Tag: دعوت

  • نوازشریف کی آصف زرداری کو پارلیمانی جماعتوں کےاجلاس میں شرکت کی دعوت

    نوازشریف کی آصف زرداری کو پارلیمانی جماعتوں کےاجلاس میں شرکت کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور سابق انہیں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نے آصف زرداری کو پیر کو وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ہونے والے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

    فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعظم کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اب پارٹی کے سربراہ ہیں وہ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ اہم اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقد ہواتھا جس میں پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ اور اڑی حملے کا الزام مسترد کردیاتھا۔

    مزیدپڑھیں:اقوام متحدہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا مکمل کرے، آصف زرداری

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے بھارت کو سخت پیغام دے دیا،اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ دفاع وطن کےلیے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے۔کسی کو پاک سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔بھارتی مظالم کشمیریوں کےجذبہ حریت کونہیں کچل سکتے۔

  • مزید میزبانی نہیں‌ کرسکتے، افغان باشندوں کو واپس جانا ہوگا، طارق فاطمی

    مزید میزبانی نہیں‌ کرسکتے، افغان باشندوں کو واپس جانا ہوگا، طارق فاطمی

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ تیس لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کرچکے لیکن اب مزید افغان باشندوں کی میزبانی نہیں کریں گے، وزیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ہے

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سرحدوں پر بایومیٹرک سسٹم نصب کرے اس عمل کا خیر مقدم کریں گے،توقع ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بہترین سرحدی نظام کو نظر انداز نہیں کرسکتے، یہ عمل ضروری ہے،دونوں ممالک بات چیت سے مسئلے کو حل کرسکتے ہیں اسی لیے سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کی دعوت دی ہے تاکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اب تک تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے لیکن اب مزید مہاجرین کی میزبانی نہیں کرسکتا، ہم چاہتے ہیں کہ افغان مہاجرین باعزت طریقے سے وطن  واپس جائیں۔

    ڈرون حملوں پر ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے امن کے لیے کی گئی کوششوں پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں اور یہ حملے ہماری سالمیت اور خود مختاری کے خلاف ہیں انہیں بند ہونا چاہیے۔

    طارق فاطمی نے بتایا کہ افغانستان میں امن بحال کرنے کی ذمہ داری چار ملکوں کے پاس ہے اور ہم اس کا حصہ ہیں،پاکستان کادورہ کرنے والے امریکی وفد سے اس معاملے پر بھی تفصیلی بات ہوئی، ہم افغانستان کی سول وار پاکستان میں لڑنے کے لیے تیار نہیں تاہم افغان صدر اشرف غنی سے ہر قسم کے تعاون پر تیار ہیں۔

  • پی ایس ایل فائنل دیکھنے کیلئے نوازشریف اورعمران خان کو دعوت

    پی ایس ایل فائنل دیکھنے کیلئے نوازشریف اورعمران خان کو دعوت

    دبئی: پاکستان سپرلیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت دے ڈالی۔

    پاکستان سپرلیگ کا سپر مقابلہ تئیس فروری کودبئی میں کھیلا جائےگا، سپرمقابلےکودیکھنےکیلئے نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلی نواز شریف اور ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان کو دعوت دے دی۔

    نجم سیٹھی نے ٹوئٹ کیاکہ سیاست کوالگ رکھ کرایونٹ کافائنل دیکھنے آئیں،نجم سیٹھی نے کرکٹ لوورزسے اس حوالے سے ٹرینڈبنانے کی درخواست کی تاکہ نواز شریف اور عمران خان پر فائنل دیکھنے کے لیے دباؤ بڑھایا جاسکے۔

    پی ایس ایل سربراہ نےنواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی والد کو پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے راضی کریں۔

  • عراق: حیدرالعبادی کو نئی حکومت بنانے کی دعوت

    عراق: حیدرالعبادی کو نئی حکومت بنانے کی دعوت

    بغداد:  عراق کے صدر فواد معصوم نے پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حیدرالعبادی کو وزیراعظم نامزد کرکے حکومت بنانےکی دعوت دیدی، امریکی صدر اوباما نے نئی قیادت کوخوش آئندہ قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    عراق میں نئی حکومت کے قیام کے لیے سیاسی رہنماؤں کے رابطے تیز ہوگئے ہیں، عراقی قومی اتحاد نے حیدرالعبادی کو وزارت عظمیٰ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔ اس فیصلے کے فوری بعد صدر فواد معصوم نے ان کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے انھیں قومی اتحاد کی نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔

    وزیر اعظم نوری المالکی نے اس اقدام کو یکسر مسترد کیا ہے، عراق کی صورتحال پر امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ عراق میں نئی حکومت کے قیام اور پر امن منتقلی کی حمایت کرتے ہیں، صدر اوباما نے نوری المالکی کی جانب سے مخالفت کی مذمت کی ہے۔