فیصل آباد: گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار ویمن کی طالبہ دوسری منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئی ، پولیس نے طالبہ کی خودکشی یا قتل کے پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سمندری کے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں بی ایس اردو کی 19 سالہ طالبہ دوسری منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔
چک 142 کے رہائشی محمد اعظم کی بیٹی ماہم مرجان بی ایس اردو سیکنڈ سمیسٹر کی طالبہ تھی، سوموار کی صبح وہ اردو بلاک کی دوسری منزل سے نیچے گری، جس کے نتیجے میں اس کا سر اور چہرہ بری طرح زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ٹیم نے زخمی طالبہ کو فوری طور پر سول اسپتال سمندری منتقل کیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
ڈی ایس پی سمندری اور ایس ایچ او تھانہ سٹی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھے کیے، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش طالبہ کے اتفاقیہ گرنے، اسے دھکا دیے جانے یا خودکشی کے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے۔