Tag: دورہ

  • ہالینڈ کی ملکہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

    ہالینڈ کی ملکہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، دورے کے دوران ملکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 6 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔ وزارت خارجہ اور ہالینڈ سفارت خانے کے حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ملکہ میکسیما کا استقبال کیا۔

    ہالینڈ کی ملکہ دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے علاوہ سرکاری اور نجی شعبوں کے شراکت داروں سے بھی بات چیت کریں گی۔ ملکہ میکسیما مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے اسٹیٹ بینک کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

    ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں ملکہ کے دورے کا مقصد پاکستان کے لیے مالیاتی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور اس سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت اور مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

    برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم شہزادی کیٹ مڈلٹن نے 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران جوڑے نے لاہور، چترال سمیت کئی مقامات کا دورہ کیا۔ کامیاب دورے کے دوران شاہی مہمانوں نے صدر اور وزیراعظم سمیت مختلف عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔ شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

  • سربراہ پاک بحریہ کا گوادر کا دورہ، سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ

    سربراہ پاک بحریہ کا گوادر کا دورہ، سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ

    ماڈہ: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود نے گوادر اور ماڑہ میں نیول تنصیبات کا دورہ کیا، اس دوران انہیں سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے گوادر میں نیول تنصیبات اور مورچوں کا دورہ کیا اور دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق اس موقع پر نیول چیف کو سی پیک کے سمندری دفاع اور دیگر پیشہ وارانہ تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، سی پیک میری ٹائم سیکیورٹی ٹاسک فورس88پر آگاہی دی گئی۔

    سربراہ پاک بحریہ کا گوادر میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

    نیول چیف نے سرفیس ٹاسک گروپس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، دریں اثنا نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے مختلف منصوبوں کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نیول چیف سے چیئرمین چائنیز اوورسیزپورٹس ہولڈنگ کمپنی نے ملاقات کی، سی پیک اور گوادر پورٹ کی وسعت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل مارچ میں بھی ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے نیول چیف کو پورٹ آپریشنز پر بریفنگ دی تھی۔

    اپنے دورے میں نیول چیف نے بحریہ ماڈل اسکول گوادر کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا تھا۔

  • وزیر اعظم پیر کو کراچی کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم پیر کو کراچی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان پیر 21 اکتوبر کو کراچی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کراچی میں مسائل کے حل کے لیے اہم مشاورت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پیر کے روز صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم گورنر سندھ، وفاقی وزرا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کراچی میں مسائل کے حل کے لیے اہم مشاورت کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان چائنہ پاور پراجیکٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، اس سے قبل کراچی کے مسائل سے متعلق اجلاس میں انہوں نے وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، ماضی کی بد انتظامی، غفلت کا خمیازہ اس شہر کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ یہاں صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صاف پانی کی قلت اور صفائی کا ناقص انتظام شہر کے بڑے مسائل ہیں، کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے۔ چاہتے ہیں شہر کے مسائل حل ہوں اور عوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر وفاق ہرممکن کردار ادا کرے گی۔

  • بارہ سال بعد پیوٹن کا دورہ سعودی عرب، تیل سے متعلق سمجھوتہ طے پاگیا

    بارہ سال بعد پیوٹن کا دورہ سعودی عرب، تیل سے متعلق سمجھوتہ طے پاگیا

    ریاض: روسی صدر ولادی میرپیوٹن بارہ سال بعد اپنے اہم دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے تیل سمیت دیگر کئی شعبوں سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے۔

    تفصیلات کے مطابق طویل عرصے بعد روسی صدر کے سعودی عرب پہنچنے پر پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقاتیں کیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس دورے کے دوران سعودی عرب اور روس کے درمیان 20 سے زائد مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ دوطرفہ توانائی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔

    روسی صدر پیوٹن اور سعودی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی سلامتی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، حوثی باغیوں کی جارحیت اور شام میں ترک فوجی کارروائیاں بھی زیر غور آئیں۔

    اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ مل کر باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

    ایران کے سعودی عرب، یو اے ای کے ساتھ اچھے تعلقات سے سب کو فائدہ ہوگا، روسی صدر

    دریں اثنا پیوٹن نے بھی ملے جلے رجحان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور روس کے تعلقات خطے میں سلامتی اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے اہم ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکام نے یمن میں جاری فوج اتحاد کے آپریشن سے روسی صدر کو آگاہ کیا اور شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے تعاون کی بھی درخواست کی۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، وزیراعظم کا دورہ خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے اقدامات کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم عمران خان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان تہران دورے میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خلیج میں امن اور سیکیورٹی سے متعلق مسائل پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم دو طرفہ معاملات اور مقبوضہ کشمیر سمیت خطے میں دیگر جغرافیائی وسیاسی تبدیلیوں سے متعلق بات چیت کریں گے۔

    دوسری جانب ایران نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اس سال ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھی ایرانی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان دورہ ایران سے واپسی کے بعد منگل کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔

    ایران کا وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کی کوشش کا خیرمقدم

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ ایران اور ثالثی مشن آسان نہیں، ماضی میں بھی ثالثی کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیر اعظم پاکستان امن کے لیے ایک کوشش کرنے جا رہے ہیں، تیل پیدا کرنے والی قوتوں میں لڑائی کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔

  • کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا مختلف علاقوں میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کا مختلف علاقوں میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ الیکٹرونک مارکیٹ پر گاڑی سے اترے اور روڈ پر کچرا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سعید غنی اور مرتضی وہاب کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ جو دکان دار روڈ پر کچرا پھینکے اس کےخلاف کاروائی کریں ، کوڑا دان رکھے ہیں تو کچرا روڈ پر کیوں پھینک رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ الیکٹرونک مارکیٹ پر گاڑی سے اترے اور روڈ پر کچرا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 ستمبر کو وزیراعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال بلاک 6 کا دورہ کیا تھا جہاں دورے کے موقع پر کچرے کو ڈمپنگ کرنے کے لیے ٹرک میں بھرا گیا تھا جس کو ڈمپنگ پوائنٹ پر جا کر خالی کرنا تھا لیکن جیسے ہی وزیراعلیٰ علاقے کا دورہ ختم کرکے وہاں سے روانہ ہوئے تو کچرے سے بھرا ٹرک عملے نے دوبارہ اسی جگہ پر سڑک کنارے پھینک دیا تھا۔

    مراد علی شاہ نے کراچی صفائی مہم کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تھا، لوگوں سے مسائل سنے اور موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت بھی جاری کیں تھی۔

  • انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا رہا ہے، عثمان بزدار

    انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا رہا ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈینگی پرقابو پانے کے لیے ضروری وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر اسپتال ملتان کا دورہ کیا اور ڈینگی کے مریضوں کی عیادت کی،علاج کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈینگی پرقابو پانے کے لیے ضروری وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج کے حوالے سے ہر طرح کی سہولت دی جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پرمانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    ڈینگی کی وبا پرعوام کے تعاون کے بغیر قابو نہیں پایا جاسکتا، میاں اسلم اقبال

    یاد رہے کہ تین روز قبل صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت ڈینگی سے متعلق آگاہی پیدا کرسکتی ہے لیکن حکومت تنہا ڈینگی سے نہیں لڑ سکتی ہےاس کے لیے عوام کا تعاون درکار ہوگا۔

    میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 3200 سے زائد ڈینگی کے کیسز آئے ہیں، رواں سال ڈینگی سے متعلق خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں، ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔

  • وزیر اعظم 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیر اعظم 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ تیسرا دورہ سعودی عرب ہے۔ وہ اس سے قبل وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 2 بار سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔

    رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔

    ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے اور نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    وزیر اعظم نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر بھی زور دیا تھا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی تھی۔

    وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • امریکی صدر نے گرین لینڈ کی وجہ سے ڈنمارک کا دورہ منسوخ کر دیا

    امریکی صدر نے گرین لینڈ کی وجہ سے ڈنمارک کا دورہ منسوخ کر دیا

    واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ طور پر گرین لینڈ کو خرید لینے سے متعلق تنازعے کی وجہ سے اپنا ڈنمارک کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ڈینش وزیر اعظم میٹے فریڈےرِکسن گرین لینڈ کو بیچنے کے حوالے سے گفتگو پر راضی نہیں اور وہ اس وجہ سے اپنا کوپن ہیگن کا دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔

    گرین لینڈ ایک خود مختار علاقہ ہے لیکن یہ ڈنمارک کا حصہ ہے، اتوار کو صدر ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گرین لینڈ خریدنا چاہتے ہیں لیکن ڈینش حکومت نے کہا تھا کہ گرین لینڈ برائے فروخت نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے بڑے جزیرے گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیاتھا ، گرین لینڈ میں مستقبل میں سونا، یاقوت، پلاٹینیم، المونیم اور پلاٹینم جیسی معدنیات کا بھاری مقدار میں نکلنے کا امکان ہے اور اس وقت ڈنمارک کے ماتحت ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار گرین لینڈ کو خریدنے کی خواہش گزشتہ برس ظاہر کی تھی، گزرتے وقت کے ساتھ اب ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش بھی شدید ہوگئی ہے اور انہوں نے اعلیٰ حکومتی مشیروں اور اداروں کے سربراہوں سے رائے طلب کی ہے کہ گرین لینڈ کو خریدنے کا سودا کیسے رہے گا۔

    گرین لینڈ اگرچہ ڈنمارک کے ماتحت ہے، تاہم اسے دنیا بھر میں خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، گرین لینڈ دنیا کے کم آبادی والے ممالک میں بھی شمار ہوتا ہے اور اس ملک کے رقبے کا 80 فیصد حصہ برف پر مشتمل ہے۔

    اسے دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ بھی مانا جاتا ہے۔گرین لینڈ بحر اوقیانوس اور بحر منجمند شمالی کے درمیان واقع اس ریاست کو دنیا کی خوش ترین ریاستوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے، یہاں ماہی گیری کا کاروبار سب سے زیادہ ہے، تاہم گزشتہ کچھ سال سے وہاں تیل و گیس سمیت قیمتی معدنیات کے ذخائر بھی دریافت ہوئے ہیں۔

    گرین لینڈ میں مستقبل میں سونا، یاقوت، پلاٹینیم، المونیم اور پلاٹینم جیسی معدنیات کا بھاری مقدار میں نکلنے کا امکان ہے۔ گرین لینڈ میں اس وقت امریکی اڈہ بھی موجود ہے، جہاں 600 سے زائد فوجی اہلکار موجود ہیں۔

  • نیول چیف کا کریکس اور کوسٹل ایریا میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

    نیول چیف کا کریکس اور کوسٹل ایریا میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس اور کوسٹل ایریا میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا، انہوں نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس اور کوسٹل ایریا میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے اسپیشل سروس آپریشنل ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مذکورہ سینٹر تربیت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی جدید تربیت بھی فراہم کرے گا، سینٹر میں دوست ممالک کے اہلکار بھی تربیت حاصل کرسکیں گے۔ سینٹر کے قیام سے انسداد دہشت گردی کے آپریشنز میں اضافہ ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے یو اے وی لانچنگ سائٹ کا دورہ بھی کیا، نیول چیف کو لانچنگ سائٹ پر یو اے وی سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    نیول چیف نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔