Tag: دفتر خارجہ

  • بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں مسلمان مظاہرین پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے، عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان پر امن اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے، مسلمان نماز جمعہ کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمان بی جے پی رہنماؤں کے شرپسند بیانات پر احتجاج کرنا چاہتے تھے، بھارتی ریاست نے نہتے مسلمان مظاہرین پر بہیمانہ تشدد کیا۔ کئی بھارتی ریاستوں میں مسلمان مظاہرین پر حکومت نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاست کی جانب سے مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، ریاستی تشدد اور فائرنگ سے 2 نہتے مسلمان مظاہرین جاں بحق ہوئے، 227 پرامن مظاہرین گرفتار کرلیے گئے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندو توا پولیس، مسلمان اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے، مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے۔ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی برادری اقدامات کرے، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کا تحفظ سب کی ذمے داری ہے۔

  • بی جے پی ترجمانوں کے توہین آمیز بیانات، پاکستان کا سخت احتجاج

    بی جے پی ترجمانوں کے توہین آمیز بیانات، پاکستان کا سخت احتجاج

    اسلام آباد: بھارت کی حکمران پارٹی کے ترجمانوں کے توہین آمیز بیانات پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا اور مذکورہ بیانات پر سخت احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمانوں کے گستاخانہ بیانات کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور تضحیک آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ توہین آمیز بیانات سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی۔ پاکستان نے بی جے پی حکومت کے غیر اخلاقی تادیبی اقدامات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں اضافے پر تشویش ہے، بھارت میں مسلم مخالف جذبات اسلامو فوبیا کے واضح نتائج کے سوا کچھ نہیں۔

    پاکستان کی جانب سے بی جے پی کی قیادت اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بی جے پی عہدیداروں کے توہین آمیز تبصروں کی غیر واضح طور پر مذمت کی جائے اور بھارتی رہنماؤں سے فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی سے جواب دہی کی جائے۔

  • پاکستان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا

    پاکستان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کرتارپور راہداری کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے کھولے جانے والے کرتارپور کوریڈور سے متعلق پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کرتارپور کو کاروباری ملاقاتوں کے لیے استعمال کرنے کا بھارتی پروپیگنڈا بد نیتی ہے، یہ بھارت کی جانب سے من گھڑت اور دانستہ منفی مہم کا حصہ ہے۔

    ترجمان نے بتایا اس پروپیگنڈے کا مقصد کرتارپور راہداری کے تاریخی اقدام کو نقصان پہنچانا ہے، امن کی راہداری بدنام کرنے کے لیے بھارت کی دانستہ کوششیں نئی بات نہیں ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو اوّلین ترجیح دیتا ہے، پاکستان میں ہر کمیونٹی کے مذہبی، مقدس مقامات کا تقدس یقینی بنایا گیا، پاکستان نے ابھی بیساکھی میلے میں 2 ہزار سے زائد یاتریوں کی میزبانی کی۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان میں زائرین کو مقدس مذہبی مقامات پر خراج عقیدت پیش کرنے کی سہولت دی گئی، دنیا بھر کی سکھ برادری مذہبی ہم آہنگی کے لیے پاکستانی کاوشوں کو سراہتی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت غلط بیانی کی بجائے مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات پر توجہ دے۔

  • افغان حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے: دفتر خارجہ

    افغان حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاک افغان سرحد کی صورتحال پر دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، افغان حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے پاک افغان سرحد کی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے افغان حکومت سے بار بار سرحد کو محفوظ بنانے کی درخواست کی، دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین کا استعمال کر رہے ہیں۔ کئی مہینوں سے مؤثر چینل کے ذریعے دونوں ملکوں کی کوآرڈی نیشن جاری ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کالعدم جماعتوں خصوصاً تحریک طالبان پاکستان نے پاکستانی فورسز پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، حملوں کے نتیجے میں کئی پاکستانی فورسز کے جوان شہید ہو چکے ہیں۔ 14 اپریل کو 7 پاکستانی فورسز کے جوان شہید ہوئے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی مذمت کرتا ہے، افغان حکومت فوری طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی دونوں برادرانہ ممالک کے امن اور ترقی کے لیے ہے، پاکستان افغانستان کی خود مختاری کی عزت کرتا ہے۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان تمام شعبوں میں افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

  • پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

    پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا بھارت مشترکہ بیان میں پاکستان کا غیر ضروری حوالہ مسترد کرتے ہیں، امریکی فریق کو سفارتی ذرائع سے آگاہ کر دیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا ہم وزارتی مذاکرات کے اعلامیے کو مسترد کرتے ہیں، بیان میں پاکستان کے خلاف کیے گئے دعوے بدنیتی پر مبنی ہیں، دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال شراکت دار رہا، امریکا سمیت عالمی برادری وسیع پیمانے پر اس کا اعتراف کرتی ہے، خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔

    ترجمان نے کہا پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کشمیر میں مظالم چھپانے کی کوشش ہے، بھارت کی دیگر ممالک کی سرزمین کا استعمال، دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ریکارڈ پر ہے۔

    دفتر خارجہ نے سخت رد عمل میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال کا ادراک نہ کرنا عالمی ذمے داری سے دست برداری جیسا ہے۔

  • پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے خلاف مظالم جاری ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بھارت کو پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے 3 سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کر کے مادر وطن کا دفاع کیا۔ پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کا پتہ چلا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی تعیناتی کردی گئی، نئے سفیر کی تعیناتی خوش آئند ہے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی ہیں جن میں 3 ہزار طلبا ہیں، یوکرین میں پاکستانیوں کی اکثریت پڑوسی ممالک منتقل ہوچکی ہے۔ گزشتہ 9 روز سے یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ انخلا کے لیے کام کر رہا ہے، 14 سو 53 پاکستانی ہنگری، رومانیہ اور پولینڈ منتقل ہوچکے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کی گرفتاری ریاستی دہشت کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، یورپی یونین کے ساتھ اچھے اور متوازن تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

  • دفتر خارجہ نے یوکرین میں موجود پاکستانیوں کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دیں

    دفتر خارجہ نے یوکرین میں موجود پاکستانیوں کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دیں

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے یوکرین میں موجود پاکستانیوں کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دیں، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تنازع سے قبل یوکرین میں پاکستانی برادری کی کل تعداد تقریبا 7 ہزار تھی، 676 پاکستانی شہریوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    یوکرین تنازع کے تناظر میں ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ یوکرین کا تنازع 24 تاریخ کو شروع ہوا، تنازع سے چند ہفتے قبل یوکرین میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانیوں اور طالب علموں کو ہدایت نامے جاتی کرتا رہا ہے، اور اُس وقت پاکستانی برادری کی کل تعداد تقریباً 7 ہزار تھی۔

    عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ تقریباً 3 ہزار پاکستانی طالب علم تنازع سے قبل یوکرین میں موجود تھے، سفارت خانے کے رابطوں اور ہدایت ناموں کے نتیجے میں 24 تاریخ سے قبل بڑی تعداد میں پاکستانی یوکرین سے نکل چکے تھے، جب کہ 24 تاریخ کو یوکرین تنازع شروع ہونے کے وقت لگ بھگ 700 پاکستانی طالب علم یوکرین میں موجود تھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ چند سو کے قریب دیگر پاکستانی برادری کے لوگ بھی قضیے کے آغاز میں یوکرین میں موجود تھے، پاکستانی سفارت خانے نے 24 گھنٹے کام کیا حالاں کہ سفارت خانے کو خود بھی منتقل ہونا پڑا۔

    انھوں نے بتایا کہ 676 پاکستانی شہریوں کو نکال لیا گیا ہے، 20 مختلف سرحدی مقامات پر ہیں اور 20 سرحدی گزرگاہوں کے راستے پر ہیں، خارکیف سے 60 سے 70 مزید شہری ٹرین میں سوار ہوئے ہیں، 30 سومی اور چرنگیو میں ہیں، جنھیں حالات کی اجازت ملنے پر نکالا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق کچھ پاکستانی شہری ایسے بھی ہیں جنھوں نے یوکرین میں رہنے کا انتخاب کیا ہے۔

    عاصم افتخار نے بتایا کہ سفارت خانہ چرنوبیل میں ریسیپشن سینٹر اس وقت تک برقرار رکھے گا جب تک کہ سب پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے نکال نہیں جاتا۔

  • پاکستان کی جانب سے 2 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

    پاکستان کی جانب سے 2 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے 2 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سری نگر میں 2 مزید کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ہے، ہم جعلی پولیس مقابلوں میں کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی قابض افواج نے 19 کشمیریوں کو شہید کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس، بی جے پی کے جرائم یو این انکوائری کمیشن کے متقاضی ہیں، اقوام متحدہ اور دنیا بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔

    واضح رہے کہ آج ایک اور واقعے میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے۔

    نوجوان کو بھارتی فوج کے دستوں نے ضلع کے علاقے سورنکوٹ میں پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں شہید کیا۔

    دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں کریم آباد میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے 16 سالہ بھتیجے دانش احمد کو گرفتار کر لیا ہے، دستے دانش کو اپنے ساتھ بارہ مولہ لے گئے۔

  • ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ساتھی قیدی کا حملہ، دفتر خارجہ کا رد عمل

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ساتھی قیدی کا حملہ، دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر دوران قید ساتھی قیدی کے حملے پر دفتر خارجہ نے رد عمل میں‌ کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے امریکی حکام سے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے ردِ عمل میں کہا ہے کہ 30 جولائی کو عافیہ صدیقی پر ساتھی قیدی کے ذریعے حملے کے بارے میں معلوم ہوا، واشنگٹن میں ہمارے سفارت خانے نے امریکی حکام سے یہ معاملہ اٹھایا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعے کے بعد پاکستانی قونصل جنرل نے عافیہ صدیقی سے ملاقات کی ہے، انھیں کچھ معمولی چوٹیں آئیں، لیکن وہ ٹھیک ہو رہی تھیں، متعلقہ امریکی حکام کو اس سلسلے میں شکایت درج کرا دی گئی ہے۔

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا پاکستانی قونصلر جنرل سے ملاقات سے انکار، رپورٹ میں انکشاف

    ترجمان کے مطابق امریکی حکام کے ساتھ واقعے کی مکمل تحقیقات اور عافیہ صدیقی کی حفاظت یقینی بنانے کی بات کی گئی، ترجمان نے کہا کہ قونصل جنرل کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عافیہ صدیقی کی مناسب طریقے سے دیکھ بھال ہو۔

  • کابل میں سفارتخانے کی بندش کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: دفتر خارجہ

    کابل میں سفارتخانے کی بندش کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان طالبان کے داخلے کے پیش نظر دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ فعال ہے، افغانستان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کابل میں سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، ابھی کابل میں سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تمام پاکستانیوں کو ممکنہ مدد فراہم کی جارہی ہے، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال خراب نہ ہو، پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتخانہ بند نہ کرے۔

    خیال رہے کہ افغان طالبان کچھ دیر قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخل ہوچکے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ نے افغان طالبان کے کابل میں داخلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان دارالحکومت میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کابل کے راستے پرامن طریقے سے داخل ہونے کا ارادہ ہے، کابل میں طاقت کے زور پر داخل نہیں ہوں گے۔

    ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق کابل میں داخلے سے قبل افغان حکومت سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ محفوظ طریقے سے حکومت کی منتقلی ہو۔