Tag: دفتر خارجہ

  • پاکستان کے عوام اور مسلح افواج جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: وزارت خارجہ

    پاکستان کے عوام اور مسلح افواج جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی قسم کے جارحانہ عزائم نہیں ہیں، تاہم پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے غیر ملکی سفارت کاروں اور ذرایع ابلاغ کو ایل او سی کا دورہ کرایا جہاں بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، اور بھارتی آرمی چیف کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن سے کہا کہ لانچنگ پیڈ کا محل وقوع بتایا جائے لیکن اب تک بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کو بھی دورے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں گئے، بھارت کا تفصیلات نہ دینا اس کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیرملکی سفارتکاروں اورمیڈیا کا ایل اوسی جورا سیکٹر کا دورہ

    انھوں نے کہا کہ جھوٹ بھارت کی ریاستی پالیسی اور غاصبانہ عزائم کا حصہ ہے، بھارت کا رویہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سخت خطرے کا باعث ہے، بھارت کی کوشش ہے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹائی جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی سے علاقے میں 5 پاکستانی شہری شہید، اور 6 زخمی ہوئے تھے، سفارت کاروں کو جورا لے جایا گیا تاکہ وہ خود صورت حال کا جائزہ لے سکیں، انھوں نے خود شہریوں کے جانی و مالی نقصانات کو دیکھا، اور مظفر آباد میں زخمیوں سے بھی ملاقات کی۔

  • سعودی عرب حادثہ، جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

    سعودی عرب حادثہ، جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب حادثے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 35 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، ریاض سے مکہ جانے والی بس میں 39 مسافر سوار تھے، جاں بحق ہونے والے 35 افراد میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے 4 مسافروں میں ایک پاکستانی شہری اکبر بھی شامل ہے، جب کہ جاں بحق افراد کی صحیح تعداد اور دیگر تفصیلات جلد منظر عام پر آ جائیں گی۔

    ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا پاکستانی سفارتی مشن کے 3 حکام رابطے کے لیے متعین کر دیے گئے ہیں، جن میں عبد الشکور شیخ، مجید حسین اور طارق محمود شامل ہیں جن سے معلومات کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    تازہ ترین:  سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 35 افراد جاں بحق

    دفتر خارجہ نے رابطہ نمبر بھی جاری کر دیے ہیں، کہا گیا ہے کہ خارجہ کے حکام سے 00966552773332، 0096532347340 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جب کہ سفارتی حکام سے 00966583723184 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے 170 کلو میٹر دور ہجرہ روڈ پر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جب کہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے، بس اور ٹرک ٹکرانے سے بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    سعودی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق افریقی اور ایشیائی ممالک سے ہے۔

  • پانی روکنے کا بھارتی اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا: دفتر خارجہ

    پانی روکنے کا بھارتی اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مودی کا پانی بند کرنے کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے۔ پانی روکنے کا اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا۔ دریاؤں کے پانی کا بہاؤ معاہدے کے مطابق جاری رہنا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر طلبی کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 75 روز ہوچکے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بربریت جاری ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مزید 3 کشمیری شہید کر دیے گئے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ دواؤں اور اشیائے خوراک کی شدید قلت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بیرونی دنیا سے رابطے منقطع ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کی حکومت جارحانہ عزائم ظاہر کر چکی ہے، مودی کا پانی بند کرنے کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے۔ پانی روکنے کا اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا۔ دریاؤں کے پانی کا بہاؤ معاہدے کے مطابق جاری رہنا چاہیئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کرتار پور راہداری کا کام تقریباً مکمل ہے، بھارت انتہا پسند اور جارحانہ پالیسیوں پر خود تنہائی کا شکار ہے۔ مودی خود اپنی ریاست کو بند گلی میں لے گئے ہیں۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیر ہر جگہ اٹھایا اور بھارتی چہرہ بے نقاب کیا۔ بابری مسجد کے معاملے پر بھارت کی عدالت کا فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو تک بھارت کو قونصلر رسائی دی جاچکی ہے، معاملے کے مزید قانونی پہلوؤں پر بعد میں بات کی جائے گی۔ پاکستان تسلسل کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ اٹھا رہا ہے، یہ جہد مسلسل ہے۔ ہماری بھرپور سفارتی کوششوں سے بھارت پریشانی کا شکار ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 13 اکتوبر کو تہران کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے ایران کے روحانی پیشوا اور صدر سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا دورہ خطے میں کشیدہ فضا کم کرنے کے لیے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نےایرانی قیادت پر خلیج میں کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا، وزیر اعظم نے 15 اکتوبر کو سعودی عرب کا بھی دورہ کیا، انہوں نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں کیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد خطے میں کشیدگی ختم کرکے امن کو فروغ دینا تھا۔ وزیر اعظم نے ایران اور سعودی عرب کو بات چیت سے مسائل کے حل پر زور دیا۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ جدہ حادثے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں، افغانستان میں پاکستانی مہاجرین کی موجودگی یا کسی کیمپ سے متعلق علم نہیں۔

  • کشمیر میں لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں: دفتر خارجہ

    کشمیر میں لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں۔ امریکی سینیٹرز کی آمد اور کشمیر کا دورہ خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 66 روز ہو چکے ہیں، لوگ بدستور بھارتی بربریت کے باعث مسائل کا شکار ہیں۔ کشمیری عوام دواؤں، علاج، خوراک اور رابطوں سے محروم ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی بحران ہے، 3 امریکی صدارتی امیدوار بھی بھارتی اقدام کی مذمت کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اٹھا رہا ہے، کشمیریوں کے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں۔ امریکی سینیٹرز کی آمد اور کشمیر کا دورہ خوش آئند ہے، توقع ہے اقدامات سے کشمیر کی صورتحال سب کے سامنے آچکی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری افتتاحی تقریب کے لیے من موہن سنگھ کو دعوت دے دی، سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا۔ کرتار پور راہداری پر ترقیاتی کام وقت پر مکمل ہوجائے گا۔ توقع ہے کرتار پور راہداری پر شیڈول کے مطابق امور طے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کا سرکاری دورہ کیا ہے، دورہ چین کے دوران باہمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم کی چینی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، ہر شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی، چینی صدر نے کشمیر معاملے کو نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی بنائی تاکہ دوسرا مرحلہ تیزی سے آگے بڑھے، سی پیک کے اثرات ہر جگہ پہنچنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ سارک کانفرنس کے معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں، سارک کانفرنس کے انعقاد میں بھارت کی رکاوٹ ختم ہوگئی۔ سارک کانفرنس کے جلد انعقاد پر آگاہ کیا جائے گا۔

    اپنی بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ ایران اور سعودی عرب کے امکانات ہیں، وزیر اعظم کے دوروں سے متعلق جلد پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ سری لنکا کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کی تعیناتی طریقہ کار کے مطابق ہوتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اور اسلحے کی دوڑ پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے، پاکستان ایسی کسی بھی دوڑ میں شامل نہیں۔ کوئی رافیل رکھے یا کچھ اور، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ میں طلبی

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ میں طلبی

    اسلام آباد: بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا جہاں انہیں بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا۔ بھارتی ناظم الامور کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے لائن آف کنٹرول سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔ بھارتی ناظم الامور کو سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی فوج نے 6 اور 7 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ کی، ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 69 سالہ نذیراں بی بی شہید ہوئیں۔ فائرنگ سے 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی طرف سے سنہ 2017 سےجنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ بھارت نے سنہ 2017 میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

    بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ بھارتی فوج کا بے گناہ شہریوں کو جان کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے، شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق و قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں امن کے لیے خطرہ ہیں۔ بھارتی خلاف ورزیاں سنگین اسٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت سنہ 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند رہ کر عملدر آمد کی ہدایت کرے۔ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر معاہدے کے مطابق امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ مبصرین کو سلامتی کونسل قراردادوں پر کردار ادا کرنے دے۔

  • بھارت سفارت کاری پر بھاشن اپنے پاس رکھے: ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت سفارت کاری پر بھاشن اپنے پاس رکھے: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا وزیر اعظم سے متعلق بیان مسترد  کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سفارت کاری اور نارمل حالات کے بھاشن اپنے پاس رکھے.

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے کشمیر سے  متعلق بیان پر بھارتی ردعمل مسترد کرتے ہیں.

    [bs-quote quote=” وزیر اعظم کے کشمیر سے  متعلق بیان پر بھارتی ردعمل مسترد کرتے ہیں” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    بھارتی بیان مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی کی عکاسی کرتا ہے، بھارتی جبر سے متاثر  کشمیریوں کے لئے آواز  اٹھانا اخلاقی ذمہ داری ہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ بھارت انتہاپسندانہ نظریات کی بالادستی کے لئے سچ کا سامنا کرنے سے گریزاں ہے، بھارت خود کو ایک نارمل ریاست ثابت کرناچاہتا ہے، بھارت دنیا کو بتائے کیوں نارمل ریاست میں 80 لاکھ افراد محصور کر رکھے ہیں.

    مزید پڑھیں: جو بھی ایل او سی پار کرے گا وہ بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیلے گا، وزیراعظم

    ترجمان کے مطابق دو ماہ سے زائدعرصے سے لاکھوں افراد کھلے پنجرےمیں بند ہیں، لاکھوں کو  محصور کر کے ’’ہر چیز ٹھیک ہے‘‘ کا تاثر  اور دعویٰ کس کو دکھانے کے لئے ہے.

    کون سی ریاست میں گائے ذبح کے نام پر تشدد سے قتل کی کھلی اجازت ہے، کس نارمل ریاست میں ’’گھر واپسی‘‘اور’’لو جہاد‘‘کو ہوادی جاتی ہے.

  • طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات میں افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دی، اپنی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر جاری ہے، درجنوں کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، 60 روز سے جاری کرفیو کے باعث اطلاعات باہر نہیں آتیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کا اظہار کر چکی ہے، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر دفتر خارجہ طلبی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا دورہ مصروف رہا، وزیر اعظم نے امریکی صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بھی متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ نے او آئی سی کشمیر گروپ سمیت دیگر فورمز پر مؤقف پیش کیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات ہوئی، دونوں جانب سے افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان وفد کی آمد کے بہت حساس پہلو ہیں، پاکستان کی امن کے فروغ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ افغان طالبان سے ملاقات کے دیگر حساس پہلو وقت پر سامنے لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر پوزیشن واضح ہے، امت مسلمہ کا بیان او آئی سی کے اجلاس میں سامنے آچکا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوئیں۔ ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارت کار منیر اکرم خدمات انجام دیں گے۔

  • بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا، ڈپٹی ہائی کمشنر کو کہا گیا کہ بھارت سیز فائر معائدے کی پاسداری کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ 60 سالہ سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • کرنل (ر) حبیب طاہر کی بھارت میں حراست کی افواہوں پر دفتر خارجہ کا ردعمل

    کرنل (ر) حبیب طاہر کی بھارت میں حراست کی افواہوں پر دفتر خارجہ کا ردعمل

    اسلام آباد: کرنل (ر) حبیب طاہر کی بھارت میں زیر حراست افواہوں پر دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرنل (ر) حبیب طاہر سے متعلق بھارتی میڈیا میں افواہیں سامنے آئی ہیں، وہ پاک فوج سے کرنل ریٹائر ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کرنل (ر) حبیب طاہر کی بھارت میں زیر حراست افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حبیب طاہر اپریل 2017میں نوکری کے لیے نیپال گئے جہاں سے لاپتا ہوگئے، حبیب طاہر کے اہل خانہ کے مطابق انہوں نے سی وی یو این اور لنک ڈن پر ڈالی تھی۔

    حبیب طاہر کو مارک نامی شخص نے نوکری کے لیے منتخب ہونے کی اطلاع دی، کرنل (ر) حبیب طاہر کو لاہور سے اومان اور پھر کھٹمنڈو کا ٹکٹ دیا گیا، انہیں 6 اپریل 2017 کا ٹکٹ دیا گیا، وہ زندگی میں پہلی مرتبہ کھٹمنڈو نیپال گئے تھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حبیب طاہر نے اہل خانہ کو اپنی اور بورڈنگ پاس کی تصاویر بھیجیں، انہوں نے ایئرپورٹ سے پیغام بھیجا وہ خیریت سے ہیں، لمبینی ایئرپورٹ بھارتی سرحد سے 5 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، پیغام بھیجنے کے بعد ان کا موبائل فون بند ہوگیا۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا مارک کا برطانوی موبائل نمبر جعلی تھا، مارک کا موبائل نمبر کمپیوٹر سے بنایا گیا تھا، جس ویب سائٹ سے رابطہ کیا گیا وہ بھارت سے کنٹرول ہورہی تھی، نیپال نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی مگر خاطر خواہ نتائج نہ آسکے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حکومت سے بھی پتا لگانے کی درخواست کی تھی، حبیب طاہر سے متعلق بھارت کی جانب سے تاحال مثبت جواب نہیں ملا ہے۔

    کرنل (ر) حبیب طاہر کے اہل خانہ انتہائی پریشان ہیں، اہل خانہ اقوام متحدہ کے جبری لاپتا گروپ سے بھی رابطہ کرچکے ہیں، ان سے متعلق دشمن ایجنسیوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا، پاکستان ان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

  • سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ کرنے پر افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ افغانستان سے باڑ لگانے والی ٹیم پر فائرنگ کی گئی، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکام اپنے علاقے میں صورت حال کنٹرول کرنے کے ذمہ دار ہیں، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان حکومت بارڈر محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مغربی سرحد پر فائرنگ کے واقعات، 4 سیکورٹی اہل کار شہید

    واضح رہے کہ آج مغربی سرحد پر فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 4 سیکورٹی اہل کار شہید اور ایک زخمی ہوا، خیبر پختون خوا کے ضلع دیر میں ہونے والے واقعے میں سرحد پر باڑ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

    شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔

    28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31 سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جب کہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہایشی تھا۔

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر خاردار تاریں لگانے کا عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق دسمبر 2019 تک پاک افغان سرحد پر باڑ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔