Tag: دفتر خارجہ

  • پاکستان کی سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت

    پاکستان کی سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت کر دی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں منگل کے روز آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی پاکستان نے مذمت کر دی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کی ہر طرح سے مذمت کرتا ہے، پاکستان انسداد دہشت گردی کے لیے سعودی عرب اور اقوام عالم سے تعاون کرتا رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سعودی عرب میں تیل کی پائپ لائنوں پر دہشت گردوں کا ڈرون حملہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات اور پائپ لائنوں پر دہشت گردوں نے ڈرون حملہ کیا تھا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ پمپنگ اسٹیشن کے ایک حصے میں معمولی آگ بھڑک اٹھی۔

    سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح کا کہنا تھا کہ تیل کی تنصیبات کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس کے لیے ڈرون میں بارود بھرا گیا تھا، ڈرون کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    خالد الفالح نے کہا کہ یہ ڈرون حملے دنیا کو تیل کی رسد روکنے کے لیے کیے گئے ہیں مگر سعودی عرب کی تیل پیداوار اور برآمدات بلا تعطل جاری ہیں۔

  • جعلی شادیاں:‌ پاکستانی اور چینی حکام رابطے میں‌ ہیں، سنسنی نہ پھیلائی جائے: دفتر خارجہ

    جعلی شادیاں:‌ پاکستانی اور چینی حکام رابطے میں‌ ہیں، سنسنی نہ پھیلائی جائے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے چینی باشندوں کی پاکستانی لڑکیوں‌ سے شادیوں‌ کے معاملے  پر بیان جاری کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام کا اس معاملے پر قریبی رابطہ ہے.

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کی حکومت نے اس معاملے پر ہرممکن تعاون کی پیش کش کی ہے، چینی حکومت کے اس عمل کو بے حد سراہتے ہیں، چینی حکام کی ایک ٹیم نے حالیہ دنوں میں پاکستان کا دورہ بھی کیا.

    ترجمان کے مطابق چینی حکام نے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، دفتر خارجہ اور  چین میں پاکستانی مشنز  صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، شکایت کی صورت میں پاکستانی شہریوں کو ہرممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے.

    مزید پڑھیں: شادی کے جھانسے میں انسانی اسمگلنگ ، چین میدان میں آگیا

    پاکستان کا کہنا ہے کہ چینی سفارتخانے کی وضاحت کے بعد سنسنی پھیلانے سے گریز کیا جائے، صرف حقائق پر مبنی باتوں کو رپورٹ کیا جائے، چینی حکام کے مطابق جسم فروشی، اعضاکی فروخت کا کوئی واقعہ پاکستانیوں کے ساتھ پیش نہیں آیا.

    ترجمان کے مطابق دفترخارجہ اور چین میں پاکستانی سفارت خانہ صورت حال کا بہ غور جائزہ لے رہے ہیں، کسی بھی پاکستانی خاتون کی شکایت پرفوری کارروائی کی جارہی ہے.

  • بھارت ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی فورم کو سیاست زدہ کر رہا ہے: دفتر خارجہ

    بھارت ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی فورم کو سیاست زدہ کر رہا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر خزانہ کے ایف اے ٹی ایف پر بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ بھارت تکنیکی فورم کو سیاست زدہ کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا، ترجمان نے کہا کہ بھارت پہلے بھی ایف اے ٹی ایف میں سیاست کی کوشش کر چکا ہے، فروری 2019 میں بھی بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کا کہا۔

    گزشتہ روز بھارتی وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس مئی میں ہو رہا ہے، جس میں بھارت مطالبہ کرے گا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ناکافی اقدامات کرنے پر پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ماضی میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق بھارتی میڈیا کو معلومات لیک کی گئی تھیں، جس پر پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو تحفظات سے آگاہ کیا، بھارتی وزیر کے بیان سے ایف اے ٹی ایف میں بھارت کا بہ طور ممبر موجود ہونا متنازع ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کا نام پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا: ڈاکٹر فیصل

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے پُر عزم ہے، پاکستان نے اس عزم کا اظہار اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر کر رکھا ہے، امید ہے ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ غیر متعصب، فیئر اور تکنیکی طور پر درست ہوگا۔

    خیال رہے کہ فرانس میں قائم ادارے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈال رکھا ہے، گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی کمیٹی نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

    بھارت چاہتا ہے کہ کہ ایف اے ٹی ایف کی فہرست میں پاکستان کو ڈاؤن گریڈ کیا جائے، تاہم اس سے قبل بھی بھارت اپنی اس کوشش میں ناکام ہو چکا ہے۔

  • زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان، دفترخارجہ میں وفود کی سطح پرمذاکرات

    زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان، دفترخارجہ میں وفود کی سطح پرمذاکرات

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اورامریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز کے ساتھ وفود کی سطح پر پاک امریکا مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں دفترخارجہ میں وفود کی سطح پر پاک امریکا مذاکرات سے آگاہ کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت امریکا کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری آفتاب کھوکھر نے کی۔

    پاک امریکا مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان اور افغان مفاہمتی عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اورامریکی نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزارت خارجہ کے حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

    افغان حکومت اورطالبان کےدرمیان مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ

    یاد رہے کہ رواں ماہ 19 اپریل کو افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ کردیے گئے تھے۔

    افغان حکومت کی مذاکرات کے لیے تیار کی گئی فہرست پرطالبان نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شادی یا کسی اور مناسب سے دعوت اور مہمان نوازی کی تقریب نہیں کہ کابل انتظامیہ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے 250 افراد کی فہرست جاری کی۔

  • پاکستان لیبیا کی تمام تر صورت حال کو مانیٹر کر رہا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان لیبیا کی تمام تر صورت حال کو مانیٹر کر رہا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان لیبیا کی تمام تر صورت حال کو مانیٹر کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا میں بگڑتی صورت حال پر ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان لیبیا کی صورت حال کا بہ غور جائزہ لے رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے شہریوں کی حفاظت مد نظر رکھ کر سفارت خانے کاعملہ واپس بھجوا دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے لیبیا میں موجود اپنے شہریوں کو شورش زدہ علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ نے لیبیا میں موجود پاکستانیوں سے سفارت خانے میں خود کو رجسٹرڈ کرانے کی بھی اپیل کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لیبیا میں رہنے والے پاکستانی جنگ زدہ علاقوں سے دور رہیں: دفتر خارجہ

    خیال رہے کہ تین دن قبل بھی دفتر خارجہ کی جانب سے لیبیا میں رہنے والے پاکستانیوں کو جنگ زدہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان اور دیگر ممالک سے سفر کرنے والے پاکستانی لیبیا کے سفر سے گریز کریں۔

    دفتر خارجہ اور تریپولی میں پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے کرائسز مینجمنٹ سیل اور ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر قبضے کے لیے متحارب دھڑوں کے درمیان دو ہفتوں سے لڑائی جاری ہے، حالیہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب لیبیا کے مشرقی حصے میں قائم متوازی حکومت کے حامی فوجی دستوں نے گزشتہ ہفتے مغرب میں واقع دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی۔

  • میجر شبیر شریف شہید جرأت و بہادری کے عظیم پیکر تھے: ترجمان دفتر خارجہ

    میجر شبیر شریف شہید جرأت و بہادری کے عظیم پیکر تھے: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میجر شبیر شریف شہید جرات و بہادری کے عظیم پیکر تھے۔

    تفصیلات کے مطابق میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے یوم ولادت پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنےعظیم سپوت کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے ٹویٹ میں کہا کہ میجر شبیر شریف شہید جرأت و بہادری کے عظیم پیکر تھے، ہیرو کبھی نہیں مرتے۔

    خیال رہے کہ آج 1971 کی جنگ میں دشمن بھارت کے دانت کھٹے کرنے والے میجر شبیر شریف شہید کا 76 واں یوم ولادت منایا جا رہا ہے، میجر شریف شہید وہ واحد شخصیت ہیں جنھیں نشان حیدر اور ستارۂ جرات سے نواز گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  میجرشبیرشریف شہید کا یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے

    میجر شبیر شریف 28 اپریل 1943 کو گجرات میں پیدا ہوئے، انھوں نے 21 سال کی عمر میں 1964 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، وہ شروع ہی سے وطن عزیز پر جان قربان کرنے کا جذبہ رکھتے تھے۔

    میجر شبیر اور ان کے ساتھیوں نے ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھارتی فوج کا حملہ ناکام بنایا تھا، انھوں نے دشمن کے 43 سپاہیوں کو ہلاک اور 28 کو قیدی بنایا اس کے علاوہ دشمن کے 4 ٹینک بھی تباہ کیے۔

    میجر شبیر شریف نے 6 دسمبر 1971 کو دشمن بھارتی فوج سے بے جگری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

  • لیبیا میں رہنے والے پاکستانی جنگ زدہ علاقوں سے دور رہیں: دفتر خارجہ

    لیبیا میں رہنے والے پاکستانی جنگ زدہ علاقوں سے دور رہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے لیبیا میں رہنے والے پاکستانیوں کو جنگ زدہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا میں رہنے والے پاکستانی جنگ زدہ علاقوں سے دور اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان لیبیا میں سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور دیگر ممالک سے سفر کرنے والے پاکستانی لیبیا کے سفر سے گریز کریں۔

    ڈاکٹر فیصل نے مزید بتایا کہ دفتر خارجہ اور تریپولی میں پاکستانیوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے کرائسز مینجمنٹ سیل اور ہیلپ ڈیسک قائم کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لیبیا کی قومی وفاقی حکومت کو داعش اور القاعدہ کی مدد حاصل ہے، ترجمان حفترفوج

    واضح رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر قبضے کے لیے متحارب دھڑوں کے درمیان دو ہفتوں سے لڑائی جاری ہے، حالیہ کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب لیبیا کے مشرقی حصے میں قائم متوازی حکومت کے حامی فوجی دستوں نے گزشتہ ہفتے مغرب میں واقع دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی۔

    پیش قدمی کرنے والے فوجی دستوں کی کمان طاقت ور کمانڈر خلیفہ حفتر کے پاس ہے جو ملک کے مشرقی حصے میں قائم حکومت کی پشت پناہی کرتے ہیں، خلیفہ حفتر کو متحدہ عرب امارات اور مصر کی حکومتوں کی مدد حاصل ہے۔

    خلیفہ حفتر نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی وفاقی حکومت طرابلس پر قبضہ قائم رکھنے کے لیے القاعدہ اور داعش سے مدد لے رہی ہے۔

  • حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

    حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا، پاکستانی میڈیا کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں سفارت کاری بھی بدل رہی ہے، معلومات کے تیز تبادلے کے باعث سفارت کاروں کو بھی آسانی ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کا کردار کافی اچھا رہا ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے برعکس حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی۔ پاکستانی میڈیا نے بھارتی جھوٹ کے خلاف نیشنلسٹ طریقہ اپنایا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا، پاکستانی میڈیا کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ چاہتے ہیں بھارت سے پلوامہ حملے پر قابل عمل معلومات مل جائیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کو کچھ نئے سوالات بھیجے ہیں، بھارت نے پہلے کے سوالات کا جواب بھی ابھی تک نہیں دیا۔

  • یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش  ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش ہے: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کو حریت رہنما یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے حریت رہنما یاسین ملک کی شدید علالت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کی علالت پر پاکستان کو تشویش ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں بہت ظلم ہو رہا ہے، یاسین ملک کو شدید علالت کے باعث دہلی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو چند روز قبل دنیا کی بد نام زمانہ تہاڑ جیل میں بند کیا گیا تھا، جہاں سے انھیں دہلی اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ شدید علیل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج نے یاسین ملک کو خفیہ طور پر تہاڑ جیل منتقل کردیا، مشعال ملک

    یاد رہے کہ 23 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی فورسز نے گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری پر میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شدید مذمت کی۔

    10 اپریل کو یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات یاسین ملک کو خفیہ طور پر تہاڑ جیل منتقل کر دیا ہے۔

  • نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    اسلام آباد: نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، اس موقع پر ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نئے سیکریٹری کے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سہیل محمود انتہائی تجربہ کار اور منجھے ہوئے سفارتکار ہیں، وہ اہم ذمہ داریاں نبھانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ سہیل محمود کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی خوش آئند ہے۔

    سہیل محمود کا کہنا تھا کہ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ سہیل محمود بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر تعینات رہے۔ انہیں سابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے سبکدوش ہونے کے بعد اس عہدے پر تعینات کی گیا۔

    تہمینہ جنجوعہ نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں الوداعی ملاقاتیں کی تھیں اور کہا تھا کہ وہ 35 سال وزارت خارجہ میں خدمات انجام دینے کے بعد رخصت ہو رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، میں نے ملک کا جھنڈا ہمیشہ بلند رکھا۔ پاکستان کو بہت سے ملک حسد کی نظر سے بھی دیکھتے ہیں، ذرائع ابلاغ کی مدد اور حمایت ملکی خارجہ پالیسی کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

    اس موقع پر سہیل محمود نے اپنے پیش رو کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ تہمینہ جنجوعہ کا کیریئر بہت شاندار رہا ہے۔