Tag: دفتر خارجہ

  • اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید

    اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    ترجمان کمیشن کے مطابق انسانی حقوق کے کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    کمیشن برائے انسانی حقوق نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مذاکرات کرنے پر بھی زور دیا۔ ترجمان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے واشنگٹن میں پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی نمائندے رچرڈ اولسن سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے ثبوت دیے۔

    پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کروانے کے لیے امریکہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے دباؤ ڈالے۔

    انہوں نے امریکہ سمیت عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لینے پر زور بھی دیا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوائے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ وادی کے دورے کے اجازت بھی دلوائی جائے۔

    کشمیریوں سے زیادہ عدم تشدد کا علمبردار کوئی نہیں، مشال ملک *

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال جاری ہے۔ حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں 6 اکتوبر تک ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا۔ بھارت مخالف مظاہرے روکنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے وادی میں سیکیورٹی سخت کر رکھی ہے جبکہ کرفیو اور کشیدگی کو 88 روز گزر چکے ہیں۔

  • بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، فائرنگ پر احتجاج

    بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، فائرنگ پر احتجاج

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول پرفائرنگ اور فوجی جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو بھی مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور دو فوجی جوانوں کی شہادت پر سیکریٹری خارجہ اعراز چوہدری نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو طلب کرکے احتجاجی مراسلے ان کے حوالے کیا۔

    مراسلے میں ایل او سی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا ساتھ ہی بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کو یکسر مسترد کردیا گیا ہے۔

    سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ ہائی کمشنر سے ملاقات میں فوجی شہادتوں کی مذمت کی گئی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پربات کی گئی جب کہ سرجیکل اسٹرائیکس کو مسترد کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر سرحدی حدود کی خلاف وزری کررہا ہے تاکہ کشمیر کاز کو دبایا جاسکے، پاکستان اپنے ہمسائے سے تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا۔

  • بھارت کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، دفتر خارجہ

    بھارت کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کا، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہ دینا وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستان بنیادی انسانی حقوق کی بات کرتا ہے لیکن کشمیر میں بری طرح انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیف نے دورہ کشمیر کی درخواست کی تھی جس کا مقصد کشمیر میں حقائق کاجائزہ لینا تھا جہاں آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے بھارتی فورسز طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔

    اقوم متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید راعد حسین نے سرحد کے دونوں اطراف مقبوضہ اور آزاد کشمیر تک رسائی کی درخواست کی تھی تاہم بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا۔

    بھارت نے مؤقف اپنایا کہ بیرونی انکوائری کی ضرورت نہیں اور حکومت جلد از جلد حالات کو معمول پر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی جمہوریت کے پاس وہ تمام کچھ ہے جو جائز شکایات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔

    پاکستان اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کی درخواست کر چکا تھا جس کے بعد ہی یہ دورہ تشکیل دیا گیا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر عروج پر ہے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق افراد کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں بدستور کرفیو نافذ ہے۔ حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • پاکستان کا بھارت سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ

    پاکستان کا بھارت سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام روکنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : پاکستان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہلاکتوں کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام فوری طور پر بند کرے۔

    پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام غیر منصفانہ ہے، اسے فوری طور پر روکا جائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی کوششوں کیلئے عیدالاضحیٰ کو کشمیریوں کے نام کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی بھارتی مظالم کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں یو این مشن کے ساتھ کام کرنے پر رضامند ہے۔ اس حوالے سے بھارت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔

     

  • سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، دفتر خارجہ

    سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی  وطن واپسی کی کوششیں جاری ہیں گزشتہ ہفتے دو ہزار سے زاہد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق  سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ’’سعودی عرب کی جیلوں میں ابھی بھی ہزاروں پاکستانی موجود ہیں، جن کی وطن واپسی کی کوششیں جاری ہیں‘‘ ۔

    پڑھیں: ریاض کے حراستی مرکز میں ہزاروں پاکستانیوں کی موجودگی کی اطلاع

    نفیس ذکریا نے کہا کہ ’’دفتر خارجہ کی کوشش ہے کہ عید سے پہلے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جاسکے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ’’سعودی عرب میں گرفتار پاکستانیوں پر دس ہزارریال جرمانہ لگایا جاتا ہے تاہم پاکستانی سفیر نے سعودی حکام سے رابطہ کر کے ہزاروں پاکستانیوں کا جرمانہ معاف بھی کروایا ہے۔

    مزید پڑھیں:  سعودی عرب کےاستحکام کے لیے پرعزم ہیں، دفتر خارجہ

    ترجمان کا کہنا تھا کہ’’دفتر خارجہ  نے پہلے بھی سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیو ں کے تحفظ کو یقینی بنانے  کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور اُن پر عملدرآمد کے لیے اب بھی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

  • بھارتی مداخلت اور کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

    بھارتی مداخلت اور کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ملک میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سمیت مداخلت کے دیگر شواہد جلد اقوام متحدہ کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

    نمائندہ اسلام آباد اظہر فاروق کے مطابق حکومت نے ملک میں بھارتی مداخلت کا معاملہ شواہد کے ساتھ اقوام متحدہ کے اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف مداخلت کی تمام دستاویزات، بھارتی حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا معاملہ سمیت تمام شواہد پیش کریں گے۔

    مقدمہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کرنے کے لیے تیاری جاری ہے، اس ضمن میں وزارت خارجہ نے وزیراعظم سیکریٹریٹ سے رابطہ کیا ہے اور جلد دستاویزات اور شواہد وزیر اعظم کے حوالے کیے جائیں گے جن میں وزیراعظم سے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر خصوصی بات چیت کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی مداخلت کے ثبوت کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔

  • مسئلہ کشمیر پر مذاکرات، بھارتی سیکریٹری خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت

    مسئلہ کشمیر پر مذاکرات، بھارتی سیکریٹری خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر باضابطہ طور پر ایک بار پھر دعوت دے دی، سیکریٹری خارجہ نے اپنے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دیتے ہوئے انہیں جوابی خط تحریر کردیا جس میں انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا نے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدر ی نے اپنے بھارتی ہم منصب کے نام خط ان کے حوالے کیا جس میں بھارتی ہم منصب کو رواں ماہ پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے

    ترجمان کے مطابق خط میں بھارتی سیکریٹری خارجہ کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کرنے کی دعوت دی گئی ہے اور کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں۔

  • پاکستان کشمیر میں دراندازی کررہا ہے، بھارت کا مضحکہ خیز الزام

    پاکستان کشمیر میں دراندازی کررہا ہے، بھارت کا مضحکہ خیز الزام

    ہ

    نئی دہلی: الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق بھارت نے پاکستان پر کشمیر میں دراندازی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا جواب میں پاکستان نے الزامات مسترد کردیے۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے وہاں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کشمیر کے معاملے پر طلب کیا اور پاکستان پر لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کرتے ہوئے کشمیر میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کی دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

    جواب میں ہائی کمشنر عبدالباسط نے دراندازی کا بھارتی دعویٰ بےبنیاد قرار دیااور کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی قسم کی دراندازی یاتخریبی کارروائی کے لیےاستعمال نہ ہونے پر پورے عزم کے ساتھ قائم ہے۔

    عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ایل او سی کے آرپار جس قسم کی رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں ان کے ہوتے ہوئے کسی قسم کی مداخلت یا دراندازی ممکن نہیں، بھارت عالمی دنیا کی کشمیر سےتوجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر کسی قسم کی دراندازی ممکن نہیں دراصل مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی الزام مسترد کردیا

    اس حوالے سے دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی الزام سے متعلق تفصیلات جمع کررہے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام مسترد کرتے ہیں۔

  • کشمیریوں‌ پر ظلم، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    کشمیریوں‌ پر ظلم، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے کشمیر میں ہونے والے مظالم پر احتجاج کرتے ہوئے 30 ہلاکتوں‌ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کسی صورت قبول نہیں، دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اظہار مذمت کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر میں پرامن احتجاج کرنے والے شہریوں پر بہیمانہ تشدد اور قتل و غارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،30 افراد کا قتل اور 300 سے زائد افراد کا زخمی ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو طلب کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کردیا۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے مراسلے کے ذریعے بھارتی سے ان ہلاکتوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔

    واضح رہے کہ حریت رہنما برہان وانی کے قتل کے خلاف مظاہروں پر قابض بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرفیو کے نفاذ کے بعد گزشتہ 30 گھنٹوں کے دوران بھارتی افواج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے 23 بے گناہ مظاہرین قتل جب کہ 300 سے زائد زخمی ہیں۔

    اس حوالے سے اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یومیہ بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کشمیر میں ہلاکتوں کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں‌ کشمیر میں ہلاکتوں‌ پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق اس معاملے پر تفصیلی موقف جلد جاری کیا جائے گا۔

    واضح رہے تازہ بھارتی جارحیت میں 30 کشمیری شہید اور تین سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

  • بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ناکام، بنگلہ دیش کی پاکستان پر الزام تراشی کی تردید

    بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ناکام، بنگلہ دیش کی پاکستان پر الزام تراشی کی تردید

    اسلام آباد: بنگلہ دیش میں دہشت گردی کے واقعہ میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بھارتی میڈیا کی کوشش ناکام ہوگئی۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر نے خود سے منسوب بیان سے لاتعلقی ظاہر کر دی۔

    بھارتی میڈیا کو پھر منہ کی کھانا پڑی۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر پروفیسر گوہر رضوی سے منسوب بیان کے ذریعہ دہشت گردی کے حالیہ واقعہ میں پاکستان کو ذمہ دار ٹہرانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے مشیر گوہر رضوی نے بھارتی میڈیا میں منسوب بیان کی تردید کردی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گوہر رضوی نے تصدیق کی کہ انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گوہر رضوی نے پاکستانی ہائی کمشنر کو اپنے بیان کے حوالے سے حکومت پاکستان کو وضاحت پہنچانے کے لیے بھی کہا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کی کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کو بروقت جھٹلانے پر پروفیسر گوہر رضوی کے ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ڈھاکہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے پر پاکستان نے بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا۔ اس حملے میں پاکستان کو منسوب کرنا بھارتی میڈیا کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا نے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کی۔

    واضح رہے کہ 2 دن قبل بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں شدت پسندوں نے ایک کیفے پر حملہ کرکے اندر موجود غیر ملکیوں اور کیفے کے عملہ کو یرغمال بنا لیا تھا۔ شدت پسندوں نے 20 غیر ملکیوں کو قتل کردیا تھا۔ حملہ کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی تھی۔