Tag: درخواست مسترد

  • ملتان :این اے149میں ضمنی انتخاب کے التواء کی درخواست مسترد

    ملتان :این اے149میں ضمنی انتخاب کے التواء کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے ایک سواننچاس میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنےکی درخواست مسترد کردی ہے، ملتان کے اس حلقے میں الیکشن سولہ اکتوبرکو ہی ہوگا۔

    این اے ایک سو اننچاس میں ضمنی انتخاب ملتوی کرانے کی درخواست پنجاب حکومت نے کی تھی، الیکشن کمیشن نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات ملتوی نہیں کرائے جاسکتے، تیاریاں مکمل ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے واضح طور پر کہا ہے کہ انتخابات شیڈول کے مطابق سولہ اکتوبر کو ہوں گے، ذرائع کے مطابق ملتان میں تحریکِ انصاف کے جلسے میں ہلاکتوں کے باعث ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے التواء کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، این اے ایک سو اننچاس کی نشست سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، اس حلقے میں جاوید ہاشمی اور دوسرے امیداوار عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

  • غازی رشید قتل کیس:پرویزمشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد

    غازی رشید قتل کیس:پرویزمشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: غازی رشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی گئی، عدالت نے سابق صدر کو چودہ اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

    اسلام آباد سپریم کورٹ میں غازی رشید قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پرویز مشرف کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی ۔

    پرویز مشرف کے وکیل کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہیں، جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔

    عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ  اگر آئندہ سماعت پر پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تو ضامنوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔

    غازی رشید قتل کیس کی سماعت چودہ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

  • لاہورہائیکورٹ: وزیرِاعظم کونااہل قراردینے کی درخواست مسترد

    لاہورہائیکورٹ: وزیرِاعظم کونااہل قراردینے کی درخواست مسترد

    لاہور: ہائیکورٹ نے وزیرِاعظم نوازشریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی ہے۔عدالت نے قراردیا کہ وزیراعظم کی اسمبلی میں تقریرسیاسی معاملہ ہے، جس پر عدالتی کارروائی نہیں ہونی چاہئیے،عدالت نےدرخواست گزارکومتعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

    درخواست گزار نے موٗقف اختیارکیا تھاکہ وزیراعظم نےفوج سے ثالثی کے معاملے پر غلط بیانی کی لہذا وہ آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے اس لئے نااہل قرار دیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزیرِاعظم میاں نوازشریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ازخودآرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

  • لاہورہائیکورٹ:وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد

    لاہورہائیکورٹ:وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو کام سے روکنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی،  درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ افضل خان کے دھاندلی کے انکشاف سے پورا الیکشن مشکوک ہوگیا۔

    عدالت افضل خان کو طلب کرکے بیان ریکارڈ کرے، سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کے فیصلے تک وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

  • لاہورہائیکورٹ نے طاہرالقادری کی گرفتاری کی درخواست مسترد کردی

    لاہورہائیکورٹ نے طاہرالقادری کی گرفتاری کی درخواست مسترد کردی

    لاہور: لاہورہائیکورٹ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی گرفتاری کیلئے دائر درخواست مسترد کردی، عدالت نے تحریک انصاف کےکارکنوں کی گرفتاریوں پر آئی جی پنجاب سے ایک بجے تک جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

    لانگ مارچ رکوانے اور عوامی تحریک پر پابندی کے لئے دائر درخواستوں کی سماعت لاہورہائی کورٹ میں ہوئی، عدالت نے فریقین کو سُننے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری کی گرفتاری کیلئے دائر درخواست مسترد کردی، ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو آئی جی پنجاب سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

    درخواست گزار کا موقف تھا کہ اس کی مدعیت میں تھانہ داتا دربار میں مقدمہ درج کیا گیا، پولیس ڈاکٹر طاہرالقادری کو گرفتار نہیں کر رہی، فاضل عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد گرفتاری پولیس کا کام ہے جبکہ عدالتی بینچ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی تقاریر اور عمران خان کے انٹرویو کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

    اسی طرح تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب سے جواب طلب کر لیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ  معاملہ انتہائی حساس ہے، فوری حکم جاری نہیں کر سکتے، پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اسے محروم نہیں کیا جا سکتا، معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے، عدالت نے کہا کہ پہلے ہی حالات خراب ہیں، مزید خرابی سے بچایا جائے۔

  • پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی درخواست مسترد

    پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی درخواست مسترد

    پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی درخواست مسترد اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین کی دفعہ دو سواڑتالیس کے تحت کارروائی نہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرویز مشرف کے خلاف کارروائی نہ کرنے سے متعلق پاکستان سوشل جسٹس پارٹی کے سربراہ اختر شاہ کی درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نےکی۔

    جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ درخواست گزارپہلے بھی ایسی ہی درخواست دائر کر چکے ہیں اور اس پررجسٹرار کے اعتراضات دور نہیں کئے گئے ۔

    درخوست گزارکا نہ مقدمے سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ خصوصی عدالت سے متاثر ہوئے ہیں اسلئے درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنا پر مسترد کی جاتی ہے۔