Tag: دوا ساز کمپنیاں

  • دوا ساز کمپنیوں نے 5 جنوری سے احتجاجی مظاہروں کی دھمکی دے دی

    لاہور: پاکستان میں وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث جان بچانے والی ادویات کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، فارما انڈسٹری کے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کی دھمکی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر کے مریضوں کی انسولین مارکیٹ سے غائب ہو گئی ہے، اسی طرح گردوں اور دل کے امراض کی بہت سے ادویات بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

    پاکستان ڈرگ لائر فورم کے صدر نور مہر نے بتایا کہ بہت سی ادویات کراچی پورٹ اور لاہور ڈرائی پورٹ اور ملک کی دیگر مختلف پورٹس پر پڑی ہوئی ہیں، جنھیں تاحال کلیئر نہیں کروایا جا سکے۔

    نور مہر کے مطابق پاکستان میں ادویات کا 91 فی صد خام مال باہر کے ممالک سے امپورٹ کیا جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ فارما انڈسٹری کے ملازمین مجبوراً سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں، اگر فارما انڈسٹری اور فارماسسٹوں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو 5 جنوری سے پورے پاکستان میں فارماسوٹیکل فرمز مجبوراً بند کر کے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

    نور مہر نے کہا کہ بہت ساری فارماسوٹیکل فرمز بند ہونے کے قریب تر پہنچ گئی ہیں۔

  • شہباز حکومت میں دوا ساز کمپنیاں بھی زوال پذیر، ایک اور ملٹی نیشنل فارما کمپنی نے پیداوار بند کردی

    شہباز حکومت میں دوا ساز کمپنیاں بھی زوال پذیر، ایک اور ملٹی نیشنل فارما کمپنی نے پیداوار بند کردی

    اسلام آباد: ایک اور ملٹی نیشنل فارما کمپنی نے پاکستان میں آپریشنز بند کرنے کا اعلان کردیا ، جس کے بعد پروڈکشن بند کرنے والی دواسازکمپنیوں کی تعداد اٹھارہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہبازحکومت میں دواسازکمپنیاں بھی زوال پذیر ہوگئیں ، ملک میں فارما کی صنعت بحران کا شکار ہے ، جس کے باعث متعدد دواسازکمپنیاں بند ہوگئیں۔

    ذیابیطیس اور دیگراہم دوائیں بنانی والی فارما کمپنی نے پاکستان میں آپریشنز بند کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد ملک میں پروڈکشن بند کرنے والی دواسازکمپنیوں کی تعداد اٹھارہ ہوگئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ فارما مسائل کے حوالے سے متعدد خطوط لکھے کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی جبکہ کمپنی کی جانب سے ڈاکٹرز کو جاری کردہ خط بھی سامنےآگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقص حکومتی پالیسی کی وجہ سے ملٹی نیشنل کمپنیاں آپریشن بند کر رہی ہے، اب تک 40فارما کمپنیز میں سے 18 پاکستان میں اپنے آپریشنز بندکر چکی ہیں۔

  • ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ، وفاقی حکومت نے ایکشن لے لیا

    ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ، وفاقی حکومت نے ایکشن لے لیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اورغیر قانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بعض دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر ایکشن لے لیا۔

    وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ دوا ساز کمپنیوں نے دواؤں کی قیمت از خود بڑھا لی ہیں، کچھ دواؤں کی قیمتوں میں 9 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    عامر کیانی نے کہا کہ از خود قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

    وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی معاملے کا جائزہ خود لے رہے ہیں۔

    مارکیٹ میں مخلتف کمپنیوں کی ادوایات کے من مانے ریٹ کے معاملے پر صوبائی وزیر صحت نے موبائل ایپ بنانے کا اعلان کر دیا ہے، یاسمین راشد نے کہا کہ جلد موبائل ایپ بنائی جائے گی جس سے عوام ادویات کی قیمتیں دیکھ سکیں گے۔

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ من مانے ریٹ پر ادویات فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ مارکیٹ میں ایک دوائی کو مختلف کمپنیاں من مانی ریٹ پر فروخت کر رہی ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے بعض افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت دوا اور ٹیسٹ کی سہولیات برقرار ہیں، پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مفت ٹیسٹ سہولت ختم نہیں کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ٹیسٹ و دیگر آپریشنل چارجز سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا، سرکاری اسپتالوں میں کچھ ٹیسٹس کے چارجز معمول کے مطابق ہیں۔