Tag: دورہ پاکستان

  • آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    لاہور: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، آسٹریلوی ٹیم سنہ 1998 کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    مہمان ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 تا 7 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ راولپنڈی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 تا 25 مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

    سیریز کا واحد ٹی 20 میچ لاہور میں 5 اپریل 2022 کو کھیلا جائے گا۔

  • امریکی نائب وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی

    امریکی نائب وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی

    اسلام آباد: امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی، اس موقعے پر وزارت خارجہ کی جانب سے اہم ہدایات پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی، نائب وزیر خارجہ 7 رکنی وفد کے ہمراہ 7 اور 8 اکتوبر کو دو روزہ دورہ کریں گی۔

    امریکی وفد کے استقبال کے لیے وزارت خارجہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا، امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر جسمانی تلاشی سے روک دیا گیا۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی جسمانی تلاشی نہ لی جائے، امریکی نائب وزیر خارجہ کے وفد کی تصاویر بھی نہ بنائی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی آمد اور روانگی کے موقع پر اسٹیٹ لاؤنج مختص کیا جائے، امریکی وفد کی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے بھی استثنیٰ دیا جائے۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا کہ وزارت خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے 5، 5 افراد کو انٹری پاس دیا جائے۔

  • انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    انگلینڈ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ ہے، کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا گیا: برطانوی مصنف

    لندن: برطانیہ کے ایک مصنف پیٹر اوبورن نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے دورۂ پاکستان کی منسوخی کا فیصلہ انگلش کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مصنف پیٹر اوبورن نے انگلش بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، انھوں نے کہا کہ جس بنیاد پر دورۂ پاکستان منسوخ کیا گیا وہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔

    پیٹر اوبورن نے کہا کہ انگلینڈ بورڈ نے دورہ منسوخی کا فیصلہ بزدلانہ اور کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا ہے، بالخصوص اس فیصلے میں آئی پی ایل کا بھی کردار ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات وہی تھے جو شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے لیے کیے گئے تھے، پاکستان میں انگلش ہائی کمیشن سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھا۔

    برطانوی مصنف نے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی کرکٹ کے لیے نہیں یہ فیصلہ پوری دنیا کے لیے ایک دھچکا ہے، پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ہے، انگلینڈ نے بظاہر یہ فیصلہ سیکیورٹی بنیاد پر نہیں کیا۔

    مصنف اوبورن نے فیصلے کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کی سیکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں تھی، پریس ریلیز میں سیکیورٹی کا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے ذہنی دباؤ کا ذکر ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا وبا کے خطرناک وقت میں بھی برطانیہ آ کر کھیلا، پاکستان نے کرونا وبا میں آ کر برطانیہ پر احسان کیا تھا۔

  • برہم شائقین کرکٹ نے ٹوئٹر پر انگلینڈ کو آئینہ دکھا دیا

    برہم شائقین کرکٹ نے ٹوئٹر پر انگلینڈ کو آئینہ دکھا دیا

    کراچی: انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان سے انکار پر شائقین کرکٹ بہت زیادہ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اور مختلف طریقوں سے انگلینڈ کے منافقانہ رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    ٹوئٹر پر برطانوی شاہی جوڑے کے دورۂ پاکستان کی تصاویر شیئر کر کے شائقین کرکٹ نے انگلینڈ کو آئینہ بھی دکھا دیا۔

    انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان سے انکار پر بلاشبہ شائقین غم و غصے سے نڈھال ہیں، کرکٹ فینز نے انگلش ٹیم کو آئینہ دکھاتے ہوئے ٹوئٹر پر پاکستان میں برطانوی شاہی جوڑے کی کرکٹ کھیلتی تصاویر شیئر کر دیں۔

    شائقین نے ٹوئٹ کیا کہ جینٹلمین گیم سیاست کی وجہ سے تباہ ہوگیا، شہزادہ ولیم بحفاظت پاکستان میں کرکٹ کھیل سکتے ہیں لیکن انگلینڈ اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتا۔

    انگلینڈ اور نیوزی لینڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر

    خلیج میگزین نے شاہی جوڑے کی تصاویر کے ساتھ طنز کیا کہ مستقبل کے بادشاہ اور ملکہ پاکستان میں محفوظ ہیں، لیکن برطانوی کھلاڑیوں کے لیے ملک محفوظ نہیں۔

    ایک صارف نے شدید طنز کرتے ہوئے اسے پاکستان کے انگلینڈ سے ورلڈ کپ جیتنے کا بدلہ قرار دے دیا، پاکستانی کہتے ہیں کہ کیا شہزادہ شہزادی غیر محفوظ تھے؟ اُس وقت تو برطانیہ نے پاکستان کو محفوظ قرار دیا، ہمیں پاکستان پر فخر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ سیریز اور دورے کی منسوخی پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو اپنے ہی ملک کے معروف کالم نگاروں نے آڑے ہاتھوں لیا اور کہا دونوں ممالک نے غلط کیا، انگلینڈ نے منافقت کی۔

  • انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا بھی پاکستان دورے سے متعلق بیان آ گیا

    انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا بھی پاکستان دورے سے متعلق بیان آ گیا

    لندن: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کے دورے سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے سے متعلق فیصلہ 24 سے 48 گھنٹے میں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک نیوزی لینڈ سیریز کی اچانک منسوخی کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی ایکسپرٹ سے تفصیلی رپورٹ لی جائے گی، اس کے بعد ایک سے دو دن کے اندر ہم پاکستان کے دورے سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔

    برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ ہائی کمیشن انٹیلیجنس کے معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں‌ کرتا، پاک نیوزی لینڈ سیریز پر ان کی جانب سے کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی گئی۔

    پاک نیوزی لینڈ سیریز پر کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی: برطانوی ہائی کمیشن

    واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کو 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے آئندہ ماہ پاکستان آنا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے اچانک سیریز کی منسوخی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نیوزی لینڈ سے فون پر رابطہ کیا، جس میں جیسنڈا آرڈرن نے احتیاطی طور پر نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

  • برطانوی وزیر مملکت کی پاکستان آمد، وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    برطانوی وزیر مملکت کی پاکستان آمد، وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

    اسلام آباد: برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پنجاب کے گورنر و وزیر اعلیٰ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ اور تنازعات میں جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے برطانوی وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔

    اپنے دورے میں وہ وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ملاقاتوں میں لارڈ احمد کلائمٹ چینج سمیت عالمی طور پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے برطانیہ و پاکستان کی دو طرفہ شراکت داری کے مزید استحکام کی اہمیت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    علاوہ ازیں ملاقاتوں میں پاکستان کی کووڈ سے متعلق حکمت عملی اور برطانیہ و پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں ممکنہ اضافے جیسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    لارڈ احمد کا یہ دورہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اسلام آباد میں منعقدہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کیے جانے والے حالیہ ویڈیو خطاب کے فوراً بعد کیا جارہا ہے۔ اس خطاب کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لارڈ احمد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے نقصانات نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔ لیکن یہ وبا ہمیں قریب بھی لائی ہے۔ دنیا کو اس وقت کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

  • پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے، بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں کے دوران پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہاں سیکیورٹی کی صورتحال بہت اچھی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    عثمان خواجہ نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ انگلینڈ بھی اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، یہ کرکٹ کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک لمبے عرصے تک ابو ظہبی میں کرکٹ کھیلی ہے، اب انہیں اپنے گھر میں ہی کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آسٹریلیا نے اگلے سال فروری میں پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج پاکستان پہنچیں گے

    روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، دورہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی روابط کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ روسی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے جبکہ پاکستانی ہم منصب محمد صادق سمیت دوسری حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دورہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستانی روابط کا حصہ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دورے سے پاک روس تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

  • ترک وزیر خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے

    ترک وزیر خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترکی اور آذر بائیجان کے وزرائے خارجہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت تینوں وزرائے خارجہ سہ فریقی اجلاس منعقد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلو آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک وزیر خارجہ کی آمد کے دوران آذر بائیجان کے وزیر خارجہ بھی پہنچیں گے، آذر بائیجان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک وفد بھی ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کا انعقاد کریں گے، ترک وزیر خارجہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس سے قبل ترک وزیر خارجہ کو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم وہ ملتوی ہوگیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ترک وزیر خارجہ کا 2 روزہ دورہ پاکستان، فرانس، یونان اور کارا باخ تنازعات کے باعث ملتوی کیا گیا تھا، اب ان کا دورہ اگلے ہفتے ہوگا۔

  • زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم خبر

    زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم خبر

    لاہور: زمبابوے کرکٹ کا 5 رکنی وفد انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق 5 رکنی وفد 10 سے 15 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ زمباوے کرکٹ کا یہ وفد پہلے مرحلے میں راولپنڈی اور پھر ملتان میں انتظامات کا جائزہ لےگا، ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکورببل میں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق زمبابوے کرکٹ نے بائیو سیکور پروٹوکولز پر پہلے ہی اظہار اطمینان کیا تھا، اس دورے کا مقصد انتظامات دیکھنا ہے، سیریز پہلے ہی یقینی قرار دی جا چکی ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ وفد ہوٹل اور گراؤنڈز میں بائیو سیکورببل کے انتظامات دیکھے گا، دورے میں پاکستان ٹیم کے اپریل میں دورہ زمبابوے پر بھی بات ہوگی، جب کہ وفد کے تمام اخراجات زمبابوے کرکٹ کی ذمہ داری ہے۔

    زمبابوے کے خلاف سیریز، مصباح الحق کی حکمت عملی کیا ہوگی؟

    واضح رہے کہ رواں مہینے اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کے ساتھ 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

    زمبابوے اسکواڈ کے 2 کو وِڈ نائنٹین ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائے گا۔