Tag: درخواست

  • فیصل واوڈا کی کامیابی کو چیلنج کرتی شہباز شریف کی درخواست مسترد

    فیصل واوڈا کی کامیابی کو چیلنج کرتی شہباز شریف کی درخواست مسترد

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر برائے آبی امور فیصل واوڈا کے خلاف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست مسترد کردی، شہباز شریف نے حلقہ این اے 249 میں فیصل واوڈا کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی کراچی کے حلقہ این اے 249 میں فیصل واوڈا کی کامیابی کے خلاف درخواستیں مسترد کردی گئیں۔

    شہباز شریف نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ فیصل واوڈا کو 35 ہزار 349 جبکہ شہباز شریف کو 34 ہزار 626 ووٹ ملے۔ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیے گئے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر سادہ کاغذ پر نتائج تھما دیے گئے، کئی فارم 45 پر پریزائیڈنگ افسر کے دستخط بھی نہیں تھے۔

    درخواستوں کے مسترد کیے جانے کے بعد وفاقی ویر برائے ریلوے شیخ رشید اور وزیر برائے آبی امور فیصل واوڈا نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کیس جیتنے پر فیصل واوڈا کو مبارکباد دیتا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں مسافروں کی تعداد 80 لاکھ ہوگئی ہے۔ جناح ٹرین کے ساتھ اکنامی کوچز بھی لگائی جائیں گی، 15 اکتوبر کو جناح ٹرین کا افتتاح کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا شروع ہونا کراچی والوں کے لیے بڑی خوشخبری ہوگی۔ ریلوے قوم کا سستا ترین سفر ہے، ریلوے کی آمدنی میں بہتری آئی ہے۔ میں ریلوے اور عمران خان کو جوابدہ ہوں کسی اور کو نہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ میں بھی چین جا رہا ہوں۔ عمران خان نے مودی کا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا، عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ جس طرح اٹھایا ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    اپوزیشن کے مارچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں بڑا ڈینگی ہے مولانا صاحب نہ آئیں تو بہتر ہے، 27 اکتوبر خوش اسلوبی سے گزرے گا، 5 افراد کو عمران خان این آر او دے دیں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نا امید ہونے کی ضرورت نہیں عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان نے اس ملک کو ڈوبنے سے بچایا ہے۔

    فیصل واوڈا نے بھی کیس جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں آج پھر شہباز شریف کو شکست ہوئی، ہمیں عدالتوں پر بھروسہ ہے، عدالتوں کا شکر گزار ہوں۔

  • امریکا کی آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے جرمنی سے باضابطہ مدد کی درخواست

    امریکا کی آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے جرمنی سے باضابطہ مدد کی درخواست

    برلن : جرمنی میں واقع امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطہ خلیج میں بالخصوص ایران کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی مدد کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے باضابطہ طور پرجرمنی سے کہا ہے کہ وہ خلیج میں اہم آبی گذرگاہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے فرانس اور جرمنی کی معاونت کرے۔

    برلن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جرمنی سے یہ درخواست کی گئی اور اس میں کہا گیا ہے کہ خطہ خلیج میں بالخصوص ایران کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے جرمنی کی مدد کی ضرورت ہے۔

    سفارت خانے کی خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے جرمنی سے باضابطہ طور پر آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے فرانس اور برطانیہ کی (علاقے میں موجود فورسز کی) مدد کے لیے کہہ دیا ہے۔

    جرمن حکومت کے ارکان اس حوالے سے بالکل واضح ہیں کہ بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کا تحفظ کیا جانا چاہیے لیکن ہمارا سوال یہ ہے کہ یہ تحفظ کس نے کرنا ہے؟

    واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران خلیجی پانیوں میں ایران، عرب ممالک، برطانیہ اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب برطانیہ نے ایران کے تیل بردار جہاز پر جبل الطارق میں قبضہ کرلیاتھا جس کے جواب ایران نے بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے برطانوی تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا تھا۔

  • ایل این جی کیس: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور

    ایل این جی کیس: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور

    کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایل این جی کیس میں حفاظتی ضمانت منظور ہوگئی، عدالت نے انہیں 7 دن کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کی گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی۔

    مفتاح اسماعیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں لہٰذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کے وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہیں اور نیب حکام ہراساں کر رہے ہیں۔

    سماعت سے قبل مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھاپے مارنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ نیب نے جب بھی بلایا پیش ہوا ہوں، مجھے گزشتہ روز تین بجے کے بعد نوٹس ملا تھا۔

    سندھ ہائیکورٹ میں مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت کے بعد عدالت نے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 7 دن کی مہلت دے دی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر عمران الحق کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے تھے۔

    چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ان کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کیے تھے۔

    بعد ازاں نیب ٹیم نے ان کی تلاش میں کراچی میں ان کی سائٹ ایریا فیکٹری اور شارع فیصل کے دفتر سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے تاہم نیب انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

  • کیا آپ مسلمان ہیں؟ بے زبانوں پر ظلم کر رہے ہیں: عدالت چڑیا گھر کی انتظامیہ پر برہم

    کیا آپ مسلمان ہیں؟ بے زبانوں پر ظلم کر رہے ہیں: عدالت چڑیا گھر کی انتظامیہ پر برہم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے چڑیا گھر کی حالت زار سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے زبان جانوروں پر ظلم کیا جارہا ہے، زبان والوں سے زیادہ حق بے زبانوں کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چڑیا گھر میں جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری موسمیات سے رپورٹ طلب کرلی۔

    ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے دریافت کہ آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے کیا ذمہ داری ہے؟ میٹرو پولیشن کارپوریشن اسلام آباد کے افسر نے بتایا کہ ہم صرف شکایت پر آوارہ کتوں کو شوٹ کر کے مارتے ہیں، جن کتوں کے گلے میں چین ہو اس کو نہیں مارتے۔

    محکمہ وائلڈ لائف کے چیئرمین نے عدالت میں کہا کہ مگر مچھ کو اسلام آباد چڑیا گھر میں جان کا خطرہ ہے، مگر مچھ کو سکھر یا کسی اور چڑیا گھرمنتقل کرنا چاہتے ہیں۔

    اس حوالے سے عدالت نے چڑیا گھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی سرزنش کی تو ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ مگر مچھ کو جان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جج نے کہا کہ حلفیہ بیان دیں مگر مچھ کو کچھ ہوا تو آپ ذمے دار ہوں گے۔

    چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ مسلمان ہیں؟ بے زبان جانوروں پر ظلم کرتے ہیں۔

    ڈائریکٹر نے کہا کہ چڑیا گھر کو چلانے کے لیے فنڈ نہیں ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ فنڈز نہیں ہیں تو جانوروں کو کسی اور چڑیا گھر میں منتقل کردیں۔ ’زبان والوں سے زیادہ حق بے زبانوں کا ہے‘۔

    انہوں نے دریافت کیا کہ چڑیا گھر حکام یہ بتائیں جانوروں کی شرح اموات کیا ہے، میونسپل کارپوریشن کے وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ اسلام آباد چڑیا گھر میں جانوروں کی شرح اموات بہت زیادہ ہے۔

    عدالت نے کہا کہ کسی ایک جانور کو نقصان ہوا تو ذمے داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وکیل نے کہا کہ پاکستان کے چڑیا گھر عالمی معیار کے مطابق نہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ دیکھ بھال نہیں کر سکتے تو انہیں جانوروں کی پناہ گاہ منتقل کردیں۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی۔

  • وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے ملازمین نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر پابندی سے قبل دو برس وقت دینے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگست 2018 کو قومی دفاعی ایکٹ پر دستخط کیے جانے کے بعد سے سرکاری سطح پر ہواوے کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ وفاقی کنٹریکٹرز چینی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

    وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے مینیجمنٹ اور بجٹ کے دفتر کے نگراں ڈائریکٹر رسل ٹی وو نے ہواوے پر مکمل پابندی عائد کیے جانے سے قبل کمپنی کو 2 سال کا وقت دینے کی درخواست کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 4 جون کو نائب صدر مائیک پینس اور کانگریس کے 9 اراکین کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پابندی سے حکومت کو اشیا فراہم کرنے والی کمپنیوں میں بھی کمی سامنے آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہواوے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والی کمپنیاں جنہیں وفاق گرانٹ اور لونز فراہم کرتا ہے، پر بھی اثر پڑے گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ درخواست ہواوے کو امریکا میں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی کے خلاف نہیں جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔

    امریکا نے چین کے ساتھ ٹریڈ وار ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

    ہواوے کی جانب سے ٹیکساس کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور کمپنی نے اس میں زور دیا ہے کہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ امریکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے ہواوے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشنز نیٹ ورکنگ آلات سپلائی کرنے والی جبکہ دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں اہم ترین بن گئی ہے۔

  • آصف زرداری کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار

    آصف زرداری کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست آج سپریم کورٹ میں دائر کریں گے ، جس میں کہا گیا مختصر فیصلہ  جاری کرکے درخواست ضمانت خارج کردی گئی، سپریم کورٹ اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

    تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کی جانب سے اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار کرلی گئی، فاروق ایچ نائیک نے درخواست تیار کی ہے، درخواست آج سپریم کورٹ میں دائرکی جائےگی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا اسلام آبادہائی کورٹ نے ہمارے مؤقف کو نظر انداز کردیا اور مختصرفیصلہ جاری کرکےدرخواست ضمانت خارج کردی گئی، سپریم کورٹ ہمارے مؤقف کوسن کر فیصلہ کردے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی سپریم کورٹ اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

    گزشتہ روز سابق صدرآصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹ کیس اوردیگرمقدمات میں عبوری ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے پرگرفتار کیاگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس ، نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں درخواست ضمانت مسترد ہونے پر آصف زرداری نے قانونی ٹیم کوطلب کیا گیا اور ہائی کورٹ کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر مشاورت کی تھی۔

    خیال رہے نیب نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف رزداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، کیس میں آصف زرداری،فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 6 بار توسیع کی جا چکی تھی۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

  • امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے خود سے منسوب ویڈیو کو ہٹانے سے انکار پر فیس بک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نینسی پلوسی کی ایک ایڈٹ کی گئی ویڈیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی جس میں ان کو پریس کانفرنس میں ایسے دکھایا گیا ہے جیسے وہ نشے میں ہوں۔طاقتور ڈیموکریٹ سیاست دان نینسی پلوسی کی اس ویڈیو کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    نینسی پلوسی نے فیس بک سے رابطہ کرکے ویڈیو کو بلاک کرنے کی درخواست کی جو سوشل نیٹ ورک سائٹ نے مسترد کر دی۔

    نینسی پلوسی نے کہا کہ فیس بک کو معلوم ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔پلوسی کے مطابق فیس بک کی جانب سے جعلی اور گمراہ کن ویڈیو لگانے کی اجازت دینے کے بعد سوشل سائٹ انتظامیہ کا وہ دعویٰ مشکوک ہو جاتا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ الیکشن مہم میں ٹرمپ کو جتوانے کے لیے روس کی مداخلت سے بے خبر تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پلوسی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ فیس بک کا جانتے بوجھتے ایک غلط ویڈیو نہ ہٹانا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ روس کے ہمارے الیکشن میں مداخلت میں اس کے ساتھ تھے۔

    اے ایف پی کے مطابق فیس بک انتظامیہ فوری طور پر اس خبر پر تبصرے کے لیے دستیاب نہ ہوسکی۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں فیس بک سے یہ بات منسوب کی گئی ہے کہ سائٹ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ویڈیو نیوز فیڈ میں ڈوب چکی تھی اور اس کو آزادانہ فیکٹ چیک کے بعد اس الرٹ کے ساتھ ٹیگ کرکے لگایا گیا کہ یہ غلط ہے۔

    خیال رہے کہ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آزادی اظہار کی حدود کے لیے اصول حکومتوں اور معاشرے کو وضع کرنا چاہئیں نہ کہ فیس بک جیسی پرائیویٹ کمپنیاں مرتب کریں گی۔

    دوسری جانب یوٹیوب نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ انہوں نے نینسی پلوسی کی مذکورہ تیار کردہ ویڈیو کلپ بلاک کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویڈیو کلپ کا بظاہر مقصد نینسی پلوسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔پلوسی نے کہا کہ وہ شراب نوشی نہیں کرتیں، اس کو چاکلیٹ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، میں شراب نوشی نہیں کرتی اس لیے ہر ایک اس پر ہنس رہا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں غلط شخص کو چنا۔

  • مالی بحران، فلسطینی اتھارٹی کی عرب ممالک سے قرض کے لیے درخواست

    مالی بحران، فلسطینی اتھارٹی کی عرب ممالک سے قرض کے لیے درخواست

    رام اللہ : اسرائیل اور امریکا کی طرف سے معاشی پابندیوں کے باعث فلسطینی اتھارٹی شدیدمالی بحران کا سامنا کررہی ہے۔ مالی بحران سے نکلنے کے لیے اتھارٹی نے عرب ممالک سے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر محمود عباس قاہرہ میں ہونے والے عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں عرب ممالک سے مالی مدد اور قرض کی فراہمی کی اپیل کریں گے۔

    فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کاکہنا تھا کہ ہم اسرائیلی ریاست کی بلیک میلنگ کے آگے نہیں جھکیں گے۔ فلسطینی اتھارٹی کو معاشی بحران سے دوچار کرنے کا مقصد صہیونی ریاست کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کرناہے مگرہم ایسا نہیں کریں گے۔

    مزید پڑھیں : امریکی امن پلان میں جزیرہ سیناء فلسطینیوں کو دینے کی تجویز شامل نہیں، گرین بیلٹ

    بیت لحم میں یہودی آباد کار نے فلسطینی خاتون کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا

    خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ دو ماہ کے دوران اسرائیل کی طرف سے ٹیکسوں کی جمع کی گئی کچھ رقم وصول کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا تھا کہ اسرائیل فلسطینی ٹیکسوں کی رقم میں کٹوتی نہ کرے اور پوری رقم ادا کرے مگر اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو ملنے والی رقم صہیونی ریاست کے خلاف لڑتے ہوئے شہید،زخمی اور قیدیوں کے خاندانوں کی کفالت پر صرف کی جا رہی ہے۔

  • جرمن پارلیمان میں درخواست مسترد ہونے والے تارکین وطن کی ملک بدری کا قانون منظور

    جرمن پارلیمان میں درخواست مسترد ہونے والے تارکین وطن کی ملک بدری کا قانون منظور

    برلن : جرمنی کی وزارت داخلہ نے درخواست مسترد ہونے والے پناہ گزینوں کی ملک بدری کےلیے نئے قوانین پر کابینہ کی منظوری لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ و براعظم افریقہ سے غیر قانونی طور پر ہجرت کرکے دیگر یورپی ممالک سمیت جرمنی پہچنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    جرمنی کے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے درخواست مسترد ہونے والے تارکین وطن کو ملک سے بےدخل کرنے کا قانون منظور کرالیا ہے، نئے قوانین کا مقصد جرمنی سے غیر قانونی مہاجرین کی بے دخلی کو یقینی بنانا ہے، جرمنی میں جمع کرائی گئی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہے۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بدھ 17 اپریل کی شام وزیر داخلہ نے ’منظم وطن واپسی کا قانون‘ وفاقی کابینہ میں پیش کیا تھا جس پر مخلوط حکومت کی تمام جماعتوں نے اسے اکثریت رائے منظور کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن وزیر داخلہ کی جانب سے نئے قانون کے مسودے کو ایوان بالا میں پیش کیا جائے گا، امید ہے کہ نیا قانون موسم گرما سے قبل منظور ہوجائے۔

    مزید پڑھیں : غیرقانونی طور پر جرمنی میں داخلے کی کوشش، 2018 میں 38 ہزار مہاجرین کی گرفتاریاں

    یاد رہے کہ جرمنی کی وفاقی پولیس نے 2018 میں غیرقانونی طور پر جرمنی کے حدود میں داخلے کی کوشش کرنے پر 38 ہزار مہاجرین کو گرفتار کیا۔

    خیال رہے کہ بہتر روزگار اور خوشحال زندگی گزارنے کا خواب لیے ہزاروں مہاجرین غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں، کبھی کبھی ان کا یہ خواب موت نگل لیتی ہے۔

    ایک محتاط اندازے کے مطابق پورپ میں مکمل آبادی کا دس فیصد حصہ مہاجرین کا ہے، بہتر روزگار اور خوشگوار زندگی گزارنے کی خواہش لیے اب تک ہزاروں مہاجرین غیرقانونی طور پر یورپ کے دیگر ممالک میں داخلے کے دوران بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • سابق آئی جی پنجاب کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    سابق آئی جی پنجاب کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور: سابق آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کو چیلنج کردیا گیا۔

    درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پولیس آرڈر 2002 میں آئی جی کی پوسٹنگ کا دورانیہ تین سال ہے۔ سابق آئی جی جاوید سلیمی کا چھ ماہ کے بعد تبادلہ کردیا گیا۔

    درخواست گزار کے مطابق موجودہ حکومت 8 ماہ کے عرصے میں تین آئی جی پنجاب تبدیل کر چکی ہے۔

    درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے تحت ٹھوس وجوہات کے بغیر تین سال سے پہلے تبادلہ نہیں کیا جا سکتا۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے تبادلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

    آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ 15 اپریل کو آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    امجد سلیمی کو اکتوبر 2018 میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ آئی جی سندھ رہے۔ امجد سلیمی سے قبل آئی جی پنجاب طاہر نواز خان کو بھی تبدیل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی آٹھ ماہ کی حکومت میں یہ تیسرے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا واقعہ ہے۔