سندھ کے شہر لاڑکانہ میں صرف عوام نہیں بلکہ عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں میئر کو ڈاکوؤں نے ایک ماہ میں دو بار لوٹ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے شہر لاڑکانہ میں عام شہری ہی نہیں بلکہ عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں رہے۔ میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور لہر کو ایک ماہ میں دو بار لوٹ لیا گیا۔
ڈاکوؤں نے میئر لاڑکانہ کے سپر اسٹور پر ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات کی۔ یہ واقعہ نادرا آفس کے قریب حیدری تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر سپر اسٹور کو دوبارہ لوٹا اور فرار ہو گئے۔
میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور لہر نے اس واردات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں ایک ماہ میں دوسری بار ڈکیتی کی واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پہلی واردات کی رپورٹ درج کرائی تھی، لیکن اس کی بھی اب تک کوئی ریکوری نہیں ہوئی۔ اب دوبارہ واردات ہونا اور عوامی نمائندے کو نشانہ بنانا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
ترجمان کے مطابق میئر لاڑکانہ کا تعلق کاروباری خاندان سے ہے۔ ان کے پٹرول پمپس، سپر اسٹور اور دیگر کاروبار ہیں۔