پر شجر کاری کے لیے تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کے لیے رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے موبائل فون ایپ سے رجسٹریشن چند روز میں کھول دی جائے گی۔