Tag: دورہ پاکستان

  • وزیر خارجہ وانگ یی کے دورہ پاکستان پر چینی دفتر خارجہ کا بڑا بیان

    وزیر خارجہ وانگ یی کے دورہ پاکستان پر چینی دفتر خارجہ کا بڑا بیان

    بیجنگ : وزیر خارجہ وانگ یی کےدورہ پاکستان پر چینی دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ عالمی منظرنامہ کچھ بھی ہو، پاک چین دوستی لازوال رہے گی۔

    چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے دورۂ پاکستان پر بیجنگ کی جانب سے اہم بیان سامنے آیا ہے، چینی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی منظرنامہ خواہ کچھ بھی ہو، پاکستان اور چین کی روایتی دوستی لازوال، غیر متزلزل اور ناقابلِ تسخیر رہے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا انتہائی قابلِ بھروسہ اور مضبوط دوست رہا ہے۔

    اسلام آباد میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کی ملاقات بھی ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد چین کا دورہ کریں گے جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی لانا ہے تاکہ ملک کو اس سمت لے جایا جا سکے جہاں آئندہ قرض لینے کی ضرورت نہ پڑے۔

    مزید پڑھیں : فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    انھوں نے بتایا تھا کہ چین سے 300 پاکستانی ایگری گریجویٹس کا پہلا بیج جدید تربیت حاصل کرکے وطن واپس آ گیا ہے۔ ان طلبہ کا انتخاب چاروں صوبوں سے میرٹ پر کیا گیا جبکہ بلوچستان کا حصہ 10 فیصد زیادہ رکھا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرٹ پر منتخب ایک ہزار طلبہ کو چین بھیجا جائے گا، جو زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ شہباز شریف کے مطابق یہ طلبہ چینی ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف عاصم منیر سے ملاقات کی اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ساتھ مل کر چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور کی شریک صدارت کی۔

  • چینی وزیر خارجہ 21 اگست کو دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے

    چینی وزیر خارجہ 21 اگست کو دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد : چینی وزیر خارجہ وانگ ای 21 اگست کو دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے، چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ اسلام آباد میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای 21 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے، وانگ ای یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کریں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران چھٹا پاک–چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت اسحاق ڈار اور وانگ ای کریں گے۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک چین اعلیٰ سطح روابط دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ ہیں، ڈائیلاگ میں پاکستان اور چین باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر بات چیت کریں گے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت کی تجدید کریں گے، جبکہ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے عزم کا بھی اعادہ کیا جائے گا۔

  • امریکی اراکین کانگریس نے دورہ  پاکستان کو کامیاب اور مثبت قرار دے دیا

    امریکی اراکین کانگریس نے دورہ پاکستان کو کامیاب اور مثبت قرار دے دیا

    اسلام آباد : امریکی اراکین کانگریس نے دورہ پاکستان کو کامیاب اور مثبت قرار دے دیا اور کہا پاک امریکا تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اراکین کانگریس نے پاکستان کے دورے کو انتہائی کامیاب اور مستقبل کیلئے اہم قرار دے دیا۔

    رکن کانگریس جیک وارن برگ مین نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کو مستقبل میں کم نہیں سمجھا جاسکتا، مثبت اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ترقی پذیر علاقوں پربھی مرتب ہونگے۔

    جیک وارن برگ مین کا کہنا تھا کہ ہم مخصوص شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں،اس شراکت داری میں معدنیات ایک اہم شعبہ ہے، یہ اقدامات آنیوالے وقت میں مضبوط صنعتوں کی بنیاد رکھیں گے۔

    رکن کانگریس نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کیلئےفائدہ مند ہوں گی، کان کنی کےنئےطریقے، نئی مصنوعات پیداواری مستقبل کیلئےاہم ہیں، پاک امریکا تعلقات اس لئےاہم ہیں کہ دونوں ملک آزادی پریقین رکھتے ہیں۔

    کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے گفتگو کا آغاز السلام علیکم اور شکریہ سے کیا اور کہا پاکستان کا دورہ شاندار رہا،ہم پاکستانیوں کی میزبانی کےشکر گزار ہیں، ہمیں پاکستان اور امریکاکے تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔

    تھامس رچرڈ سوازی کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن کوایک سفیر کے طور پر دیکھتے ہیں ، پاکستانی تارکین وطن نے ہماری سر زمین پرکامیاں حاصل کیں، پاکستانیوں میں بےشمار خوبیاں ہیں، محنتی، تعلیم یافتہ اور خاندانی ہیں، پاکستان اورامریکاملکر کام کرینگےاور معاشی سرگرمیوں کوفروغ دیں گے۔

    کانگریس مین جوناتھن لوتھر جیکسن نے بھی دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا، اعتماد کی بنیاد پرتعلقات کو مزید مضبوط بنانےکا سنہری موقع ہے ، یقین ہے پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔

    جوناتھن لوتھر جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات کادورہ کیا، اعلیٰ حکام سےملاقاتیں بھی کیں، تعلقات مزید مستحکم اور پاکستان کی کامیابیوں کیلئے پرعزم ہوں۔

  • بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان میں ون ڈے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

    بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان میں ون ڈے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان میں ون ڈے انٹرنیشنل میچز نہ کھیلنے فیصلہ کیوں کیا گیا، اس کی اہم وجہ سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی حکام نے تصدیق کردی ہے کہ حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ون ڈے میچز نہیں کھیلے جائیں گے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے آفیشل کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کی سیریز صرف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ ون ڈے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کی وجہ سے کیا گیا ہے، اب پاکستان کے ساتھ سیریز میں ون ڈے میچز نہیں ہوں گے بلکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے مقابلے ہونگے۔

    اس اضافی سیریز کا فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران ملاقات میں کیا تھا، تاہم اب اسے بدل دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش کو اپنے دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا تھے لیکن اب آئندہ انٹرنیشل ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔

    بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے مئی میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جب کہ پاکستان ٹیم جولائی میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔

  • ترکیہ کے نوجوان اداکار محمد ایمرے اوشتپے کا دورہ پاکستان، محبتوں بھرا پیغام

    ترکیہ کے نوجوان اداکار محمد ایمرے اوشتپے کا دورہ پاکستان، محبتوں بھرا پیغام

    ڈرامہ سیریز ارطغل غازی میں ننھے کورلوس عثمان کا کردار ادا کرنے والے محمد ایمرے اوشتپے نے دورہ پاکستان کے دوران محبتوں بھرا پیغام دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران محمد ایمرے اوشتپے نے مختلف سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا، اداکار محمدایمرے اوشتپے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ مجھے پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی۔

    محمد ایمرےاوشتپے کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی محبت نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، مجھے خوشی ہےکہ پاکستانی عوام نے ارطغرل ڈرامہ کو اتنا پسند کیا اور سراہا۔

    ترکیہ کے اداکار نے کہا کہ یہاں کے خوبصورت مقامات دیکھ کر میں بہت محظوظ ہوا اور پاکستانی ثقافت سے بھی بہت کچھ سیکھا، مجھے امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور ترکیہ مشترکہ پروجیکٹس پر کام کریں گے۔

    محمد ایمرے اوشتپے نے مزید کہا کہ میں پاکستانی عوام کی ترکیہ کیلئے محبت اور ترکیہ کے ڈراموں کو سپورٹ کرنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

  • ابوظہبی کے ولی عہد  کا دورہ پاکستان ، اہم  معاہدوں کا امکان

    ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان ، اہم معاہدوں کا امکان

     اسلام آباد : ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان آج پاکستان پہنچ رہےہیں، اس دوران اہم  معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ولی عہد کے ساتھ اسلام آباد آئے گا۔

    دورہ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے، دورے میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شہزادہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو نشان پاکستان سے نوازا جائے گا اور نشان پاکستان سے نوازنے کیلئےخصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    شیخ خالد ابو ظہبی کی سپریم کونسل برائے مالیاتی واقتصادی امور کے رکن اور انویسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بھی رکن ہیں جبکہ ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔

    ابوظبی ولی عہد سربراہ نیشنل سیکیورٹی اور ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، مارچ 2023 میں انہیں ابوظہبی کا ولی عہد اور ابو ظبی ایگزیکٹو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔

    پاکستان میں کاروبار،تجارت ،سرمایہ کاری کے تناظر میں ابوظبی ولی عہد کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔

  • روس کے نائب وزیراعظم   پاکستان پہنچ گئے

    روس کے نائب وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد : روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک پاکستان پہنچ گئے، دورے کے دوران وہ صدر مملکت ، وزیراعظم اورنائب وزیراعظم سےملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوور چوک 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پاکستان کےسفیرخالدجمالی اورایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    دورے کے دوران الیکسی اوورچوک صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور روسی ہم منصب کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جن میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارت و معاشی تعاون پر بات چیت ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان ریل اور روڈ روابط کے فروغ کے لیے یہ اہم دورہ ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورروس کےدرمیان دوستی اوراعتمادپرمبنی خوشگوارتعلقات ہیں۔

    خیال رہے یہ کئی سالوں کے بعد روسی فیڈریشن کے کسی عہدیدار کا اعلیٰ سطح کا دورہ ہوگا اور 3 جولائی 2024 کو آستانہ (قازقستان) میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد ہوگا۔

    یاد رہے گزشتہ سال پاکستان نےرعایت پر روسی خام تیل کی خریداری شروع کی تھی، جس کے بعد پاکستان کو گزشتہ ستمبر میں روس سے مائع پیٹرولیم گیس کی پہلی کھیپ بھی موصول ہوئی، جو کہ اسلام آباد کی دوسری بڑی روسی توانائی کی خریداری ہے۔

  • بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کب پاکستان آرہی ہے؟ پی سی بی کا اہم بیان

    بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کب پاکستان آرہی ہے؟ پی سی بی کا اہم بیان

    لاہور: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ملکی صورتحال کے بعد پاکستان کے دورے پر کب آئے گی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 13 اگست کو لاہور پہنچے گی، مہمان ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، پی سی بی نے بنگلہ دیش بورڈ کو پیشکش کی تھی کہ وہ اپنی ٹیم پہلے بھیج دے۔

    ڈھاکا کے حالات کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم کو وہاں پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا، بنگلہ دیش ٹیم اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 روز پریکٹس کرکے اسلام آباد جائیگی۔

    بنگلہ دیشی مینز کرکٹ ٹیم 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی، پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلاٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائےگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے کراچی کے ایچ بی ایل نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

    سی او او پی سی بی سلمان نصیر نے کہا کہ کھیل صرف جیت ہار کا نام نہیں یہ دوستی بھی ہے، چاہتے تھے بنگلہ دیش ٹیم کو ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کا مناسب موقع مل سکے، ہمیں خوشی ہے بنگلہ بورڈ نے ہماری پیشکش قبول کرلی۔

    سی ای او بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نظام الدین چوہدری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اضافی ٹریننگ سہولت کی وجہ سے ٹیم کو بہترتیاری کا موقع ملےگا۔

  • بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے

    بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: بیلا روس کے صدر وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کے لیے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    یہ اعلان بیلاروس کے خارجہ امور کے فرسٹ ڈپٹی منسٹر سرجئی لوکاشیوچ نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

    لوکاشیوچ نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ستمبر کے وسط میں مشترکہ تجارتی کمیشن کے اجلاس کا بھی اعلان کیا، وزیر مملکت جام کمال خان نے ٹریکٹر مینوفیکچرنگ اور زرعی مشینری میں بیلاروس کی ترقی کو سراہا۔

    آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

    انھوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری برادری کے اندر اعتماد پیدا کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کے نئے انداز کو اجاگر کیا، لوکاشیوچ نے بتایا کہ جولائی میں 35 پاکستانی تاجر خوراک اور زراعت کی نمائش کے لیے بیلاروس کا دورہ کریں گے۔

    جام کمال نے سروس ٹائر کمپنی کی چین سے پاکستان منتقلی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مواقع پر زور دیا۔

    مزید برآں، ملائیشیا اور خلیجی ممالک نے بالترتیب پاکستان کی حلال جیلیٹن اور گوشت کی صنعتوں میں دل چسپی ظاہر کی ہے۔ جام کمال کے مطابق ایک چینی الیکٹرک گاڑیاں EVs بنانے والی کمپنی مقامی پاور کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے جا رہی ہے۔

    انھوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں موبائل فون مینوفیکچررز اور فوڈ انڈسٹریز کی بڑھتی ہوئی دل چسپی کا بھی ذکر کیا۔ جام کمال نے کہا یہ ملاقات پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کے خواہاں ہیں۔

  • آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

    آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد: آذربائیجان کے صدر الہام علیئوو آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق آذربائیجان کے صدر رواں ماہ کی 11 اور 12 تاریخ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

    آذربائیجان کے صدر کو دورے کی دعوت وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ باکو کے دوران دی تھی، صدر الہام علیئوو اپنے ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں، آذربائیجان کے صدر کے دورے کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو نے مئی میں دورہ پاکستان کیا تھا۔

    اس دورے میں متوقع مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ پاکستان میں موجود ہیں، سمیر شریفوو کل وطن واپس روانہ ہوں گے۔

    دونوں ممالک میں باہمی ترجیحی تجارت کے معاہدے کے حوالے سے خاصی پیش رفت ہو چکی ہے، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی پاکستان آذربائیجان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر دستخط متوقع ہیں، دونوں ممالک میں ترجیحی تجارتی معاہدے، بزنس ٹو بزنس، عوامی سطح کے روابط، سیاحت، آئی ٹی، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی۔

    صدر الہام علیئوو کے دورہ پاکستان میں مختلف وزارتوں کی جانب سے آذربائیجان کو 2 سے 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے مواقع پر پیشکش کی جائے گی، گزشتہ برس 55 ہزار پاکستانیوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا تھا، دونوں ممالک میں سیاحت کے فروغ پر بھی دستیاب مواقع اور وسائل میں بہتری پر کام جاری ہے۔