Tag: دفتر خارجہ کی خبریں

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری نوٹس لے: دفتر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری نوٹس لے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسکالر ڈاکٹر منان وانی سمیت 7 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انسانی حقوق کے علمبر داروں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی، وزیر خارجہ نے کانفرنس میں علاقائی روابط اور سی پیک پر روشنی ڈالی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ایس سی اجلاس میں وزیر اعظم کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کے بارے میں بات کی۔ رکن ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خدمات کی پیشکش کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور ایرانی ہم منصب میں ایرانی بارڈر گارڈز کے اغوا پر بھی بات ہوئی، دونوں اطراف کے ڈی جی ایم اوز معاملے پر رابطے میں ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین پر ویزوں سے متعلق ایران اور عراق سے رابطے میں ہیں، امید ہے ویزوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ’یہ بھی بتایا گیا کہ ویزوں کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو گیا ہے‘۔

    ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسکالر ڈاکٹر منان وانی سمیت 7 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر پابندی لگائی۔ بھارتی مظالم انسانی حقوق کے علمبر داروں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے منان وانی کی شہادت پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ ’پاکستان بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری نوٹس لے‘۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف دیرینہ ہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔ امریکا اور افغانستان اس مؤقف کو سمجھ رہے ہیں۔ افغانستان میں مفاہمت کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دوحہ میں ہونے والی کسی ملاقات اور پیش رفت کا علم نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان کے حالات بہتر ہونے تک اتحادی فوج رہے، اتحادی فوج کے افغانستان سے انخلا سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ افغان وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتخابات کے باعث ملتوی کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سعودی صحافی سے متعلق بیان پہلے جاری کر چکے ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ بہت سے امور پر بات ہو رہی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ قومی ایئر لائن کو دہلی میں بینک اکاؤنٹس کے معاملات میں مسائل کا سامنا ہے۔ اکاؤنٹس کی ریگولرائزیشن کا معاملہ اب دہلی ہائی کورٹ میں ہے۔ قومی ایئر لائن افسران کے اہل خانہ کو بھارت نے ویزے کا اجرا بھی نہیں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں معصوم زینب کے قاتل کو پھانسی دے دی گئی، مقبوضہ کشمیر میں 8 سال کی آصفہ کے قاتلوں کو اب تک سزا نہ ملی۔ آصفہ کے والدین انتہا پسندوں کے باعث اپنے گاؤں میں بچی کی تدفین بھی نہ کر سکے۔ ’بچی آصفہ کے قاتل آج بھی آزاد ہیں‘۔

  • جنرل اسمبلی میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا فیصلہ نہیں ہوسکا: دفتر خارجہ

    جنرل اسمبلی میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا فیصلہ نہیں ہوسکا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا فیصلہ نہ ہوسکا، ملاقات کے لیے دونوں ممالک میں سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر خارجہ کا افغانستان کا دورہ انتہائی مفید تھا، جلال آباد میں قونصل خانہ کھولنے پر بات جاری ہے۔ امید ہے سیکیورٹی کی فراہمی کے اقدامات جلد ہو جائیں گے جس کے بعد قونصل خانہ کھول دیا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، دورے کے اختتام پر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، سعودی عرب سے امدادی پیکج سے متعلق علم نہیں، ’وزیر اعظم کی پاک بھارت میچ میں شرکت سے متعلق علم نہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ کرتار پور بارڈر سے متعلق ابھی تک بھارت نے کوئی رابطہ نہیں کیا، پاکستان کرتار پور بارڈر سے متعلق کھلا ذہن رکھتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہر موضوع پر ہمیشہ بات کرتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ کے دورے میں مقبوضہ کشمیر پر بھی بات ہوئی، جنرل اسمبلی میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا فیصلہ نہ ہوسکا، ملاقات کے لیے دونوں ممالک میں سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

  • پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

    پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

    اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں ان کے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو دفتر خارجہ پہنچے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کا استقبال کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ کی بالمشافہ ملاقات کے بعد پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ شاہ محمود قریشی اور میولوت چاؤش نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

    مذاکرات میں باہمی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    خیال رہے کہ ترک وزیر خارجہ آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ وہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، چاؤش اوغلو نئی پاکستانی قیادت کو ترک صدر کا پیغام پہنچائیں گے۔

    علاوہ ازیں وہ پاکستان کے نئے صدر مملکت عارف علوی کو اپنی اور ترک صدر کی جانب سے مبارک باد بھی پیش کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چوتھے وزیر خارجہ ہیں جو پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہیں۔

    مملکت خداداد میں نئی حکومت بننے کے بعد اب تک چین اور ایران کے وزرائے خارجہ جبکہ امریکا کے سیکریٹری خارجہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جن سے وزیر اعظم نے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

  • دو ممالک کے درمیان تیسرے ملک کو بیان میں شامل کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے: دفتر خارجہ

    دو ممالک کے درمیان تیسرے ملک کو بیان میں شامل کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو روابط جاری ہیں، پاکستان امریکا اور بھارت کے درمیان بات چیت کو مسترد کرتا ہے۔ سفارتی آداب کے خلاف ہے 2 ممالک تیسرے ملک کو بیان میں شامل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی اشتعال انگیزی پر قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں سال بھارت نے 2050 بار سے زائد سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان نے کہا کہ صرف ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 14 کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیریوں کو پلوامہ، بانڈی پور، کپواڑہ اور اسلام آباد میں شہید کیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکن بدنام تہاڑ جیل میں حراست میں رکھے گئے۔

    خیال رہے کہ آج صبح مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے سو پور میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید ہوگئے۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا، علاقے کی ناکہ بندی، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 10 ستمبر کو خنجر سیکٹر میں بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی، خلاف ورزی پر جھومر گاؤں کا نوجوان گفتار حسین شہید ہوا۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی میزبانی کا وزیر خارجہ نے نوٹس لیا ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کو طلب کیا گیا ہے اور تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو روابط جاری ہیں، پاکستان امریکا اور بھارت کے درمیان بات چیت کو مسترد کرتا ہے۔ سفارتی آداب کے خلاف ہے 2 ممالک تیسرے ملک کو بیان میں شامل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے بات چیت کے خلاف نہیں اور عالمی فورمز پر بھی بتایا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی وفات افسوسناک ہے، وزیر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کو میت کی واپسی سے متعلق ہدایات کیں۔

    انہں نے بتایا کہ ترک وزیر خارجہ کل اسلام آباد آئیں گے اور مذاکرات ہوں گے، وزیر اعظم کچھ دن میں سعودی عرب جائیں گے تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • صدرآزاد کشمیر کو حمایت اورتعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی: دفترِخارجہ

    صدرآزاد کشمیر کو حمایت اورتعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی: دفترِخارجہ

    اسلام آباد:صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان  نے آج وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی  موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پرجاری کردہ پیغام میں کہا  ہے صدر آزاد کشمیر اوروزیر خارجہ کے مابین ہونے والی ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

    ترجمان کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے شاہ محمود قریشی کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔  اور اس کے بعد ملاقات میں  مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کی رپورٹ پر بھی بات چیت ہوئی۔

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقات کے لیے کمیشن کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی روک تھام کی رپورٹ کی سفارشات کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او ایچ سی ایچ آر رپورٹ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت ہر عالمی فورم پر اٹھائیں گے۔ حکومت اورعوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کے لیے کھڑے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر ایک مسئلہ تھا اور اس کے حل تک رہے گا۔

  • عمران پومپیو تنازع: پاکستان کا معاملہ ختم کرنے کا فیصلہ

    عمران پومپیو تنازع: پاکستان کا معاملہ ختم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ الجزیرہ ٹی وی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم نشر کی تھی جس کے بعد بھارت نے کشمیر میں الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بند کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم نے دہشت گردی کا شکار افراد کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا، انہوں نے دہشت گردی کا شکار افراد سے اظہار یکجہتی کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال اور حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی بگڑتی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش ہے۔ عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ بھارت کی جانب سے کشمیر میں الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بند کی گئیں، الجزیرہ ٹی وی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم نشر کی تھی۔ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب بھی کیا۔

     انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کی کال کے معاملے کو ہم ختم کرنا چاہتے ہیں۔معاملے کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، مزید بات نہیں کریں گے۔

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ پاکستان نے او آئی سی


    مزید پڑھیں: پاکستان نے مائیک پومپیو اور وزیراعظم کی گفتگو سے متعلق امریکی بیان مسترد کردیا


    کو خط بھی لکھا، ڈچ سفیر کو ملک بدر کرنے یا کوئی اور ایکشن لینے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

    چینی وزیر خارجہ کا دورہ جلد ہوگا جس کی تفصیلات دی جائیں گی۔ ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستان آنا بہت مثبت ہے، غزنی حملہ سے متعلق افغانستان کے بیانات محض الزامات ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات میں فاصلہ ہے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کرتار پور راستے کو کھولنا ایک قدم ہوسکتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس میں ایس سی او کے زیر اہتمام مشترکہ جنگی مشقیں جاری ہیں، مشق میں پاکستان اور بھارت کے فوجی بھی شریک ہیں۔ ’پاکستان ایس سی او کا ایکٹو ممبر ہے لہٰذا پاکستان اس میں شریک ہے‘۔