Tag: دورہ بنگلہ دیش

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر

    دورہ بنگلہ دیش، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر

    لاہور: دورہ بنگلہ دیش کے لئے لاہور میں لگایا گیا قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا،ٹیم پیر کو ڈھاکہ روانہ ہوگی۔

    دورہ بنگلہ دیش کی تیاریوں کے لئے منگل سے شروع ہونے والا قومی کرکٹرز کا مختصر تربیتی کیمپ آج ختم ہوگیا۔

    کیمپ میں کھلاڑیوں نے مختلف سیشنز میں بھرپور پریکٹس کی جس میں بولنگ ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دی گئی۔

     کیمپ کے چوتھے روز دو ٹیمیں تشکیل دے کر پریکٹس میچ بھی کرایا گیا، کیمپ ختم ہونے کے بعد کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔

    اسکواڈ پیر کی صبح ڈھاکہ روانہ ہوگا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز سترہ اپریل کو ہوگا۔

    واضح رہے کہ یہ دوہزار گیارہ کے بعد گرین شرٹس کا پہلا دورہ بنگلہ دیش ہوگا۔ سیریز تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے سترہ اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز اٹھائیس اپریل سے ہوگا۔

  • دورہ بنگلہ دیش: قومی ٹیم کاتربیتی کیمپ کل سے لگے گا

    دورہ بنگلہ دیش: قومی ٹیم کاتربیتی کیمپ کل سے لگے گا

    لاہور : دورہ بنگلہ دیش کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے لاہور میں لگے گا۔ باہمی سیریز کے شیڈول کا بھی باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔

    دورہ بنگلہ دیش کے لئے کھلاڑیوں کی کل سے دوڑیں لگیں گی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہیڈ کوچ وقار یونس کی نگرانی کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔

    پلئیرز کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ صبح اور شام کے سیشنز میں ٹریننگ ہوگی۔ جس کے لئے پانچ پچز پہلے ہی تیار کرلی گئی ہیں۔

    کھلاڑی آج ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ کو رپورٹ کریں گے۔ باقاعدہ کیمپ منگل سے شروع ہوگا۔ ٹیم تیرہ اپریل کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگی۔

    یہ دوہزار گیارہ کے بعد گرین شرٹس کا پہلا دورہ بنگلہ دیش ہوگا۔ سیریز تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے سترہ اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز اٹھائیس اپریل سے ہوگا۔

  • دورہ بنگلہ دیش، سیریز کے شیڈول کا اعلان آج ہونے کا امکان

    دورہ بنگلہ دیش، سیریز کے شیڈول کا اعلان آج ہونے کا امکان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے شیڈول کا اعلان آج ہونے کا امکان ہے۔

    دورہ بنگلہ دیش کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان تو ہوگیا لیکن شیڈول کو حتمی شکل ابھی تک نہیں دی گئی، دونوں بورڈز کے درمیان مالی امور میں کچھ ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ امید ہے معاملات حل ہونے کے بعد شیڈول کا اعلان آج کردیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق گرین شرٹس تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کیلئے تیرہ اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی۔

    وارم اپ میچ پندرہ اپریل کو ہوگا۔

    ون ڈے سیریز کا آغاز سترہ اپریل کو میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں ہوگا، دیگر دو ون ڈے انیس اور بائیس اپریل کو کھیلے جائیں گے، واحد ٹی ٹوئنٹی میچ چوبیس اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔

    دو ٹیسٹ کی سیریز کے میچ اٹھائیس اپریل اور چھ مئی سے ہوں گے۔ دورہ بنگلہ دیش کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھ اپریل سے لاہور میں لگے گا۔

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    لاہور : دورہ بنگلہ دیش کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی نے تینوں فارمیٹس کے لئے کپتانوں سے مشاورت مکمل کرلی، سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

    ورلڈ کپ میں بری پرفارمنس دکھانے والوں کی چھٹی ہوگئی، عمر اکمل اور یونس خان کے نام پر لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ ڈسپلن  کی خلاف ورزی بھی کئی کھلاڑیوں کی سلیکشن کے آڑے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کے لئے سلیکٹرزنے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔فیصلہ تینوں کپتانوں کی سے مشاورت کیا گیاہے۔

    مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ جبکہ عمر اکمل ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے، عمر اکمل کو مسلسل ناقص کارکردگی پر تینوں فارمیٹ کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ احمد شہزاد کو بھی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے اور صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان سمیع اسلم، بابر اعظم، محمد رضوان اور فواد عالم کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

    ایک روزہ ٹیم: سمیع اسلم، سرفراز احمد، اظہر علی، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل، سہیل خان۔

    ٹیسٹ ٹیم: بابر اعظم ، محمد حفیظ، سمیع اسلم، مصباح الحق، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسر شاہ، ذوالفقاربابر، سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان، راحت علی۔

    ٹی ٹوئنٹی: احمد شہزاد، سرفراز احمد، محمد حفیظ، مختار احمد، صہیب مقصود، حارث سہیل، سعید اجمل، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سعد نسیم، وہاب ریاض، سہیل خان، عمر گل، جنید خان

    چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی آزادانہ فیصلے لے رہی ہے، ہمیں چیئرمین پی سی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم پر فیصلے کرنے کے لئے کوئی دباؤ نہیں۔

    ٹیم اپریل کے دوسرے ہفتے میں بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ ٹریننگ کیمپ سات اپریل سے لاہور میں شروع ہوگا۔

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز متوقع

    دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز متوقع

    لاہور: دورۂ بنگلہ دیش کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، ورلڈ کپ کھیلنے والے متعدد کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    دورہ بنگلہ دیش کے لئے ٹیم میں کون ان ہوگا اور کون آؤٹ ہوگا، اس کے لئے نو منتخب سلیکشن کمیٹی مشاورت میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے متعدد کھلاڑی دورہ بنگلہ دیش میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    شاہد آفریدی اور مصباح الحق ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو خراب رویہ کے سبب ٹیم میں جگہ نہیں دی جائے گی۔

    محمد عرفان انجری جبکہ یونس خان اور احسان عادل خراب کارکردگی کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

    سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اظہر علی کپتان، سرفراز احمد نائب کپتان، محمد حفیظ، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، فواد عالم، بابر اعظم، محمد رضوان، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان، راحت علی اور سعید اجمل شامل ہیں۔

    اسپنر یاسر شاہ اور ظفر گوہر میں سے کسی ایک کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ چھ اور سات اپریل کو لاہور میں لگے گا۔ قومی ٹیم تیرہ اپریل کو بنگلہ دیش کے لئے روانہ ہوگی۔

  • پاک ویل چیئرکرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

    پاک ویل چیئرکرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی

    لاہور: پاکستان ویل چیئر کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش کی تیاریوں میں مصروف ہے،کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ معذوری ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔

    معذوری راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی یہ ثابت کیا ہے پاکستان ویل چئیر کرکٹ ٹیم نے جو دورہ بنگلہ دیش کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پورے ملک سے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے بعد اب خامیوں کو دور کیا جارہا ہے۔

    پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر صادق محمد ان کرکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ اس مرتبہ بنگلہ دیش کی سرزمین پر پاکستانی پرچم بلند ہوگا۔

    دورہ بنگلہ دیش میں پاکستان ویل چیئرٹیم ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی،نئے قوانین کے ساتھ کھیلنے کا الگ تجربہ ہوگا۔