Tag: دوستی

  • محمد سراج اور ماہرہ کی دوستی، بھارتی اخبار نے بھانڈا پھوڑ دیا!

    محمد سراج اور ماہرہ کی دوستی، بھارتی اخبار نے بھانڈا پھوڑ دیا!

    بھارتی پیسر محمد سراج اور بالی ووڈ اداکارہ ماہرہ شرما کی دوستی کی خبروں سے متعلق ایک بھارتی اخبار نے بڑا انکشاف کیا ہے۔

    ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ محمد سراج اداکارہ ماہرہ شرما کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں، ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈیٹنگ کررہے ہیں اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

    تاہم اب تک نہ ہی محمد سراج اور نہ ہی ماہرہ شرما کی جانب سے اپنے تعلق کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے، دونوں کی درمیان دوستی کی خبریں نومبر 2024 میں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے نوٹس کیا تھا کہ بھارتی کرکٹر محمد سراج نے انسٹاگرام پر ماہرہ شرما کی کچھ تصاویر کو لائیک کیا تھا جس کے بعد دنوں کی دوستی کی خبروں نے زور پکڑا تھا۔

    ان خبروں کے سامنے آنے سے قبل ماہرہ شرما ساتھی اداکار پارس چھابڑا کے ساتھ تعلقات میں تھیں دونوں کی ملاقات بگ باس 13 کے گھر میں ہوئی تھی۔

    تاہم دونوں کی دوستی 2023 میں اختتام کو پہنچ گئی تھی جب ماہرہ شرما نے پارس کو انسٹاگرام سے ان فالو کردیا تھا، بعدازاں پارس نے تصدیق کی تھی کہ ان میں بریک اپ ہوگیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/mohammed-siraj-zanai-bhosle-react-to-dating-rumours/

  • بھارتی کھلاڑیوں سے دوستی اور ہنسی مذاق کیوں؟ سابق پاکستانی کپتان اپنے کھلاڑیوں‌ پر بھڑک اٹھے

    بھارتی کھلاڑیوں سے دوستی اور ہنسی مذاق کیوں؟ سابق پاکستانی کپتان اپنے کھلاڑیوں‌ پر بھڑک اٹھے

    پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز میں ہنسی مذاق اور دوستانہ تعلقات پر بھارت کے بعد اب پاکستان کے سابق کھلاڑی نے بھی اعتراض کر دیا ہے۔

    پاکستان اور بھارت کرکٹ میں روایتی حریف ہیں جو میدان میں کھیل رہے ہوں تو جنگ کا سماں ہوتا ہے، لیکن جب یہی کھلاڑی میدان سے باہر ہوں تو ایک دوسرے سے خوش گپیاں کرتے، ساتھ تصاویر لیتے، کھانا کھاتے اور جھپیاں مارتے دکھائی دیتے ہیں۔

    تاہم کبھی کبھار میچ کے دوران میدان میں بھی دونوں ممالک کے کھلاڑی گھلتے ملتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اس صورتحال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے قومی کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے میدان کے اندر اس دوستانہ رویے پر تشویش کا اظہار بھی کر دیا ہے۔

    معین خان نے ایک معروف اداکارہ کے شو میں شرکت کے دوران میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں کو بھارتی کرکٹرز کے ساتھ ہنستا کھیلتا دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھی ہمارے بھارتی کرکٹرز کیساتھ اچھے روابط تھے اور آج بھی ہیں، لیکن میدان پر کبھی ایسا نہیں ہوا کہ میرا کوئی پسندیدہ پلئیر آ رہا ہو تو میں اسکا بیٹ چیک کرنے لگوں۔ ایسا کر کے ہمارے کھلاڑی منفی پیغام دیتے ہیں ، جس کا انہیں اندازہ بھی نہیں ہوتا۔

    معین خان نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ایک وقت میں ہماری ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، اور آج یہ صورتحال الٹ ہوچکی ہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ جب آپ ایسی حرکتیں کرتے ہیں تو حریف ٹیم آپکے خلاف مزید طاقت کا مظاہرہ کرتی ہے کیونکہ آپ دماغی طور پر پیچھے ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

    معین خان نے مزید کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑیوں کو بھی میدان پر بھارتی کرکٹرز کیساتھ مذاق کرتے یا بیٹ چیک کرتے اور سیلفی بنواتے نہیں دیکھا۔

    میزبان اداکارہ اُشنا شاہ نے معین خان سے یہ سوال کیا تھا کہ ماضی میں ہمارے کرکٹرز پر بارڈر کے دوسری طرف سے بھی بہت زیادہ پیار ملتا تھا لیکن اب چاہے شوبز ہو یا کرکٹ ایسا نہیں، ہمارے کھلاڑی ویرات کوہلی سمیت دیگر کیساتھ تصاویر بنوارہے ہیں کیوں؟

    واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی ماضی میں پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز کی دوستی پر اعتراض اٹھا چکے ہیں۔

  • جس ٹیم میں دوستی یاری نہ ہو تو وہ ٹیم ہی کہاں، محمد رضوان

    جس ٹیم میں دوستی یاری نہ ہو تو وہ ٹیم ہی کہاں، محمد رضوان

    ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم میں دوستی یاری نہ ہو تو وہ ٹیم ہی کہاں، یاری دوستی سے ٹیم بنتی ہے۔

    پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو  میں کہا کہ مجھے لوگوں کی ایک چیز سے مسئلہ ہے،مجھے سمجھ نہیں آتا لوگ ٹیم میں دوستی یاری پر کیوں تنقید کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے جس ٹیم میں دوستی یاری نہ ہو تو وہ ٹیم ہی کہاں، اگر ٹیم میں لڑائی جھگڑے ہوں تو آپ ہی کہیں گے ٹیم میں گروپ بندیاں ہورہی ہیں۔

    انہوں نے بابر اعظم پر تنقید کرنے والوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بابر پر تنقید کرتے ہیں وہ بھی پاکستان کیلئے سوچتے ہیں، بابر ایک بڑا پلیئر ہے اس کا دل بھی بڑا ہے۔

    پاکستان ٹیم کا جو کپتان ہوگا ہمارا کپتان وہی ہوگا، ہمارا دین بھی ہمیں  یہی سکھاتا ہے کہ جو امیر  ہوگا اسی کو فولو کرنا چاہیے۔

    ملتان سلطان کے کپتان کا کہنا تھا کہ اگر نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے  یہ سوال  کسی کھلاڑی یا کسی بھی پاکستانی سے کریں تو سب کو پتا ہے کہ بابر بھی انسان ہیں، بابر  سمیت ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں ، مگر ہم سب صرف پاکستان کیلئے سوچیں تو  بابر ایک بڑا پلیئر ہے جس کا دل بڑا ہے۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

    پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا میں ہم منصب داتوسیف الدین سے ملاقات کے دوران اقتصادی وتجارتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، مہاتیرمحمد کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں تازہ ہیں۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باہمی اقتصادی تعاون انتہائی سود مند اور معاون ثابت ہوگا۔ ملائیشین ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

    پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرخارجہ

    اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اقتصادی امور ملائشیا داتو سری عظمین علی سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

  • سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارنا خواتین کی صحت میں بہتری کا سبب

    سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارنا خواتین کی صحت میں بہتری کا سبب

    یوں تو دوستوں سے اچھا تعلق ذہنی تناؤ سے نجات میں معاون ثابت ہوتا ہے، تاہم حال ہی میں ماہرین نے کہا ہے کہ خواتین اگر اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتی ہیں تو انہیں چاہیئے کہ اپنی سہیلیوں سے دوستی کو مزید گہرا کرلیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ جب خواتین اپنی اچھی دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارتی ہیں تو ان میں اوکسی ٹوسن نامی ہارمون میں اضافہ ہوتا ہے۔

    یہ ہارمون دوسروں پر بھروسہ کرنے اور دوستی کے جذبے میں اضافہ کرتا ہے، اسے محبت کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔

    دراصل دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنا ذہنی و دماغی صحت کے لیے مفید ہے۔

    ایک تحقیق میں یہ بات بھی ثابت ہوچکی ہے کہ مضبوط اور خوش رکھنے والے سماجی رشتے کسی شخص کی عمر میں اضافہ کرسکتے ہیں جبکہ ڈیمینشیا کے خطرے اور ذہنی تناؤ میں کمی کرتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے ارد گرد چند اچھے اور گہرے دوستوں کی موجودگی ہماری صحت پر حیران کن مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، لہٰذا ایسے دوست جن کے ساتھ آپ خوشی محسوس کرتے ہوں ان سے اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔

    ماہرین طب کے مطابق خواتین کی صحت کے لیے سب سے فائدہ مند بات یہ ہے کہ اپنی سہیلیوں سے تعلق کو گہرا اور مضبوط کیے رکھیں۔

    آپ اس تحقیق سے کتنے متفق ہیں؟

  • دوستی کا عالمی دن: دوست دکھ بھی دے سکتے ہیں اور درد کی دوا بھی ہوسکتے ہیں

    دوستی کا عالمی دن: دوست دکھ بھی دے سکتے ہیں اور درد کی دوا بھی ہوسکتے ہیں

    آج دنیا بھر میں دوستوں اور دوستی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا آغاز سنہ 1958 سے کیا گیا تھا۔

    کسی انسان کی زندگی میں دوست نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ دوستوں کی صحبت کسی انسان کے نظریات و خیالات اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    اسی طرح برے اور مشکل وقت میں بھی دوستوں کی اہمیت کو کسی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ دوست ہی ہوتے ہیں جن کی وجہ سے آپ اپنی زندگی کا کٹھن وقت گزار پاتے ہیں۔ دوستوں کی اہمیت ان افراد کے لیے اور بھی بڑھ جاتی ہے جو تنہا ہوں یا جن کے اپنے اہلخانہ سے تعلقات اچھے نہ ہوں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دوستوں سے ملنا آپ کو ذہنی طور پر پرسکون اور خوش تو کرتا ہی ہے تاہم دوست آپ کے درد کے لیے ایک قدرتی مداوا بھی ہیں کیونکہ درد کش ادویات کھانے کے مقابلے میں بڑا حلقہ احباب رکھنا زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دوستوں کا زیادہ بڑا حلقہ رکھنے والے لوگ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا کہ زیادہ دوستوں کے ساتھ میل جول رکھنے والے لوگوں میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

    دراصل زیادہ دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے والے لوگوں میں اینڈورفین (جسم کے مرکزی اعصابی نظام میں پیدا ہونے والا ایک کیمیکل) کے اخراج کی سطح زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔

    اینڈورفین ایک کیمیائی مادہ ہے جو سخت ورزش، جذباتی کشمکش اور درد کی حالت میں قدرتی طور پر خارج ہوتا ہے۔ یہ مادہ جذبات کے ساتھ منسلک ہے جو درد کے احساس کو کم کرتا ہے اور طمانیت اور آسودگی کا احساس دلاتا ہے۔

    نکمے دوستوں سے دور رہیں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ ہمارے دوست ہماری زندگی پر بے حد اثر انداز ہوتے ہیں لہٰذا اگر ہم اپنی زندگی میں کامیاب بننا چاہتے ہں تو ہمیں اپنے نکمے دوستوں سے جان چھڑانی ہوگی۔

    ایک امریکی بزنس مین گیری وینرک کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی کے 5 قریبی افراد ہماری اپنی زندگی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔

    اگر یہ 5 افراد مثبت سوچ رکھنے والے، زندگی کو روشن خیالی سے دیکھنے والے، کامیاب اور خوشحال ہوں گے تو یہی ساری خصوصیات ہماری زندگی میں بھی در آئیں گی۔

    اس کے برعکس اگر یہ افراد منفی سوچ رکھنے والے، رونے دھونے والے، ہر چیز کی شکایت کرنے والے، منفی پہلوؤں پر نظر رکھنے والے اور ناشکرے ہوں گے تو لاشعوری طور پر ہم بھی یہ عادات اپنا لیں گے۔

    ایسی عادات رکھنے والے افراد زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے لہٰذا ایسے افراد کی شکوے شکایتیں تا عمر جاری رہتی ہیں اور اگر ہم نے انہیں اپنی زندگی کا اہم حصہ بنا رکھا ہے تو لازمی طور پر اس کا اثر ہماری زندگی پر بھی پڑے گا۔

    گیری کا کہنا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کے اندر بھی توانائی، جوش وجذبہ بھر دیتا ہے اور آپ کو نئے کام کرنے، اور پرانے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی طرف راغب کرتا ہے۔

    اس کے برعکس منفی سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کو پریشان، مایوس اور پراگندہ طبیعت بنا دیتا ہے اور آپ خود کو بھی ناکارہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔

  • شاہی بہوؤں میگھن اور کیٹ میں دوستی کے چرچے

    شاہی بہوؤں میگھن اور کیٹ میں دوستی کے چرچے

    لندن : برطانوی شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مرکل نے آرچی کی پیدائش کے بعد پہلی بار عوامی تفریحی مقام پر شاہی خاندان کی بڑی بہو کیٹ مڈلٹن اور ان کے بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنے 2 ماہ کے بیٹے آرچی کے ساتھ جبکہ شاہی خاندان کی بڑی جوڑی ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن اور ولیم نے اپنے 3 بچوں سمیت ایک تفریحی مقام بلنگ بیئر پولو کلب کی سیرو تفریح کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادار ے کا کہنا تھا کہ اس دوران ولیم اور ہیری نے ایک دوسرے کے مدِ مقابل پولو کلب میں میچ بھی کھیلا جس کے نتیجے میں ہیری اپنے بڑے بھائی ولیم سے جیت گئے۔

    دوسری طرف شاہی خاندان کی بہوئیں ایک دوسرے سے کافی کھنچی کھنچی نظر آئیں، میگھن نے اپنا سارا وقت اپنے 2 ماہ کے بیٹے آرچی کو اٹھائے اِدھر ادھر گھومتے گزارا جبکہ کیٹ بھی اپنے بچوں کے ساتھ مصروف نظر آئیں، البتہ دونوں نے ایک دوسرے سے کوئی بات نہیں کی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق 37 سالہ میگھن پر گزشتہ مئی میں 37 سالہ کیٹ کو اپنی شادی پر رلانے کا الزام سامنے آیا تھا اور چند ہی گھنٹوں بعد شاہی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق امریکی اداکارہ میگھن نے دونوں بھائیوں یعنی 35 سالہ شہزادہ ہیری اور 37 سالہ شہزادہ ولیم کے تعلقات خراب کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔

    واضح رہے کہ میڈیا میں برطانوی شہزادیوں دیورانی میگھن مارکل اور ان کی جٹھانی کیٹ مڈلٹن کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جبکہ شاہی خاندان نے ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس اور کیمبرج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے متعلق تردید سے انکار کر دیا تھا۔

    دوسری جانب کیٹ مڈلٹن نے وضاحت کی تھی کہ ان کے اور میگھن کے درمیان کسی قسم کی کوئی چپقلش نہیں ہے۔

  • بلی اور کچھوے کی انوکھی دوستی

    بلی اور کچھوے کی انوکھی دوستی

    دوستی اور محبت دو ایسے رشتے ہیں جو رنگ و نسل، ذات پات اور جنس ہر شے کو بھلا کر ہر طرح کے افراد میں قائم ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں جانور انسانوں سے بھی آگے ہیں جو اپنے فطری دشمنوں کے علاوہ بقیہ جانوروں سے اس قسم کی دوستی قائم کرسکتے ہیں کہ دنیا حیران رہ جائے۔

    ایسی ہی ایک انوکھی دوستی نے لوگوں کو دنگ کر رکھا ہے جو ایک کچھوے اور بلی کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی جانے والی یہ تصویر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک کچھوا اور بلی ایک ساتھ بیٹھ کر کھانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

    تصویر پوسٹ کرنے والے صارف کے مطابق یہ دونوں جانور اس کے پالتو ہیں اور ایک ہی گھر میں رہتے ہیں اسی وجہ سے ان کے بیچ دوستی کا رشتہ قائم ہوگیا ہے۔

    ٹویٹر پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے دیگر تصاویر بھی شیئر کیں جن میں دو مختلف جانوروں کی انوکھی دوستی کو دکھایا گیا۔

    یہ تمام جانور پالتو تھے اور ایک ہی گھر میں رہنے کی وجہ سے دوست بن گئے تھے۔

    آپ کو کیسی لگیں یہ معصوم دوستیاں؟

  • دوستی کا عالمی دن: دوست آپ کے درد کی دوا

    دوستی کا عالمی دن: دوست آپ کے درد کی دوا

    دوستوں سے ملنا آپ کو ذہنی طور پر پرسکون اور خوش کرسکتا ہے تاہم ماہرین کا دعویٰ ہے کہ دوست آپ کے درد کے لیے ایک قدرتی مداوا بھی ہیں کیونکہ درد کش ادویات کھانے کے مقابلے میں بڑا حلقہ احباب رکھنا زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دوستوں کا زیادہ بڑا حلقہ رکھنے والے لوگ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔

    تحقیق میں پتہ چلا کہ زیادہ دوستوں کے ساتھ میل جول رکھنے والے لوگوں میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ زیادہ دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے والے لوگوں میں اینڈورفین، جسم کے مرکزی اعصابی نظام میں پیدا ہونے والا ایک کیمیکل کے اخراج کی سطح زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دفتر کا تناؤ زدہ ماحول بہترین دوستی کا سبب

    اینڈورفین ایک کیمیائی مادہ ہے جو سخت ورزش، جذباتی کشمکش اور درد کی حالت میں قدرتی طور پر خارج ہوتا ہے۔ یہ مادہ جذبات کے ساتھ منسلک ہے جو درد کے احساس کو کم کرتا ہے اور طمانیت اور آسودگی کا احساس دلاتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جسمانی طور پر ان فٹ افراد اور وہ لوگ جنہوں نے خود کو ڈپریشن کا شکار بتایا تھا، ان میں کم دوست بنانے کا رجحان ملا۔

    تو پھر کیا خیال ہے؟ تکلیف کے موقع پر دوستوں سے ملنا ایک سستا نسخہ ہوسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاڑکانہ: وڈیرے کے کہنے پرطالب علم کی جھوٹے الزام میں گرفتاری

    لاڑکانہ: وڈیرے کے کہنے پرطالب علم کی جھوٹے الزام میں گرفتاری

    لاڑکانہ : پولیس نے جھوٹے الزام میں اسکول جانے والے بچے کو راستے سے گرفتار کرکے حوالات میں ڈال دیا، بچے کو مبینہ طور پر وڈیرے سے دوستی نہ کرنے کی پاداش میں حوالات کی ہوا کھانا پڑی، اے آر وائی نیوز کی خبر پر رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے اقرباء پروری کی انتہا کردی۔ گرفتار طالب علم کے چھوٹے بھائی نے وڈیرے کے بیٹے کو دوستی کرنے سے انکار کردیا تھا جس پر وڈیرے نے بڑے بھائی اور نویں جماعت کے طالبعلم کو جھوٹے الزام میں گرفتار کرادیا۔

    شفقت نامی طالب علم یونیفارم پہنے کتابیں لیے حوالات میں بیٹھا رہا، اس دوران وہ بہت گھبرایا ہوا لگ رہا تھا، اسے مبینہ طور پر وڈیرے کے بیٹے کے کہنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی لاڑکانہ نے بتایا کہ شفقت کے خلاف بچے کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ اےآر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد شفقت کو رہا کردیا گیا، معاملے کی انکوائری کرائی گئی تو اس میں واقعے کا ذمہ دار ہیڈ محرر بشیر کھوکھر قرار پایا۔

    ایس ایس پی لاڑکانہ نے لڑکے کو جھوٹے الزام میں گرفتار کرنے والے ہیڈ محرر بشیر کھوکھرکے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اسے لاک اپ کردیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔