اسلام آباد (4 اگست 2025): این ڈی ایم اے نے 5 اگست سے ملک بھر کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق این ڈی ایم اے نے 5 سے 10 اگست تک ملک بھر شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہلم، چناب اور کابل سمیت ملک کے تمام بڑے دریا بھر سکتے ہیں اور اس دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے جاری الرٹ میں تربیلا، کالا باغ، تونسہ اور گڈو بیراج میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے ہنزہ، شگر، خنجراب متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجےکے سیلاب، دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ تیز ہونے کا امکان جب کہ سوات وپنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے تربیلا ڈیم 90 فیصد، منگلا ڈیم 60 فیصد بھر چکے ہیں۔ متعلقہ حکام کو شہری علاقوں، خصوصاً شمال مشرقی اور وسطی پنجاب میں نکاسی آب کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس تیار رکھنے اور متعلقہ اداروں کوممکنہ خطرات سے نمٹنےکے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایات بھی کی ہیں۔
اس کے علاوہ این ڈی ایم اے نے مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو رات کے وقت ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور قیمتی سامان، گاڑیاں اور مویشی اونچے مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔