Tag: دلہن

  • دلہا کی معمولی بھول، دلہن نے غصے میں شادی سے انکار کردیا

    دلہا کی معمولی بھول، دلہن نے غصے میں شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں دلہن شادی والے دن فوٹو گرافر کا انتظام نہ ہونے پر اس قدر چراغ پا ہوئی کہ غصے میں شادی ہی توڑ ڈالی، دلہا دلہن لیے بغیر ہی بارات واپس لے گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں جب دلہا بارات لے کر آیا اور پتہ چلا کہ اس کے ساتھ کوئی فوٹوگرافر نہیں آیا تو دلہن غصے سے سیخ پا ہوگئی اور اس نے شادی سے ہی انکار کردیا۔

    شادی کی تقریبات زور و شور سے جاری تھیں اور باراتیوں سمیت میزبان ایونٹ کو خوب انجوائے کر رہے تھے تاہم جیسے ہی ورمالا (مالائیں پہنانے) کی رسم شروع ہوئی تو دلہن کو احساس ہوا کہ وہاں فوٹوگرافر موجود نہیں ہے۔

    دلہن نے اعتراض اٹھایا تو قریبی رشتے داروں نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ غصے میں یہ ہی کہتی رہی کہ جو شخص شادی کے دن کو سنجیدہ نہ لے وہ شادی کے بعد میرا کیا خیال رکھے گا؟

    بعد ازاں دلہن شادی پر ہنگامے کے بعد اپنے گھر سے نکل کر پڑوسیوں کے گھر چلی گئی اور دلہا بارات لے کر بغیر دلہن کے لوٹ گیا۔

  • چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھی دلہن کا پروپوزل وائرل

    بھارت میں مہنگی اور انوکھی شادیوں کا رواج چل پڑا ہے اور دلہا دلہن اپنی شادی کو انوکھا ترین بنانے کے لیے ہر حد سے گزر جاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک دلہن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں سولہ سنگھار کیے ایک دلہن گاڑی کے بونٹ پر دلہے کے گھر کے نیچے کھڑی ہے اور بالی ووڈ فلم کے ایک ڈائیلاگ پر لپ سنک کرتی ہے۔

    پس منظر میں ڈائیلاگ سنائی دیتا ہے جس میں لڑکی کہتی ہے کہ مجھے شادی کرنی ہے تم سے۔

    دلہن بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے مشہور اسٹائل کی نقل بھی کرتی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر مختلف کمنٹس کیے، کچھ نے دلہن کو سراہا تو کچھ نے اسے احمقانہ حرکت قرار دی۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ اتنی گرمی میں کار کے اندر نہیں بیٹھا جارہا یہ باہر کیسے بیٹھی ہے۔

  • شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

    شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

    اکثر دلہا اور دلہن اپنی شادیوں میں انوکھے کام کرتے نظر آتے ہیں جن کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوجاتی ہیں، حال ہی میں ایک دلہن کی شادی پر ہوائی فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے۔

    انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں ایک دلہن کو اپنی شادی کے موقع پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی دلہن نے اپنی شادی میں گلابی رنگ کا لہنگا پہنا ہوا ہے اور شادی ہال کے باہر وہ پستول سے ہوائی فائرنگ کرتی نظر آرہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن نے پستول لوڈ کی اور 3 فائر کیے، اس دوران وہ مسکراتی ہوئی نظر آرہی ہے، اس کے بعد وہ اپنی پستول کسی اور کو تھما دیتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Deepesh Thakur (@deepesh966)

    اس ویڈیو کو انسٹا گرام پر کافی پسند کیا جا رہا ہے اور اب تک 67 ہزار سے زیادہ لوگ اسے دیکھ چکے ہیں، جبکہ صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • برقع پوش خاتون دلہا سے بغل گیر ہوگئیں، دلہن پریشان

    برقع پوش خاتون دلہا سے بغل گیر ہوگئیں، دلہن پریشان

    بھارت میں شادی کی تقریب میں ایک برقع پوش خاتون نے دلہا سے بغل گیر ہو کر جہاں ایک طرف تو مہمانوں کو پریشان کردیا، وہیں دلہے کو بھی بوکھلاہٹ میں مبتلا کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس واقعے کی ویڈیو نے لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیر دی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی کی تقریب میں ایک برقع پوش خاتون اسٹیج پر چڑھ کر پہلے دلہن سے ملتی ہیں، اس کے بعد دلہے سے معانقہ کرتی ہیں۔

    خاتون کی اس حرکت سے دلہا بوکھلا جاتا ہے جبکہ دلہن اور شادی میں موجود افراد بھی الجھن میں دکھائی دیتے ہیں۔

    اس کے بعد نقاب پوش خاتون جب اپنا نقاب ہٹاتی ہیں تو نقاب کے پیچھے سے دلہا کا دوست نکلتا ہے، جس کے بعد پریشان مہمانوں کے چہرے کی رونق واپس آتی ہے اور سب ہنسنے لگتے ہیں۔

  • بیوٹی ایکسپرٹ کی دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے کارآمد ٹپس

    بیوٹی ایکسپرٹ کی دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے کارآمد ٹپس

    موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں شادیوں کا سیزن بھی شروع ہوجاتا ہے، بیوٹی ایکسپرٹس کے مطابق دلہنوں کو شادی کے 6 ماہ قبل سے اپنی جلد اور بالوں کا خیال رکھنا شروع کردینا چاہیئے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بیوٹی ایکسپرٹ بینش پرویز نے دلہن بننے والی لڑکیوں کو کارآمد ٹپس بتائیں۔

    بینش کا کہنا تھا کہ شادی سے 6 ماہ قبل کسی ڈرماٹولوجسٹ کا دورہ کریں تاکہ جلدی مسائل کا علاج اور ان کا ٹریٹمنٹ ہوسکے۔

    انہوں نے کہا کہ سن اسکرین اور موئسچرائزر کا باقاعدہ استعمال رکھیں اس سے جلد کے مسائل میں کمی آتی ہے۔

    بینش نے بتایا کہ شادی سے 3 سے 4 ماہ پہلے ریگولر فیشل کروانا شروع کردیں، بالوں کا رنگ بہت ہلکا نہ کروائیں تاکہ بھوؤں اور بالوں کے رنگ میں ہم آہنگی ہو۔

    انہوں نے کہا میک اپ کٹ میں اسٹک کونٹور، میک اپ ریموور، موائسچرائزر، سن اسکرین اور لائٹ ویٹ بیس ضرور رکھیں۔

    بینش نے بتایا کہ اگر لائٹ ویٹ بیس دستیاب نہیں تو بیس کو موائسچرائزر کے ساتھ مکس کر کے استعمال کریں۔

  • نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    عمان: اردن میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں دلہن نے یہ کہہ کر ماسک پہنے سے انکار کیا کہ اس کی لپ اسٹک خراب ہوجائے گی جس پر دلہا نے حاضرین اور نکاح خواں کے سامنے دلہن کو طلاق دے دی۔

    مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہا نے بروقت فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کی زندگی پرسکون رہے جبکہ کچھ نے اسے زیادتی قرار دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کے آفس میں دلہا، دلہن اور دیگر حاضرین نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تو رجسٹرار آفس کے اہلکار نے دلہن سے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن لیں۔

    رجسٹرار آفس کے اہلکار کی جانب سے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود دلہن نے ان کی بات نہ مانی، دلہا اور ان کے اہل خانہ نے بھی دلہن کو ماسک پہننے کے لیے کہا مگر دلہن کا ایک ہی جواب تھا کہ ماسک سے اس کی لپ اسٹک خراب ہو جائے گی جو بڑی محنت سے لگائی ہے۔

    دلہن کی بات سن کر دلہا کو غصہ آگیا اور اس نے کھڑے کھڑے یہ کہتے ہوئے دلہن کو طلاق دے دی کہ جو عورت پہلے دن ہی اپنے شوہر کی بات نہ مانے اس سے آئندہ کسی بھلائی کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔

    طلاق کے الفاظ سنتے ہی وہاں موجود دلہن کے اہل خانہ اور دیگر لوگوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی مگر دلہا نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کے دفتر سے نکل گیا۔

  • بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    بھارت: دلہا اخبار نہ پڑھ سکا، دلہن نے شادی سے انکار کردیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک دلہن نے شادی کی تقریب میں دلہا کو ہندی اخبار پڑھنے کے لیے کہا جس کے نہ پڑھ پانے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں دلہا کے ہندی اخبار نہ پڑھ سکنے پر شادی منسوخ ہوگئی۔

    دراصل دلہا ناخواندہ نہیں تھا، بلکہ اس کی بصارت کمزور تھی جس کی وجہ سے وہ اخبار نہیں پڑھ پایا۔

    شادی کی تقریب میں جب دلہا چشمہ پہن کر آیا تو دلہن اور اس کے گھر والوں کو یہ بات عجیب لگی، انہوں نے کسی سے سنا کہ چشمے کے بغیر دلہا کو کچھ دکھائی نہیں دیتا جس پر دلہن نے اسے آزمانے کا سوچا۔

    اس نے دلہا کو ایک ہندی اخبار دے کر کہا کہ اسے بغیر چشمے کے پڑھو، جس میں دلہا بری طرح ناکام ہوگیا، جس کے بعد لڑکی والوں نے شادی کینسل کردی۔

    دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ رشتہ طے ہونے سے قبل انہوں نے لڑکے کو چشمہ لگائے دیکھا تھا اور انہیں خیال گزرا کہ شاید وہ اسٹائل کے لیے چشمہ پہنے ہوئے ہو، لیکن جب وہ شادی کی تقریب میں بھی عینک پہن آیا تو ہمیں شک ہوا۔

    ان کی جانب سے دلہے کو موٹر سائیکل اور نقد رقم بھی دی گئی تھی جو واپس لے لی گئی۔

    یہی نہیں دلہن کے گھر والوں کی جانب سے دلہا اور اس کے گھر والوں کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

  • پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ڈھائی فٹ قد کے مالک عظیم منصوری کی دلہن کی تلاش ختم ہوگئی، انہیں اپنی پسند کی شریک حیات مل گئی جس کا قد بھی انہی کی طرح ڈھائی فٹ ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عظیم منصوری نے کچھ عرصہ قبل پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس سے اپنے لیے دلہن ڈھونڈنے کی گزارش کی تھی، اس وقت ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی تھی کہ ہر شخص انہیں پہچاننے لگا تھا۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ راتوں رات مشہور ہوگئے تھے اور ملک کے مختلف حصوں سے ان کے لیے رشتے آنے لگے۔ ان ڈھیر سارے رشتوں میں عظیم منصوری نے ہاپوڑ کی رہائشی بشریٰ کو اپنی شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ بشریٰ کا قد بھی ڈھائی فٹ ہے۔

    دونوں کی بات طے پاچکی ہے اور جلد ہی دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ 20 سالہ بشریٰ بی کام سال اول کی پڑھائی کر رہی ہے اور پڑھائی پوری ہونے کے بعد دونوں کا نکاح ہو جائے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بشریٰ کی بڑی بہن زویا کا کہنا ہے کہ عظیم اور بشریٰ کی شادی طے ہونے کے بعد ہم سب بہت خوش ہیں اور بشریٰ بہت خوش قسمت ہے کہ اسے عظیم جیسا ہمسفر ملا ہے۔

    بشریٰ کی والدہ نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ زویا کے لیے بھی لڑکا دیکھ رہے ہیں اور جلد دونوں بہنوں کا ایک ساتھ نکاح کردیا جائے گا۔

  • فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گئی جب دولہا شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا اور دلہن کی شادی مہمانوں میں شامل ایک شخص سے کردی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا، جہاں ایک گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب ڈرامائی صورت اختیار کر گئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دو بھائیوں اشوک اور نوین کی شادی اتوار کے دن ہونا تھی، اس سے قبل دونوں دولہوں اور خاندانوں نے شادی سے قبل کی تقریبات میں حصہ لیا۔

    ایک بھائی نوین نے بھی اپنی ہونے والی دلہن سندھو کے ساتھ شادی سے قبل کی رسومات انجام دیں۔

    تاہم عین شادی والے دن نوین غائب ہوگیا، جیسے کے بعد میں علم ہوا کہ نوین کی سابق محبوبہ نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شادی کی تو وہ تمام مہمانوں کے سامنے زہر پی کر خودکشی کرلے گی۔

    نوین اس سے ملنے چلا گیا اور شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا۔

    دوسری جانب سندھو اور اس کے اہلخانہ جو دلہے کے انتظار میں بیٹھے تھے ان حالات سے نہایت دلبرداشتہ ہوئے، تبھی وہیں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے دلہن کے لیے اپنا رشتہ پیش کردیا اور کہا کہ اگر دونوں خاندانوں کو اعتراض نہ ہو تو وہ دولہا بننے کے لیے تیار ہے۔

    سندھو کے اہلخانہ نے رشتہ قبول کرلیا اور سندھو دلہن بنی اس شخص کے ساتھ رخصت ہوگئی، فرار دولہے نوین کے بھائی اشوک کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوئی یوں یہ معاملہ خوشگوار انجام پر ختم ہوا۔

  • دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نادیہ حسین کی کارآمد ٹپس

    دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نادیہ حسین کی کارآمد ٹپس

    کراچی: معروف بیوٹیشنز نادیہ حسین اور دیگر نے دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے نہایت کارآمد ٹپس بتائیں جنہیں اپنا کر برائیڈل میک اپ میں مزید خوبصورتی پیدا ہوسکے گی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں نادیہ حسین، اینجی مارشل اور بینش پرویز نے شرکت کی اور جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی دلہنوں کے لیے نہایت فائدہ مند ٹپس بتائیں۔

    اینجی نے بتایا کہ دلہنوں میں ابٹن کا استعمال بہت عام ہے لیکن اس سے جلد خشک ہوجاتی ہے، اس کی وجہ سے برائیڈل میک اپ میں کافی دشواری پیش آتی ہے، انہوں نے بتایا کہ دلہنیں ابٹن کا استعمال چہرے پر نہ کریں۔

    نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ اکثر لڑکیاں جب برائیڈل میک اپ کرنے آتی ہیں تو وہ گھر سے ہی معمولی سا میک اپ کر کے آتی ہیں۔ اس کی وجہ سے چہرے پر کلینزر لگا کر اسے صاف کرنا، جلد کو نارمل ہونے دینا اور پھر میک اپ کرنا نہ صرف وقت لیتا ہے بلکہ جلد کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

    بینش پرویز نے بتایا کہ دلہنوں کی تیاری کئی ماہ پہلے سے شروع ہوجانی چاہیئے اور ہر ماہ کم از کم چہرے کا فیشل ضرور ہو، دلہن بننے سے قبل آخری فیشل 2 سے 3 دن قبل کیا جاتا ہے۔

    نادیہ نے بتایا کہ اکثر دلہنیں چہرے اور آئی بروز کی تھریڈنگ برائیڈل میک اپ کروانے والے دن ہی کرواتی ہیں جس سے میک اپ سیٹ نہیں ہونے پاتا، یہ کام ایک دن قبل انجام دے لینا چاہیئے۔

    علاوہ ازیں اگر کسی نے لیزر ٹریٹمنٹ کروانی ہے تو وہ کم از کم 15 سے 20 دن قبل کروائے کیونکہ لیزر ٹریٹمنٹ کے بعد جلد کو مندمل ہونے میں کم از کم 15 روز کا وقت لگتا ہے۔