Tag: دفتر خارجہ

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

    اسلام آباد: بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے ایک خاتون شہید، جب کہ 4 خواتین سمیت 6 شہری زخمی ہوئے، بھارتی فوجی ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

    انھوں نے کہا کہ 2017 سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بناتا ہے، اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کی پاس داری یقینی بنائے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھے۔

    واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • سعودی عرب میں تیل فیکٹریوں پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

    سعودی عرب میں تیل فیکٹریوں پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

    ریاض/اسلام آباد: سعودی عرب کی تیل کی دو بڑی فیکٹریوں پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی، یہ فیکٹریاں سعودی عرب کی ریاستی ملکیت میں چلنے والی کمپنی چلاتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی دو فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے، جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی ہے۔

    سعودی وزات خارجہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح دمام کے قریب کمپنی کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا، آئل ریفائنری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ نے حملے کے ذرایع سے متعلق کچھ نہیں بتایا ہے، اور ان کا یہ کہنا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں، حملے میں جانی نقصان سے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

    ادھر سعودی عرب میں تیل فیکٹری پر حملے پر پاکستان نے شدید اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان 19 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم تیل کی فیکٹری پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان امید کرتا ہے کہ ایسے واقعات آیندہ نہیں ہوں گے۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، پاکستان امن و سلامتی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں، سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ان کے ہم راہ وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، مشیر تجارت بھی ہوں گے۔

    وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی یو این اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

  • کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے، کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام تر مواصلاتی نظام معطل ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہونے کا آج 39 واں دن ہے، بین الاقوامی میڈیا کو کشمیر میں رسائی دی جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے 3 کشمیروں کو شہید کیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کو حل کرے۔ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کا احترام کرے، ترکی نے بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے، ملائیشیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا۔ چین کا مؤقف واضح ہے وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو صورتحال سے آگاہ کر رہا ہے۔ ہر فورم کو بھارتی غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے، کشمیریوں کو ان کے حقوق عالمی قوانین کے تحت ملنے چاہئیں، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا، کھوئی رٹہ سیکٹر پر ایل او سی کی خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ وزیر خارجہ نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل اجلاس میں شرکت کی۔ انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی پر کوئی اعتراض نہیں، اعتراض بھارت کو ہے وہ راضی ہوگا تو ثالثی شروع ہوگی۔ کل وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد جارہے ہیں، کل اہم پالیسی بیان دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اور طالبان میں مذاکرات رکنے کا علم ہے۔ فریقین اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین واپس مذاکرات کی میز پر آئیں۔ فوجی طاقت سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ بہتر ہے مذاکرات سے دیرپا امن کے لیے بات چیت کی جائے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے اقدام کو مسترد کرتے ہیں جو فلسطین میں تناؤ کا باعث بنے، ہم فلسطین کی 1969 سے پہلے والی سرحد کو ہی تسلیم کرتے ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں لیا جا رہا۔

  • کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں بھگدڑ میں تیس سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں اطلاع دی ہے کہ جاں بحق افراد میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں، پاکستانی سفارت خانے کا کربلا میں کیمپ آفس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ وہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کربلا: عاشورہ کے جلوس میں بھگدڑ، 31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    یاد رہے گزشتہ روز عراقی شہر کربلا میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک واقعے میں 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 70 سے زائد زخمی ہوئے، یہ افراد عاشورہ کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

    عراقی حکومت کے مطابق جلوس کی گزر گاہ کا ایک حصہ منہدم ہونے سے یہ ہول ناک حادثہ پیش آیا، اس واقعے سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد اس کی لپیٹ میں‌ آ گئے۔

    خیال رہے کہ یوم عاشورہ پر لاکھوں زائرین کربلا میں اکٹھے ہو کر نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کا غم مناتے ہیں۔

  • دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا

    دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: ذرایع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا، ’کشمیرسیل‘ وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دفتر خارجہ میں قایم کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس آج منعقد ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزرا، سِول اور عسکری حکام، سیکریٹری اور دفتر خارجہ کے حکام اجلاس میں شریک ہوں گے، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا جائزہ لیا جائے گا، ارکان پارلیمنٹ، سینیٹ کمیٹی اور دیگر کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو

    ذرایع کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مؤقف کو حتمی شکل دی جائے گی، جب کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل کا اجلاس کل جنیوا میں ہوگا۔

    یاد رہے کہ کشمیر سیل کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں پانچ روز قبل 3 ستمبر کو ہوا تھا، وزیر خارجہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسی طرح خاموش رہی تو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔

    واضح رہے کہ اس خصوصی سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق تازہ ترین صورت حال پر غور و خوض کرنا اور ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے پیش نظر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔

  • کلبھوشن سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات، تمام امور کی ریکارڈنگ کی گئی، دفتر خارجہ

    کلبھوشن سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات، تمام امور کی ریکارڈنگ کی گئی، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے بھارتی ناظم الامور کی ملاقات ویاناکنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی، اس موقع پر تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی گئی۔

    یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور دیگر جرائم میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے دی ہے، یہ رسائی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں فراہم کی گئی۔

    بھارت کی جانب سے ان کے ناظم الامور نے کلبھوشن یادیو سے ملاقات کی، ملاقات ویانا کنونشن اور پاکستانی قانون کے مطابق کرائی گئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ قونصلر رسائی کا عمل دوپہر12بجے سے دو بجے تک جاری رہا، اس موقع پر حکومت پاکستان کے حکام بھی موجود تھے، بھارتی درخواست پر بات چیت کیلئے لینگویج کی پابندی نہیں تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ ملاقات سے متعلق پاکستان نے تمام امور کی ریکارڈنگ بھی کی ہے، اس سلسلے میں شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈنگ سے بھارت کو پیشگی آگاہ کردیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے، ہم نے عالمی معاہدوں کے تحت بھارتی جاسوس کو قونصلر رسائی دی۔

    واضح رہے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ روز بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشتگردی میں ملوث ہونے پر زیر حراست ہے۔

  • بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے: دفتر خارجہ

    بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو کل قونصلر رسائی دی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کو عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کلبھوشن سے بھارتی سفارت خانے کے حکام کل ملیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی، جاسوسی اور تخریب کاری میں ملوث ہے، تاہم کلبھوشن کو ویانا کنونشن کے مطابق قونصلر رسائی دی جائے گی۔

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھی کہا ہے کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرنے کا پابند ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو کل قونصلر رسائی دی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا موقع گنوا دیا

    انھوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان پر امن ملک ہے، جنگ آخری آپشن ہوتا ہے، پاکستان خطے کے امن کو برباد نہیں کرنا چاہتا، بھارت خطے کے امن کو برباد کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اقوام متحدہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس وقت مجھے مذاکرات کا ماحول دکھائی نہیں دے رہا، کرفیو کے ماحول میں کیا مذاکرات ہوں گے۔

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پراحتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پراحتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا.

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشن کو طلب کیا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا.

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوج کی نیکرن، چیری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا.

    ترجمان کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 45 سالہ عبدالجلیل، 3 سالہ نوشین شہید ہوئی، بلا اشتعال فائرنگ سے 4 شہری بھی زخمی ہوئے.

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی پرگولہ باری کررہی ہے، بھارت کی طرف سےجنگ بندی کی خلاف ورزی سلامتی کے لئے خطرہ ہے.

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، بھارت یو این کو سلامتی کونسل قراردادوں کےمطابق کردار ادا کرنے دے.

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے صورت حال کشیدہ ہے.

  • مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا: دفتر خارجہ

    مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آرٹیکل 370 ختم کرنے جیسی کوئی چیز نہیں کی، مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا، کشمیریوں پر زبردستی کی کوشش پہلے بھی ناکام ہوئی اور ناکام ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آرٹیکل 370 ختم کرنے جیسی کوئی چیز نہیں کی، اس ضمن میں بھارت کے مؤقف کو مسترد کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا، کشمیر کے رہنے والے جو چاہتے ہیں وہ کر لیا جائے۔ کشمیریوں پر زبردستی کی کوشش پہلے بھی ناکام ہوئی اور ناکام ہوگی۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈیڑھ کروڑ زندگیاں خطرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگ 16 دن سے گھروں میں محصور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر ایک فوجی تعینات ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔ بھارت موجودہ حالات کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات بہت کشیدہ ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر روزانہ اشتعال انگیزی کر رہی ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل اور او آئی سی وزرائے خارجہ میں اٹھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر بھارت سے سفارتی تعلقات محدود کیے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ جموں و کشمیر میں بد ترین انسانی بحران جنم لے چکا ہے۔ مودی حکومت کی حرکتوں سے خود بھارت والے پریشان ہیں۔

    سینیٹر ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر چھیڑ چھاڑ کرے گا جس پر ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں ورلڈ بینک ضامن ہے۔ کل بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑا۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے پر کل اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا گیا ہے۔