Tag: درگاہیں

  • بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے گھر اور درگاہیں مسمار کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے گھر اور درگاہیں مسمار کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    احمد آباد: بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے گھر اور درگاہیں مسمار کی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں حکام نے ایک ویڈیو بھی شیئر کر دی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گجرات کے ضلع بیٹ دوارکا میں حکام نے تقریباً 335 عمارات کو منہدم کر دیا ہے، جن میں درگاہیں، گھر اور دکانیں شامل تھیں۔

    گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے X پر انہدامی کارروائی کی ویڈیوز پوسٹ کیں، سنگھوی کے مطابق 53 کروڑ سے زائد روپے مالیتی 1 لاکھ 642 مربع میٹر اراضی پر انہدامی کارروائی کی گئی ہے، منہدم کی جانے والی عمارتوں میں 12 رہائشی، 9 تجارتی عمارتیں اور 12 مذہبی ڈھانچے شامل تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ناجائز قبضے ختم کرانے کے لیے کی گئی، واگزار کرائی گئی اراضی پر جلد ہی عوام کے لیے نئی سہولتیں تعمیر کی جائیں گی، دوسری طرف سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے کہا ہے کہ حکومت ناجائز قبضے ہٹانے کے نام پر مذہبی مقامات اور عمارتوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

    باپ کے مرتے ہی ناخلف بیٹوں نے دولت کے ساتھ مسجد بھی تقسیم کر دی

    ایس ڈی پی آئی کے قومی سکریٹری ریاض فرنگی پیٹے کے مطابق انہدامی کارروائی میں حضرت پنج پیر رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ کو اتوار کے روز منہدم کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں اور عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  • درگاہوں اور مزارات سے متعلق نئے احکامات آ گئے

    درگاہوں اور مزارات سے متعلق نئے احکامات آ گئے

    کراچی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آنے کے بعد چند دن قبل کھلنے والی درگاہیں اور مزارات دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پھر اپنے فیصلے میں رد و بدل کر دیا، اور چند دن قبل صوبے بھر کی تمام کھلنے والی درگاہوں اور مزارات کو دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    یہ فیصلہ وزیر اوقاف سہیل انور سیال کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے بعد محکمہ اوقاف نے تمام مزارات اور درگاہیں دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    28 مارچ سے 8 اپریل تک سندھ بھر کی درگاہیں اور مزارات بند رہیں گے، محکمہ اوقاف سندھ کا کہنا ہے کہ درگاہیں اور مزارات زائرین کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ منگل کو محکمہ اوقاف نے کراچی، سکھر، حیدر آباد کے ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو مراسلہ لکھ کر حکم دیا تھا کہ سندھ بھر میں تمام مزارات اور درگاہیں کھول دی جائیں۔

    درگاہوں اور مزارات کھولنے کے لیے 18 نکاتی ایس او پیز بھی جاری کیے گئے تھے، محکمہ اوقاف نے ہدایت کی تھی کہ درگاہوں اور مزارات پر ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔

    محکمہ اوقاف کے مراسلے کے بعد کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کو کھول دیا گیا، زائرین کو ماسک لازمی پہننے اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی تھی۔