Tag: دلیپ دوشی

  • بھارت کے سابق لیفٹ آرم اسپنر دلیپ دوشی چل بسے

    بھارت کے سابق لیفٹ آرم اسپنر دلیپ دوشی چل بسے

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق لیفٹ آرم اسپنر دلیپ دوشی 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی لیفٹ آرم اسپنر دلیپ دوشی کا انتقال دل کی تکلیف کے باعث لندن میں ہوا، جہاں وہ کئی دہائیوں سے مقیم تھے۔

    دلیپ دوشی نے بھارت کے لیے 33 ٹیسٹ میچز میں 114 وکٹیں لیں، وہ 83-1982ء میں پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

    دوشی نے 32 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیااور 1980 کی دہائی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، کیونکہ وہ اس وقت ہندوستانی کرکٹ کو چلانے کے طریقے سے متفق نہیں تھے۔

    2008 میں کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اسپن بولنگ عقل کی جنگ ہے۔وہ اپنی خصوصیات کو 1981 کے میلبورن ٹیسٹ میں سامنے لائے، جو بھارت نے جیتا تھا۔جس میں انہوں نے پانچ وکٹوں کے ساتھ اہم کردار ادا کیا تھا۔

    اس سے قبل احمد آباد طیارہ حادثے میں بھارتی نژاد نوجوان کرکٹر بھی ہلاک ہوگیا تھا۔ حادثے کے 6 دن بعد ہندوستانی نژاد کرکٹر دیرگھ پٹیل کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔

    کرکٹر کی عمر 23 سال تھی اور وہ انگلینڈ میں لیڈز کے ایک کلب‘لیڈز ماڈرن کرکٹ کلب’کے لیے کھیلے تھے۔دیرگھ پٹیل لیڈز ماڈرن کلب کے لیے بطور آل راؤنڈر شامل تھے۔

    20 میچوں میں 300 سے زیادہ رنز بنانے کے علاوہ انہوں نے 29 وکٹیں بھی لیں۔ لیڈز کلب نے دیرگھ کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،‘ہم اس مشکل وقت میں دیرگھ پٹیل کے خاندان اور جاننے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    گجرات کے دیرگھ پٹیل نے انگلستان کی یونیورسٹی آف ہڈرز فیلڈ سے مصنوعی ذہانت میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کی ہے۔

  • دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    دنیا میں دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور راز سے پردہ اٹھا دیا ہے، اس راز کا تعلق سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میاں داد اسٹوریز میں سابق مایہ ناز پاکستانی کرکٹر جاوید میاں داد نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے مشہور واقعے ‘تیرا روم نمبر کیا ہے؟’ سے متعلق وضاحت کی ہے۔

    میاں داد نے بتایا کہ سابق بھارتی اسپنر دلیپ دوشی میرے اچھے دوست تھے، ہم فیملی فرینڈ رہے، ہم نے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، انھوں نے ناٹنگھم سے نہایت شائستگی سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، ہمارا ملنا جلنا بہت تھا، اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دلیپ دوشی سے میچ کے دوران کیوں بار بار پوچھتے تھے کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟

    میاں داد نے کہا کہ جب بنگلور میں میچ ہو رہا تھا تو ایک تو وہ سنیل گواسکر کی ہدایت پر لیگ سائیڈ پر گیند کرے جا رہے تھے، اور میں پیڈ مارے جا رہا تھا، وکٹ بہت ٹرننگ تھی، اس وقت میں نے سنیل گواسکر سے کہا کہ دنیا میں میں نے دو ہستیاں دیکھیں جو ٹانگ پکڑتی ہیں، ایک تو کتا ٹانگ پکڑتا ہے اور ایک دلیپ نے میری ٹانگ پکڑی ہوئی ہے، جس پر وہ بہت ہنسے تھے۔

    جاوید میاں داد نے تاریخی ورلڈ کپ میں بھارتی کھلاڑی کی نقل کیوں‌ اتاری؟

    میاں داد نے کہا کہ میں دلیپ دوشی سے پوچھا کرتا تھا کہ تیرا روم نمبر کیا ہے؟ دلیپ اور سنیل اس پر پوچھنے لگے کہ یہ روم نمبر کیوں پوچھ رہے ہیں بار بار۔ جب دلیپ نے روم نمبر بتایا تو میں نے کہا دو چار فیلڈر وہاں بھی کھڑے کر لیں، میں اب وہاں ماروں گا گیند۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان اس طرح کے مذاق چلتے رہتے تھے، انھیں غلط نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ایک وقت میں اتنے قریب آ گئے تھے کہ فیملی جیسے تعلقات بن گئے تھے، بھارت سے میچ دیکھنے آنے والے کہتے تھے کہ ہم اس طرح کی مہمان نوازی نہیں کر سکتے جس طرح پاکستان میں ہمارا خیال رکھا گیا۔ لاہور میں میچ کے دوران لوگوں نے مہمانوں کو اپنے گھروں میں ٹھہرایا تھا کیوں کہ ہوٹل سارے بک تھے، وہ وقت واپس آنا چاہیے۔ بھارتی ٹی وی پر میرا پروگرام چلتا تھا ‘میاں داد آپ کے گھر میں’ کے نام سے۔ میں نے انڈیا میں لوگوں کو بیٹ سائن کر کے دیے، لوگ ہمیں چائے پلاتے تھے، بڑی تعداد میں لوگ ملنے آ جاتے تھے۔ ہم نے بہت اچھا وقت گزارا۔

    خیال رہے کہ راجکوٹ گجرات میں پیدا ہونے والے دلیپ دوشی نے بھارت کی طرف سے صرف 33 ٹیسٹ میچ کھیل کر 114 وکٹیں حاصل کی تھیں، سلو لفٹ آرم لیگ اسپنر دوشی ابھی اور کھیل سکتے تھے مگر اس وقت کے کپتان سنیل گواسکر کے ساتھ ان کے اختلافات جو دورہ پاکستان کے دوران شدت اختیار کر گئے تھے، کی وجہ سے انھیں وقت سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنا پڑی۔