Tag: دلشان

  • سری لنکا کے نامور کرکٹر دلشان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

    سری لنکا کے نامور کرکٹر دلشان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

    کولمبو: سری لنکا کے معروف کرکٹر تلکارتنے دلشان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کےمطابق نامور کرکٹر 39 سالہ دلشان آسٹریلیا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ اتوار کو کھیلیں گے جبکہ اس کے بعد آئندہ ماہ دو ٹی 20 میچ ان کے کیریئر کے آخری میچ ہوں گے.

    سری لنکن کرکٹر دلشان اب تک 87 ٹیسٹ، 329 ایک روزہ اور 78 ٹی 20 میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں.

    انہوں نے سنہ 1999 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور سنہ 2014 میں ورلڈ ٹی 20 جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ بھی تھے.

    دلشان کا شمار سری لنکا کے جارحانہ بلے بازوں میں ہوتا ہے اور وہ آف سپن بولنگ بھی کرتے ہیں،بین الاقوامی میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 152 ہے.

    انہوں نے2011 اور 2012 کے درمیان سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی سنبھالی تھی.وہ اب تک 17624 بین الاقوامی رنز بنا چکے ہیں.

    سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی 20 میچ کھیلنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے اس کے علاوہ سب سے زیادہ ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا پانچواں نمبر ہے.

    یاد رہے کہ سنہ 2013 میں دلشان نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی.

  • دو ہزار تیرہ:دنیا کے عظیم کرکٹرز نے کنارہ کشی اختیار کرلی

    دو ہزار تیرہ:دنیا کے عظیم کرکٹرز نے کنارہ کشی اختیار کرلی

    سال دو ہزار تیرہ میں دنیائے کرکٹ کے چند عظیم کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیارکیں۔ کرکٹ میں کھلاڑی آتے اور جاتے ہی رہتے ہیں۔ لیکن سال دوہزار تیرہ کرکٹ کی تاریخ میں کبھی فراموش نہیں ہوسکے گا۔ اس سال دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کی حکمرانی کا سورج غروب ہوگیا۔

      کئی برسوں تک کرکٹ میں بادشاہت قائم رکھنے والے ٹنڈولکر نے شاہی تخت چھوڑ دیا۔ ٹنڈولکر جاتے جاتے دوہزار تیرہ کے سال کو ریکارڈ بک میں ہمیشہ کے لئے زندہ کرگئے۔  بات صرف ٹنڈولکر تک ہی ختم نہیں ہوتی۔ سری لنکا کے مایہ ناز بیٹسمین تلکرتنے دلشان نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

    دلشان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے تن وتنہا اپنی ٹیم کو کئی فتوحات دلائیں۔ اب ایسے کھلاڑی کا متبادل تلاش کرنا مشکل ہی نظر آتا ہے۔ دو ہزار تیرہ میں کرکٹ لورز کو بری خبر اس وقت سننے کو ملی جب دنیا کے بہترین آل رؤانڈر جیک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔

    بھارت کے خلاف کیرئیر کے آخری ٹیسٹ میں سینچری بناکر کیلس ٹنڈولکر ، پونٹنگ، ڈریوڈ سب ہی سے بازی لے گئے۔ ریٹائرمنٹ کی ہوا انگلینڈ میں بھی چلی۔

    انگلینڈ کے کامیاب آف اسپنر گریم سوان نے آسٹریلیا کے خلاف جاری ایشیز سیریز میں اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔ کھلاڑی چلے جاتے ہیں لیکن کھیل کے لئے ان کی بے مثال خدمات یاد گار بن جاتی ہیں۔

     

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی:پاکستانی اوپنراحمد شہزاد پرجرمانہ عائد

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی:پاکستانی اوپنراحمد شہزاد پرجرمانہ عائد

    آئی سی سی نے سری لنکا کیخلاف شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اوپنراحمد شہزاد پرجرمانہ عائد کردیا۔ شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں احمد شہزاد اور تلکارتنے دلشان آپس میں الجھ پڑے تھے۔

    دلشان اوراحمد شہزاد میں انیسویں اوور کے دوران گرما گرمی ہوئی جس کے بعد احمد شہزاد نے سری لنکن کھلاڑی کو دھکا دے دیا۔ شاہد آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان معاملہ حل کرایا لیکن آئی سی سی نے ان فیلڈ امپائرز کی شکایت پر اس پر ایکشن لے ڈالا۔

    آئی سی سی نے احمد شہزاد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ دلشان پر کوئی جرمانہ نہیں لگایا گیا۔