Tag: درخواست مسترد

  • پاناما کیس: وزیراعظم اور ان کے بیٹوں‌ کو طلب کرنے کا فیصلہ،حسین نواز کے اعتراضات مسترد

    پاناما کیس: وزیراعظم اور ان کے بیٹوں‌ کو طلب کرنے کا فیصلہ،حسین نواز کے اعتراضات مسترد

    اسلام آباد: پاناما کیس کی جے آئی ٹی نے وزیراعظم حسن اور حسین نواز کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کے دو ارکان پر حسین نواز اور طارق شفیع کی جانب سے اعتراضات مسترد کردیے اور جے آئی ٹی کو کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔


    یہ پڑھیں: حسین نواز نے جے آئی ٹی کے اراکین پر اعتراض اٹھا دیا


    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اور پاناما کیس میں منی ٹریل کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرانے والے طارق شفیع نے جے آئی ٹی کے دو اراکین پر اعتراض کیا تھا کہ ایک رکن پرویز مشرف کا قریبی ساتھی ہے اور دوسرا رکن پی ٹی آئی کا ہمدرد ہے۔

    انہوں نے اعتراض پر مبنی درخواست سپریم میں گزشتہ روز داخل کی تھی، سپریم کورٹ نے آج درخواست مسترد کرتے ہوئے جے آئی ٹی کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی ضمن میں جے آئی ٹی کے اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے عین مطابق وزیراعظم، حسین اور حسن کو طلب کیا جائے گا۔

  • سندھ ہائیکورٹ : شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

    سندھ ہائیکورٹ : شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی، عدالت کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر نے عدالتی نظام کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف کرپشن اور زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر شرجیل میمن کے وکیل نے 26 فروری تک ضمانت میں توسیع کی درخواست کی اورکہا کہ میرے مؤکل دبئی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے، پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گے، شرجیل میمن کا 27 فروری کا وطن واپسی کا ٹکٹ پیش کیا گیا جسے سختی سے مسترد کر دیا گیا۔

    سندھ ہائیکورٹ نے کے جج نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ شرجیل میمن کی ضمانت میں مزید توسیع دینا عدالت سے مذاق کے مترادف ہے، شرجیل میمن نے بار بار ضمانت میں توسیع لی۔

    مزید پڑھیں: شرجیل میمن پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گے‘ وکیل فیض شاہ

    عددالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہانہوں نے عدالتی نظام کا ناجائز فائد ہ اٹھایا، ایسی صورتحال میں شرجیل میمن کی ضمانت میں دوبارہ توسیع نہیں دے سکتے۔

    واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات سندھ شرجیل میمن پر کرپشن، زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں۔

  • سپریم کورٹ‌ کا فیصلہ، بھارت میں‌ گائے ذبح کرنے کی پابندی مسترد

    سپریم کورٹ‌ کا فیصلہ، بھارت میں‌ گائے ذبح کرنے کی پابندی مسترد

    نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے سماجی کارکن کی جانب سے پورے ملک میں گائے ذبح کرنے کی پابندی لگانے سے متعلق دائر درخواست کو مسترد کردیا۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی سماجی تنظیم کے کارکن کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں پورے ملک میں گائے ذبح کرنے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    بھارتی سپریم کورٹ نے سماجی تنظیم کے کارکن کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ معاملہ انتہائی حساس ہے تاہم اگر کوئی ریاست چاہیے تو وہ ازخود پابندی لگا سکتی ہے، سپریم کورٹ اس معاملے میں کبھی مداخلت نہیں کرے گی‘‘۔

    پڑھیں: ’’ بھارت میں گائے کی تصویر ’واٹس ایپ‘ کرنا موت کا سبب بن گیا ‘‘

    واضح رہے بھارت میں ہندو مذہب کے لوگ گائے سے عقیدت رکھتے ہیں، بے جے پی کے رہنماؤں نے انتخابی مہم کے دوران پورے بھارت میں گائے کے ذبح کرنے پر پابندی لگانے کے وعدے بھی کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: ’’ بھارت، گائے کا گوشت کھانے کا الزام، دو خواتین سے اجتماعی زیادتی

    بھارت کی 29 ریاستوں میں سے صرف 8 ریاستیں ایسی ہیں جہاں گائے کے گوشت کی فروخت اور اس کے کھانے پر کوئی پابندی نہیں جبکہ دیگر ریاستوں میں طویل عرصے سے مقامی حکومتوں نے پابندی عائد کررکھی ہے۔ گائے ذبح کرنے یا گوشت کھانے کے الزام میں ہندو انتہاء پسند کئی لوگوں کو تشدد کر کے قتل بھی کرچکے ہیں۔

  • لاہور ہائیکورٹ، شہباز شریف کی نا اہلی کی درخواست مسترد

    لاہور ہائیکورٹ، شہباز شریف کی نا اہلی کی درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست کو نا قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، درخواست نے وزیراعلیٰ کو اختیارات سے تجاوز اور حلف کی پاسداری نہ کرنے کا مرتکب کہتے ہوئے نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

    درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کی۔ عدالت کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اثاثے چھپائے، رقم غیرقانونی طور پر بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی،وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے صوبے میں من پسند افسران کو میرٹ کے برعکس سیاسی مقاصد کے لیے تعینات کیا۔

    انہوں ںے کہا کہ  وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی شوگر ملیں ایک سے دوسرے علاقے میں منتقل کیں جب کہ قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعلی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے بہت سے غیر قانونی احکامات جاری کیے لہذا انھیں نااہل قرار دیا جائے ۔

    سرکاری وکیل شان گل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے کمپنی کے حوالے سے درخواست دائر کی جو ناقابل سماعت ہونے کی بناءپر مسترد کی جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دئیے کہ منتخب نمائندے کے خلاف فورم موجود ہونے کے باوجود درخواست گزار نے عدالت سے کیوں رجوع کیا۔

    عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کسی رکن اسمبلی کے خلاف ریفرنس بھیجوانا اسپیکر کا اختیار ہے لہذا درخواست گزار کو ان سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔

    عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کردی۔

  • بجلی کے صارفین پر 142 ارب کا بوجھ ڈالنے کی درخواست مسترد

    بجلی کے صارفین پر 142 ارب کا بوجھ ڈالنے کی درخواست مسترد

    کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 142 ارب روپے وصولی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا جاسکتا، یہ بوجھ منتقل کرنا سراسر ناانصافی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے نیپرا سے درخواست کی تھی کہ 142 ارب روپے کا بوجھ صارفین پر متنقل کردیا جائے اور یہ درخواست بجلی کی چوری اور گزشتہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کی گئی تھی۔

    نیپرا نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بجلی کی چوری کا بوجھ اٹھانے والے صارفین پر یہ مزید بوجھ ڈالنا سراسر ناانصافی ہے اس لیے درخواست نامنظور کی جاتی ہے ۔

    نیپرا نے مزید کہا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی نااہلی کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

    واضح رہے کہ یہ درخواست منظور کرلی جاتی تو بل ادا کرنے والے صارفین سے مزید 142 ارب روپے وصول کیے جاتے۔

  • ایان علی کی درخواست مسترد، عدالت کا ماڈل گرل کو انتظار کا مشورہ

    ایان علی کی درخواست مسترد، عدالت کا ماڈل گرل کو انتظار کا مشورہ

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کی درخواست مسترد کردی۔ ڈالر گرل نے وفاقی سیکریٹری اور دیگرحکام کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایان علی کانام ای سی ایل سے نکل کر ہی نہیں دے رہا، بیرون ملک جانے کیلئے مسافر ایئرپورٹ کا رخ کرتے ہیں لیکن ماڈل ایان علی کو اڑان بھرنے کیلئے عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔

    ماڈل گرل نے وزارت داخلہ کے خلاف ایک اور درخواست دائر کردی، ماڈل گرل ایان علی نے ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے پر وفاقی سیکریٹری داخلہ اور دیگر حکام کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ متعلقہ حکام نے عدالت کو گمراہ کیا کہ نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے، ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔

    عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ مذکورہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جب تک وہاں سے معاملہ نمٹ نہ جائے کوئی حکم جاری نہ کیا جائے۔

    عدالت عالیہ نے ڈالر گرل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم آنے کے بعد ہی اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

     

  • این اے 122 : ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

    این اے 122 : ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

    اسلام آباد / لاہور : ایاز صادق کی نشست پر ضمنی الیکشن کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد قرار دے دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا ہے کہ عبدالعلیم خان نے غلط بیان حلفی جمع کرایا ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرایازصادق کی وکٹ اڑانے کی ایک اورکوشش ناکام ہوگئی۔ امپائرنے کپتان کے کھلاڑی کوہی وارننگ دے ڈالی۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا کہ این اے ایک سو بائس کاضمنی انتخاب کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    درخواست گذارعبدالعلیم خان نے غلط بیان حلفی جمع کرائے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دے دیا، علیم خان نے الزام عائد کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا بھی این اے ایک سو بائیس کی دھاندلی میں ملوث تھے۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور ٹربیونل کے ممبران نے دھاندلی کے بدلے حکومت سے اپنے رشتہ داروں کی غیرملکی تقرریوں اور ترقیوں کے فائدے لئے۔

    الیکشن کمیشن نے ساٹھ دنوں میں این اے 122 کا فیصلہ نہ دے کر اپنے ہی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ دھاندلی کیس کی تحقیقات میں الیکشن کمیشن اور ٹربیونل نے تحریک انصاف کی پٹیشن کو شٹل کاک بنا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اب سپریم کورٹ جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کہا تو جلد این اے 122 میں دھرنا بھی دیا جائے گا۔

  • دوسرے صوبے سےآراوز کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

    دوسرے صوبے سےآراوز کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی کراچی میں دوسرےصوبوں سےریٹرننگ افسران کیلئے درخواست مسترد کردی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی کراچی کے حلقے این اے دوسو چھیالیس کےضمنی انتخاب میں دوسرے صوبوں سے عملے کی تعیناتی کی درخواست مسترد کردی، الیکشن کمیشن نےتحریک انصاف کےرہنماءعلی زیدی کی درخواست کوناقابل قبول قراردےدیا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کےمطابق تحریک انصاف کے علی زیدی نے الیکشن کمیشن کو دیگر صوبوں سے عملے کی تعیناتی کی درخواست  دی تھی جسے مستردکردیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ دوسرے صوبوں سےعملے کی تعیناتی ممکن نہیں، الیکشن کمیشن پولنگ نے  پندرہ روزقبل عملے کی تربیت مکمل اور تعیناتیوں کی فہرست کو حتمی شکل دیدی ہے، عوامی نمائندگی ایکٹ انیس سو چھہتر کے تحت پی ٹی آئی کی درخواست کے پابند نہیں ہیں۔

  • الیکشن کمیشن نے فاٹا انتخابات رکوانے کی درخواست مسترد کردی

    الیکشن کمیشن نے فاٹا انتخابات رکوانے کی درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے فاٹا انتخابات رکوانے کی درخواست مسترد کردی۔

    چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ سردار رضاخان نے فاٹا انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ فاٹا سےسینیٹ الیکشن کو مذاق بنا دیا گیا ہے، ایک دن پہلے الیکشن رکوانے آجاتے ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ تیرہ تیرہ سال بعد آکر کہتے ہیں الیکشن آرڈر صیح نہیں تھا۔

    فاٹا الیکشن سے متعلق درخواست عباس آفریدی نےدی تھی، عباس آفریدی کا مؤقف تھا کہ درخواست انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے دی ہے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹر کلثوم پروین کے خلاف نااہلی کی درخواست 24 مارچ تک ملتوی کر دی، کلثوم پروین کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اسرار الله زہری نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نااہلی کی درخواست دائر کر رکھی ہے، بینچ نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے فاٹا سینیت انتخابات بیس مارچ کو ہونے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    خیال رہے کہ کچھ روز قبل الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق فاٹا سےمتعلق صدارتی آرڈیننس کی واپسی کانوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن کو موصول ہوا تھا ،سینیٹ میں فاٹا کی چار نشستوں کےلئے انتخابات کے نئے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے مطابق پولنگ انیس مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل پانچ مارچ کی رات ایوان صدر سے جاری نوٹیفیکیشن میں دوہزار دو کے صدارتی حکم نامے کو واپس لے لیا گیاتھا۔

    جس کے بعد فاٹا سے منتخب ممبر قومی اسمبلی کاچار ووٹ ڈالنے کا حق ختم کرکےایک ووٹ ڈالنے کی تجویزکی منظورکرلی گئی تھی۔

  • لاہور: پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

    لاہور: پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

    لاہور: وزیر ریلوے سعد رفیق کی کوششیں ناکام رہیں، لاہور کی عدالت نے ریلوے پولیس کی جانب سے اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    عوام کے تحفظ کیلئے اے آر وائی کی کاوش حکومت کی نظر میں جرم ٹھہری ہے۔ ریلوے میں سیکیورٹی نقائص منظر عام پر لانا جمہوریت کی دعویدار حکومت کو بہت ناگوار گزرا ہے۔

    اے آر وائی کے رپورٹرز ذالقرنین شیخ اور آصف قریشی کو دھر لیا گیا ہے۔ سچ دکھانے کے جرم میں دونوں کو دہشت گردوں اور پیشہ ور مجرموں کی طرح ہتھکڑیاں لگا کر ریمانڈ کے لئے عدالت لایا گیا۔

    وزیر ریلوے سعد رفیق اور ان کی پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا ہے تاکہ اپنی تحویل میں مرضی کے بیان لئےجاسکیں ہیں، لیکن آزاد عدلیہ نے کوششیں ناکام بنادیں ہیں۔

    لاہورکی عدالت نے دلائل کاجائزہ لینے کے بعد اے آر وائی کے رپورٹرز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ پیشی پر ذوالقرنین شیخ کا کہنا تھا کہ خواجہ سعدرفیق کو ریلوے کی کرپشن دکھائی تھی۔ انھوں نے بتایا پولیس اہلکار کہتے ہیں کیس میں سعد رفیق کا دباؤ ہے۔

    اے آروائی کے نمائندے آصف قریشی نے عزم دہرایا کہ حق اور سچ کی آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے اور آزاد عدلیہ کے فیصلے کے بعد قانونی تقاضوں کے تحت ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ریلوے حکام کی ملی بھگت سے اسلحہ غیرقانونی طور پرپاکستان کے ایک شہر سے دوسرے شہرمنتقل کرنے کی خبرمنظرِ عام پر لانے کے جرم میں کل سے پولیس کی تحویل میں اے آروائی نیوزکے نمائندوں کو آج عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس نے اے آر وائی کے نمائندوں کا ریمانڈ لینے کے لئےعدالت سے استدع کی تھی۔