Tag: دلہا

  • دلہا کی جانب سے دلہن کی سلامی چرانے کا انوکھا واقعہ! ویڈیو وائرل

    دلہا کی جانب سے دلہن کی سلامی چرانے کا انوکھا واقعہ! ویڈیو وائرل

    شادی کی تقریب میں اسٹیج پر بیٹھے دلہا کی جانب سے دلہن کی جھولی میں رکھی سلامی کو چرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارت یا پاکستان میں شادیوں پر بڑا دھوم دھڑکا کیا جاتا ہے اور عام طور پر اسے یادگار لمحہ بنانے کے لیے بہت سارے پیسے بھی خرچ کیے جاتے ہیں۔ بعض دفعہ شادی میں ایسے واقعات بھی پیش آتے ہیں کہ لوگ حیران و پریشان ہوجاتے ہیں۔

    شادی کی تقریب سے ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دلہا اپنی دلہن کو ملنے والے سلامی کو چراتے ہوئے پایا گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن کی جھولی میں پیسوں (سلامی) کا ڈھیر پڑا ہے، ایسے میں دلہا آنکھ بچا کر دلہن کے سامنے رکھے پیسوں کو چرا کر اپنی جھولی میں ڈال لیتا ہے۔

    اس دوران شادی کے نیلے لباس میں ملبوس دلہن کو خبر تک نہیں ہوتی اور وہ دوستوں کے ساتھ ہنس ہنس کر باتیں کرنے میں مصروف نظر آرہی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرم پر ہرش پنڈورا نامی صارف نے یہ ویڈیو شیئر کی ہے جسے اب تک 19 لاکھ کے قریب صارفین دیکھ چکے ہیں۔

  • ارباز خان دوسری بار دلہا بننے کے لیے تیار، دلہنیاں کون ہوں گی؟

    ارباز خان دوسری بار دلہا بننے کے لیے تیار، دلہنیاں کون ہوں گی؟

    ممبئی:  بالی وڈ کے معروف اداکار ارباز خان کی دوسری شادی کی تاریخ سامنے آگئی وہ بالی وڈ کی میک اپ آرٹسٹ سے شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی سے بریک اَپ کے بعد وہ رواں ماہ 24 دسمبر کو میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے دوسری شادی کررہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار ارباز خان اور شورہ خان کی شادی کی تقریب ممبئی میں منعقد کی جائے گی، اس تقریب میں دونوں کے خاندان اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارباز خان کی دوسری دلہن بالی وڈ کی اداکارہ روینہ ٹنڈن کی پرسنل میک اپ آرٹسٹ ہیں، دونوں کی پہلی ملاقات ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔

    اس سے قبل ارباز خان کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی نے اپنے بریک اَپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ارباز خان بہت اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، اُن کے دل میں ہمیشہ اداکار کے لیے احساسات رہیں گے۔

    واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں اداکارہ و ہوسٹ ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔

  • امام الحق بھی جلد دلہا بنیں گے، شادی کی تاریخ سامنے آگئی

    امام الحق بھی جلد دلہا بنیں گے، شادی کی تاریخ سامنے آگئی

    ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اوپننگ بیٹر امام الحق کی ورلڈ کپ کے بعد شادی ہو گی جس کی تاریخ بھی سامنے آگئی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور آل راؤنڈر شاداب خان کے بعد اوپنر امام الحق بھی جلد دلہا بنیں گے، شادی ورلڈ کپ کے بعد طے کی گئی ہے۔

    امام الحق کی شادی ناروے کی شہریت رکھنے والی خاتون سے ہوگی، شادی کی تقریبات کا آغاز 23 نومبر سے لاہور میں ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق قوالی نائٹ کی تقریب 23 نومبر کو ہوگی جبکہ نکاح 25 نومبر کو طے پاگیا، اس کے علاوہ ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو لاہور میں ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق قومی بیٹر امام الحق شادی پر پرنس کوٹ پہنیں گے۔

  • دلہا کی معمولی بھول، دلہن نے غصے میں شادی سے انکار کردیا

    دلہا کی معمولی بھول، دلہن نے غصے میں شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں دلہن شادی والے دن فوٹو گرافر کا انتظام نہ ہونے پر اس قدر چراغ پا ہوئی کہ غصے میں شادی ہی توڑ ڈالی، دلہا دلہن لیے بغیر ہی بارات واپس لے گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں جب دلہا بارات لے کر آیا اور پتہ چلا کہ اس کے ساتھ کوئی فوٹوگرافر نہیں آیا تو دلہن غصے سے سیخ پا ہوگئی اور اس نے شادی سے ہی انکار کردیا۔

    شادی کی تقریبات زور و شور سے جاری تھیں اور باراتیوں سمیت میزبان ایونٹ کو خوب انجوائے کر رہے تھے تاہم جیسے ہی ورمالا (مالائیں پہنانے) کی رسم شروع ہوئی تو دلہن کو احساس ہوا کہ وہاں فوٹوگرافر موجود نہیں ہے۔

    دلہن نے اعتراض اٹھایا تو قریبی رشتے داروں نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ غصے میں یہ ہی کہتی رہی کہ جو شخص شادی کے دن کو سنجیدہ نہ لے وہ شادی کے بعد میرا کیا خیال رکھے گا؟

    بعد ازاں دلہن شادی پر ہنگامے کے بعد اپنے گھر سے نکل کر پڑوسیوں کے گھر چلی گئی اور دلہا بارات لے کر بغیر دلہن کے لوٹ گیا۔

  • برقع پوش خاتون دلہا سے بغل گیر ہوگئیں، دلہن پریشان

    برقع پوش خاتون دلہا سے بغل گیر ہوگئیں، دلہن پریشان

    بھارت میں شادی کی تقریب میں ایک برقع پوش خاتون نے دلہا سے بغل گیر ہو کر جہاں ایک طرف تو مہمانوں کو پریشان کردیا، وہیں دلہے کو بھی بوکھلاہٹ میں مبتلا کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس واقعے کی ویڈیو نے لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیر دی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی کی تقریب میں ایک برقع پوش خاتون اسٹیج پر چڑھ کر پہلے دلہن سے ملتی ہیں، اس کے بعد دلہے سے معانقہ کرتی ہیں۔

    خاتون کی اس حرکت سے دلہا بوکھلا جاتا ہے جبکہ دلہن اور شادی میں موجود افراد بھی الجھن میں دکھائی دیتے ہیں۔

    اس کے بعد نقاب پوش خاتون جب اپنا نقاب ہٹاتی ہیں تو نقاب کے پیچھے سے دلہا کا دوست نکلتا ہے، جس کے بعد پریشان مہمانوں کے چہرے کی رونق واپس آتی ہے اور سب ہنسنے لگتے ہیں۔

  • نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    عمان: اردن میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں دلہن نے یہ کہہ کر ماسک پہنے سے انکار کیا کہ اس کی لپ اسٹک خراب ہوجائے گی جس پر دلہا نے حاضرین اور نکاح خواں کے سامنے دلہن کو طلاق دے دی۔

    مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہا نے بروقت فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کی زندگی پرسکون رہے جبکہ کچھ نے اسے زیادتی قرار دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کے آفس میں دلہا، دلہن اور دیگر حاضرین نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تو رجسٹرار آفس کے اہلکار نے دلہن سے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن لیں۔

    رجسٹرار آفس کے اہلکار کی جانب سے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود دلہن نے ان کی بات نہ مانی، دلہا اور ان کے اہل خانہ نے بھی دلہن کو ماسک پہننے کے لیے کہا مگر دلہن کا ایک ہی جواب تھا کہ ماسک سے اس کی لپ اسٹک خراب ہو جائے گی جو بڑی محنت سے لگائی ہے۔

    دلہن کی بات سن کر دلہا کو غصہ آگیا اور اس نے کھڑے کھڑے یہ کہتے ہوئے دلہن کو طلاق دے دی کہ جو عورت پہلے دن ہی اپنے شوہر کی بات نہ مانے اس سے آئندہ کسی بھلائی کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔

    طلاق کے الفاظ سنتے ہی وہاں موجود دلہن کے اہل خانہ اور دیگر لوگوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی مگر دلہا نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کے دفتر سے نکل گیا۔

  • بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک دلہن نے شادی کی تقریب میں دلہا کو ہندی اخبار پڑھنے کے لیے کہا جس کے نہ پڑھ پانے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں دلہا کے ہندی اخبار نہ پڑھ سکنے پر شادی منسوخ ہوگئی۔

    دراصل دلہا ناخواندہ نہیں تھا، بلکہ اس کی بصارت کمزور تھی جس کی وجہ سے وہ اخبار نہیں پڑھ پایا۔

    شادی کی تقریب میں جب دلہا چشمہ پہن کر آیا تو دلہن اور اس کے گھر والوں کو یہ بات عجیب لگی، انہوں نے کسی سے سنا کہ چشمے کے بغیر دلہا کو کچھ دکھائی نہیں دیتا جس پر دلہن نے اسے آزمانے کا سوچا۔

    اس نے دلہا کو ایک ہندی اخبار دے کر کہا کہ اسے بغیر چشمے کے پڑھو، جس میں دلہا بری طرح ناکام ہوگیا، جس کے بعد لڑکی والوں نے شادی کینسل کردی۔

    دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ رشتہ طے ہونے سے قبل انہوں نے لڑکے کو چشمہ لگائے دیکھا تھا اور انہیں خیال گزرا کہ شاید وہ اسٹائل کے لیے چشمہ پہنے ہوئے ہو، لیکن جب وہ شادی کی تقریب میں بھی عینک پہن آیا تو ہمیں شک ہوا۔

    ان کی جانب سے دلہے کو موٹر سائیکل اور نقد رقم بھی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی۔

    یہی نہیں دلہن کے گھر والوں کی جانب سے دلہا اور اس کے گھر والوں کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

  • دلہا شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج سے فرار، افسوسناک واقعہ

    دلہا شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج سے فرار، افسوسناک واقعہ

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک ضلع میں شادی کے دوران لالچی دلہا اسٹیج سے اتر کر فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع قنوج کے گاؤں جگت پور میں عین شادی کی تقریب کے دوران دلہا اپنا مطالبہ پورا نہ ہونے پر اسٹیج سے اٹھ کر فرار ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق دلہا نے لڑکی کے گھر والوں سے جہیز کے علاوہ پچاس ہزار روپے رقم نقد بطور تحفہ مانگی، جس پر دلہن والوں نے رقم ادا کرنے سے انکار کیا تو وہ اسٹیج سے کھڑا ہو کر ٹہلنے نکلا اور موقع ملتے ہی فرار ہوگیا۔

    دلہا جب کافی دیر تک واپس نہیں آیا تو مہمان پریشان ہوئے اور لاپتہ ہونے کی خبر کے بعد تو ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ دلہا نے جہیز کے علاوہ پچاس ہزار روپے نقد رقم بطور تحفہ مانگی، جسے سُن کر لڑکی کے گھر والوں نے پیسے دینے سے انکار کیا تو وہ اسٹیج سے اتر کر چلا گیا۔

    مزید پڑھیں: عین شادی کے وقت دولہا فرار! پھر کیا ہوا؟

    دلہا کے فرار ہونے کے بعد ایک ایک کر کے باراتی بھی غائب ہونا شروع ہوئے جنہیں دیکھ کر لڑکی کے والد نے مہمانوں سے رکنے کی استدعا بھی کی مگر کسی نے ایک نہ سُنی۔

    تقریب میں شریک مہمان مشتعل ہوئے اور انہوں نے دلہے کے نانا، شادی کرانے والے شخص، کیمرا مین سمیت دو گاڑیوں کو یرغمال بنایا لیا، جبکہ پولیس میں شکایت درج کراکے انصاف کا تقاضہ بھی کیا۔

    دلہن کے والد نے پولیس کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی کرانے کے بعد یرغمال افراد کو جانے کی اجازت دی مگر شکایت پر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    دلہا کے والد نے بتایا کہ ہم نے اپنی بیٹی شیوانی کی نبی گنج گاؤں کے رہائشی دیویندر کے ساتھ 16 جون کو شادی طے کی تھی، بارات آنے سے قبل جہیز کا مکمل انتظام کیا گیا مگر پنڈال میں پہنچنے کے بعد دلہا نے پچاس ہزار روپے  کیش دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سالے کی چھیڑ چھاڑ سے پریشان دلہا طیش میں آگیا! پھر کیا ہوا؟ دلچسپ ویڈیو دیکھیں

    انہوں نے بتایا کہ ’میں نے دلہا اور اُس کے گھر والوں کو اپنی صورت حال سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی تھی کہ شادی کے بعد کسی سے قرض لے کر یہ رقم ادا کردوں گا مگر وہ نہ مانے اور رخصتی سے قبل ہی رقم ادا کرنے کا مطالبہ کرتے رہے‘۔

  • فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گئی جب دولہا شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا اور دلہن کی شادی مہمانوں میں شامل ایک شخص سے کردی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا، جہاں ایک گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب ڈرامائی صورت اختیار کر گئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دو بھائیوں اشوک اور نوین کی شادی اتوار کے دن ہونا تھی، اس سے قبل دونوں دولہوں اور خاندانوں نے شادی سے قبل کی تقریبات میں حصہ لیا۔

    ایک بھائی نوین نے بھی اپنی ہونے والی دلہن سندھو کے ساتھ شادی سے قبل کی رسومات انجام دیں۔

    تاہم عین شادی والے دن نوین غائب ہوگیا، جیسے کے بعد میں علم ہوا کہ نوین کی سابق محبوبہ نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شادی کی تو وہ تمام مہمانوں کے سامنے زہر پی کر خودکشی کرلے گی۔

    نوین اس سے ملنے چلا گیا اور شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا۔

    دوسری جانب سندھو اور اس کے اہلخانہ جو دلہے کے انتظار میں بیٹھے تھے ان حالات سے نہایت دلبرداشتہ ہوئے، تبھی وہیں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے دلہن کے لیے اپنا رشتہ پیش کردیا اور کہا کہ اگر دونوں خاندانوں کو اعتراض نہ ہو تو وہ دولہا بننے کے لیے تیار ہے۔

    سندھو کے اہلخانہ نے رشتہ قبول کرلیا اور سندھو دلہن بنی اس شخص کے ساتھ رخصت ہوگئی، فرار دولہے نوین کے بھائی اشوک کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوئی یوں یہ معاملہ خوشگوار انجام پر ختم ہوا۔

  • تیسری شادی کرنے والے دلہا کا بھیانک انجام

    تیسری شادی کرنے والے دلہا کا بھیانک انجام

    کراچی: شہر قائد میں تیسری شادی کرنے والے دلہے کی شامت آگئی ، پہلی بیوی اوراس کے رشتہ داروں نے ولیمےمیں پہنچ کر دلہے کی درگت بنا ڈالی ، دلہے نے بس کے نیچے چھپ کر  بڑی مشکل سے جان بچائی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہری کوتیسری شادی کرنا مہنگا پڑگیا، کراچی کےعلاقہ نارتھ ناظم آبادمیں ولیمہ کی تقریب میں پہلی بیوی نے آکر دولہا کا پول کھول دیا۔

    آصف نامی شخص کی مقامی شادی حال میں ولیمہ کی تقریب جاری تھی کہ اس کی پہلی بیوی اپنے خاندان والوں کےساتھ پہنچ گئی اور لڑکی والوں کومیاں کے کرتوت بتائے کہ موصوف نے پہلے ہی دو شادیاں کررکھی ہیں، آصف کے اہل خانہ نے جھوٹ بولا ہے۔

    جس کے بعد تقریب میں پہلی بیوی اوراس کے رشتہ داروں نے آصف کی درگت بنا ڈالی، زخمی آصف نے تیموریہ تھانے  پہنچ کر سسرالیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ، تھانے سے باہر نکلا تو دلہا کی پہلی بیوی کے اہلخانہ نے اسے پھردھوڈالا، تیسری شادی کرنیوالے دلہا نے بس کے نیچے چھپ کر جان بچائی۔

    میڈیا نمائندگان نے بڑی مشکل سے آصف کو بس کے نیچے سے نکال کرموقف لیا، آصف نے اپنی دوسری شادی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی درگت بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی۔

    دوسری جانب آصف کی پہلی بیوی ہونے کی دعوے دارخاتون کے مطابق دولہے کے خلاف دھوکے بازی کی ایف آئی آر پہلے بھی کٹ چکی ہے۔