Tag: دورہ سندھ

  • وزیر اعظم سندھ کے 2 روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

    وزیر اعظم سندھ کے 2 روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان سندھ کے 2 روزہ دورے پر آج شام 6 بجے کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کراچی پہنچیں گے، رات کراچی میں قیام کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سےملاقاتیں ہوں گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کرونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا، کرونا مریضوں کے لیے موبائل اسپتال کا بھی معائنہ کریں گے۔

    اس دوران وزیر اعظم تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کریں گے، پی ٹی آئی کے صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات ہوگی، ذرایع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

    وزیر اعظم سے ایم کیو ایم کا وفد بدھ کے روز دوپہر 12 بجے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرے گا، وفد میں نوید جمیل، وسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق شامل ہوں گے، صوبے کی صورت حال، عوامی مسائل، وفاق کے زیر انتظام منصوبوں پر بات ہوگی، کراچی پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں، کے فور، سرکلر ریلوے کے امور زیر غور آئیں گے، ایم کیو ایم جعلی ڈومیسائل، سرکاری نوکریوں کی بندر بانٹ کا معاملہ بھی سامنے رکھے گی، سرکاری و نجی اسپتالوں میں سہولتوں، سندھ میں گورننس کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا سندھ دورے کا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان بدھ کی دوپہر لاڑکانہ جائیں گے جہاں وہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، احساس سینٹر کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم لاڑکانہ میں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے، بعد ازاں بدھ کی شام ہی کو لاڑکانہ سے اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

    یاد رہے وزیر اعظم نے 12 جون کو لاہور کا بھی دو روزہ دورہ کیا تھا، انھوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں کیں، ایوان وزیر اعلیٰ میں خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں لاہور کے مختلف مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر بات چیت کی گئی۔

  • وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ کیلئے29مارچ کو کراچی پہنچیں گے

    وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ کیلئے29مارچ کو کراچی پہنچیں گے

    اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس30مارچ کو گھوٹکی میں طلب کرلیا، وزیر اعظم29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ کیلئے29مارچ کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیر اعظم کو کراچی میں ترقیاتی پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی اور کراچی کے لیے زیرغور منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم باغ ابن قاسم توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، بعد ازاں وزیراعظم30مارچ کو ہی گھوٹکی کے لئے روانہ ہوجائیں گے، وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔

    گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس موقع پر وزیراعظم سندھ کی اہم شخصیات سے صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

  • وزیر اعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کا دورہ سندھ شیڈول، سیاسی صورتحال میں ہلچل کا امکان

    وزیر اعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کا دورہ سندھ شیڈول، سیاسی صورتحال میں ہلچل کا امکان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا دورہ سندھ طے ہوگیا جس کے نتیجے میں  سندھ کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل کا امکان پیدا ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ایک روز روزہ شیڈول ہوگیا جس کے مطابق وہ 25 جنوری کو سندھ کا دورہ کریں گے اور اس دوران صوبے کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔

    وزیر اعظم سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات سندھ کا دور روزہ دورہ کریں گے جس کے لیے شیڈول تیار کرلیا گیا، فواد چوہدری 15 اور 16 جنوری کو سندھ کی اہم سیاسی شخصیات اور ہم خیال جماعتوں سے اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوشش ہے 66 ممالک کے لیے پاکستان کا ویزا ختم ہو جائے: فواد چوہدری

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو گھوٹکی دورے کی دعوت علی گوہر خان مہر ے دی جسے انہوں نے قبول کرلیا، دورہ سندھ کے دوران عمران خان پارٹی امور کا جائزہ لیں گے اور اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کے دوروں سے سندھ کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل ہونے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور صوبے کی کشمکش کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے دورے کا اشارہ دے دیا تھا۔

    سندھ کی اپوزیشن جماعتیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کررہی ہیں جبکہ دوسری طرف پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن صوبائی اسمبلی نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں عمران خان سے اہم ملاقات کر کے انہیں سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی تھی۔

  • کراچی، وزیراعظم آج ہولی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    کراچی، وزیراعظم آج ہولی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    کراچی : وزیراعظم نوازشریف آج 2 روزہ دورے پرسندھ پہنچیں گے جہاں وہ نجی ہوٹل میں ہولی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعدگورنر ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں انتخابات سے قبل رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے جس کے تحت وزیر اعظم دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مقامی نجی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) کی اقلیتی ونگ کی جانب سے منعقد کردہ ہولی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف گورنر ہاؤس میں ہونے والے پارٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے اور آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں تقریبات میں شرکت کے بعد وزیر اعظم بلوچستان کے علاقے حب کے لیے روانہ ہوجائیں گے اور گڈانی میں منعقد کردہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان کے دورہ سندھ اور بلوچستان کے موقع پر ان کے ہمراہ وزراء، مشیر اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ہمراہ ہوں گے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز شریف بھی ان کے ساتھ ہوں گی۔