Tag: دعا

  • پوپ فرانسس کے لیے دعا کرنے ہزاروں لوگ ویٹیکن کے باہر جمع ہو گئے

    پوپ فرانسس کے لیے دعا کرنے ہزاروں لوگ ویٹیکن کے باہر جمع ہو گئے

    ویٹیکن سٹی: پوپ فرانسس کے لیے دعا کرنے ہزاروں لوگ ویٹیکن کے باہر جمع ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں لوگ جمع ہو کر شدید بیمار پوپ فرانسس کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے لگے ہیں، ڈبل نمونیا میں مبتلا پوپ فرانسس کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔

    کیتھلک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی صحت یابی کے لیے مختلف ممالک میں دعائیں کی جا رہی ہیں، خبر رساں اداروں کے مطابق 88 سالہ پوپ کو ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ 14 فروری سے اٹلی کے اسپتال میں داخل ہیں۔

    ہزاروں لوگ سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہو کر پوپ فرانسس کی صحت کے لیے دعا کرنے لگے ہیں، ان کے دکھوں پر افسوس کا اظہار اور کیتھلک چرچ کو نئی سمتوں میں لے جانے کی کوششوں کے لیے ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

    دونوں پھیپھڑوں میں نمونیا کی وجہ سے اسپتال میں 11 دن رہنے کے بعد معمولی بہتری کے باوجود ان کی حالت تشویش ناک ہے، ویٹیکن نے منگل کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ ’’ساری رات اچھی طرح سوئے ہیں۔‘‘ پیر کے روز ویٹیکن کے نمبر دو کارڈینل پیٹرو پیرولن نے بارش کی سرد رات میں 45 منٹ تک دعائیں مانگیں۔

    سینٹ پیٹرز اسکوائر میں تقریباً 4,000 افراد جمع ہوئے ہیں، جو سمجھ رہے ہیں کہ انھیں ان دنوں میں روم میں ہونا چاہیے۔

  • ’رمضان مبارک بابا‘ عامر لیاقت کے بچوں کا والد کے نام جذباتی پیغام

    ’رمضان مبارک بابا‘ عامر لیاقت کے بچوں کا والد کے نام جذباتی پیغام

    پاکستانی ٹی وی چینلز پر  رمضان ٹرانسمیشن کی بنیاد رکھنے والے میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر  بشریٰ اقبال نے رمضان کی آمد پر بچوں کی جانب سے والد کے نام جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

    سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق شوہر مرحوم عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد پہلے رمضان  پر اپنی بیٹی دعا  اور بیٹے احمد کا جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

    عامر لیاقت کی بیٹی دعا نے اپنے مرحوم والد کی یاد میں ایک طویل نوٹ میں لکھا کہ  اس سال رمضان المبارک میرے خاندان اور میرے لیے بہت مشکل ہے۔

    عدا  نے رمضان ٹرانسمیشن کے ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ سب نے مجھے میرے  والد عامر لیاقت حسین کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بڑا ہوتے دیکھا ہے، اس لیے یہ انتہائی تکلیف دہ ہے کہ یہ والد کے بغیر ہمارا پہلا رمضان ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ  والد کو کھونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، خاص کر وہ جو ہر ایک کی زندگی میں ایک ایسی نمایاں شخصیت تھے جنہیں بھلایا بھی نہیں جا سکتا۔

    دعا نے  لکھا کہ میرے والد نے رمضان ٹرانسمیشن کو  متعارف کروایا، اگر وہ آج زندہ ہوتے تو وہ آج بھی بس یہی چاہتے کہ اپنے پروگرام کے ذریعے اپنے ناظرین کے درمیان اس ماہِ مبارک میں اسلام کی تعلیمات کو عام کریں۔

    دعا نے اپنے والد کے لیے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عامر لیاقت کے مثبت پیغام اور ان کی خدمات کو یاد رکھیں، بے شک بابا اس رمضان اور آنے والے تمام رمضانوں میں ہمارے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن وہ ہمارے دلوں اور دعا میں رہیں گے۔

    دوسری جانب احمد عامر نے اپنے مرحوم والد کے نام پیغام میں جذباتی نظم لکھی کہ ’زندگی گلزار تھی آپ کی شخصیت سے، میٹھی تھی آپ کی پُر مشفق گفتگو سے، بچپن سے جوانی تک کا سفر ہوا آپ کی انگلی پکڑ کے، آگے کی منزلوں میں ہاتھ خالی خالی لگیں گے، تنہائی میں گزارش ہوتی ہے آپ کے سائے کی، ہر گزرتے ہوئے لمحے، ہر جاگتے ہوئے پل، شدت سے محسوس ہوتی ہے کمی آپ کی، دعائیں تو کرتے رہیں گے آپ کے لیے تاحیات، مگر نہ بھلا پائیں گے بیتے لمحات، رمضان مبارک بابا‘۔

    یاد رہے کہ رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین گزشتہ برس 9 جون کو انتقال کر گئے تھے۔

  • خدا کرے کلرک بن جاؤ: بزرگ خاتون کی معصومانہ دعا پر اسسٹنٹ کمشنر کے قہقہے

    شکار پور: صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں سیلاب متاثرہ بزرگ خاتون نے اسسٹنٹ کمشنر کو کلرک بننے کی دعا دے ڈالی، دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شکار پور میں اسسٹنٹ کمشنر گڑھی یاسین سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے مختلف افراد کے مسائل حل کیے۔

    ایسے میں ایک بزرگ خاتون اپنا کام ہونے پر نہایت خوش ہوئیں اور اے سی کو دعائیں دینے لگیں۔

    بزرگ خاتون نے کہا کہ اللہ تمہیں خوش رکھے، اور خدا کرے تم کلرک بن جاؤ۔ خاتون کی اس دعا پر اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے دفتر میں موجود افراد ہنس پڑے۔

    دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے مختلف تبصرے کیے۔

  • مخالفین کے لیے صرف دعا کرسکتا ہوں، عثمان بزدار

    مخالفین کے لیے صرف دعا کرسکتا ہوں، عثمان بزدار

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی ساتھ ہیں کوئی پریشانی والی بات نہیں، مخالفین کے لیے میں صرف دعا کرسکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے بننے والی کمیٹیوں کا اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اتحادیوں سےمتعلق تمام تحفظات دور ہوجائیں گے، تمام اتحادی ساتھ ہیں کوئی پریشانی والی بات نہیں ہے۔

    صحافی نے سردار عثمان بزدار سے سوال کیا کہ کیا ترین صاحب کمیٹی میں واپس آ رہے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا ہم سب ساتھ ہیں، سب سے زیادہ کام پنجاب میں ہو رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سے صحافی نے سوال کیا کہ جو لوگ آپ کے مخالف ہیں ان کو کیا پیغام دیں گے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ مخالفین کے لیے میں صرف دعا کر سکتا ہوں۔

    اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، پرویز خٹک

    اس سے قبل وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اس ہفتے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہوجائیں گے، اتحادیوں سے مذاکرات کے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار پر بات ہوگی۔

    جہانگیر ترین سے متعلق سوال پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو کمیٹیوں میں شامل کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے۔

  • قادسیہ کے مقام پر کس برگزیدہ ہستی نے بڑھیا کو دعا دی تھی؟

    قادسیہ کے مقام پر کس برگزیدہ ہستی نے بڑھیا کو دعا دی تھی؟

    جنگِ قادسیہ کے بارے میں آپ سبھی نے پڑھا ہوگا۔ یہ فارس میں مسلمانوں کی فتوحات کے زمانے کی وہ جنگ تھی جو مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقؓ کے دور لڑی گئی۔

    اس جنگ میں عرب سپہ سالار سعد بن ابی وقاصؓ نے ایرانی بادشاہ کو زیر کیا اور مسلمان فتح یاب ہوئے تھے۔

    قادسیہ، ساسانی سلطنت اور خلافتِ راشدہ کے زمانے تک عراق کا مشہور شہر رہا ہے۔ موجودہ قادسیہ شہر کوفہ سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ تاہم اس زمانے میں اس شہر کے جغرافیے اور حدود سے متعلق مؤرخین اور محققین نے مختلف خیال ظاہر کیے ہیں اور اس کے محلِ وقوع، نام سے متعلق ان کی رائے مختلف ہے۔

    موجودہ قادسیہ نجف کے جنوب میں واقع ہے اور اب عراق کا ایک صوبہ ہے۔ انتظامی تقسیم کے بعد اس کا صدر مقام دیوانیہ منتخب کیا گیا ہے۔ قادسیہ نامی موجودہ قصبہ دریائے فرات کی مغربی شاخ کے کنارے جنوب کی طرف واقع ہے۔

    ماضی میں جھانکیں تو اس علاقے سے مسلمانوں کا گہرا تعلق سامنے آتا ہے۔ اس شہر کے حوالے سے مسلمانوں کی مقدس ہستیوں کے ناموں کے علاوہ متعدد مذہبی واقعات اور روایات بھی ملتی ہیں۔

    ابنِ عینیہ سے روایت ہے کہ ابراہیم علیہ السلام نے حاران کا سفر اختیار کیا تو قادسیہ سے گزرے۔ یہاں انھیں ایک بڑھیا ملی جس نے آپ کا سَر دھویا۔ روایت ہے کہ آپؑ نے بڑھیا کو دعا دی کہ تُو اس زمین پر مقدس ٹھیرے۔ یہ علاقہ اسی لیے قادسیہ کہلاتا ہے۔

  • وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کی ہمدردی نہیں، دعا کی بحفاظت واپسی چاہیئے: دعا کے اہلخانہ کا مطالبہ

    وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کی ہمدردی نہیں، دعا کی بحفاظت واپسی چاہیئے: دعا کے اہلخانہ کا مطالبہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اغوا کی جانے والی دعا منگی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ صدر، وزیر اعظم، یا وزیر اعلیٰ کی ہمدردی نہیں چاہیئے، دعا کی بحفاظت واپسی چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی کے اہل خانہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کی۔ دعا کی بہن موتیا منگی کا کہنا تھا کہ دعا میری چھوٹی بہن ہے، اغوا کا واقعہ بہت افسوسناک ہے۔ لڑکیوں کے اغوا کے واقعات ہم سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

    بہن نے کہا کہ اس قسم کے واقعے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا نہیں تھا، ہمارا کوئی بھائی نہیں، 3 بہنیں ہیں۔

    دعا کے ماموں اعجاز منگی نے کہا کہ دعا اس ملک کی بچی ہے، ریاست کو ماں ثابت کرنا ہوگا۔ دعا کے اغوا کار گرفتار نہ ہوئے تو مزید واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت دعا کے ساتھ موجود حارث 4 ملزمان سے لڑا، وہ ہیرو ہے۔ ملزمان ہمارے آس پاس کے لوگوں میں شامل نہیں۔ صدر، وزیر اعظم، گورنر یا وزیر اعلیٰ کی ہمدردی نہیں چاہیئے، ہمیں اپنی دعا کے لیے حق چاہیئے۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ڈیفنس جیسے علاقےمیں دعا کا اغوا تشویشناک ہے، بازیابی میں مکمل کامیابی تو نہیں ملی البتہ کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے بچی کو بازیاب کروا لیں گے، ملزمان جلد پکڑے جائیں گے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے باوجود جرائم کو نہیں روکا جا سکتا۔ بڑے شہروں میں جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔

    خیال رہے کہ دعا منگی کو یکم دسمبر کی شام اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اور اس کا دوست سڑک پر واک کر رہے تھے۔ نامعلوم ملزمان نے مزاحمت پر لڑکے حارث کو گولی مار کر زخمی کیا اور دعا کو اپنے ساتھ گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔

    دعا کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی صاحبزادی کا 10 روز قبل مظفر نامی لڑکے سے جھگڑا ہوا تھا۔ والد نے شبہ ظاہر کیا کہ دعا کے اغوا میں بھی اسی لڑکے کا ہاتھ ہے۔

    دعا کی تلاش میں کراچی پولیس نے جائے وقوعہ سے 10 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسگ کا عمل بھی جاری ہے۔

  • میرے آنسووں کو نا سمجھنے والوں کے لیے دعاکرتا ہوں،بلاول بھٹو

    میرے آنسووں کو نا سمجھنے والوں کے لیے دعاکرتا ہوں،بلاول بھٹو

    کراچی : چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ میرے آنسووں کو ناسمجھنے والوں کے لیے دعاکرتا ہوں۔

    تفصیلات کےمطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے آنسووں کو ناسمجھنے والوں کےلیے دعاکرتا ہوں۔

    بلاول بھٹو رزداری کا کہناتھا کہ دعا کرتا ہوں کہ جس دکھ اور درد سے مجھے گزرنا پڑا کسی اور کو اس دکھ اور تکلیف سے نہ گزرنا پڑے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو سانحہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج پر اظہار ہمدردی کے لیے کوئٹہ پہنچے تھےان کا کہناتھاکہ جب میں بلوچستان کے بارے میں سوچتا ہوں ان کا دکھ سمجھتا ہوں میرے خاندان کا دکھ اور بلوچستان کا دکھ ایک طرح کا ہے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو اپنی والدہ اور نانا کے ذکر پر آبدیدہ ہوگئے تھے اور اپنے خاندان اور جماعت پر کیے جانے والے مظالم بتاتے رہے اور ساتھ ساتھ پاکستان کھپے کے نعرے لگاتے رہے۔

  • شبِ برات کے موقع پروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    شبِ برات کے موقع پروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    لاہور: وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شبِ برات کی مقدس رات کے موقع پرپاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف نبردآزما جوانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج کی رات پاکستان کی سلامتی خوشحالی اور دہشت گردی سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کی رات عظیم اور فضیلت والی رات ہے، اس رات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت اوربخشش کے دروازےکھولتا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج کی رات خاص طور پر اُن جوانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں جنہوں نے ملک میں دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے اللہ کے حضور دعا کی ہے کہ آئندہ سال جب ملک کے لیے فیصلے کیے جائیں تو ملک رحمت کا مستحق قرار پائے اور پاکستان کی حفاظت فرمائے اور آنے والے سال ملک کو مصیبتوں و مسائل سے محفوظ رکھے۔