Tag: دعوے

  • جوہری ڈیل میں‌ شامل ممالک معاہدے کی بقاء کیلئے زبانی دعوے کررہے ہیں، جواد ظریف

    جوہری ڈیل میں‌ شامل ممالک معاہدے کی بقاء کیلئے زبانی دعوے کررہے ہیں، جواد ظریف

    تہران : امریکی پابندیوں میں سختی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سفارتی کوششیں مزید تیز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں شامل ممالک معاہدے کو بچانے کیلئے صرف زبانی دعوے کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیوں کے نفاذ اور یورپی ممالک کی طرف سے ایران کو بچانے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ نے جوہری پروگرام کے معاہدے میں شامل ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے زبانی دعووں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔

    ایرانی ٹی وی کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے ایران کے ساتھ تجارتی امور جاری رکھنے کے لیے یورپی لائحہ عمل کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب تک ایسے کسی پروگرام پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب امریکا کی ایران پر پابندیوں میں سختی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سفارتی کوششیں مزید تیز کردیں۔

    گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں جواد ظریف نے جوہری معاہدہ کرنے والے دوست ممالک جس میں یورپی یونین، فرانس، برطانیہ، چین اور روس شامل ہیں، کی سست روی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اب تک جوہری معاہدے کے شراکت دار ممالک اس معاہدے کو بچانے کے لیے صرف زبانی دعوے کرتے رہے ہیں، انہوں نے عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری، جوہری معاہدے میں شامل ممالک اور چین اور روس جیسے دوست ممالک چاہیں تو جوہری معاہدے کو بچا سکتے ہیں، اس حوالے سے ایران کی طرف سے موثر اقدامات کئے گئے مگر معاہدے کے دوسرے شراکت داروں کی طرف سے ابھی تک کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔

  • بھارتی حکومت کے 100 سمارٹ سٹی بنانے کے دعوے جھوٹ نکلے

    بھارتی حکومت کے 100 سمارٹ سٹی بنانے کے دعوے جھوٹ نکلے

    نئی دہلی : سنہ 2015 میں بھارتی حکومت کے پانچ برس میں 100 اسمارٹ شہر تعمیر کرنے کے وعدے جھٹ نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق پانچ سال گزرنے کے بعد بھی اسمارٹ شہروں کی تعمیر پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی بلکہ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کو ہی بڑھا دیا گیا ہے۔

    بھارتی خبر رساں ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کن کن شہروں کو سمارٹ بنایا جائے گا اس کا فیصلہ ایک ہی وقت پر نہیں کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے سمارٹ سٹی فنڈ کے لیے مختص رقم کا صرف چھوٹا سا حصہ ہی اب تک خرچ کیا گیا ہے، سنہ 2014 میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران سمارٹ سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی کی تعمیر کے اعلان کے ایک سال بعد 2015 میں سمارٹ سٹی اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    حکومت نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ اکتوبر 2017 کے مقابلے میں اسمارٹ سٹی مشن کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں میں 479 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    ہاؤسنگ اور شہری معاملات کے نائب وزیر پردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 13 مشترکہ مراکز پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں۔

    پردیپ سنگھ پوری کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے دسمبر سنہ 2019 تک 100 منصوبوں میں 50 سے زائد منصوبے بھی مکمل کر لیے تو میرے مطابق یہ دنیا میں سب سے تیزی سے عمل میں آنے والے منصوبوں میں سے ایک ہوگا۔

    دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کی اسمارٹ سٹی اسکیم کو انتخابی مہم کا حربہ قرار دیا اور سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات زمین پر نظر نہیں آتے۔