Tag: دودھ

  • بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں: غزہ ڈاکٹرز

    بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں: غزہ ڈاکٹرز

    غزہ: ڈاکٹروں نے دہائی دی ہے کہ وہ غزہ میں بچوں کی جان بچانے کے لیے دودھ کی جگہ چینی اور پانی کا شربت پلانے پر مجبور ہیں، دنیا مدد کرے۔

    الجزیرہ کے مطابق غزہ کے ڈاکٹرز نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے، دودھ نہیں ہے اور ہم بچوں کی جان بچانے کے لیے چینی اور پانی کا شربت پلا رہے ہیں۔

    کمال عدوان اسپتال کے ڈاکٹرز نے کہا کہ نومولود بچے بھوک سے نڈھال ہیں، دنیا ان بچوں پر رحم کرے، یونیسیف کا کہنا ہے کہ خوراک نہ ہونے سے ہر لمحہ بچوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے۔ یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے ’’فوری جنگ بندی‘‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ’’مہلک‘‘ غذائی قلت کا سامنا ہے۔

    دوسری طرف اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، رفح، دیر البلح اور خان یونس میں رات گئے حملوں کی اطلاع کے ساتھ غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ رفح میں بمباری سے 11 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ شمالی غزہ میں مکانوں پر بمباری کی گئی جس میں 4 فلسطینی شہید ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے رفح میں حملے کو اشتعال انگیز اور ناقابل بیان قرار دیا۔

    7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30,320 فلسطینی شہید اور 71,533 زخمی ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج بھی جاری ہے، اور غزہ میں جنگ بند کرنے اور غزہ والوں کو جینے دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، اسکاٹ لینڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی نکالی اور غزہ میں نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا۔

    واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ امریکی حکومت اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنا بند کرے، ہزاروں اسرائیلوں نے بھی یروشلم کی جانب مارچ کیا، تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف بڑا احتجاج کیا گیا، ملائشیا میں بھی بچوں کے علامتی جنازے اٹھا کر مارچ کیا گیا۔

  • دودھ کے نام پر سفید جعلی محلول کی ترسیل ناکام بنادی گئی

    دودھ کے نام پر سفید جعلی محلول کی ترسیل ناکام بنادی گئی

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ اور مضر صحت ماوا تلف کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ والا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سرگرم ہو گئی اور گجرات کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہزاروں لیٹر ملاوٹی اور مضر صحت دودھ اور اس سے بنا ہوا ماوہ تلف کر دیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سیفٹی ٹیموں کی جانب سے شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی ہے، 50 ہزار لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا جبکہ 37 دودھ فروشوں کو 2 لاکھ سے زائدکے جرمانے کئے گئے۔

    اس کارروائی کے حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ 2800 لیٹر سے زائد مضرصحت دودھ موقع پرتلف کردیا گیا، جدیدترین مشین لیکٹواسکین کے ذریعے کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    پنجاب میں شدید دھند، موٹر ویز مختلف مقامات پر بند

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ میں پانی کی ملاوٹ سے قدرتی چکنائی کی کمی پائی گئی، غیر معیاری ملاوٹی دودھ کو ملحقہ علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

  • ویڈیو: گھر کی دہلیز پر فیملی سے لوٹ مار، لٹیروں نے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا

    ویڈیو: گھر کی دہلیز پر فیملی سے لوٹ مار، لٹیروں نے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا

    کراچی: شہر قائد میں بے رحم لٹیروں کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، لوٹ مار کے ایک واقعے میں ایک فیملی سے فون اور نقدی کے ساتھ بچے کے دودھ کا بیگ بھی چھین لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں جمعہ کے روز ڈکیتی کی ایک اور افسوس ناک واردات ہوئی ہے، گھر سے نکلتے ہوئے شہری کو دہلیز ہی پر موٹر سائیکل سوار دو لٹیروں نے گھیر لیا، شہری کے ساتھ اس اہلیہ بھی موجود تھی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دن دہاڑے کی گئی واردات کو دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج میں اسلحہ بردار لٹیرے کا چہرہ بھی واضح نظر آتا ہے، جو اس وجہ سے باعث حیرت ہے کہ انھیں پہچانے اور پکڑے جانے کا خوف کیوں نہیں ہے۔

    فوٹیج می دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار لٹیرے گلی میں آتے ہیں اور شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین لیتے ہیں، اس کے بعد وہ معصوم بچے کے دودھ کا بیگ بھی چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔

    کراچی کا شہری اپنی ہیوی بائیک سے محروم، واردات کی فوٹیج سامنے آگئی

    شہری نے لٹیروں سے بچے کے دودھ کا بیگ مانگا بھی لیکن انھوں نے واپس نہیں کیا، اس دوران خاتون بھی کچھ کہتی دکھائی دیتی ہے لیکن شہری نے اسے روکا کہ وہ خاموش رہے۔

  • کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام

    کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام

    ساہیوال/راولپنڈی: ساہیوال میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی میں جعلی دودھ کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیم نے پاکپتن روڈ پر جعلی دودھ بنانے والی ایک فیکٹری پر چھاپا مار کر کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیکٹری سے 450 کلو خشک پاؤڈر، 140 لٹر کھلا آئل، اور 85 کلو وئے پاؤڈر برآمد کیا، کارروائی میں 32 کلو ویجٹیبل گھی، کیمیکل ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق تھانہ غلہ منڈی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پاؤڈر اور گھی کی ملاوٹ سے دودھ نما سفیدی تیار کی جا رہی تھی، کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے تقریباً 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کیا جانا تھا، اور مضر صحت اجزا سے ہزاروں لیٹر یہ زہریلا دودھ شہر بھر میں سپلائی کیا جانا تھا۔

    ادھر راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی میں 3000 لیٹر جب کہ جہلم میں 1350 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف گیا گیا، فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے اسلام آباد ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر 93 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا۔

    تلف کیے جانے والے دودھ میں پانی اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ پائی گئی، ضائع کیا جانے والا دودھ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 8 سپلائرز کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار اور شہری کو بے رحمی سے گولی مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر لٹیروں کی جنت بن چکا ہے، اسٹریٹ کریمنلز اطمینان سے وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، اور فوٹیجز ہونے کے باوجود کراچی پولیس جرائم پیشہ افراد اور وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

    تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 12 مئی کو دودھ کے تاجر کو تعاقب کے بعد گولی مار کر 7 لاکھ روپے چھینے کی واردات کی گئی تھی، جس کی ایف آئی آر تیرہ مئی کو درج کی گئی۔

    مقدمے کے مطابق دودھ کا تاجر موٹر سائیکل پر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے رقم کی ریکوری کے لیے نکلا تھا، جب وہ لیاقت آباد پہنچا تو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا، جس پر لٹیروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔

    ایف آئی آر کے مطابق چلائی گئی گولی پہلے تاجر کی ٹانگ پر لگی اور پھر موٹر سائیکل کے ٹائر پر جا لگی، گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، لیکن اسی حالت میں وہ موٹر سائیکل بھگاتا رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ جب وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پہنچا تو سڑک پر گڑھے کے باعث اس کی موٹر سائیکل گر پڑی، اور وہ بھی گر گیا، اس دوران لٹیرے بھی پستول ہاتھ میں لیے پہنچ گئے۔

    ڈاکوؤں نے بائیک میں موجود 7 لاکھ روپے لیے، اور پھر ایک لٹیرے نے تاجر سے بھی اس کا موبائل فون چھین لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • اسرائیل میں مصنوعی دودھ کی فروخت کی منظوری

    اسرائیل میں مصنوعی دودھ کی فروخت کی منظوری

    تل ابیب : اسرائیلی حکومت نے گائے کے بغیر لیباریٹری میں تیار کیے جانے والے مصنوعی دودھ کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے لیبارٹری میں تیار کردہ مصنوعی لیکن غذائیت سے بھرپور دودھ اور ڈیری مصنوعات کے لیے اپنا پہلا مارکیٹنگ اور فروخت کا لائسنس جاری کیا ہے۔

     Soy milk, the healthiest and most nutritious plant-based milk alternative (Illustrative). (photo credit: PXHERE)

    اسرائیل انوویشن اتھارٹی (آئی آئی اے) نے جمعرات کو ایک بیان میں اعلان کیا کہ مقامی فوڈ اسٹارٹ اپ ریملک کو ان روزمرہ کھانے کی اشیاء کی مارکیٹنگ کا لائسنس دیا گیا ہے جن کے پروٹین اصلی دودھ کے پروٹین کی طرح ہیں۔

    ریملک کے مطابق پنیر، دہی اور آئس کریم سمیت ڈیری مصنوعات بنانے کے لیے پروٹین کو وٹامنز، معدنیات اور جانوروں کی چربی کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ اس پیداواری عمل سے وہ کولیسٹرول اور لیکٹوز جیسے ناپسندیدہ اجزاء سے چھٹکارا حاصل کرنے علاوہ مویشی پروری میں استعمال ہونے والے گروتھ ہارمونز اور اینٹی بائیوٹک سے پاک ہیں۔

    آئی آئی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فوڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے اسرائیل اور پوری دنیا کیلئے ایک تاریخی دن ہے، حکومت کی طرف سے منظوری پوری اسرائیلی فوڈ ٹیکنالوجی مارکیٹ کے لیے بھی پہلا اور اہم سنگ میل ہے۔

  • راولپنڈی میں دودھ کی فی لٹر قیمت 20 روپے بڑھا دی گئی

    راولپنڈی میں دودھ کی فی لٹر قیمت 20 روپے بڑھا دی گئی

    راولپنڈی کے ڈیری فارمرز مالکان نے دودھ فی کلو 180 روپے سے بڑھ کر 200 روپے کا کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دودھ، دہی، آٹے اور چینی کی قیمت میں 10 سے 20 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ کوکنگ آئل کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔

    دہی فی کلو قمیت میں 20 روپے اضافے کے بعد 200 روپے سے بڑھ 220 فروخت کی جارہی ہے، جبکہ آٹےکا 15 کلو کا تھیلا اوپن مارکیٹ میں  2120 روپے فروخت ہورہا ہے۔

    اس کے علاوہ کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 50 روپے کمی آئی ہے، مختلف برانڈز کا کوکنگ آئل 620 سے 650 تک  میں فروخت ہو رہا ہے مختلف برانڈز کا گھی 600 سے 620 روپے کا ہوگیا تاہم چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی کلو چینی کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 110 روپے ہوگئی۔

  • کوئٹہ میں دودھ کی فی لٹر قیمت 40 روپے بڑھا دی گئی

    کوئٹہ میں دودھ کی فی لٹر قیمت 40 روپے بڑھا دی گئی

    کوئٹہ میں ڈیری فارم مالکان نے دودھ کی قیمت میں 40 روپے اضافہ کردیا۔

    بلوچستان ڈیری فارم کے صدر نے کہا ہے کہ دودھ فی لیٹر 200 روپے میں فروخت کریں گے۔

    واضح رہے کہ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت 13 روپے، زندہ مرغی 23 روپے 55 پیسے مہنگی ہوئی، کیلے 10 روپے 37 پیسےفی درجن مہنگے ہوئے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو اوسط قیمت 3 روپے 15 پیسے بڑھ گئی، دال ماش ایک روپے 20 پیسے اور سگریٹ 76.45 فیصد مہنگا ہو گیا۔

    ایک ہفتے کے دوران دہی، تازہ دودھ،بیف اور مٹن مہنگا ہوگیا، اس کے علاوہ آٹے، دال مونگ ، گڑ، آلو کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

  • کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت

    کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے، دودھ کی فی کلو قیمت 220 روپے تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، مختلف علاقوں میں دودھ 210 سے 220 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دودھ کی قیمت بڑھانی پڑی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے دکان دار نے پوچھ گچھ پر طیش میں آ کر اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کردی تھی۔

    کراچی کے علاقے سچل سکندر گوٹھ میں میں مہنگے داموں دودھ کی فروخت کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر عام شہری بن کر گئے تو ان پر دودھ فروش نے فائرنگ کردی۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ دکاندار سے سرکاری ریٹ پوچھے تو وہ طیش میں آگیا، انہوں نے پولیس موبائل طلب کی تو دودھ فروش نے دکان بند کردی اور جب باہر نکلنے کا کہا تو اس نے فائرنگ کردی۔

  • مائیگرین سے نجات کے لیے تلسی کا استعمال کیسے کریں؟

    مائیگرین سے نجات کے لیے تلسی کا استعمال کیسے کریں؟

    جس طرح ایک مکمل غذا ہونے کے ناطے انسانی جسم کے لیے دودھ کے بے تحاشا فوائد ہیں، اسی طرح تلسی کے پتے بھی زبردست افادیت رکھتے ہیں۔

    ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر دودھ میں تلسی کے پتوں کو ابال کر پیا جائے تو اس کے فوائد میں اضافہ ہو جاتا ہے اور اس طرح بہت سی بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ تلسی کو دودھ میں ملا کر پینے سے مائیگرین جیسی تکلیف دہ بیماری سے بھی نجات مل سکتی ہے؟

    مائیگرین سے نجات کے لیے تلسی کا استعمال کیسے کریں؟

    موجودہ دور میں مائیگرین یعنی شقیقہ کے مریضوں کی تعداد دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اکثر سردرد سے پریشان رہتے ہیں، اگر تلسی اور دودھ کا باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو اس مسئلے کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

    درد شقیقہ سے نجات کے لیے تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر روزانہ پئیں، آہستہ آہستہ نصف سر کا درد جاتا رہے گا۔

    دمہ

    تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پینے کے دیگر فائدے بھی ہیں، یہ دمہ کی بیماری کو بھی دور کرتا ہے، اگر آپ دمہ یا سانس کی تکلیف کے شکار ہیں تو اس سے بچنے کے لیے تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پئیں، ایسا کرنے سے دمہ کے مریض کو کافی آرام ملتا ہے۔

    ڈپریشن

    تلسی اور دودھ ڈپریشن کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے، تلسی کے دودھ کے استعمال سے ڈپریشن کم ہوتا ہے اور ذہنی تناؤ دور ہو جاتا ہے۔

    پتھری کا درد

    گردے کی پتھری کی صورت میں اگر تلسی کے پتوں کو دودھ میں ابال کر پیا جائے تو اس سے پتھری اور گردے کے درد کا مسئلہ بھی دور ہو جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ تلسی میں دافع سوزش اور اینٹی بیکٹیریل خواص موجود ہیں، اور اس جڑی بوٹی میں موجود تیل سانس، پیشاب، پیٹ اور جلد کے انفیکشن والے لوگوں میں بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد کر سکتا ہے۔