Tag: دفتر خارجہ

  • پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، وسطی ویانا میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ ویانا میں 6 مختلف مقامات پر دہشت گرد حملوں میں 2 شہری ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

    ایک حملے میں مسلح افراد نے یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، حملے کے بعد دہشت گردوں نے قریبی ہوٹل پر قبضہ کر کے ہوٹل میں موجود افراد کو یرغمال بنالیا اور دیگر کئی مقامات پر فائرنگ کی۔

    آسٹریا کے وزیر داخلہ نے علاقے میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج اسکول بند رہیں گے، شہری عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے، سرحدی علاقوں میں تلاشی کے لیے فورسز کی تعداد بڑھا دی ہے، دہشت گرد تربیت یافتہ، منظم اور خطرناک تھے۔

  • مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے: دفتر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق پامال کیے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کو ان کی اجتماعی ذمہ داری یاد کروانے اکٹھے ہوئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر تنازعہ عالمی برادری کی توجہ کا طلبگار ہے، بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق پامال کیے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنوری 1989 سے 90 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے، بھارت نے کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ کر رکھا ہے، کشمیری نسل در نسل اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کوسمجھنا ہوگا کہ کشمیر نہ تو بھارت کا حصہ رہا نہ ہی رہے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف پاکستانی و کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کروانا ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم یہ دن بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت کے لیے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے تاریک باب کو اجاگرکرتا ہے، 73 سال پہلے بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ بین الاقوامی تنازعہ ہے۔

  • سعودی حکومت کا پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

    سعودی حکومت کا پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے اقامہ اور وزٹ ویزے پر آنے جانے والوں پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد کرونا وائرس کے پیش نظر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، یہ ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کے 48 گھنٹے کے اندر کرانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا وائرس کے باعث مملکت میں لگائی گئیں سفری پابندیاں اگلے سال کے آغاز ہی سے ختم کر دی جائیں گی۔

    سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ

    سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی، سعودی شہری بیرون ملک آ جا سکیں گے۔ خروج وعودہ یا اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی عرب نے مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا، جو لوگ مستقل نوکریوں پر ہیں انھیں 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی، کھیلوں اور بزنس ویزا رکھنے والے افراد پر سے بھی سفری پابندیاں ختم کر دی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل ریکارڈ کمی ہورہی ہے۔

  • لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

    لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی قابض فوج نے گزشتہ روز ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، بلا اشتعال فائرنگ سے رکھ چکری سیکٹر پر کرنی گاؤں کا 19 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا تھا۔

    اس سے چند روز قبل بھارتی فوج نے ایل او سی کے سبز کوٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے کھوئی گاؤں کی رہائشی 70 سالہ خاتون شہید ہوگئیں۔

    ترجمان کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی تھی جس میں بھارتی مورچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • بھارت پاکستان سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا: دفتر خارجہ

    بھارت پاکستان سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا سوال سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے کے قدیم چیزوں میں سے ایک ہے، یہ سوال ایجنڈے پر قائم ہے اور قائم رہے گا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے سوال کیا کہ کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیوں نہیں کیا؟ بھارت ان قراردادوں میں شامل خود ارادیت کے حق کو تسلیم نہیں کرتا، اس لیے بھارت پاکستان کا سوال یو این او کے سلامی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منظوری تک یہ سوال سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر قائم رہے گا۔

    پاکستان کی مقبوضہ کشمیرمیں ہندی زبان کے نفاذ کے حکم کی مذمت

    ترجمان نے کہا کہ تب تک یہ سوال ایجنڈے کا حصہ رہے گا جب تک اس کی ضمانت متعلقہ یو این ایس سی کی قراردادوں سے حاصل نہ ہو، یہ سوال سلامتی کونسل کے ایجنڈے کی قدیم چیزوں میں سے ہے، یہ یوں ہی قائم رہے گا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندی زبان کے نفاذ کے حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو تباہ کرنا ہے، عالمی برادری اس غیر قانونی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری جعلی مقابلوں میں شہید، پاکستان کی مذمت

    مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری جعلی مقابلوں میں شہید، پاکستان کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل عام کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں 4 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا گیا ہے، پاکستان ان جعلی مقابلوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں محرم جلوسوں پر پابندیوں کی بھی مذمت کرتا ہے، کشمیریوں کو محکوم بنانے کے بھارتی ہتھکنڈے ناکام رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ 1 سال میں بھارتی فوج نے جعلی مقابلوں میں 300 کشمیریوں کو شہید کیا ہے، کشمیری شہدا میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔

    بھارتی فوج کی بربریت سے مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان حق خود مختاری کے لیے مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے کہ آج کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شوپیاں کے علاقے میں ریاستی دہشت گردی کی ایک نئی کارروائی میں قابض بھارتی فوج نے 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، دوسری طرف قابض بھارتی فوج کی علاقے میں کارروائی کے خلاف احتجاج کو دنیا کی نظروں سے اوجھل کرنے کے لیے علاقے میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

  • سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا، پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 14 اگست کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

    جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 14 اگست کو بھارتی فوج نے سیز فائرکی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج نے ڈھڈنیال سیکٹر پر فائرنگ کی جس سے 3 سالہ بچی زخمی ہوئی۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت رواں سال 19 سو 80 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے رواں سال 16 افراد شہید اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ 14 اگست سے قبل 5 اگست کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی تھی۔

  • پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی خبر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی خبر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے چینی لیبارٹری سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبر کو جھوٹ اور سیاسی قرار دے دیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیر قانونی خفیہ آپریشن کی خبر توڑ مروڑ کر بیان کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق کرونا وبا کے تناظر میں چینی لیبارٹری کے پاکستان میں آپریشنز سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، مذکورہ لیبارٹری تشخیص و تحفظ کے نظام کی بہتری کے لیے ہے، گمنام ذرائع کی رپورٹ جعل سازی پر مشتمل ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیر قانونی خفیہ آپریشن کی خبر پر ردِ عمل میں کہا کہ جو خبر پھیلائی گئی ہے وہ جھوٹی، سیاسی اور توڑ مروڑ کر بیان کی گئی ہے، پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کوئی راز نہیں، پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات سے آگاہی رپورٹ جمع کراتا رہتا ہے، پاکستان حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) کے فریق ممالک سے معلومات کا تبادلہ بھی کرتا ہے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی یہ لیبارٹری تشخیص و تحفظ کے نظام کی بہتری کے لیے ہے، پاکستان اپنی ذمہ داریوں پر بھرپور عمل کر رہا ہے، پاکستان کنونشن کے رکن ممالک پر میکنزم یقینی بنانے کی آواز بھی بلند کرتا آیا ہے، کرونا کے تناظر میں لیبارٹری کے آپریشنز سے متعلق دعویٰ مضحکہ خیز ہے، رپورٹ کے ذریعے کرونا وبا کے پس منظر میں منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بیماریوں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے، یہ تعاون حیاتیاتی و جراثیمی زہر کے کنونشن کے آرٹیکل 10 کے مطابق ہے۔

  • بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے: دفتر خارجہ

    بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے سلامتی کونسل کے لیے الیکشن پر سوالیہ نشان ہیں، پاکستان جنرل اسمبلی کی صدارت کے لیے ترکی کے والکن بوزکر کو مبارک باد دیتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا رکھا ہے، اقوام متحدہ چارٹر کے تحت سلامتی کونسل کی عالمی امن و سلامتی کی ذمہ داری ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت منظم طریقے سے اقلیتوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور درندگی جاری ہے، 2 روز قبل 3 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔

    قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے نام پر نہ صرف کشمیریوں کو شہید کیا بلکہ گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی، بھارتی فورسز نے احتجاج کرنے والے متعدد کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا۔

  • پاکستان کا افغانستان میں سیاسی قیادت میں معاہدے کا خیر مقدم

    پاکستان کا افغانستان میں سیاسی قیادت میں معاہدے کا خیر مقدم

    اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں سیاسی قیادت میں معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی قیادت کے درمیان معاہدے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان قیادت کے آپس میں ہونے والا معاہدہ اہم ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ تمام افغان لیڈر مل کر کر کام کریں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مل کر کام کرنا افغان عوام کے مفاد میں ہے، اور اس سے افغانستان میں استحکام آئے گا، بلاشبہ امریکا طالبان معاہدے نے تاریخی مواقع پیدا کیے ہیں، اب تمام افغان پارٹیاں امن معاہدے کا احترام کریں، پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔

    افغان صدور کے درمیان شراکتِ اقتدار کا معاہدہ طے

    واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اپنے سیاسی اختلافات کو ختم کرتے ہوئے اقتدار میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں معاہدے پر دستخط کا اعلان اور اقتدار میں شراکت داری کی تصدیق کی گئی۔

    اشرف غنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ ہوں گے اور ان کی ٹیم کے ممبران کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ تاہم ہہ بات سامنے نہیں آ سکی کہ عبد اللہ عبداللہ کی جماعت کے اراکین کو کون سی وزارتیں دی جائیں گی۔

    جنگ کے خاتمے کیلئے نئی حکومت سے شراکت کو تیار ہیں، زلمےخلیل زاد

    زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ سمجھوتے کے تحت ڈاکٹر عبداللہ امن عمل کی قیادت کریں گے، امریکی حکومت افغانستان میں سمجھوتے کا خیر مقدم کرتی ہے، ہم نئی افغان حکومت کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔

    یاد رہے کہ افغانستان کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے گزشتہ برس ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد مارچ 2020 میں دونوں رہنماؤں نے صدر کے عہدے کا علیحدہ علیحدہ حلف اٹھایا تھا۔

    خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اور اُن کی جماعت نے وزاتِ خارجہ اور وزارتِ خزانہ میں دل چسپی ظاہر کی تھی البتہ افغان صدر نے اس حوالے سے صاف انکار کر دیا تھا۔