Tag: درخواست دائر

  • ایم کیوایم بہادرآباد نے پی آئی بی کا انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کردیا ، فاروق ستار 27 فروری کو طلب

    ایم کیوایم بہادرآباد نے پی آئی بی کا انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کردیا ، فاروق ستار 27 فروری کو طلب

    اسلام آباد: ایم کیوایم بہادرآباد گروپ نے پی آئی بی کا انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کردیا، جس  پر  الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر فاروق ستار کو 27 فروری کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے انٹراپارٹی الیکشن کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست کنور نوید جمیل کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائرکی گئی۔

    درخواست میں مؤقف کیا گیا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان نے غیرقانونی انٹراپارٹی انتخابات کرائے، یہ ایم کیو ایم پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں، یہ کسی گروپ کے الیکشن ہو سکتے ہیں۔

    جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر فاروق ستار کو 27 فروری کی صبح 10بجے کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے اور ڈاکٹر فاروق ستار کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود یا اپنے نمائندے کو الیکشن کمیشن بھیجیں اور ان کے نہ آنے کے علاوہ ان کی جانب سے کوئی نمائندہ پیش نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنادے گا۔

    یاد رہے 18 فروری کو ایم کیوایم پاکستان کے انٹراپارٹی الیکشن میں فاروق ستار نے 9 ہزار433 ووٹ لے کر ایک بار پھر کنوینرمنتخب ہوئے۔


    مزید پڑھیں : ایم کیوایم انٹراپارٹی الیکشن میں فاروق ستارکنوینرمنتخب


    ایم کیوایم پاکستان چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے آرئیکل 18 سی کے تحت الیکشن ہوئے، انٹرا پارٹی الیکشن میں ٹوٹل 9 ہزار613 ووٹ کاسٹ، 163مسترد ہوئے۔

    واضح رہے کہ کامران ٹیسوری کو سینٹ کی سیٹ دیئے جانے پر ایم کیو ایم اور رابطہ کمیٹی میں اختلاف مزید شدت اختیار کر گئے ہیں ، رابطہ کمیٹی نے فاروق ستارکو آؤٹ کرکے خالد مقبول کو کنوینر بنادیا۔

    جس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے اختیارات اور اس کو تحلیل کرتے ہوئے نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بہادرآباد والوں کے تمام اقدامات غیر آئینی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بچوں سے زیادتی اور پورنو گرافی کے ملزموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانے کے لئے درخواست دائر

    بچوں سے زیادتی اور پورنو گرافی کے ملزموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانے کے لئے درخواست دائر

    لاہور : ننھے بچوں سے زیادتی اور پورنو گرافی کے ملزموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانے اور قوانین میں تبدیلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل دو اے، تین اور قانون شہادت کے تحت زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ننھے بچوں سے زیادتی اور پورنو گرافی کے ملزموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانے اور قوانین میں تبدیلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مکروہ عمل سے معاشرے میں انتشار پھیل رہا ہے، زیادتی اور پورنو گرافی میں سزاء یافتہ مجرموں کو سرعام پھانسی نہ ہونے سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام نہیں ہو پا رہی بلکہ ان میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ بچوں سے زیادتی فساد فی الارض کے زمرے میں آتا ہے۔ خفیہ طریقے سے دی جانی والی سزائیں دیگر ملزمان کے لئے سبق آموز نہیں بنتیں۔


    مزید پڑھیں : بچوں کی فحش فلمیں: سب سے زیادہ مقدمات وسطی پنجاب میں درج ہوئے


    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل دو اے، تین اور قانون شہادت کے تحت زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا جائے اور اس حوالے سے قوانین میں تبدیلی کا حکم دے۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے کے مطابق پاکستان میں‌ بچوں کی فحش فلموں میں وسطی پنجاب سب سے آگے ہے، جہاں بچوں کی عریاں تصاویر اور ویڈیوزکی انٹرنیٹ پرفروخت کے بیش تر کیسز سامنے آئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • بلدیاتی اداروں کے اختیارات، ایم کیو ایم سپریم کورٹ پہنچ گئی

    بلدیاتی اداروں کے اختیارات، ایم کیو ایم سپریم کورٹ پہنچ گئی

    کراچی : متحد ہ قومی مو ومنٹ (پاکستان) کی جانب سے بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دلوانے کے لیے عدالت عظمیٰ کے روبروآئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت آئینی درخواست دائر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے عدالت میں بلدیاتی اداروں اختیارات دینے کے حوالے سے پٹیشن دائر کی ہے جس میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت استدعا کی گئی ہے کہ سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں کو بالعموم اور سندھ کے شہری علاقوں کو بالخصوص تفویض کیے اختیارات فوری طور پر سندھ حکومت سے تفویض کراوئے جائیں۔

    درخواست کا متن 

    درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں آئین کے آرٹیکل 7 کی رو سے بھی صوبائی حکومتیں اس امر کی پابند ہیں کہ جو اختیارات پاکستان کی پارلیمنٹ نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو منتقل کیے ہیں وہ اختیارات صوبائی حکومت ضلع، تحصیل، تعلقہ اور یونین کمیٹی تک منتقل کئے جائیں تاکہ بلدیاتی اختیارات کے ثمرات اور اس کی حقیقی فوائد عوام تک پہنچائے جاسکیں۔

    درخواست بیرسٹر فروغ نسیم کے توسط سے جمع کرائی گئی 

    واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ میں یہ درخواست ایم کیوا یم (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار و اراکین رابطہ کمیٹی بشمول میئر کراچی وسیم اختر، میئر حیدرآباد طیب حسین، چیئرمین بلدیہ وسطی کراچی ریحان ہاشمی، چیئرمین بلدیہ کورنگی کراچی نیئر رضا، چیئر مین بلدیہ شرقی کراچی معید انور اور چیئرمین میرپور خاص فاروق جمیل درانی کی جانب سے معروف قانون دان بیرسٹر فروغ نسیم نے دائر کی۔

    وفاق اور سندھ حکومت کو فریق بنایا گیا 

    خیال رہے کہ اس درخواست میں ایم کیو ایم (پاکستان) نے وفاق پاکستان، وفاقی وزارت خزانہ، صوبائی حکومت سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ، سیکریٹری سندھ اسمبلی، سیکریٹری لاء ڈپارٹمنٹ سندھ ، سیکریٹری مالیات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمیٹیرن کو فریق بنایا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی میڈیا سے گفتگو

    ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس آئینی درخواست میں حکومت سندھ کی زیادتیوں سے بھی پردہ اٹھایا گیا ہے کہ پی پی نہ تو عوام کے مسائل حل کررہی ہے اور نہ ہی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے تیار ہے علاوہ ازیں اس آئینی درخواست کے ذریعے سندھ کے شہری علاقوں میں صحت و صفائی کی ناقص صورتحال، انفراسٹریکچر کی تباہی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کے ذریعے سے کراچی کو پتھروں کے زمانے کے شہر میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں نہ تو صحت و صفائی کا کوئی نظام ہے اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کا موثر انتظام ہے جس کے باعث پاکستان کا سب سے بڑا شہر جو کبھی اپنی روشنیوں سے پہنچانا جاتا تھا آج کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے۔

    بیرسٹر فروغ نسیم نے درخواست کے متن سے آگاہ کیا

    بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اس آئینی درخواست میں آئین پاکستان کی ان تمام دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے جس کی حکومت سندھ کھلی خلاف ورزی کررہی ہے بالخصوص سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کی ان شقوں کا حوالہ دیا گیا ہے جو نہ صرف آئین سے متصادم ہے بلکہ سیاسی و اخلاقی اعتبار سے بھی ناقابل قبول ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 میں کی جانے والی وہ ترامیم جو عددی اکثریت کی بنیاد پر خلاف قانون و آئین منظور کی گئی انہیں بھی کالعدم قرار دینے کی درخواست دی گئی ہے کیوں کہ یہ تمام ترامیم اور قانون سازی کے دوران تمام آئینی مسلمہ پارلیمانی و جمہوری روایات کی دھجیاں بھی اڑائی گئیں۔

    میئر کراچی وسیم اختر کی میڈیا سے بات چیت 

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اس آئینی درخواست کے ذریعے ایم کیو ایم (پاکستان) نے سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی، حیدرآباد، میرپور خاس اور سکھر کا مقدمہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے روبرو رکھا ہے اور ایم کیو ایم (پاکستان) یقین رکھتی ہے کہ وہ عوام کے حقوق کا تحفظ کا دفاع آئین و قانون کے مطابق کرنے میں کامیاب ہوگی۔

  • چوہدری نثار کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    چوہدری نثار کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی وزیرداخلہ کو کام سے روکنے اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔

    درخواست گزار نےموقف میں کہاکہ سانحہ کوئٹہ رپورٹ کےبعدوزیرداخلہ نےعدلیہ پرتنقید کی۔وزیر داخلہ کایہ عمل توہین عدالت کےزمرے میں آتاہے۔

    درخواست گزار نےکہاکہ وزیرداخلہ کےکالعدم تنظیموں سے راوبط ثابت ہوچکے ہیں جس کے باعث نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔

    درخواست گزار نے مطالبہ کیا کہ عدالت وزیر داخلہ کو کام سے روکے اور اُن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

    مزید پڑھیں:کمیشن کی رپورٹ کو ہر فورم پر چیلنج کروں گا،چوہدری نثار

    یاد رہے کہ تین روز قبل چوہدری نثار علی خان نے اعلان کیا تھاکہ سانحہ کوئٹہ پر سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دیے گئے کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہناتھا کہ قوم کے سامنے جلد وہ باتیں بھی لائی جائیں گی جو کسی بھی رپورٹ میں شامل نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں:چوہدری نثار کی پریس کانفرنس سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ ہے،شاہ محمودقریشی

    واضح رہے کہ دو روز قبل پا کستان تحریک انصاف کےمرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ چوہدری نثارعلی خان کی پریس کانفرنس سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ ہے۔

  • پی ایس 127ضمنی انتخاب،ایم کیوایم نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

    پی ایس 127ضمنی انتخاب،ایم کیوایم نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں کامیاب امید وارکا نوٹی فکیشن رکوانے کے لیےسندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروسیم احمد نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی۔

    ایم کیوایم کے امیدوار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہےکہ پولنگ کے دوران حلقے کے 51 پولنگ اسٹیشنزپرمنظم دھاندلی کی گئی، وہ پیپلزپارٹی کے امیدوارغلام مرتضیٰ بلوچ کی جیت کوالیکشن ٹریبونل میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے تک غلام مرتضی کی کامیابی کے نوٹی فیکشن کوروکا جائے۔

    مزید پڑھیں: ایم کیوایم کا کراچی پی ایس 127 کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم نے کراچی پی ایس 127کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا 52 پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کا الزام

    اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھاکہ 52 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمیں دیے ہی نہیں گئے،ان اسٹیشنز میں ہمارے خلاف دھاندلی کی گئی۔

    واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں پی ایس 127 سے ایم کیوایم کے امیدوارکامیاب ہوئے تھے تاہم ان کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد اس حلقے میں دوبارہ انتخاب ہوئے اورپیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ کامیاب قرارپائے۔

  • کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ عالمی عدالت میں مقدمہ دائر

    کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ عالمی عدالت میں مقدمہ دائر

    لاہور : مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معصوم لوگوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

    مذکورہ درخواست لاہور کی وکلا تنظیم جوڈیشل ایکٹو ازم کی جانب سے نیدر لینڈ کے شہر ہیگ میں واقع انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے حکم پرمعصوم کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اوران پرکیمیائی ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں جو یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق کشمیر میں بھارتی افواج جس طرح نہتے کشمیروں پر مظالم ڈھا رہی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ کشمیر کی اس صورتحال پر اقوام متحدہ کا کردار متاثر کن نہیں اور وہ اپنی قراردادوں پر بھی عمل درآمد نہیں کروا سکی جبکہ اپنی قرارداد میں اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا تھا مگر اسے سرد خانے کی نذر کر دیا گیا ہے۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی مظالم کو منظر عام پر لانے کی پاداش میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف بھی غداری کےمقدمات درج کیے گئے۔

    درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ نریندر مودی اس کی کابینہ اور بھارتی افواج کے سربراہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر میں جاری بے گناہ افراد کی قتل و غارت گری کو فوری طور پر روکا جائے۔

    یار درہے کہ وادی جموں و کشمیر میں ماہ جون میں حریت کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں نئی جان پڑ گئی تھی جس کے نتیجے میں بھارت نے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر میں دو ماہ سے کشمیر میں کرفیو عائد کررکھا ہے اور اس عرصے میں سو سے زائد افراد شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

    کشمیر میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس بھی مقطع کردی گئی ہے اور عوام کے لیے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء حاصل کرنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا ہے۔

  • لاہور: متحدہ رہنمائوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست دائر

    لاہور: متحدہ رہنمائوں کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست دائر

    لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور خالد مقبول صدیقی کا نام ایگزکٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل )میں شامل کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست بیرسٹر علی گیلانی کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے تینوں رہنما اپنے قائد کے ساتھ پاکستان مخالف تقاریر اور سرگرمیوں میں ملوث ہیں، تینوں رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں ایم کیو ایم کے قائد کےبیان کی توثیق کی جو ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ قائد متحدہ سمیت فاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور خالدمقبول صدیقی سمیت تینوں رہنماؤں کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں مقدمات درج ہوئے اور خدشہ ہے کہ وہ کسی بھی وقت ملک سے فرار ہو سکتے ہیں لہذا تینوں رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کا فیصلہ آنے تک ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

  • متحدہ قومی موومنٹ پرپابندی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    متحدہ قومی موومنٹ پرپابندی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

    اسلام آباد : ایم کیوایم پرپابندی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے قائد ایم کیوایم کو انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد ایم کیوایم کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد سے ایم کیوایم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    ایم کیوایم پر پابندی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ مذکورہ درخواست بیرسٹرسیف اللہ خان اوروطن پارٹی کے ہاشم شوکت نے دائر کی ہے۔

    درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قائد ایم کیوایم کو انٹر پول کے ذریعے واپس بلاکر گرفتار کیا جائے۔ درخواست کذار نے کا مزید کہنا ہے کہ پیمرا کو ہدایت کی جائے کہ ایم کیوایم کی سرگرمیوں کی نشرواشاعت پر پابندی لگائی جائے۔

    درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قائد ایم کیوایم اور ان کی معاونت کرنے والوں پر بھی غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

    یاد رہے کہ کزشتہ دنوں کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائد ایم کیو ایم نے پاکستان مخالف نعرے لگائے، جس کی ملک بھر میں شدید مذمت کی جارہی ہے۔

     

  • لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر

    لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے سرکاری خرچ پرعلاج کےلیے بیرون ملک دوروں اور اشتہاری مہم چلانے کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے سرکاری خرچ پر علاج کیلئے بیرون ملک دوروں اور اشتہاری مہم چلانے کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی.

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کی بجائے بیرون ملک علاج کو ترجیح دیتے ہیں،ان کا بیرون ملک علاج کیلئے دورے کرنا قومی خزانے پر بوجھ ہے.

    پاکستان میں علاج کی بہترین سہولیات ہونے کے باوجود بیرون ملک جا کر علاج کروانا آئین کی خلاف ورزی ہے.

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت وزیراعظم کو بیرون ملک علاج پر اٹھنے والے اخراجات خود برداشت کرنے کا حکم دے.

    لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا.

  • لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر

    لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: وزیراعظم نوازشریف اور ان کی خاندان کے خلاف نیب سے تحقیقات کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی.

    تفصیلات کےمطابق پاناماپیپرز پر جوڈیشل کمیشن کے قیام پر چیف جسٹس آف پاکستان کے انکار کے بعد لاہورکے شہری شبیر اسماعیل کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی.

    درخواست کے اندر کہا گیا ہے کہ پاناما پیپرز کے انکشافات ایک اہم نوعیت کا معاملہ ہے،پاناما پیپرز میں وزیر اعظم کا نام آنے سے ملک کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی اور قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا ہے.

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اس معاملے کی نیب میں تحقیقات کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جا سکیں۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار کے بعد وزیراعظم اور ان کے خاندان کو اپوزیشن کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے.