Tag: درخواست گزار

  • سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی

    سندھ ہائیکورٹ نے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے بانی متحدہ قومی موومنٹ کی تقریر پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    درخواست گزار محمد آفتاب الدین بقائی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے، درخواست میں وفاقی حکومت ،سیکریٹری قانون ، سیکریٹری انفارمیشن اور پیمرا کو فریق بنایا گیا تھا۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے بعد وطن واپس پہنچا تو پتہ چلا بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ہے، بانی ایم کیو ایم نے ہمشہ غریب اور متوسطہ طبقے کی بات کی ہے، وہ جمہوریت، حقیقت پسندی، برابری اور انصاف کے حامی ہیں۔

    درخواست گزار نے عدالت کو کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے مہاجروں کے حق کی بات ہے، بانی ایم کیو ایم نے مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کیا انہوں نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے فلاحی کام بھی کیے ہیں۔

    درخواست گزار محمد آفتاب الدین بقائی نے کہا کہ بانی کیو ایم پر پاکستان اور بیرون ملک اشتعال انگیز تقاریر کا ایک بھی مقدمہ ثابت نہیں ہوا ہے، بانی ایم کیو ایم اپنی 22 اگست 2016 کی تقریر پر معافی مانگ چکے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی ایم کیو ایم کی تقریر پر پابندی ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

  • سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی میں ناکام درخواست گزاروں کے لیے خوشخبری

    سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی میں ناکام درخواست گزاروں کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کے لیے ایک اور قرعہ اندازی پیر کے روز کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حج 2019 کی قرعہ اندازی میں ناکام درخواست گزاروں کو ایک اور موقع مل سکتا ہے، حج 2019 کے نئے موصول شدہ کوٹے کی دوسری قرعہ اندازی کا اعلان کردیا گیا۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ دوسری قرعہ اندازی پیر 20 مئی دن 3 بجے ہوگی۔ قرعہ اندازی میں تقریباً 10 ہزار عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس قرعہ اندازی میں پہلی قرعہ اندازی میں رہ جانے والے درخواست گزار بھی شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن درخواست گزاروں نے پیسے واپس نکلوا لیے وہ بھی شریک ہوں گے۔ منتخب عازمین کو رقم جمع کروانے کے لیے 4 دن کاوقت دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں نئی درخواستوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 16 ہزار نئے حج کوٹہ میں سے 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی اسکیم کے تحت جائیں گے، نئی حج قرعہ اندازی 9474 عازمین کے لیے ہوگی۔

  • پنجاب میں رینجرز کو سندھ کی طرز کےاختیارات دیئےجائیں‘ درخواست گزارکا مطالبہ

    پنجاب میں رینجرز کو سندھ کی طرز کےاختیارات دیئےجائیں‘ درخواست گزارکا مطالبہ

    لاہور: ہائی کورٹ میں رینجرز کو سندھ طرز کے اختیارات نہ ملنے کے حوالے سے درخواست میں درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تعیناتی کے باوجود رینجرز کو اختیارات نہیں دیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں رینجرزکواختیارات نہ دینے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیپ کے تحت دیگر صوبوں میں کارروائیاں ہورہی ہیں جبکہ پنجاب میں تعیناتی کے باوجود رینجرز کو اختیارات نہیں دیئے گئے ہیں، اختیارات نہ ہونے سے رینجرز نے اب تک بڑی کارروائی نہیں کی۔

    درخواست گزار نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں رینجرز کو سندھ کی طرز کے اختیارات دیئے جائیں اور عدالت نیب کے تحت پنجاب میں رینجرز کو مکمل اختیارات دینے کا حکم دے۔

    جس کے بعد عدالت نے وفاق کو جواب داخل کرانے کے لئے19 اپریل تک مہلت دیدی ۔

     

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے رینجرز کو صوبہ پنجاب میں 60 روز کے لئے اختیارات دینے کی منظوری دی تھی، پنجاب حکومت نے آپریشن کیلئے رینجرز کے پانچ ونگ مانگے تھے، صوبائی محکمہ داخلہ نے رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن چار اور پانچ کے تحت بلایا ہے جبکہ آپریشن کے علاقوں کا تعین ایپکس کمیٹی کرے گی۔

    دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اوار اس میں رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حصہ لے رہے ہیں،  پنجاب میں آپریشن پوری طاقت کے ساتھ انٹیلی جنس بنیادوں پر کیا جارہا ہے، جس جگہ پر بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملے گی وہاں بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہیں۔

    یاد رہے کہ 14 فروری کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر قیادت کور ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ عسکریت اجلاس میں آرمی چیف نے پاک فوج کو جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔.

  • لاہور ہائی کورٹ میں مہنگے پیٹرول اور زائد سیلز ٹیکس کے خلاف سماعت

    لاہور ہائی کورٹ میں مہنگے پیٹرول اور زائد سیلز ٹیکس کے خلاف سماعت

    لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی زائد قیمتیں اور زائد سیلز ٹیکس کی وصولی کے معاملے پر لاہورہائی کورٹ نے حکومت، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کردیا، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ساڑھے پینتس فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور زائد سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف لاہورہائی کورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ پاکستان میں مہنگا پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے ۔

    درخواست گزار نے عدالت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کیلئے احکامات جاری کرنے کی درخواست بھی کی، حکومت پیٹرول پر بیس فیصد جبکہ ڈیزل پر ساڑھے پینتیس فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے تاہم  ہائی اوکٹین پر سیلز ٹیکس کی شرح ساڑھے اکیس فیصد ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں  حکومت نے آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سیلز ٹیکس بڑھا دیا تھا۔

  • کانگو وائرس : حکومتی اقدامات نہ ہونے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کانگو وائرس : حکومتی اقدامات نہ ہونے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    لاہور : کانگو وائرس پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات نہ کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پرحکومت کو کانگو وائرس کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وزارت صحت اور وزرات خزانہ سمیت مختلف سرکاری محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب نے کانگو وائرس کی روک تھام کےلیے کوئی مؤثر اور ٹھوس اقدامات نہیں کیے محض زبانی جمع خرچ کیا جارہا ہے جبکہ عید قرباں نزدیک ہے اور لاکھوں کی تعداد میں جانور ملک کے ایسے حصوں سے لائے جا رہے ہیں جہاں اس وائرس کے متعلق آگاہی تک نہیں۔

    جس کی وجہ ویکسینیشن سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جاتیں اور جانوروں کی ویکسینیشن نہ ہونے سے کانگو وائرس ملک بھر میں پھیلنے خطرہ ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق شرعی احکامات اور آئین پاکستان کے تحت ریاست عوام کے مال وجان کے تحفظ کی ذمہ دار ہے مگر حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

    کانگو وائرس سے کئی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور لوگوں کی کافی بڑی تعداد اس موذی وائرس سے متاثر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کانگو وائرس پاکستان میں پھیل رہا ہے تاہم وزارت صحت کی جانب سے اس جان لیوا وائرس کے خلاف اقدامت کے لیے وارننگ تک جاری نہیں کی گئی۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکومت کی جانب سے عوام کی آگاہی کے لیے نہ تو مہم شروع کی گئی ہے اور نہ ہی سرکاری ہسپتالوں میں اس کی ویکیسین موجود ہے جس سے یہ خدشہ ہے کہ اس بار عید قرباں پر یہ وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کانگو وائرس کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے لیے کئے گئے احتیاطی اقدامات کے متعلق حکومت سے تمام تفصیلات طلب کی جائیں اور حکم دیا جائے کہ اس موذی وائرس کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔