Tag: دورہ برطانیہ

  • امیرالبحر کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل، دوطرفہ عسکری تعاون پر زور

    امیرالبحر کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل، دوطرفہ عسکری تعاون پر زور

    لندن: پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ برطانیہ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، دورے کے دوران انہوں نے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ عسکری تعاون پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ دورے کے آخری مرحلے میں امیرالبحر نے اہم ملاقاتیں کیں، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے خطاب بھی کیا، ایڈمرل ظفر محمود برطانیہ کے وائس چیف آف ڈیفنس سے بھی ملے۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف کی رائل کمانڈرآپریشنزنیوی اور کمانڈنٹ کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔

    نیول چیف نے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں طلبا اور اساتذہ سے خطاب کیا، خطاب کے دوران ایڈمرل ظفرمحمود نے خطے کی سیکیوٹی صورت حال کا احاطہ اور بحری افواج کے کردار پر روشنی ڈالی۔ دریں اثنا نیول چیف نے برٹش تھنک ٹینک سے بھی خطاب کیا اور حاضرین سے بات چیت کی۔

    نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو برطانیہ رائل نیول کالج میڈل سے نواز دیا گیا

    پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کا دورہ بحری افواج کے تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل نیول چیف برطانیہ پہنچے، انہیں برطانیہ رائل نیول کالج میڈل سے بھی نوازا گیا، میڈل فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی کی جانب سے خصوصی عشائیہ میں دیا گیا تھا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود کی برطانوی شہزادہ چارلس سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود کی برطانوی شہزادہ چارلس سے ملاقات

    لندن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی شہزادہ چارلس سے ملاقات کی ہے، یہ ملاقات کینسنگٹن پیلس میں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے شہزادہ چارلس سے کینسنگٹن پیلس میں ملاقات کی، شاہ محمود نے اس موقع پر کہا کہ ہم شہزادہ ولیم اور اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔

    برطانوی شہزادہ چارلس نے کہا کہ ان کی دورۂ پاکستان کی ابھی تک یادیں تازہ ہیں، دوبارہ دورے کا خواہاں ہوں۔ اس موقع پر شہزادہ چارلس نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل بیرونز پیٹریشیا سے ملاقات

    دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود نے لندن میں دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل بیرونز پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے بھی ملاقات کی، جس میں انھوں نے دو طرفہ باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ تنظیم نے کامن ویلتھ کی سترویں سال گرہ کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجرا پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    بیرونز پیٹریشیا نے اس موقع پر کہا کہ دولت مشترکہ تنظیم میں پاکستان کا کردار انتہائی فعال اور قابل تحسین ہے۔

    وزیر خارجہ نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کی برطانیہ آمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ نے کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹینا فری لینڈ سے بھی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت اطمینان بخش ہے۔

    کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے جرأت مندانہ فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کنیڈین وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو دورہ کینیڈا کی دعوت بھی دی۔

  • امریکی صدر ٹرمپ تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

    امریکی صدر ٹرمپ تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

    لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، ان کے ہمراہ اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی موجود ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکہ برطانیہ کی دعوت تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ گئے، امریکی صدر کا برطانیہ کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

    ٹرمپ کے برطانیہ پہنچنے پر شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا بعدازاں صدر ٹرمپ اور ملکہ برطانیہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔

    امریکی صدر کے دورے میں بریگزٹ ڈیل کے علاوہ خطے میں تبدیل ہوتی سیاسی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، شام سے اتحادی افواج کی واپسی، خلیج فارس میں ایرانی مداخلت اور دیگر امور زیر بحث لائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میئر لندن صادق خان پر شدید تنقید، بے حس میئر قرار دے دیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ روانگی سے قبل ایک انٹرویو میں برطانیہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یورپی یونین سے علیحدگی کے امور طے نہیں ہوتے ہیں تو برطانیہ نہ صرف بنا ڈیل کے علیحدہ ہوجائے بلکہ وہ 50 ارب ڈالرز کی رقم دینے سے بھی معذرت کرلے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں 50 ارب ڈالرز کی خطیر رقم ادا کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر نے دورہ برطانیہ سے محض دو روز قبل اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں میگھن مرکل پر تنقید کی تھی اور لندن آتے ہوئے دوران سفر میئر لندن صادق خان کو نااہل کہا تھا۔

  • امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کا دورہ برطانیہ منسوخ

    امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کا دورہ برطانیہ منسوخ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری میں برطانیہ کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا، اب ان کی جگہ ریکس ٹلرسن برطانیہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے اپنے قریب ترین اتحادی برطانیہ کے ساتھ بھی فاصلے بڑھنے لگے، صدر ڈونلڈٹرمپ نے برطانیہ کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری میں برطانیہ کا دورہ کرنا تھا اور لندن میں امریکی سفارت خانے کا افتتاح کرنا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جگہ اب وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن برطانیہ کا دورہ کریں گے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کوخدشہ تھا برطانیہ میں ان کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا، اس کے علاوہ امریکی صدر کی ملکہ الزبتھ سے ملاقات بھی طے نہیں ہوسکی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال 21 فروری کو میئرصادق خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےبرطانیہ کے دورے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کا برطانیہ میں شاندار استقبال نہیں ہونا چاہیے۔


    برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا ٹرمپ کا دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ


    یاد رہے کہ 30 نومبر 2017 کو امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمان مخالف ویڈیوزری ٹویٹ کرنے پربرطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے ٹرمپ کا دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔