اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آبادآئےتھے، رحیم یارخان میں ولی عہدکاقیام نجی تھا، مشکل وقت میں پاکستان کی مددکرنےپرولی عہدکےشکرگزارہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہدشیخ محمد بن زید النہیان کے دورے کی تفصیل سامنے آگئی، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا شیخ محمدبن زید النہیان 3 دن قبل رحیم یارخان میں موجود تھے، جہاں انکاقیام نجی نوعیت کا تھا، وہ رحیم یارخان میں شکارکی غرض سےرکےتھے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ولی عہدایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آبادآئے تھے، سرکاری دورہ انتہائی کامیاب رہا،باہمی تعلقات مزیدمضبوط ہوئے، مشکل وقت میں پاکستان کی مددکرنےپرولی عہدکےشکرگزارہیں۔
یاد رہے حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ولی عہد محمد بن زید النیہان نے12سال بعد پاکستان کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کی وزیراعظم ہاؤس میں مہمان نوازی کی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی، خطے کے امن اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں : ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ پاکستان، خصوصی جھلکیاں انسٹا گرام پرپوسٹ کردیں
ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے یو اے ای کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں انسداد پولیو کے خاتمے کیلئے حمایت پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اماراتی قیادت کو اصلاحاتی ایجنڈے اور احتساب، شفافیت کے لیے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پراتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کے لئے3ارب ڈالر دے گا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے3ارب روپے کی امداد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔