Tag: دسمبر 2019

  • دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ

    دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ

    کراچی: وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9 اعشاریہ 66 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کے اعداد و شمار جاری کیے، دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9 اعشاریہ 66 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16 اعشاریہ 4 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اعداد و شمار کے مطابق خوراک اور مشروبات سیکٹر میں 41 اعشاریہ 57 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹیکسٹائل سیکٹر میں پچاس فی صد کا اضافہ، پیپر اینڈ بورڈ کی صنعت میں 33 اعشاریہ 4 فی صد اضافہ، چمڑے کی صنعت میں 16 اعشاریہ 1 فی صد اضافہ، فارما سیکٹر میں 2.83 فی صد جب کہ الیکٹرونکس میں 15.5 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    دسمبر 2019: مہنگائی کی شرح میں کمی

    دوسری طرف آٹو سیکٹر میں 28، انجینئرنگ پروڈکٹس 10، آئرن اینڈ اسٹیل میں 3.7 فی صد کمی ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی پیداوار میں 3.35 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے باعث دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، 8 صنعتوں کی پیداوار مثبت رہی، اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی صنعتی پیداوار میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے، آثار نمایاں ہیں کہ اب ملکی معشیت میں بہتری نظر آئے گی۔

    یاد رہے کہ یکم جنوری کو وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہ دسمبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.34 فی صد کمی ہوئی۔

  • دسمبر 2019: مہنگائی کی شرح میں کمی

    دسمبر 2019: مہنگائی کی شرح میں کمی

    اسلام آباد: دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک پہلے ہی جنوری 2020 سے مہنگائی میں کمی کی نوید دے چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے۔ گزشتہ ماہ دسمبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ہوئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ دسمبر 2018 کی نسبت نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.63 فیصد رہی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران خشک میوہ جات کی قیمت میں 6.35 فیصد اضافہ ہوا۔ گندم 5.62، انڈے 4.61 اور دالیں 3.80 فیصد مہنگی ہوئیں۔

    اسی طرح ٹماٹر 36، پیاز 12، چکن 11 اور تازہ سبزیاں 4.62 فیصد سستی ہوئیں۔ مجموعی طور پر ایک سال میں ٹماٹر 321، پیاز 170 اور تازہ سبزیاں 84 فیصد مہنگی ہوئی تھیں۔

    گزشتہ سال میں گیس کی قیمت میں 54.84، بجلی کی قیمت میں 17.57 اور ایندھن کی قیمت میں 17.95 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ برس چکن کی قیمت میں 17 اور انڈوں کی قیمت میں 1.33 فیصد کمی ہوئی۔

    اس سے قبل ماہ نومبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا تھا، نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.67 فیصد رہی تھی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گندم کی قیمت بڑھنے پر نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18.36 فیصد اضافی بوجھ پڑا۔ دالوں کی قیمت میں نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18 سے 56 فیصد کا بوجھ بڑھ گیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک اپنی ایک رپورٹ میں کہہ چکا ہے کہ اگلے برس جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔