Tag: دورہ پاکستان

  • افغان طالبان کا دورہ پاکستان، اہم آڈیو پیغام سامنے آگیا

    افغان طالبان کا دورہ پاکستان، اہم آڈیو پیغام سامنے آگیا

    پشاور: افغان طالبان کے رکن وفدمولانا شہاب الدین نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا دورے میں 5 اہم نکات زیربحث لائے جائیں گے اور معمولی جرائم میں قید افغان مہاجرین کی رہائی کے اقدامات پر زور دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے دورہ پاکستان سے متعلق اہم آڈیو پیغام سامنے آگیا، رکن وفد مولانا شہاب الدین نے کہا دورے میں 5 اہم نکات زیربحث لائے جائیں گے، اہم افغان سیاسی رہنمااور شہریوں کی پاکستان میں آمدورفت میں مشکلات پربات ہوگی۔

    مولانا شہاب الدین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کوصحت و تعلیم کےمسائل پرتبادلہ خیال ہوگا جبکہ معمولی جرائم میں قید افغان مہاجرین کی رہائی کے اقدامات پر زور دیا جائے گا۔

    خیال رہے ملابرادر کی زیرقیادت وفد اہم امور پر بات چیت کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔

    یاد رہے طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں وزارت خارجہ پہنچا جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو وزارت خارجہ میں خوش آمدید کہا۔

    طالبان وفد کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : افغان امن عمل کی بحالی ، پاکستان اور افغان طالبان کے وفود کے درمیان مذاکرات

    پاکستان اور افغان طالبان کےدرمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے ، مذاکرات کے دوران فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پراتفاق کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان خوش دلی کے ساتھ گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین بھائیوں کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے ، پاکستان نے افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے ، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا مصالحانہ کردار صدق دل سے ادا کرتا رہے گا ، جس پر افغان طالبان کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    خیال رہے کہ طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں رات دیر گئے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے اسلام آباد پہنچا تھا ، افغان طالبان کا وفد چین، روس اور ایران کے بعد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

  • ترک صدر طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے

    ترک صدر طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے، دورے کی تفصیلات پاک ترک وزارت خارجہ کے حکام طے کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان 24 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے، ترک صدر کے ہمراہ کاروباری و تجارتی وفد بھی پاکستان آئے گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کی تفصیلات پاک ترک وزارت خارجہ حکام طے کر رہے ہیں، ترک صدر نے دورے کی تصدیق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کی تھی۔ دونوں رہنماؤں میں ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورہ پاکستان کو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں حتمی شکل دی جائے گی، ترک صدر کے دورہ پاکستان سے پہلے شاہ محمود قریشی بھی ترکی جائیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 20 اکتوبر کو 2 روزہ دورے پر ترکی جائیں گے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ترک سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر خارجہ بین الاقوامی کانفرس میں بھی شرکت کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں جہاں ان کی ترک صدر سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے جبکہ وہ مختلف فورمز پر بھی خطاب کرچکے ہیں۔

    2 روز قبل اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے سلسلے میں کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس کا اہتمام پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا، ترک صدر رجب طیب اردوان بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔

  • سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے، پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے۔ ثابت ہوگیا پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، کرکٹ کی واپسی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکا کو سپورٹ کیا ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا تھا اس کے باوجود وہ پاکستان آرہی ہے، پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے روابط بہت پرانے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ کیپ دلانے میں پاکستان کا اہم کردار تھا۔ کولمبو واقعے کے 10 روز بعد بھی ہماری انڈر 19 ٹیم سری لنکا گئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ کرکٹ کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، اگر بھارت کو ہم سے کرکٹ کھیلنی ہے تو کھیلے۔ سی ای او کرکٹ انگلینڈ بورڈ ڈائریکٹر کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم آج ایک قدم اٹھائیں تو 2 سے 3 سال میں منزل تک پہنچیں گے۔

  • سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی

    سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی

    لاہور: سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی، ٹیم شیڈول کے مطابق 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سری حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل مل گیا جس کے بعد سری لنکن ٹیم 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی، سری لنکن بورڈ نے تصدیق کردی۔

    سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے، میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔

    سری لنکا سے سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، میچز کے لیے تین اور پریکٹس کے لیے دو پچ بنائی جارہی ہیں، انٹرنیشنل میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جمعے سے شروع ہوگی۔

    مزید پڑھیں: پاک سری لنکا سیریز، ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ 20 ستمبر سے شروع ہوگی

    واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ تین وے ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں ون ڈے میچ سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    تین روز قبل سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

    ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، امام الحق، شاداب خان اور عمر اکمل شامل ہیں۔

  • سری لنکا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

    سری لنکا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے مان گیا ہے، کراچی اور لاہور میں میچز کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، ٹی ٹوینٹی سیریز پانچ سے 9 اکتوبر تک لاہور میں ہوگی، ٹیسٹ سیریز دسمبر تک موخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سری لنکن بورڈ سے بات چیت کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا۔

    احسان مانی نے کہا کہ ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ مثبت روئیے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

    یاد رہے کہ پی سی اکتوبر میں ٹیسٹ میچز کی میزبانی پاکستان میں کرنے کا خواہاں تھا لیکن سری لنکن وزیر کھیل نے گزشتہ روز ہی اعلان کردیا تھا کہ محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے ٹیم بھجوا سکتے ہیں۔

  • امیر قطر شیخ تمیم الثانی کامیاب دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ

    امیر قطر شیخ تمیم الثانی کامیاب دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ

    اسلام آباد : امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورہ پاکستان کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے، روانگی سے قبل امیر قطر نے پاکستانی ساختہ جے ایف 17 تھنڈرطیارے کا معائنہ بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے برادر اسلامی ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورے پر گزشتہ روزوفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے جہاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اُن کا شاندار استقبال کیا تھا۔

    اس سے قبل امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی سربراہ مملکت ڈاکٹر وعارف علوی سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اس موقع پر ایوان صدر میں امیر کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانہ پاکستان‘ سے نوازا گیا تھا۔

    شیخ تمیم الثانی کو نشان پاکستان سے نوازنے کی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلمی بخاری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر علی زیدی، فردوس عاشق اعوان اور دیگر وفاقی وزراء و مہمانان شامل ہیں۔

    پاکستان آمد کے موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر پاکستان مسلح افواج کےدستےنے گارڈآف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر کاوفاقی وزرا سےتعارف کرایا۔

    امیر قطرشیخ تمیم الثانی نےوزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا جبکہ امیرقطرکوجےایف17تھنڈرطیاروں کی جانب سے سلامی دی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان معزز مہمان شیخ تمیم بن حمد الثانی کی گاڑی خود چلا کر ایئرپورٹ سے وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے تھے، دونوں رہنماؤں میں بے تکلفانہ انداز میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    بعدازاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر اعظم عمران خان میں ون آن ون ملاقات ہوئی۔ وفود کی سطح پرمذاکرات کے بعد مفاہمتی یادداشتوں اورتین معاہدوں پردستخط بھی کیے گئے تھے۔

    اس موقع پر شیخ تمیم الثانی کی جانب سے وزیر اعظم کوقطر کی قومی فٹ بال ٹیم کی جرسی پیش کی گئی، جبکہ وزیر اعظم نے امیر قطر کو دستخط شدہ بیٹ تحفے میں پیش کیا۔

  • آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر غور کیا جا رہا ہے: مارگریٹ ایڈمسن

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر غور کیا جا رہا ہے: مارگریٹ ایڈمسن

    اسلام آباد: آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان آنے کا فیصلہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں 4 سال سفارتی خدمات کے بعد وطن واپس جا رہی ہیں، پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی کی شکر گزار ہوں۔

    مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے، امن و امان میں بہتری کے لیے سب پُر امید ہیں۔

    آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا ہم پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات منگواتے ہیں، جب کہ 13 ہزار پاکستانی طلبہ آسٹریلیا میں زیر تعلیم ہیں، تاہم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسٹریلیا میں کار سوار جنونی شخص کی مسجد میں گھسنے کی کوشش ناکام، نمازیوں کو مغلظات بکیں

    مارگریٹ ایڈمسن نے مزید کہا کہ ہم زرعی شعبے میں اپنی مہارت پاکستان منتقل کر رہے ہیں، جب کہ آسٹریلیا ڈیری، لائیو اسٹاک میں پاکستان کا تعاون چاہتا ہے۔

    قبل ازیں، کراچی میں آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کے اعزاز میں پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم کے تحت الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔

  • ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کےدورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کےدورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، ملاقاتوں میں پاکستان، ایران کے درمیان سیکیورٹی معاملات ،بارڈر مینجمنٹ، زائرین کی آمدورفت پربھی تبادلہ خیال ہوا، ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاشکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے دو روزہ دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا وزارت خارجہ آمد پرشاہ محمود قریشی نےایرانی ہم منصب کا خیر مقدم کیا، وزارت خارجہ میں ایران، پاکستان میں وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے۔

    اعلامیے میں کہا گیا پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی،ایرانی وفد کی قیادت جواد ظریف نے کی، مذاکرات میں علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران کے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ تجارتی فروغ، عوامی سطح پر روابط میں اضافے ، پاک ایران سرحدپرسیکیورٹی بڑھانے، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا محاذ آرائی کسی فریق کے مفاد میں نہیں ، پاکستان تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا اسٹیک ہولڈرز کو تحمل، بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان امن و استحکام، کشیدگی میں کمی، فریقین میں مصالحانہ کردار کیلئے تیار ہے۔

    ایرانی وزیرخارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

  • چینی نائب صدر 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے

    چینی نائب صدر 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: چینی نائب صدر وانگ کشن 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران چینی نائب صدر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق چینی نائب صدر وانگ کشن 26 سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چینی نائب صدر چین کے سینٹرل فارن افیئرز کمیشن کے رکن بھی ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات کا مظہر ہے، اپنے دورے کے دوران چینی نائب صدر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس دوران متعدد معاہدوں اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفت و شنید اور کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اب تک 2 بار چین کا دورہ کرچکے ہیں۔

    گزشتہ ماہ اپریل میں کیے جانے والے ان کے دورے کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 14 معاہدوں پر دستخط ہوئے اور وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقائی یابین الاقوامی تبدیلی پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگی۔

  • امام کعبہ 7 روزہ دورہ پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

    امام کعبہ 7 روزہ دورہ پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد :  امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجھنی 7 روزہ دورہ پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، وہ کل جمعہ کی نماز فیصل مسجد میں پڑھائیں جبکہ وزیراعظم عمران خان، صدر پاکستان اور آرمی چیف سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امام کعبہ عبداللہ عواد الجھنی 7 روزہ دورہ پر آج اسلام آباد آرہے ہیں ، وہ شام 8:15 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے، جہاں وزیر مذہبی امور نو ر الحق قادی ان کا استقبال کریں گے۔

    امام کعبہ 11 سے 17 اپریل تک پاکستان میں قیام کریں گے، 12 اپریل کو امام کعبہ جمعہ کی نماز فیصل مسجد میں پڑھائیں گے جبکہ 13 اپریل کو علما اور اسکالرز سے ملاقاتیں کریں گے۔

    امام کعبہ 14 اپریل اسلامک کانفرس سے خطاب کریں گے جبکہ 15 اپریل کوپاکستان علما کونسل کی جانب سے عشائیے میں شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران امام کعبہ وزیراعظم عمران خان، صدر پاکستان اور آرمی چیف سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    خیال رہےشیخ عبداللہ عواد الجھنی نے 2005 میں گرینڈ مسجد مسجد الحرام میں تراویح کا آغاز کیا اور جولائی 2007 میں گرینڈ مسجد کے امام مقرر ہوئے، اس سے قبل مسجد نبوی میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان سعودی عرب والوں کادوسرا گھر ہے ،امام کعبہ

    یاد رہے گذشتہ سال مارچ میں امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد الطالب تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، امام کعبہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے حکمران پاکستان کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان سعودی عرب والوں کا دوسرا گھر ہے، ہم ہر طرح سے متمنی ہیں کہ پاکستان دن رات ترقی کرے۔