Tag: دورہ امریکا

  • وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا، 18 اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے سلسلے میں 18 دو طرفہ ملاقاتوں کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکی دورے کے موقع پر متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، اس سلسلے میں تفصیلی شیڈول تیار کر لیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کل سعودی عرب سے امریکا روانہ ہوں گے، ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم 10 سے زاید ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کی امریکا میں ورلڈ بینک کے صدر سے اہم ملاقات ہوگی، وہ مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ذرایع نے شیڈول سے متعلق بتایا تھا کہ وزیر اعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 2 ملاقاتیں طے ہیں، امریکی صدر سے پہلی ملاقات ظہرانے کے بعد جب کہ دوسری ملاقات ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

    خیال رہے کہ دورہ امریکا کی تیاریوں کے سلسلے میں اس بات پر بھی مشاورت کی گئی تھی کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    اس کے علاوہ نریندر مودی کے خلاف جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تیاریاں،  زلفی بخاری کی اہم ملاقاتیں

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تیاریاں، زلفی بخاری کی اہم ملاقاتیں

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے امریکا میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

    امریکا میں مقیم کشمیری وفد نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور غلام نبی فائی سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے شاندار استقبال اور دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف جارحانہ حکمت عملی پر مشاورت مکمل کی گئی، اس کے علاوہ نریندر مودی کے خلاف جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران شدید احتجاج کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے دوران ملاقاتوں کے شیڈول پر بھی مشاورت کی گئی، یو این جنرل اسمبلی سیشن کے دوران پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرانے پر بھی غور کیا گیا۔

    دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ کا شیڈول مرتب کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 21 ستمبر کو امریکہ پہنچیں گے۔

    وزیر اعظم کی امریکی صدر ڈوملڈ ٹرمپ سے دو ملاقاتیں طے ہیں، امریکی صدر سے پہلی ملاقات طہرانے کے بعد جبکہ دوسری ملاقات ہائی ٹی کے موقع پر ہوگی۔

  • افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعثِ تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی شیڈول کے مطابق آج دورہ امریکا پر جانے والے تھے تاہم انھوں نے دورہ منسوخ کر دیا، ادھر اے این پی کے صدر نے اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تشویش کا باعث ہے۔

    اسفندیار ولی خان نے افغانستان میں امن معاہدے کے سلسلے میں کہا کہ فریقین کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی معاہدہ کام یاب نہیں ہو سکتا۔

    خیال رہے کہ صدر اشرف غنی آج ہفتے کو امریکی دورے پر روانہ ہونے والے تھے، یہ دورہ ایک ایسے وقت میں شیڈول کیا گیا تھا جب ملک میں طالبان اور امریکا کے درمیان جاری امن معاہدے سے متعلق شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    تاہم افغان میڈیا کے مطابق کابل میں گزشتہ روز ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد افغان صدر نے اپنے بیان میں امریکا طالبان مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بے معنی ہیں، طالبان گروپ بدستور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہا ہے، ایسے میں امن کی امید لگانا بے معنی ہے۔

    دریں اثنا، اے این پی سربراہ اسفندیار ولی نے کشمیر کے سلسلے میں کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والا تشدد بند کرائے۔

  • کشمیر پر ہٹ دھرمی بھارت کو مہنگی پڑ سکتی ہے: شاہ محمود

    کشمیر پر ہٹ دھرمی بھارت کو مہنگی پڑ سکتی ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں توقع نہیں تھی کہ ٹرمپ ثالثی کی پیش کش کریں گے، بھارت مذاکرات کی طرف نہیں آئے گا تو حالات بگڑتے جائیں گے، کشمیر پر ہٹ دھرمی بھارت کو مہنگی پڑ سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر پر امریکی ثالثی کی پیش کش پاکستان کی بڑی کام یابی ہے، ثالثی کی درخواست مودی نے کی، اب وہ انکار کر رہے ہیں اور ثالثی کی پیش کش پر سیخ پا ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال بگڑتی جا رہی ہے، امریکا کو باور کرا دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔

    شاہ محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا بھارت سے تعلقات رکھنا چاہتا ہے رکھے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  محبوبہ مفتی کی اضافی بھارتی فوجی اہل کار بھیجنے کی مذمت

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم طالبان کو افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے قائل کریں گے، افغان انتخابات میں طالبان کو بھی شامل ہونا چاہیے، امریکا کی خواہش ہے افغانستان کے اندر بھی انٹرا مذاکرات ہونے چاہئیں۔

    شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان معاون اور مدد گار بننے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں چاہتا، کوشش یہی ہے افغانستان میں بلٹ بیلٹ میں تبدیل ہو جائے، نہیں چاہتے خطہ کسی اور جنگ میں جائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ امریکا میں سرمایہ کاروں سے بہت اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ٹرمپ نے کہا پاکستان کے ساتھ ٹریڈ سے مطمئن نہیں ہوں، ٹریڈ کو مزید بڑھایا جائے۔

  • کامیاب دورہ امریکا: عمران خان دنیا کے مقبول ترین لیڈرز کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آگئے

    کامیاب دورہ امریکا: عمران خان دنیا کے مقبول ترین لیڈرز کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آگئے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی، جس کے بعد عمران خان دنیا بھر کے مقبول ترین لیڈرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یراعظم عمران خان دنیا بھر میں ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مقبول ہونے والے پاکستانی سیاست دانوں میں تو سرفہرست تھے تاہم وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا کے بعد ان کے ٹوئٹر پر فالوورز جو 4 ماہ قبل9.6 ملین تھے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ گئے۔

    جس کے بعد عمران خان ٹوئٹر پر دنیا بھر کے مقبول ترین لیڈرز اور سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد کے لحاظ سے پہلے نمبر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، جن کے فالوورز 6 کروڑ 22 لاکھ ہیں، دوسرے نمبر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے فالوورز 4 کروڑ 88 لاکھ ہیں۔

    تیسرے نمبر پر پوپ فرانسس کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 81 لاکھ اور چوتھے نمبر پر ترک صدر طیب اردوان ایک کروڑ 40 لاکھ فالوورز کے ساتھ ہیں۔

    فہرست میں پانچویں نمبر پر سابق بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج ایک کروڑ 30 لاکھ فالوورز کے ساتھ ہیں، انڈونیشین صدر جوکو ویدودو ایک کروڑ 18 لاکھ فالوورز کے ساتھ چھٹے جب کہ اردن کی ملکہ رانیہ ایک کروڑ 5 لاکھ فالوورز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد کو مات دے کر آٹھویں نمبر پر ہیں، متحدہ عرب امارات کے شیخ محمد کے فالوورز کی تعداد 97 لاکھ ہے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، وزیر اعظم دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے

    وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، وزیر اعظم دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 25جولائی کو طلب کرلیا، اجلاس میں عمران خان کامیاب دورہ امریکا پرکابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وطن پہنچتے ہی حکومتی امور فوری طور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز جمعرات25 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا.

    وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکا پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    اس کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سفارتی محاذ پرکامیابیوں اور امریکا میں اہم ملاقاتوں سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔
    عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

    وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔

  • امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا پر امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد پیش کی گئی، جس میں عمران خان کو بہادر اور ایمان دار قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان کے رکن جیکسن لی نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کا خیر مقدم کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

    قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، قرارداد میں افغان امن عمل میں وزیر اعظم عمران خان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا: وزیر خارجہ

    متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے قبائلی علاقوں میں پہلی بار حکومتی عمل داری قایم کی، پاکستان میں صورت حال میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاری واپس آ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں پاکستان کو بہادر اور ایمان دار قیادت میسر آئی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں پاکستان کو جس اعتماد اور دانش مندی سے پیش کیا، اس نے ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکا سے متعلق کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے پاکستان کہاں تھا یہ جاننا ہوگا، 5 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، 6 سال سے امریکا میں لابنگ کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل کا پاکستان تنہائی کا شکار ملک تھا، افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات پروان چڑھ رہے تھے، پاکستان کی آئسولیشن کو ہم نے وائٹ ہاؤس کے دعوت نامےمیں تبدیل کر دیا، پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

    واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط باہمی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہونےچاہیئں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    آرمی چیف نے امریکی قائم مقام وزیر دفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

    انہوں نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

  • پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    پاک امریکا تعلقات خوش حالی کی ضمانت ہے: عمران خان، پومپیو ملاقات کا اعلامیہ

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی پاکستان ہاؤس، واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی حل کی امید سے خطے میں امن کی راہ ہم وار ہو رہی ہے، پُر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے ناگزیر ہے.

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان، امریکا کے درمیان گہرے روابط کی ضرورت ہے۔

    ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ مشترکہ مفادات کے لیے پاکستان اور امریکا کے مضبوط تعلقات ضروری ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں نہ تو امداد مانگی، نہ ہی ہم امداد چاہتے ہیں، عمران خان

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا مضبوط تعلقات خطے میں امن، استحکام اور خوش حالی کی ضمانت ہے، نیز ہم امریکا سے تعلقات میں مختلف شعبوں میں توسیع چاہتے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، دریں اثنا، وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کو حکومتی کام یابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کی کوششوں کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا، کہا گیا کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات پاکستان کی خواہش ہے، نیز پاکستان نے مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے بھارت سے تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر بھی بات کی، کہا گیا کہ پر امن ہمسائیگی سے جنوبی ایشیا میں امن ،ترقی اور خوش حالی ہوگی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی صدر کی ملاقات

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکی صدر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی مصافحہ کیا۔

    وائٹ ہاؤس پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    آرمی چیف پینٹا گون میں اہم ملاقاتیں کریں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف قایم مقام امریکی وزیر دفاع سے ملاقات کریں گے۔

    آرمی چیف امریکی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے، یہ ملاقاتیں وزیر اعظم کی وائٹ ہاؤس ملاقات کے بعد ہوں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان ٹرمپ ملاقات، امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی

    خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر کے مابین تاریخی ملاقات ہوئی، جس میں چند اہم اعلانات کیے گئے۔

    امریکی صدر نے پاکستان کے وزیر اعظم کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی اور کہا کہ بھارتی صدر نریندر مودی بھی ان سے ثالثی کی بات کر چکے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت ان کے ساتھ ہے، اس لیے یقین دلاتا ہوں کہ ہم جو وعدہ کریں گے اسے پورا کریں گے۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بات چیت سے افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے عسکری قیادت بھی ان کے ساتھ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں نکل سکتا، افغانستان میں امن کی پاکستانی خواہش پر کسی شک کی گنجایش نہیں، افغان امن کا زیادہ فائدہ افغانستان کے بعد پاکستان کو ملے گا۔