Tag: دفتر خارجہ

  • بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: بھارت کو ایک ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کو ماہ اگست کے لیے یو این سیکیورٹی کونسل کی صدارت مل گئی ہے، اور وہ یکم اگست سے یہ ذمہ داری سنبھالے گا، یہ ایک ترتیب وار ذمہ داری ہے جو نام آنے پر ہر رکن ملک سنبھالتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اس پر رد عمل میں کہا ہے کہ ترتیب وار نظام کے تحت ایک ماہ کے لیے رکن ملک یہ ذمہ داری انجام دیتا ہے، بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا انتظام و انصرام کرنا سلامتی کونسل صدر کی ذمہ داری ہوتی ہے، اور صدر سلامتی کونسل اجلاس کو قواعد کے مطابق چلانے کا پابند ہے، امید ہے بھارت سلامتی کونسل کے لیے وضع کردہ اقدار کا احترام کرے گا۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    اسلام آباد: بھارت نے کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو دھمکی دی ہے، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کرکٹ کو سیاست کے لیے استعمال کیے جانے پر مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انھیں افتتاحی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو انھیں بھارت میں کرکٹ سے متعلق کسی بھی معاملے کے حوالے سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے، اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلا جواز اور مضحکہ خیز ہے۔

    خیال رہے کہ ہرشل گبز کشمیر پریمیئر لیگ کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں۔

    ہرشل گبز کے ٹویٹ کے حوالے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے کرکٹ کھیل کو سیاسی بنانے پر مذمت کی، انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیریوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے سے محروم کرنا افسوس ناک ہے۔

    بعد ازاں ہرشل گبز نے ویب سائٹ ’اسپورٹس کیڑا‘ کو بتایا کہ انھیں دھمکی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے دی ہے، جے شاہ نے گریم اسمتھ کے ذریعے مجھے یہ پیغام بھیجا ہے۔

    ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فواد چوہدری نے ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جو 17 اگست تک جاری رہے گا، اس میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں کی نمائندگی کرنے والی 5 فرنچائزز حصہ لیں گی، جب کہ چھٹی فرنچائز کا نام اوورسیز واریئرز رکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم کشمیری شامل ہوں گے۔

  • بھارتی وزیر کا ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف، پاکستان کا سخت ردعمل

    بھارتی وزیر کا ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف، پاکستان کا سخت ردعمل

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر کے ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف نے بھارت کی اصلیت عیاں کردی ہے، ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف کرلیا جس پر پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر کے بیان نے بھارت کی اصلیت عیاں کردی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بیان نے بھارتی منفی کردار پر پاکستان کے مؤقف کو درست ثابت کیا، پاکستان واضح کرتا آیا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کر رہا ہے، بھارت سیاست کا شکار کر کے ایف اے ٹی ایف کے کردار کو گھٹا رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بھارتی بیان بھی ٹیکنیکل فورم کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ثابت کرتا ہے، پاکستان مخلصانہ اور تعمیری انداز میں ایف اے ٹی ایف سے رابطے میں ہے، بھارت بھونڈے ذرائع سے شک ظاہر کرنے کا طریقہ اختیار کرتا ہے۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ماضی میں پاکستان بار بار بھارت کے نقلی کردار کو سامنے لاتا رہا ہے، بھارت کے حالیہ اعتراف کو ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان صدر ایف اے ٹی ایف کو اپروچ کرنے پر غور کر رہا ہے، بطور شریک چیئرمین جوائنٹ گروپ بھارت کا کردارمشکوک ہوگیا ہے، ہم ایف اے ٹی ایف پر زور دیتے ہیں کہ اس معاملہ کو دیکھے۔ اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی پر پیش رفت کو ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا، ہم اس مومینٹم کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون حاصل ہے، دھوکے بازی سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی بھارتی کوشش ناکام رہی ہے، بھارت کی کوشش کو کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔

  • پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    اسلام آباد: پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور کو ٹیلیفون کر کے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترجمان دفتر ‏خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری پالیٹیکل افیئرز وکٹوریہ نولینڈ سے فون پر رابطہ کر کے باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی، سیکریٹری خارجہ نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر اور مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

    سہیل محمود نے کہا امن اور ترقی کے مشترکہ اہداف کا حصول دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ روابط ‏کے ذریعے ہی ممکن ہے، جیو اکنامک مقاصد پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ‏ذریعے ہی حاصل ہو سکتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

    فوجی ایکشن نہیں لیں گے، طالبان نے افغانستان پر بزور طاقت قبضہ کیا تو افغان سرحد بند کر دیں گے

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کے پُر امن حل کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان مکمل ہم آہنگی ‏موجود ہے، اس وقت بین الافغان مذاکرات میں تیزی لانے اور ذمہ دارانہ انخلا یقینی بنانے کی ضرورت ‏ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس گفتگو کے دوران مشترکہ مقاصد کے حصول کی خاطر دونوں ملکوں کے درمیان روابط جاری ‏رکھنے پر اتفاق ہوا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان کا قتل، پاکستان کی شدید مذمت

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان کا قتل، پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان محمد امین ملک کے قتل پر شدید مذمت کی ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے تشدد سے کشمیری نوجوان محمد امین ملک کے قتل پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امین ملک بھارتی قابض فوج کی غیر قانونی تحویل میں تھا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے جنوری سے اب تک 50 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا، کشمیریوں کو نام نہاد سیکیورٹی آپریشن کے نام پر جعلی مقابلوں میں مارا گیا، تدفین کے لیے شہدا کی میتیں واپس کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستانی حکومت کے اخلاقی دیوالیہ پن کو ظاہر کرتا ہے، معصوم کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔

    پاکستان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ازبک وزیر خارجہ کی ملاقات، وزیر اعظم کا تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور

    ازبک وزیر خارجہ کی ملاقات، وزیر اعظم کا تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دی، بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ازبک صدر نے وزیر اعظم کو تاشقند کانفرنس میں شرکت کا پیغام بھی پہنچایا۔

    خیال رہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی، آرمی چیف اور ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • پاکستان کا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد کا خیر مقدم

    پاکستان کا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد کا خیر مقدم

    اسلام آباد: پاکستان نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں 5 فروری کو یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں 5 فروری کو یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد منظور کی گئی ہے، پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا قرارداد یوم یک جہتئ کشمیر کے موقع پر منظور کی گئی جو خوش آئند ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری، بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد کو تقویت دیتی اور حوصلے کو سراہتی ہے، اور کشمیریوں کی منفرد ثقافت، مذہبی شناخت کو تسلیم کرتی ہے۔

    ترجمان نے کہا یہ قرارداد انسانی حقوق، مذہبی حقوق اور نقل و حرکت کی آزادیوں کی عکاس ہے، قرارداد کشمیریوں کے حقیقی جذبات اور حق خود ارادیت کی بھی عکاس ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے تحت حق استصواب کی ضمانت دی گئی ہے، اور یہ قرارداد اس کا ثبوت ہے کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیاں چھپا نہیں سکتا۔

    ترجمان نے کہا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں اس قرارداد کی منظوری میں رکن اسمبلی نادر سیگاہ کا کردار قابل قدر ہے، قرارداد ک منظوری میں امریکی پاکستان اڈوکیسی گروپ کا کردار بھی سراہتے ہیں۔

  • جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں  آئی: دفتر خارجہ

    جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی میں یوم یک جہتی کے جلسے سے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کے پس منظر میں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے جموں و کشمیر پر مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا پاکستان کا مؤقف سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے، وزیر اعظم کا خطاب کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے عزم کا اعادہ ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا وزیر اعظم کی گفتگو پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی تائید ہے، وزیر اعظم نے بار بار مقبوضہ کشمیر سے یو این قراردادوں کی بات کی، انھوں نے قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

    کشمیریوں‌ کی تکالیف کا احساس ہے، کشمیر کی آزادی تک آواز بلند کروں‌ گا، عمران خان

    ترجمان کے مطابق پاکستان غیر جانب دارانہ رائے شماری کے ذریعے اس تنازعے کا حل چاہتا ہے، کشمیریوں کی حق خود ارادیت پر پاکستان کا عزم اور مؤقف دو ٹوک ہے، رائے شماری کا وعدہ یو این قراردادوں میں شامل ہے۔

    واضح رہے کہ کوٹلی میں وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کو وہ حق دیں گے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ پاکستان کے ساتھ رہیں گے یا آزاد، سارا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے لوگوں کو حق ملنا تھا، کشمیری عوام کو ان کی مرضی کے مطابق حق دیا جانا تھا مگر یہ وعدہ اب تک پورا نہ ہو سکا۔

  • سینئر بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

    سینئر بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارت کار کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے سویلین آبادی پر فائرنگ کی گئی، جس سے 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے سویلین آبادی کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، رواں سال بھارت 175 مرتبہ معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، آرمی چیف کا دشمن کو دوٹوک پیغام

    ادھر آج پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں مختلف کورسز کی گریجویشن تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا مسلح افواج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں افواج کی ہم آہنگی مثالی ہے، مسلح افواج نے داخلی سیکیورٹی صورت حال بہتر بنانے میں کردار ادا کیا۔

  • پاکستان کا خلیجی ریجن میں اختلافات کے حل کی کوشش میں پیش رفت کا خیر مقدم

    پاکستان کا خلیجی ریجن میں اختلافات کے حل کی کوشش میں پیش رفت کا خیر مقدم

    اسلام آباد: پاکستان نے خلیجی ریجن میں اختلافات کے حل کی کوشش میں پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیجی ریجن میں جاری اختلافات کے حل کی کوشش میں پیش رفت ہوئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ ہم اختلافات کے خاتمے کے لیے کویت کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا پاکستان اختلافات ختم کرانے کے لیے مفاہمت کے فروغ کو سراہتا ہے، امید ہے ان ممالک میں اعتماد اور مفاہمت خطے میں خوش حالی کا باعث ہوگا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کی مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت اور ایران کے ساتھ روابط کی بنا پر تعلقات ختم کرتے ہوئے قطر کے آگے کئی مطالبات رکھے تھے۔

    بھائیوں کے درمیان اتفاق سے عرب ممالک کے درمیان وحدت پیدا ہوگی: کویت

    قطر کے بائیکاٹ کے کی وجہ سے خطے میں اختلافات نے جنم لیا تھا جس کے خاتمے کے لیے کویت اور امریکا نے مرکزی کردار ادا کیا۔

    دو دن قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا تھا کہ خلیجی بحران کے حل کے لیے کویت کی کوششیں قابل قدر ہیں، دوسری طرف امیر کویت شیخ نواف الاحمد جابر الصباح نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کو مکتوب بھیجا تھا۔

    امیر کویت کا کہنا تھا کہ بھائیوں کے درمیان طے پانے والے اتفاق سے خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے درمیان وحدت و مضبوطی پیدا ہوگی تاکہ دنیا بھر کو درپیش چیلینجز سے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔