Tag: دفتر خارجہ

  • لائن آف کنٹرول باگسر سیکٹر پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، شہری شہید

    لائن آف کنٹرول باگسر سیکٹر پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، شہری شہید

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر باگسر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر باگسر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 26 سال کا عظیم شہید جبکہ 1 خاتون زخمی ہوگئیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب بلا اشتعال فائرنگ اور شہری کی شہادت پر دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ سے باگسر سیکٹر میں ایک شہری عظیم شہید ہوا جبکہ ایک خاتون زخمی بھی ہوئی۔ بھارٹی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترجمان دفتر خارجہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کا کہتا ہے، بھارت مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔

  • کلبھوشن کا معاملہ عدالت میں ہے تبصرہ نہیں کر سکتے: دفتر خارجہ

    کلبھوشن کا معاملہ عدالت میں ہے تبصرہ نہیں کر سکتے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، کلبھوشن کا معاملہ عدالت میں ہے تبصرہ نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے اور معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو کردار ادا کرنے دے۔

    ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن کا مقدمہ اس وقت عدالت میں ہے، عدلیہ کے احترام میں مقدمے پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی ڈرونز کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں، بھارت کے دونوں ڈرونز مار گرائے ہیں۔ سرجیکل اسٹرائیک ڈرامہ ہے، بھارتی میڈیا بھی نفی کر چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کا کہتا ہے، بھارت مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔

    بریفنگ میں ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم ترک صدر کی دعوت پر ترکی روانہ ہو رہے ہیں، وزیر اعظم ترک صدر سے ملاقات اور دو طرفہ مذاکرات کریں گے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ترک ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا حالیہ بیان ان کی ایک سال پہلے کی ٹویٹ سے دوری ہے، ہم مثبت پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کے تحت افغانستان کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت پر ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے پاکستان کی سہولت کاری سے متعلق دوروں میں آگاہ کیا، ہمسایہ ممالک نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے روابط کی پاکستانی تجویز کی حمایت کی۔

    جرمن سفیر کے پاکستان کے مسائل پر ٹویٹس پر ترجمان دفتر خارجہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام سفیروں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی ہے، پاکستان ویانا کنونشن کا مکمل احترام کرتا ہے۔ جرمن سفیر متعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے بنگلہ دیشی حکومت کا انتخابات میں دوبارہ کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے 1974 کے سہ فریقی معاہدے کے تحت مثبت انداز میں بڑھیں گے۔

  • پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا، مودی کی ہرزہ سرائی، دفتر خارجہ کا دو ٹوک جواب

    پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا، مودی کی ہرزہ سرائی، دفتر خارجہ کا دو ٹوک جواب

    نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا جبکہ دفتر خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہیں یہ سیاسی قیادت کا سیاسی حربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا، ایک لڑائی سے پاکستان سدھر جائے یہ سوچنا بڑی غلطی ہوگی۔

    بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ سرجیل اسٹرائیک کو خود رات بھر مانیٹر کیا، سرجیکل اسٹرائیک پر ملک میں پاکستان کی زبان بولی جارہی تھی۔

    نریندر مودی نے کہا کہ سارک سربراہی اجلاس کی دعوت پر یہ پل پار کیا جائے گا، پاکستان سے ہر موضوع پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ اس موضوع پر بات ہوگی اور اس پر نہیں ہوگی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا ردعمل

    ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہیں یہ سیاسی قیادت کا سیاسی حربہ ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت کو خط بھی لکھا، ایسے بیانات سے مسائل حل نہیں ہوتے ہیں۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے، پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی بھارت کے حوالے کی ہے جبکہ بھارت بھی پاکستانی قیدیوں کی فہرست دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھارتی قیدیوں کی فہرست دے دی ہے۔ 537 بھارتی پاکستان میں قید ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق قید بھارتیوں میں 54 شہری اور 583 ماہی گیر ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ معلومات 21 مئی 2008 میں معاہدے کے تحت دی گئی، دونوں ممالک سال میں 2 بار قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے پابند ہیں۔ بھارتی حکومت بھی پاکستانی ہائی کمیشن کو پاکستانی قیدیوں کی فہرست دے گی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ تبادلہ 1988 کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ بھارتی دفتر خارجہ نے بھی اپنی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔

    ان کے مطابق دونوں ممالک کو جوہری تنصیبات اور سہولتوں کی فہرست یکم جنوری کو دینی ہوتی ہے۔

  • بھارت کسی بھی قسم کی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں: دفتر خارجہ

    بھارت کسی بھی قسم کی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت کسی بھی قسم کی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں، بات چیت نہیں ہو رہی تو اسکردو کیل روڈ کیسے کھول سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے 2 کامیاب دورے کیے، وزیر اعظم نے چین کا بھی انتہائی کامیاب دورہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق 3 ماہ میں وزیر خارجہ نے کئی دورے کیے اور کئی وزرائے خارجہ پاکستان آئے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے بھی کوشش کی گئی۔ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی۔ اسی سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے خط لکھا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی قسم کی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں، بات چیت نہیں ہو رہی تو اسکردو کیل روڈ کیسے کھول سکتے ہیں۔ 341 پاکستانی قیدی بھارتی جیلوں میں ہیں، سزا پوری کرنے والے قیدی 45 ہیں جن میں 12 سول اور 33 ماہی گیر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی واپسی کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت میں قانونی ٹیم کی مدد کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 4 ملکی دورے کا مقصد ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر بنانا ہے، وزیر خارجہ نے حالیہ دوروں میں خطے میں تعاون کی بات کی۔ روسی وزیر خارجہ نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار سراہا۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزارت تجارت کی شراکت سے آج 2 روزہ سفرا کانفرنس ہو رہی ہے، کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ 5 فروری کو پاکستان برطانیہ میں کشمیر کانفرنس اور ریلی کا انعقاد کر رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایونٹ میں خصوصی شرکت کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان ویانا کنونشن کا احترام کرتا ہے، پاکستان میں بھارتی سفارت کار پوری آزادی سے کام کر رہے ہیں۔

  • انڈونیشیا میں سونامی سے تباہی، پاکستان کا اظہار افسوس

    انڈونیشیا میں سونامی سے تباہی، پاکستان کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے انڈونیشیا میں آنے والے سونامی سے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا گیا کہ انڈونیشیا میں سونامی کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان انڈونیشیا کے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    یاد رہے کہ انڈونیشیا کے مقامی وقت کے مطابق 23 دسمبر کی صبح چار بجے آبنائے سنڈا کے ساحل سے سونامی ٹکرایا جس کے نتیجے میں بہت زیادہ نقصان ہوا۔

    انڈونیشیا کے حکام کا کہنا تھا کہ سونامی نے سب سے زیادہ جزیرے کراکاٹوا کو نقصان پہنچایا کیونکہ وہاں آتش فشانی کے باعث لہریں پیدا ہوئیں اور تباہی مچ گئی۔

    مزید پڑھیں: انڈونیشیا میں سونامی سے 168 افراد ہلاک

    اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سونامی کے باعث 168 افراد ہلاک اور 700 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ سیکڑوں لاپتہ ہوگئے اور کئی مکانات بھی مکمل تباہ ہوئے۔

    قبل ازیں رواں سال اکتوبر میں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور پالو سمندری طوفان کی زد میں آیا تھا جس کے نتیجے میں 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں 347 ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پھٹنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور دنیا بھر کے تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔

  • جناح ہاؤس کا بھارت کی تحویل میں جانا قبول نہیں کریں گے: دفتر خارجہ

    جناح ہاؤس کا بھارت کی تحویل میں جانا قبول نہیں کریں گے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں جناح ہاؤس پر پاکستان کا دعویٰ بہت پرانا ہے، جناح ہاؤس کی بھارت میں تحویل قبول نہیں کریں گے۔ بھارت نے پاکستان کا دعویٰ تسلیم کیا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، کشمیری عوام کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارت طاقت سے مظلوم کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔

    ترجمان نے کہا کہ پچھلے ماہ مقبوضہ کشمیر میں 24 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، انسداد دہشت گردی کے نام پربھارتی فوج کی بربریت جاری ہے۔ بھارتی فوج شہریوں کے چہروں اور گردنوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت حق خود ارادی کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز اور طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سرحد پر بے گناہ شہریوں پر بمباری کی جارہی ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ چین، افغانستان اور پاکستان کے وزارت خارجہ کے سطح پر مذاکرات ہوئے۔ تینوں فریقین نے باہمی تعاون پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ نے افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو سے ملاقاتیں کیں اور افغان قیادت کے مذاکرات کی حمایت کی۔ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان کے کردار کی ہر جگہ پر تعریف کی گئی۔ پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ تینوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ تینوں فریقین نے ون بیلٹ ون روڈ سے فوائد حاصل کرنے پر اتفاق کیا۔

    انہوں نے کہا کہ کولمبو میں پاکستانی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کی خبر پر دورہ کیا، قیدیوں سے ملاقات اور مذاکرات کیے۔ 36 پاکستانی سری لنکا کی ایک جیل میں قید ہیں۔ مشن قانونی معاونت اور خوراک فراہم کر رہی ہے۔

    دفتر خٓرجہ کا کہنا تھا کہ ابو ظہبی میں ہونے والے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان نے تعاون کیا، افغان مسئلے کا حل افغان قیادت کے ساتھ مل کر چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے افغان قیادت کو پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکا اور افغان قیادت کے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ مذاکرات افغان مسئلے کے پرامن حل پر منتج ہوں گے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔

    بھارت میں جناح ہاؤس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں جناح ہاؤس پر پاکستان کا دعویٰ بہت پرانا ہے، جناح ہاؤس کی بھارت میں تحویل قبول نہیں کریں گے۔ بھارت نے پاکستان کا دعویٰ تسلیم کیا ہوا ہے۔

  • بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو آج بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا

    بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو آج بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ آج بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا، بھارتی جاسوس کو کل رہا کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ آج بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو 1 سے 3 بجے کے درمیان واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو پاکستان نے رہا کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ 3 سال قبل ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے بھارتی جاسوس حامد نہال کو سزا مکمل ہونے پر رہا کیا گیا ہے، مجرم کو ریاست مخالفت سرگرمیوں پر گرفتار کیا گیا تھا۔

    مجرم نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا تھا کہ وہ افغانستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔ وہ 7 فیس بک اکاؤنٹس اور 30 سے زائد ای میل آئی ڈیز استعمال کرتا رہا تھا۔

    مجرم کو کوہاٹ میں ملٹری عدالت سے سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد اسے پشاور کی سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔ اسے جعلسازی اور ریاست کے خلاف اقدامات کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔

  • پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے

    پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے

    اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان آج دفترِ خارجہ میں مذاکرات ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے ڈپٹی وزیرِ خارجہ آج اسلام آباد پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دفترِ خارجہ میں پاکستان اور چین کے وزارتِ خارجہ کے حکام مذاکرات کریں گے، مذاکرات کے لیے ڈپٹی وزیرِ خارجہ چین آج وفاقی دار الحکومت پہنچیں گے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی چینی وفد سے ملاقات کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک چین مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کریں گی۔

    جب کہ چین کی جانب سے ڈپٹی وزیرِ خارجہ کی قیادت میں ایک وفد مذاکرات میں شریک ہوگا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی بھی چینی وفد سے ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پاک چین مشترکہ فوجی مشقوں کے سلسلے میں چینی دستہ پاکستان پہنچا ہے، یہ مشقیں 3 ہفتے جاری رہیں گی، مشقوں کے دوران انسدادِ دہشت گردی کے خصوصی آپریشنز کیے جائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں، چینی دستہ پاکستان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر


    پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں جنگجو ششم 2018 میں دونوں ممالک کی ایس ایس جی گروپ کے دستے حصہ لیں گے، مشقوں کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

    یاد رہے 2 دسمبر کو بھی پاکستان اورچین مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز پاکستان میں ہوا تھا، مشقوں کو شاہین – سیون کا نام دیا گیا تھا، ان مشقوں میں شریک چینی فضائیہ کا دستہ پائلٹس، ائیر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے کے ساتھ فائٹر، بمبار اور اواکس طیاروں پر مشتمل تھا۔

  • دفترِ خارجہ کی افسر سیدہ فاطمی شوہر سمیت ہوٹل میں مردہ پائی گئیں

    دفترِ خارجہ کی افسر سیدہ فاطمی شوہر سمیت ہوٹل میں مردہ پائی گئیں

    اسلام آباد: دفترِ خارجہ کی خاتون افسر سیدہ فاطمی اور شوہر ہنزہ میں جاں بحق ہو گئے، میاں بیوی کی موت گیس لیکج کی وجہ سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات خاتون افسر سیدہ فاطمی ہنزہ کے ایک ہوٹل کے کمرے میں اپنے شوہر شعیب سمیت مردہ پائی گئیں۔

    [bs-quote quote=”میتیں کل ہنزہ سے اسلام آباد پہنچیں گی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    دفترِ خارجہ کے مطابق سیدہ فاطمی اور ان کے خاوند کی ہلاکت کمرے میں گیس لیکج کے باعث ہوئی۔

    خاتون افسر اور شوہر کی میتیں ہنزہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں، میتیں کل وفاقی دار الحکومت پہنچیں گی، سیدہ فاطمی کی تدفین اٹک جب کہ شوہر سید شعیب حسن کی تدفین اسلام آباد میں کی جائے گی۔

    مرحومہ سیدہ فاطمی کا تعلق سول سروس کے 42 ویں کامن سے تھا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے خاتون افسر اور ان کے شوہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیرِ خارجہ نے مرحومہ کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ’مجھے دفترِ خارجہ کی ایک نوجوان خاتون افسر کی شوہر سمیت دردناک موت پر گہرا دکھ ہوا، فارن آفس نے ایک ذہین افسر کھویا ہے۔‘

    کہا جا رہا ہے کہ سیدہ فاطمی 10 دن قبل ہی فرانس سے تربیت مکمل کر کے پاکستان پہنچی تھیں جب کہ ان کی شادی 29 نومبر کو ہوئی اور اپنے شوہر کے ساتھ ہنزہ ہنی مون کے لیے گئی تھیں۔