Tag: درخواستِ ضمانت مسترد

  • شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت مسترد

    شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت مسترد

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد مین ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔

    وکلا سردار عبد الرازق، انتظار پنجوتھا ، پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی مقدمہ کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

    وکیل سردار عبد الرازق نے کہا کہ شیخ رشید نے تیار کردہ سازش کے تحت بیان دیا، ایف آئی آر سے قبل پولیس کی جانب سے نوٹس بھیجا گیا جس کا میڈیا کے ذریعے علم ہوا۔

    وکیل شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو دفعات ایف آئی آر میں لگائی گئی وہ دفعات وفاقی یا صوبائی حکومت لگا سکتی ہے، کوئی شہری درج نہیں کروا سکتا۔

    وکیل سردار عبد الرازق نے عدالت سے درخواست ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی ، جس پر پراسیکیوٹر عدنان نے کہا کہ شیخ رشید کا بیان انتہائی اشتعال پھیلانے پر مبنی ہے، شیخ رشید نے کوئی عام جرم نہیں کیا، سزا سات سال تک ہے۔

    پراسیکیوٹر عدنان کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں ایسا بیان دینا ملک میں اشتعال پھیلانا ہے، ایسے بیانات پر مبنی عالمی جنگ کے دوران ایک شہزادے کا قتل ہوا، شیخ رشید نے اپنےجُرم کوکئی بار دہرایا، بار بار ایک ہی بیان دیا۔

    پراسیکیوٹر عدنان نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل مکمل کرلیے۔

    جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شیخ رشید کی جس کے ساتھ میٹنگ ہوئی ان کو تفتیش میں شامل کیا ؟ کیا پولیس نے عمران خان کو تفتیش میں شامل کیا؟

    تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ شیخ رشید نے کہا کہ ثبوت نہیں ہیں، اس لیے عمران خان کو شامل تفتیش نہیں کیا۔

    مدعی کے وکیل کی جانب سے عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔

    سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • اثاثہ جات کیس : خورشید شاہ اور ان کے بیٹے کی درخواستِ ضمانت مسترد

    اثاثہ جات کیس : خورشید شاہ اور ان کے بیٹے کی درخواستِ ضمانت مسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ سکھر نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ اور ان کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ اویس شاہ اور دیگر کی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جسٹس شمس الدین عباسی اورجسٹس امجد علی پر مشتمل اسپیشل بینچ نے اثاثہ جات کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ،ان کے صاحبزادوں ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ، صوبائی وزیر اویس قادر شاہ سمیت 18 لوگوں کی جانب سے داخل ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے۔

    عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خورشید احمد شاہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے اور ان کے بیٹے ایم پی اے سیدفرخ شاہ کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کردی ہے جبکہ خورشید شاہ کے دوسرے صاحبزادے زیرک شاہ، داماد و بھتیجے صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ، بیگمات سمیت دیگر 16 افراد کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

    عدالت کے فیصلے کے بعد خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار کارڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا اس فیصلے کے بعد سینیئر پینل جس میں میاں رضاربانی دیگر وکلاء شامل ہیں کی مشاورت سےآئندہ چند روز میں خورشید شاہ کی ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی جائے گی۔

    خیال رہے خورشید شاہ سمیت اٹھارہ ملزمان پرایک ارب تئیس کروڑروپےکرپشن کاریفرنس سکھرکی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    نیب نے خورشید شاہ کو گزشتہ سال 18 ستمبرکو اسلام آباد سے گرفتارکرکے سکھر منتقل کیاتھا، احتساب عدالت نےاُن کی ضمانت منظورکی تھی ، جسے نیب نے چیلنج کردیا تھا اور سندھ ہائی کورٹ نے خورشیدشاہ کی ضمانت پررہائی کا حکم کالعدم قرار دے دیا تھا۔ جس پر خورشید شاہ نے ہائی کورٹ میں ضمانت کے لئے الگ درخواست دائر کی تھی۔