Tag: دوسرے روز بھی معطل

  • جامعہ کراچی کے پروفیسر کا قتل، تدریسی عمل دوسرے روز بھی معطل

    جامعہ کراچی کے پروفیسر کا قتل، تدریسی عمل دوسرے روز بھی معطل

    کراچی : جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسرکے قتل کے خلاف یونیورسٹی میں تدریسی عمل آج بھی معطل ہے۔

    روشنیوں کے شہر کراچی کو علم وادب کی نامور شخصیات سے محروم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغِ عامہ سے وابستہ اسسٹنٹ پروفیسرسید وحیدالرحمان المعروف یاسر رضوی کے بہیمانہ قتل کے بعد جامعہ کی فضا سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے۔

    جہاں علم کی لو جلتی تھی وہاں آج دُکھ کے گہرے سائے ہیں۔

    مرحوم کو گزشتہ شب آہوں اورسسکیوں میں یاسینِ آباد قبرستان میں سُپردِخاک کردیا گیا،علم کی روشن شمع بجھنے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، ہر دل درد سے بوجھل ہے اور سوگ میں جامعہ کراچی میں تدریسی عمل آج دوسرے روز بھی معطل ہے، آج بھی جامعہ کراچی میں احتجاج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک سولہ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان جاں بحق ہوگئے۔

    جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر کو دستگیر کے علاقے میں رہائش گاہ سے یونیورسٹی جاتے ہوئے دہشتگردوں نے نشانہ بنایا، ڈاکٹر وحیدالرحمان کو سر اور سینے میں پانچ گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔

  • اسلام آباد جانیوالی پروازوں کا شیڈول دوسرے روز بھی معطل

    اسلام آباد جانیوالی پروازوں کا شیڈول دوسرے روز بھی معطل

    اسلام آباد: انقلاب اور آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،سیاسی صورتحال اور جیٹ فیول نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد جانیوالی پروازوں کا شیڈول دوسروے روز بھی معطل رہنے سے مسافر کوفت کا شکار ہیں، حکومتی اداروں میں بوکھلاہٹ کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

    اسلام آباد کی غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پروازوں کا آپریشن معطل رہنے سے قومی اداروں  سول ایوی ایشن اتھارٹی ، پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائن کو دو دن میں جہاں کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ ا وہیں مسافر بھی رل گئے۔

    کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پرواز پی کےتین سو اور تین سو آٹھ منسوخ کردی گئی، اسلام آباد سے کراچی آنیوالی پرواز پی کے تین سو ایک اور تین سو نو بھی منسوخ ہوگئی۔

    نجی ایئرلائن شاہین ایئر کی پرواز این ایل121 اور اسلام آباد سے کراچی آنیوالی پرواز این ایل122منسوخ کردی گئی، کراچی سے اسلام آباد جانیوالی ایئر بلو کی پرواز201منسوخ کردی گئی۔