کراچی : سٹی کورٹ نے شاہانہ زندگی گزارنے والی کڑور پتی ماسی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سٹی کورٹ میں گھریلو ملازمہ کیخلاف 5 کروڑ روپے کی چوری کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ساوتھ نے مقدمے کی سماعت کی، وکیل مدعی مقدمہ نے کہا کہ ملزمہ نے اپنے بیٹے اور دیگر کے ساتھ مل کراپنی مالکن کے گھرچوری کی، ملزمہ کا ساتھی حماد خود تسلیم کرچکا کہ وہ شہناز کا ملازم ہے۔
وکیل نے بتایا کہ ملزم حماد سے ملنے والی موٹر سائیکل بھی ملزمہ شہناز کی ہے، ملزمہ اور اس کا بیٹا آصف ضمانت کے مستحق نہیں مسترد کی جائے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں لگژری لائف گزارنے والی ‘کروڑ پتی ماسی’ کے حوالے سے ہوشربا انکشافات
عدالت نے ملزمہ شہناز اور بیٹے آصف کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
یاد رہے پولیس نے گزشتہ دنوں کراچی کے پوش علاقے کلفٹن خیابان تنظیم کے ایک بنگلے میں کام کرنے والی ملازمہ (ماسی) شہناز اور اس کے بیٹے آصف کو چوری کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر اپنے مالکان کے پانچ کروڑ روپے چوری کرنے کا الزام ہے۔