Tag: دورہ سعودی عرب

  • ہم آپ کی کارکردگی، کام کی رفتارسے آگاہ ہیں! سعودی وزیر کا وزیراعظم سے مکالمہ

    ہم آپ کی کارکردگی، کام کی رفتارسے آگاہ ہیں! سعودی وزیر کا وزیراعظم سے مکالمہ

    سعودی وزیر سرمایہ کاری نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں ان سے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور وزیر خزانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی وزیر سرمایہ کاری نے ان کی کام کرنے کی رفتار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کی ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں۔

    وزیراعظم سے سعودی وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف نے بھی ملاقات کی، ملاقاتیں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر ہوئیں۔

    وزیراعظم نے پاکستان کا ہرمشکل میں ساتھ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے، سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں۔

    خالد آل فالیح نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    وزیرسرمایہ کاری خالد آل فالیح نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے پاکستان ہماری ترجیح ہے۔ زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے سعودی عرب کی ترقی میں نمایاں کردارادا کیا، سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔

    سعودی وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے، سعودی عرب نے ویژن 2030 کیلئے مشکل فیصلے کیے ہیں۔

    سعودی وزیر صنعت کی جانب سے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا، انھوں نے کہا کہ سعودی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے رابطے میں ہوں،

    بندربن ابراہیم الخیریف نے کہا کہ سعودی نجی کمپنیاں بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گی، نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کیلئے روانہ

    وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کیلئے روانہ

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پرروانہ ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے،  وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب اور خواجہ آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے، وزیراعظم آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے  پھر عمرہ ادا کریں گے۔

    وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ریکوڈک میں بڑی سرمایہ کاری کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سرمایہ کاری کے لیے مراعات پر بریفنگ دیں گے، ریکوڈک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا حجم سب سے بڑا ہوگا۔

  • شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں سلیمان اور نوازشریف کے بیٹے کی موجودگی، سوشل میڈیا صارفین برہم

    شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات میں سلیمان اور نوازشریف کے بیٹے کی موجودگی، سوشل میڈیا صارفین برہم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کے سرکاری وفد میں بیٹے سلیمان شہباز اور بھتیجے حسین نواز کی موجودگی پر سوشل میڈیا پر صارفین نے برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر نواز شریف کے بیٹے حسین نواز اور سلیمان نواز کی پاکستانی وفد میں موجودگی پر سوال اٹھے گئے ؟

    شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران بیٹے اور بھتیجے کی موجودگی پرسوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کیا۔

    صارفین نے کہا کہ حسین نواز اور سلیمان نوازسرکاری وفد کا حصے کیسے بنے ؟؟ شتہاری ملزم نے کس حیثیت سے ولی عہد محمد بن سلمان سے وفد کیساتھ ملاقات کی۔

    خیال رہے حسین نواز اور سلیمان شہباز نے پاکستانی وفد کے ہمراہ عمرہ بھی کیا اور روضہ رسول "صَلَّىٰ ٱللَّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ پر بھی حاضری دی۔

  • تھائی وزیر اعظم کا 30 سال بعد سعودی عرب کے دورے کا اعلان

    تھائی وزیر اعظم کا 30 سال بعد سعودی عرب کے دورے کا اعلان

    ریاض: تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے سعودی عرب کے دورے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم منگل کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے، تقریباً تین دہائی قبل زیورات کی چوری کے معاملے پر سفارتی تنازع کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات ہوگی۔

    تھائی لینڈ کے وزیر اعظم 25 سے 26 جنوری تک سعودی عرب کے دورے پر ہوں گے۔

    روئٹرز کے مطابق 1989 میں سعودی شہزادے کے محل میں کام کرنے والے ایک تھائی چوکیدار نے تقریباً 20 ملین ڈالر کے زیورات کی چوری کی تھی، جس کے بعد سعودی عرب نے بنکاک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو گھٹا دیا تھا، اس واقعے کو ‘بلیو ڈائمنڈ افیئر’ کہا جاتا ہے، اس نایاب نیلے ہیرے سمیت بڑی تعداد میں جواہرات برآمد ہونا ابھی باقی ہے۔

    سعودی وزارت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایوتھ چان اوچا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر منگل کو سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ شروع کریں گے۔

    وزارت نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کے درمیان ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مشترکہ دل چسپی کے امور پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آ سکیں گے۔

    واضح رہے کہ زیورات کی چوری کا یہ واقعہ تھائی لینڈ کے سب سے بڑے حل طلب اسراروں میں سے ایک ہے، چوری کے بعد تباہی کا ایک خونی سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جس میں تھائی لینڈ کے کچھ اعلیٰ پولیس جنرلوں کو ملوث پایا گیا۔

    چوری کے ایک سال بعد تھائی لینڈ میں تین سعودی سفارت کاروں کو ایک ہی رات میں تین الگ الگ واقعات میں قتل کر دیا گیا تھا۔

    ایک ماہ بعد، ایک سعودی تاجر محمد الرویلی، جو فائرنگ کے ایک واقعے کا عینی شاہد تھا، لاپتا کر دیا گیا اور بعد ازاں 2014 میں، تھائی فوجداری عدالت نے پانچ افراد کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا، جن میں ایک اعلیٰ پولیس افسر بھی شامل تھا، جن پر روئیلی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔

    اب تھائی لینڈ تیل کی دولت سے مالا مال مملکت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا خواہش مند ہے، اس واقعے کے بعد سے تھائی لینڈ کو دو طرفہ تجارت اور سیاحت کی آمدنی رکنے سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور دسیوں ہزار تھائی تارکین وطن کارکن ملازمتوں سے محروم رہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی سفیر  کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی

    وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی سفیر کی دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی

    لاہور : وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سعودی سفیر کی جانب سے دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی اور کہا تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر سے دیکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے سعودی عرب کےسفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران ملاقات دبئی ایکسپو میں باہمی تجارت کے فروغ کے لیےایم او یو سائن کرنے پر اتفاق کیا گیا ، عثمان بزدار نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون میں زیرواین او سی کی پالیسی لارہے ہیں ، پنجاب میں بزنس کوفرینڈلی اور رسک فری بنا رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کےلیےسی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بنارہے ہیں ، سعودی عرب نےہر مشکل گھڑی میں معاونت کر کے تعلق نبھایا، پاکستان او رسعودی عرب کےعوام اسلامی اخوت میں بندھے ہیں ، تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر سے دیکھتے ہیں۔

    سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوسعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شکریےکے ساتھ دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی۔

    سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول پرحکومت کوسراہتے ہوئے کہا پاکستان کےلوگ محبت کرنے والے اور منفرد ہیں ، پاکستان ہر نعمت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بیرون ملک سےسیاحوں کےآنے سے پاکستان کا امیج بہتر ہوسکتا ہے۔

  • وزیراعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سے کئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی

    وزیراعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سے کئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے بارے میں رہنماوں کا اعتماد میں لے لیا اور سعودیہ سمیت مختلف ممالک سےکئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سعودی عرب کے دورہ سے متعلق اجلاس ہوا، ، جس میں وفاقی وزرا، معاونین اور وزارت خارجہ کے حکام شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کے بارے میں رہنماوں کا اعتماد میں لیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں معاہدوں کا جائزہ لیا گیا، اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعظم کو سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور قیدیوں کی سزاؤں کی مدت،جرمانوں کی تفصیل،واپس لانےسے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    معاون خصوصی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم کو بلین ٹری سونامی منصوبہ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ، جس کے بعد وزیر اعظم نے سعودیہ سمیت مختلف ممالک سےکئی منصوبے آگے بڑھانے پر بھی مشاورت مکمل کرلی۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب میں سعودی قیادت سےاہم ملاقاتیں کی جبکہ اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

    اس دوران دونوں ممالک کے درمیان منشیات اور سائیکوٹر وپک مادہ کی اسمگلنگ روکنے کیلئے یاداشتوں ، پاکستان میں توانائی، ہائیڈرو پاور جنریشن، انفرا اسٹرکچر  ، مواصلات اورآبی وسائل کےشعبےمیں ترقی کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ، دونوں ممالک میں سزایافتہ قیدیوں کےتبادلےسےمتعلق بھی معاہدہ ہوا۔

  • وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں  قید سیکڑوں پاکستانیوں کی  رہائی کا اعلان متوقع

    وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع

    ریاض : وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع ہے جبکہ 3شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پردستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر بلال اکبر نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کےدورہ سعودی عرب میں 3شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پردستخط ہوں گے جبکہ دورےمیں قیدیوں سےمتعلق اجلاس ہوگا، جس میں سعودی تعاون سےقیدیوں کی رہائی میں تیزی لائی جائے گی ، جس کے بعد سعودی عرب سے سیکڑوں قیدی رہا ہوکر پاکستان جائیں گے۔

    بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سفارتخانےمیں ہیلپ لائن قائم کررہےہیں جو24گھنٹےکام کرےگی، ہیلپ لائن پرکمیونٹی اپنےمسائل بیان کرسکتی ہے ، کمیونٹی اشتراک پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ مسائل سن کرمدد کی جاسکے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران کا 7مئی کوسعودی عرب کے 2روزہ دورےکاامکان ہے ، عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی سعودی عرب جائے گا، دورے کے دوران عمران خان سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں مختلف امورزیرغورآئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ سعودی عرب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہےہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ماہ دورہ سعودی عرب کا امکان

    وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ماہ دورہ سعودی عرب کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب کے دورے کا امکان ہے ، اس دوران وزیراعظم سعودی ولی عہداوردیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کاآئندہ ماہ دورہ سعودی عرب کا امکان ہے،ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ دورہ سعودی عرب کے شیڈول کوحتمی شکل دی جارہی ہے، وزیراعظم رمضان کے آخری عشرے میں سعودی عرب کادورہ کر سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہداوردیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب سعودی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان گرین انیشیئٹو کی منظوری دے دی ہے، گرین پاکستان اور گرین سعودی عرب معاہدے کے نکات فائنل کرلئے گئے ہیں۔

    سعودی عرب نے معاہدے کی تفصیلات پاکستان کو بھیج دیں ، سعودی عرب کی جانب سے بھیجا گیا معاہدہ منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو ارسال کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے رواں ماہ کے آغاز میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرکے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی تھی، جس پر عمران خان نے سعودی ولی عہد کی دعوت قبول کر لی تھی۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی جانب سے اعلان کیے گئے ’گرین سعودی اقدام‘ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے’ 10 بلین ٹری سونامی‘ پراجیکٹ پر روشنی ڈالی اور کہا تھا کہ یہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    جاپانی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب: خالص اون سے بنے خیمے قائم، شاہی ضیافت کا اہتمام

    ریاض: جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار شدہ خیمے سجا دیے گئے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے شاہی ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

    سعودی خبر رساں اداروں کے مطابق جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کی سعودی عرب آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا۔

    مملکت کے ولی عہد و نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپانی وزیر اعظم کے لیے العلا میں خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

    شہزادہ سلمان کی ہدایت پر معزز مہمان اور ان کے وفد کے لیے العلا کے تاریخی مقام پر خصوصی خیمے نصب کروائے گئے۔ یہ خیمے مملکت کی روایت کے مطابق موسم سرما کے لیے خصوصی طور پر خالص اون سے تیار کیے جاتے ہیں، خیموں کو ’بیت الشعر‘ کہا جاتا ہے۔

    شاہی ضیافت کے لیے پہنچنے کے بعد جاپانی وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال سعودی عرب کی روایت کے مطابق ثقافتی گیتوں سے کیا گیا۔ مہمان اور ان کے وفد کو خصوصی قہوہ پیش کیا گیا جو عربوں کی روایت اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔

    جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے ہفتے کے روز ریاض پہنچے تھے، جاپانی وزیر اعظم دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں خطے کا دورہ کر رہے ہیں جس کا آغاز سعودی عرب سے کیا جارہا ہے۔

    اپنے دورے کے دوران انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

    سعودی عرب اور جاپان ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے، باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہوئے موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، اس کو وسعت دینے اور ٹھوس اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے حامی ہیں۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت و معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر امور میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا، اس موقع پر ریاض حکومت نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، دورے کے موقع پر عمران خان نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کو فروغ دیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے بھی وزیراعظم کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا، پاکستان برادر اسلامی ممالک کے جذبہ اخوت کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ کا باہمی اتحادواتفاق خطے میں امن ومعاشی استحکام کا ضامن ہے۔

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلسل لاک ڈاؤن سے بھی آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 73 روز ہوگئے، 80لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    معاون خصوصی فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ جنت نظیروادی جیل میں بدل چکی ہے، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی عرب بھی مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا، مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔