Tag: درخواست

  • سپریم کورٹ: نواز شریف کی نااہلی کے خلاف درخواست دائر

    سپریم کورٹ: نواز شریف کی نااہلی کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل کیے جانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل کیے جانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔

    درخواست سینئر قانون دان اے کے ڈوگر کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی جس میں نواز شریف، عمران خان، اسحاق ڈار، حسن و حسین نواز اور نیب سمیت دیگر کو ایک دوسرے کا فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کو آرٹیکل 184/3 کے تحت نااہل قرار دیا ہے، کسی بھی شخص کو اپیل کا حق نہ دینا شریعت کے اصولوں اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہذا پاناما کیس میں بھی سابق وزیراعظم کو اپیل کا حق ملنا چاہیے تھا۔

    درخواست گزار کے مطابق آئین ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے اور پاناما کیس میں اس حق کی نفی کی گئی لہذا عدالت پانامہ کیس پر نظر ثانی کرے اور سابق وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

    یاد رہے کہ پاناما کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد ان کی جگہ شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیر اعظم مقرر کیا گیا۔

    بعد ازاں نواز شریف کی قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشست حلقہ این اے 120 سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز فتح یاب قرار پا چکی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈاکٹرعاصم کی جائیداد کی پاور آف اٹارنی بیٹے کو دینےکی درخواست مسترد

    ڈاکٹرعاصم کی جائیداد کی پاور آف اٹارنی بیٹے کو دینےکی درخواست مسترد

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعاصم کی جائیداد اور کاروبار سنبھالنے کےلیے پاور آف اٹارنی ان کے بیٹے کو دینے کی درخواست کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعاصم حسین کی جانب سے جائیداد اور کاروبار سنبھالنے کے لیے پاور آف اٹارنی بیٹے کو دینے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    ڈاکٹرعاصم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ غیر قانونی اثاثوں اور رقوم کی منتقلی ابھی تک صرف ایک الزام ہے اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات کا تعلق پاور آف اٹارنی سے نہیں۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ڈاکٹرعاصم کو پاورآف اٹارنی کے لئے وزارت خارجہ کے دفتر جانے کی اجازت دی تھی اور اس حکم کو نیب نے بھی چیلنج نہیں کیا جبکہ نیب کے پاس ڈاکٹرعاصم کی جائیداد کی تمام تفصیلات بھی موجود ہیں۔


    ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے، نیب


    ڈاکٹرعاصم کےوکیل نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئےکہاکہ میرے موکل کی جائیداد سے متعلق کسی کو اعتراض ہے تو وہ معاملہ احتساب عدالت میں اٹھائے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ پاورآف اٹارنی کی اجازت نہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہذاٰ ڈاکٹر عاصم کو اپنی جائیداد اور کاروبار کی پاورآف اٹارنی ان کے بیٹے کے حوالے کرنے کی اجازت دی جائے۔

    دوسری جانب نیب کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم اپنے بیٹے کو لامحدود اختیارات دینا چاہتے ہیں۔

    واضح رہےکہ عدالت نے ڈاکٹرعاصم کی جائیداد اور کاروبار کی پاور آف اٹارنی ان کے بیٹے کو دینے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

  • الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نااہلی کےلیےدائردرخواست بحال

    الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نااہلی کےلیےدائردرخواست بحال

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نےعمران خان کی نااہلی کے لیےدائر درخواست کو بحال کرتے ہوئے 23 مئی تک جواب طلب کرلیا۔
    تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے ہاشم علی بھٹہ کی دائرپٹیشن کو بحال کرتے ہوئے 23 مئی تک جواب طلب کرلیا۔

    چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرد سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کی نااہلی کے لیے دائردرخواست کو سماعت کے لیے بحال کیا۔

    درخواست گزارہاشم علی بھٹہ نے موقف ہےکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے روبرو جھوٹ بولا جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پرپورا نہیں اترتے اس لیےانہیں نااہل قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے رواں سال 16 جنوری کو عدم پیروی اور ہاشم علی بھٹہ اور ان کے وکیل کے کمیشن کےسامنے پیش نہ ہونے پر درخواست کو خارج کردیا تھا۔

    بعد ازاں درخواست گزار کے وکیل شرافت چوہدری نےدوبارہ بحالی کے لیے درخواست دی تھی۔


    فنڈز خوردبرد کیس، چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کو 17 مئی کی آخری مہلت دے دی


    دوسری جانب عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے کمیشن سے اس پٹیشن کو خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔ان کاکہناتھاکہ سپریم کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی ایک پٹیشن زیرسماعت ہے۔

    شاہد گوندل کا کہناتھاکہ حنیف عباسی اسی نوعیت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرچکے ہیں لہذا کمیشن کو اس کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیئے۔

    درخواست گزار کےوکیل شرافت چوہدری کاکہناتھاکہ میری پٹیشن پی ٹی آئی کی غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے نہیں میرا ماننا ہے کہ عمران خان نے غیرقانونی ذرائع سے پارٹی فنڈز اکھٹا کیے اور جعلی حلف نامہ جمع کرایا۔

    واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کو بحال کرتے ہوئے جواب 23مئی تک جواب طلب کرلیا۔

  • عمران خان صاد ق اورامین نہیں رہے‘دانیال عزیز

    عمران خان صاد ق اورامین نہیں رہے‘دانیال عزیز

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کےرہنما دانیال عزیز نے تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان کی نااہلی کےلیےسپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن کے رہنما رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی کےلیے درخواست دائر کی ہےجس میں کہا گیا ہےکہ عمران خان نے پاناما کیس پرعدالتی فیصلےکےحوالے سے قوم سے جھوٹ بولا۔

    انہوں نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کی وجہ سے عمران خان صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا انہیں اسمبلی کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔


    پاکستان کے فلاحی ریاست بننے کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، عمران، نوشہرہ جلسہ


    دانیال عزیز نے درخواست میں پیمرا اور پی ٹی آئی کےسربراہ عمران خان کو فریق بنایاہےجبکہ اس کے ساتھ عمران خان کے انٹرویوز اور پاناما کیس کے عدالتی فیصلے کےبعد تاثرات بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے نوازشریف کوجھوٹا قرار دیا ہے۔

    واضح رہےکہ گزشتہ روزسپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے تھے کہ انہوں نے وزیر اعظم کے بارے جھوٹا ہونے جیسے ریمارکس نہیں دیے مگر بعض رہنما عدالتی فیصلے کی غلط تشریخ کر رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    ڈکیتی کیس :فیصل ایدھی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں

    کراچی : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہناہےکہ ایدھی ہوم میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی جانب سے انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔

    فیصل ایدھی کا کہناتھاکہ میں اور میرے وکیل سٹی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد جیسے ہی باہر آئے توڈکیتی کےملزمان نےمجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ڈکیتی کے واقعے کے بعد بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔

    فیصل ایدھی نے اپنے وکیل کے ہمراہ متعلقہ پولیس اسٹیشن جاکر دھمکی کے خلاف شکایت درج کرادی۔

    مزید پڑھیں:ایدھی سینٹرمیں 5 کلوسونا اورلاکھوں روپے کی ڈکیتی

    یاد رہے کہ 19 اکتوبر 2014 کو 8 مسلح افراد نے میٹھادر کے ایدھی ہوم میں داخل ہوکر عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی نقد رقم، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    واضح رہےکہ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سماعتوں سے صرف چند ملزمان عدالت میں پیش ہورہے ہیں جبکہ کچھ طبی بنیادوں پر عدالت نہیں آتے۔

  • لاپتہ افراد سے متعلق درخواست: عدالت کا رینجرز اور پولیس سے جواب طلب

    لاپتہ افراد سے متعلق درخواست: عدالت کا رینجرز اور پولیس سے جواب طلب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 500 تک پہنچ گئی۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اداروں سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران کراچی میں لاپتہ افراد کی تعداد 500 تک پہنچنے کا انکشاف ہوا۔ ہائیکورٹ نے کثیر تعداد میں شہریوں کے لاپتہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    جسٹس فاروق شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق 495 لاپتہ افراد کی درخواستیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ روز لوگ ہمیں برا بھلا بول کرجاتے ہیں کہ عدالتیں انصاف نہیں کر رہیں۔ ایسی صورتحال میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں۔

    وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت کی باری 2، 2 ماہ بعد آتی ہے۔ ہائیکورٹ کوئی ایسا میکنزم ترتیب دے جس سے لاپتہ افراد کی بازیابی درخواستوں کی فوری سماعت ہوسکے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے شہری الطاف، سید نبیل شاہد، شفیق الرحمٰن اور دیگر کی گمشدگی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور 2 ہفتوں میں جواب داخل کروانے کا حکم دیا۔

    اس سے قبل ہونے والی سماعت میں عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سے جواب طلب کیا تھا۔

    سماعت میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہری پولیس کی حراست میں جانے کے بعد لاپتہ ہوئے ہیں۔ اظہر اقبال، وسیم، ساجد اور دیگر کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا تھا۔

    عدالت نے شہری اظہر اقبال کے 5 سال سے لاپتہ ہونے پر سخت اظہار برہمی کیا تھا۔

  • پنجاب کی 4 جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریاں کالعدم قرار

    پنجاب کی 4 جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریاں کالعدم قرار

    لاہور: ہائیکورٹ نے پنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریوں کو کالعدم قرار دے دیا۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے خلاف درخواستوں پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سرگودھا، نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی ملتان اور لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔

    عدالت نے جامعات کے چانسلر گورنر پنجاب کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 7 دن میں سینئر ترین پروفیسر کو یونیورسٹیوں کے قائم مقام وائس چانسلر تعینات کرنے کی ہدایت کر دی۔

    درخواست گزار منصور سرور اور اورنگزیب عالمگیر وغیرہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ قوانین کے تحت وائس چانسلرز کی تعیناتی سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معیار طے کرنا، جامعات کو گائیڈ لائن دینا اور وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لیے سرچ کمیٹیاں قائم کرنا ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اختیار ہے مگر حکومت پنجاب نے مروجہ طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے وائس چانسلرز کی میرٹ کے برعکس تعیناتیاں کیں اور من پسند افراد کی تقرریاں کر دیں لہذا عدالت انہیں کالعدم قرار دے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ہائر ایجوکیشن ایک ماہ میں میرٹ پر پورا اترنے والے افراد کو شفاف طریقے سے تعینات کرے۔

  • گورنرسندھ کی تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    گورنرسندھ کی تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور: سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی کی بطور گورنرسندھ تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی گورنر سندھ کے عہدے پر تقرری کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے اور درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سعیدالزماں صدیقی گورنر کی اہلیت پر پورا نہیں اترتے،وہ طبی بنیادوں پر اس عہدے کے قابل نہیں ہیں اس لیے عدالت گورنر سندھ کی تقرری کالعدم قرار دے۔

    واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی نے گزشتہ روز گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھاان کی عمر 80 برس ہے اوروہ جسمانی طور پر فٹ نہیں اس لیے فرائض کےانجام نہیں دےسکتے۔

    مزید پڑھیں:سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھایاتھا۔ان سے حلف سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے لیاتھا۔

  • نیوز لیکس کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے منظور

    نیوز لیکس کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کے لیے منظور

    لاہور: نیوز لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی۔ سماعت 14 نومبر کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈان اخبار کی متنازع خبر پر تحقیقاتی کمیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ 14 نومبر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری نے کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) عامر رضا کے شریف فیملی سے ذاتی تعلقات ہیں۔ کمیشن سے شفاف تحقیقات کی امید نہیں ہے۔ عدالت کمیشن کو کالعدم قرار دے کر نیا کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔

    واضح رہے کہ ڈان نیوز میں متنازعہ خبر شائع ہونے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قومی سلامتی سے متعلق خبر کے اجرا میں کوتاہی اور غفلت برتنے پر برطرف کردیا گیا تھا۔

  • ہائیکورٹ میں اسموگ سے متعلق حفاظتی اقدامات کی تفصیلات طلب

    ہائیکورٹ میں اسموگ سے متعلق حفاظتی اقدامات کی تفصیلات طلب

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے روبرو حکومت کی جانب سے اسموگ کا ملبہ بھارت پر ڈالنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ عدالت نے حکومتی بیان مسترد کرتے ہوئے سموگ کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور آگاہی مہم کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال سمیت دیگر شہریوں کی جانب سے اسموگ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسموگ کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بچے، خواتین متاثر ہو رہے ہیں لیکن حکومت کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے نہ صرف شہری بیمار ہو رہے ہیں بلکہ اسموگ نے لوگوں کو ذہنی طور پر بھی خوفزدہ کر رکھا ہے اور اس پر حکومت کی جانب سے عوام کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ اسموگ کیا چیز ہے اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔

    زہریلی اسموگ سے کیسے بچا جائے؟ *

    عدالتی حکم پر سیکریٹری صحت ڈاکٹر ساجد، سیکریٹری ماحولیات سیف انجم اور چیف میٹرو لوجسٹ محمد ریاض عدالت میں پیش ہوئے۔ سیکریٹری ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ بھارت کے علاقے ہریانہ میں 32 ملین ٹن چاول کی فصل کی باقیات کو آگ لگائی گئی جس کا دھواں پاکستانی پنجاب میں دھند کے ساتھ مل کر اسموگ بن گیا۔

    لاہور میں زہریلی دھند کی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کا جلانا ہے، ناسا *

    عدالت نے سیکریٹری ماحولیات کے بیان پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بھارت کی بات چھوڑیں، آپ یہ بتائیں کہ آپ نے کیا اقدامات کیے ہیں۔ صرف ہوا میں باتیں کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ حکومت تب کہاں سوئی ہوئی تھی جب بچے بیمار ہو رہے تھے۔

    سرکاری وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ عوام میں اسموگ سے متعلق آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے کہ اسموگ کے مضر اثرات سے کیسے بچا جا سکتا ہے جس پر عدالت نے آگاہی مہم پر مشتمل دستاویزات طلب کیں تاہم حکومتی سیکریٹریز اور سرکاری وکلا کوئی اشتہار پیش نہ کر سکے۔

    زہریلی اسموگ بچوں کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بن گئی *

    عدالت نے ریمارکس دییے کہ اس وقت پاکستان کو سب سے بڑا سیکیورٹی خطرہ ماحولیاتی تبدیلی سے ہے لیکن اس طرف کسی کا دھیان نہیں جا رہا۔ عدالت نے سیکریٹری صحت اور سیکریٹری ماحولیات کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس اسموگ پر قابو پانے کے لیے عملی طور پر کوئی بھی بات موجود نہیں ہے۔ سب باتیں ہوا میں کر کے محض وقت گزارا جا رہا ہے۔

    عدالت نے کیس کی سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے سیکریٹری ماحولیات اور سیکریٹری صحت سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے حفاظتی اقدامات اور آگاہی مہم کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں *

    یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور زہریلی اسموگ کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث اب تک کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ پورا شہر مختلف امراض کی زد میں آچکا ہے۔