Tag: دفتر خارجہ

  • دفتر خارجہ کا ایران میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق پاکستانی زائرین کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت

    دفتر خارجہ کا ایران میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق پاکستانی زائرین کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت

    اسلام آباد : دفتر خارجہ نےایران میں ٹریفک حادثےمیں جاں بحق پاکستانی زائرین کےاہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا اسحاق ڈار نے زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے ایران میں ٹریفک حادثےمیں پاکستانی شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زائرین کےاہلخانہ سےدلی تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا۔

    نائب وزیراعظم نے زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل کوجائےحادثہ پرپہنچنےکی ہدایت کی، پاکستانی قونصل جنرل کوصورتحال کاپتہ لگانےکی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

    پاکستانی قونصل زخمیوں کوطبی امدادفراہم کرنےکیلئےحکام کیساتھ رابطہ کریں گے اور میتوں کوپاکستان واپس بھیجنےکاانتظام کریں گے، متاثرین میں سےزیادہ ترصوبہ سندھ کےرہائشی ہیں۔

    وزارت خارجہ نےمیتوں کی وطن واپسی کیلئےکرائسزمینجمنٹ یونٹ کوفعال کردیا ، تہران میں پاکستان کےسفیراورزاہدان میں قونصلرایرانی حکام کیساتھ رابطےمیں ہیں۔

    یاد رہے ایران کے شہریزد میں پاکستانی زائرین کی بس کوحادثہ پیش آیا تھا، جس میں پینتیس افراد جاں بحق ہوئے ، جن میں گیارہ خواتین بھی شامل ہیں۔

  • ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی خبریں ، پاکستان کا ردعمل آگیا

    ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی خبریں ، پاکستان کا ردعمل آگیا

    اسلام آباد : پاکستان نے ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ نازک صورتحال میں غلط اور فیک نیوز سے بچنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نےاو آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، ہنگامی اجلاس ایران اور فلسطین کی درخواست پر بلایا گیا تھا، اوآئی سی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں اسرائیلی بربریت ،جارحانہ منصوبوں کی مذمت کی گئی۔

    ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ ڈپٹی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ،عالمی رہنماؤں اور او آئی سی کو خطوط بھیجے، خط میں غزہ میں مظالم کے خاتمے ،امداد کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ایران کو شاہین تھری میزائل دینےکی رپورٹس غلط ہیں، نازک صورتحال میں غلط اور فیک نیوز سے بچنا چاہیے، فریقین سےگزارش ہے جعلی خبروں کو پھیلانے میں شریک نہ ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کےقتل کےتناظر میں ایرانی وزیر خارجہ نےاسحاق ڈار سے رابطہ کیا، پاکستان اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتا ہے اور غزہ میں محاصرہ ختم کرنےکامطالبہ کرتےہیں۔

    ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ غزہ اور اپنے ہمسائیوں میں اسرائیلی جارحیت خطےکےامن کیلئے خطرہ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ  نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اوربہنوں کےلیےپرعزم ہے، 5 اگست کو ایک بار پھر اس عزم کی تجدید کی ہے، پاکستان نے کبھی بھی جموں وکشمیر کے عوام کے علاقے پراپنادعویٰ نہیں کیا، پاکستان جموں وکشمیرکےعوام کی استصواب رائےکی جدوجہدکی حمایت کرتا ہے۔

    یو اے ای کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی اور کثیت الجہتی تعلقات ہیں اور یواےای کی جانب سےپاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی کوئی پابندیاں نہیں ہیں۔

  • پاکستان نے بنگلادیش کے حالیہ واقعات میں ملوث ہونے کی رپورٹس مسترد کردیں

    پاکستان نے بنگلادیش کے حالیہ واقعات میں ملوث ہونے کی رپورٹس مسترد کردیں

    اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان  نے بنگلادیش کے حالیہ واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹس بھارت کےذہنی اوبسیشن کی عکاسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں، پاکستانی حکومت اورعوام بنگلا دیشی عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےڈاکٹرمحمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی، بنگلادیش میں ہمارےہائی کمشنرنے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔

    ترجمان نے بنگلادیش کےحالیہ واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونےکی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی رپورٹس بھارت کےذہنی اوبسیشن کی عکاسی کرتی ہیں۔

    دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں بھی پاکستان کےملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے۔

    انھوں نے بتایا کہ بنگلادیش میں ہمارےہائی کمشنر پاکستانی طلباسےرابطےمیں ہیں، 100طالبعلم اب بھی بنگلادیش میں موحود ہیں،بنگلہ دیش میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

  • امریکا میں پاکستانی شہری کی گرفتاری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    امریکا میں پاکستانی شہری کی گرفتاری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد : نیو یارک میں پاکستان شہری آصف مرچنٹ کی گرفتاری کے معاملہ پر پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل آگیا، ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بیان جاری کرنے سے قبل مزید تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکی عدالت میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آصف مرچنٹ کی گرفتاری پر کہا کہ ہم نے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں، اپنا باضابطہ ردعمل دینے سے پہلے مزید تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں، امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ ملزم آصف مرچنٹ کو 12 جولائی کو امریکا چھوڑنے کی تیاری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے سیاستدانوں کو قتل کرنے کیلئے اجرتی قاتل سے رابطہ کیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اجرتی قاتل خفیہ طور پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کیلئے کام کررہا تھا، آصف مرچنٹ نے امریکا مخالف مظاہروں اور بڑے سیاستدانوں کو قتل کرنے کی بھی بات کی۔

  • پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر امریکا کے درعمل پر دفتر خارجہ کا مؤقف

    پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر امریکا کے درعمل پر دفتر خارجہ کا مؤقف

    اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ نے پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر امریکا کے درعمل پر مؤقف میں کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر امریکا کے درعمل پر کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ہے،دوسرے ملکوں کو تبصروں سے گریز کرنا چاہییے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سےمتعلق سپریم کورٹ فیصلے نے پاکستان کےجوڈیشل سسٹم کی مضبوطی کوواضح کیا، پاکستان اپنے اندرونی مسائل خود حل کرسکتا ہے۔

    یاد رہے امریکا نے پاکستان میں سیاسی جماعت پر پابندی سے متعلق فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی تشویش کا باعث ہے سیاسی جماعت پر پابندی سے متعلق حکومتی بیانات دیکھتے ہیں، لگتا ہے یہ پیچیدہ سیاسی عمل کا آغاز ہے۔

  • دفتر خارجہ کو ڈی کلاسفائیڈ سائفر کی کاپیاں موصول

    دفتر خارجہ کو ڈی کلاسفائیڈ سائفر کی کاپیاں موصول

    اسلام آباد : دفتر خارجہ کو ڈی کلاسفائیڈ سائفر کی کاپیاں موصول ہوگئیں ، کاپیاں سائفر کے مزید سیاسی استعمال کے روک تھام کے تحت واپس منگوائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کو اسپیکر اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے ڈی کلاسفائیڈ سائفر کی کاپیاں موصول ہوگئیں۔

    ذرائع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں سائفر کی ڈی کلاسفائیڈ کاپیاں دونوں دفاتر کو بھجوائی گئی تھیں، اگست 2023میں وزارت خارجہ نے دونوں دفاتر کو کاپیاں واپس کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں دفاتر نے سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت ڈی کلاسفائیڈ کاپیاں وزارت خارجہ بھجوائیں، کاپیاں سائفر کے مزید سیاسی استعمال کے روک تھام کے تحت واپس منگوائی گئیں۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔

    بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے لیے سرکاری طور پر مقرر وکلا صفائی سے عدالت نے مکالمے میں کہا تھا کہ آپ نے اس سے پہلےسزائے موت کا کوئی ٹرائل کیا ہے؟ ان مقدمات کی تفصیل دیں، تو وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ کیسا چارج ہے کہ سائفر پاس رکھ لیا، گم گیا یا کسی کودے دیا، سائفر گم گیا تو پھر سائفر پاس رکھنے کا چارج کیسے لگ سکتا ہے؟

    عدالت نے کہا کہ اس حوالےسےبتائیں، اگر بانی پی ٹی آئی نےگم کر دیا تو اس کے اثرات کیا ہوئے؟ جب ہم میں کوئی نہیں جانتاکہ اس کے اثرات کیا ہوئے تو پھر کیا ہو گا؟ کیس یہ ہےوہ اپنےپاس نہیں رکھتےتھےانہوں نے جان بوجھ کر اپنے پاس رکھاگم کر دیا۔

    واضح رہے سائفر کیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

  • مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی قابل مذمت ہے، پاکستان

    مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی قابل مذمت ہے، پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک نوٹیفکیشن سے مقبوضہ کشمیر کی14سیاسی جماعتوں کو غیرقانونی قرار دیاان جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی ظلم و ستم کا سامنا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یاسین ملک کے لیے سزائے موت کی درخواست کی گئی ہے، یاسین ملک کو2022 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی خواہشات کو دبا نہیں سکتے۔

    مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے کو کچلنے کیلئے بھارت نے جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کی، بھارتی حکومت پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ کشمیری جماعتوں سے پابندیاں ہٹائے۔

    دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے۔

  • آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، دفتر خارجہ

    آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، جن میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں انٹیلیجنس بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کا ہدف تحریک طالبان پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھے۔

    ترجمان نے کہا یہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں، دہشت گرد حملوں میں سینکڑوں شہری اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی شہادتیں ہو چکی ہیں، تازہ ترین حملہ 16 مارچ 2024 کو میر علی میں ایک سیکورٹی پوسٹ پر ہوا جس میں 7 پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا دہشت گرد پاکستانی حدود میں حملوں کے لیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں، پاکستان افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیز پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ بات چیت اور تعاون کو ترجیح دی ہے۔

    ترجمان نے کہا افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے پر بار ہا زور دیا گیا، اور مطالبہ کیا گیا کہ ٹھوس اور مؤثر کارروائی کریں،ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں دینے سے انکار اور قیادت پاکستان کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، لیکن افغانستان میں اقتدار میں رہنے والے کچھ عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے ہیں، اور ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف پراکسی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک برادر ملک کے خلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے، دہائیوں تک افغان عوام کے لیے پاکستانی حمایت کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ افغانستان میں اقتدار میں موجود عناصر دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں، ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی خطرہ ہیں، اور اس خطرے سے نمٹنے میں افغان حکام کو درپیش چیلنج کا ہم بخوبی ادراک رکھتے ہیں، اس لیے پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حل تلاش کرنے کا کام جاری رکھے گا، اور دہشت گرد تنظیم کو افغانستان سے تعلقات سبوتاژ کرنے سے روکنے پر کام جاری رہے گا۔

  • سارک سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا رد عمل

    سارک سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: سارک سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سارک میں ایک ہی رکن ملک ہے جو تنظیم کو آگے نہیں بڑھنے دے رہا، بھارتی ہٹ دھرمی سارک تنظیم کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت نے 2016 میں پاکستان میں سارک کا اجلاس رکوانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی، بھارت واحد ملک ہے جو علاقائی تعاون کی راہ میں رکاوٹ ہے، اور وہ سارک اور علاقائی رابطوں کو مفلوج کر رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 16 ویں سارک سربراہی کانفرنس کی راہ میں بھارت رکاوٹ ہے، 2016 کے بعد سے سارک سربراہ کانفرنس منعقد نہیں ہو سکی، بھارت سارک اجلاس میں رکاوٹوں کو ختم کرے، جب وزیر خارجہ تعینات ہوں گے تو مستقبل کے منصوبے پر بہتر انداز میں بات کر سکیں گے۔

    انھوں نے کہا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں، وادی میں سیاحت کا پروان چڑھنا کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے منسلک ہے، پاک بھارت تنازع یا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کسی دوست ملک کی ثالثی کا خیر مقدم کریں گے، اگر بھارت انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کا تدارک کر کے مسئلہ کشمیر حل کرے تو بات شروع کی جا سکتی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا غزہ میں شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ماہ صیام میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، غزہ کے لوگوں کو امدادی سامان نہ پہنچنا بھی ایک مسئلہ ہے، ہم نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں۔

  • دفتر خارجہ کا امریکا کا پاکستان میں عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر ردعمل

    دفتر خارجہ کا امریکا کا پاکستان میں عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر ردعمل

    اسلام آباد: امریکا کی جانب سے پاکستان کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار پریس کانفرنس میں امریکا کی جانب سے پاکستان کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر دفتر خارجہ نے کہا کہ دولت مشترکہ کی جانب سے پاکستان کے انتخابات کو شفاف قرار دیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی و خود مختار معاملہ ہے، پاکستان اپنی آئینی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیتا ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپورانداز میں نبھاتے ہیں۔

    امریکا کا پاکستان میں عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہمیں اس حوالے سے غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان نے انتخابات کے دوران غیر ملکی مبصرین اور دولت مشترکہ مبصرین کا خیر مقدم کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ایک بار پھر پاکستان میں عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    میتھیو ملر نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ امریکا نے پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کےالزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، الزامات کے سوال پر ہمارا یہی جواب ہے کہ تحقیقات مناسب قدم ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات مسابقتی تھے، دنیا بھر میں کہیں بھی ایسے الزامات کی تحقیقات اور حل ہونا چاہیے۔ ہم ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔