Tag: دولت مشترکہ

  • اسد قیصر پارلیمانی سفارت کاری سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم

    اسد قیصر پارلیمانی سفارت کاری سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم

    اسلام آباد: اسد قیصر پارلیمانی سفارت کاری سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے سرگرمی سے اپنا کردار کر رہے ہیں، انھوں نے اس سلسلے میں بین الپارلیمانی یونین اور دولت مشترکہ کو خطوط لکھ کر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بین الپارلیمانی یونین اور دولت مشترکہ کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے لکھا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ آئی پی یو کی ذمہ داری ہے، مقبوضہ کشمیر کے شہری 63 دن سے گھروں میں محصور ہیں، پوری مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، تمام موصلاتی رابطے منقطع ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے خطوط میں لکھا کہ 5 اگست کو بھارت نے غیر قانونی طور پر آرٹیکل 35 اے اور 370 ختم کیا، آرٹیکل کے خاتمے سے کشمیریوں کو محدود پیمانے پر حاصل خود مختاری کو بھی ختم کر دیا گیا، بھارت نے متنازعہ علاقے سے الحاق کر کے بھیانک کھیل کھیلا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیرمیں  64ویں روز بھی کرفیو

    اسد قیصر کا کہنا تھا آرٹیکل 35 اے، 370 ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا، وادی میں گورنر راج نافذ ہے جو بھارتی آئین کی بھی خلاف ورزی ہے، ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ آئی پی یو کی کمیٹی عوامی نمایندوں کی گرفتاریوں کا جائزہ لے اور انکوائری کرائے، ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن بنایا جائے جو مقبوضہ وادی کا دورہ کرے۔

    انھوں نے دولت مشترکہ کو خط میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی دولت مشترکہ کی شاخ ہے، بھارت نے دولت مشترکہ کی شاخ کو غاصبانہ طور پر معطل کر رکھا ہے، سی پی اے اپنی تمام شاخوں کے حقوق کو تحفظ دینے کا پابند ہے، شخصی آزادی اور حقوق کا تحفظ اس کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

  • پاکستان کادولت مشترکہ کی70 ویں سالگرہ پریادگاری  ٹکٹ جاری کرنےکااعلان

    پاکستان کادولت مشترکہ کی70 ویں سالگرہ پریادگاری ٹکٹ جاری کرنےکااعلان

    اسلام آباد: پاکستان نے دولت مشترکہ کی سترویں سال گرہ کے سلسلے میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا ، وزیرخارجہ نے کہا ڈاک ٹکٹس میں پاکستان کی ثقافت،تاریخی ورثہ،معیشت شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن میں جاری دولتِ مشترکہ کے اجلاس میں ڈاک ٹکٹ کے اجرا سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ، لندن ڈیکلریشن (دولتِ مشترکہ)کے ستر سال مکمل ہونے پر یہ یادگاری ٹکٹ جاری کر رہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ڈاک ٹکٹوں کی ڈیزائن میں3پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے ، جن میں پاکستان کی تہذیب و ثقافت،تاریخ و ورثہ ،معیشت شامل ہیں اور یہ تینوں پہلو دولت مشترکہ کے بنیادی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا ٹکٹ میں کامن ویلتھ کی سترویں سالگرہ کا جاری کردہ "لوگو "بھی شامل ہے، جسے دولتِ مشترکہ سیکریٹیریٹ نے سال 2019 کیلئے تمام کانفرنسوں، نمائشوں و دیگر تقریبات کیلئے تشکیل دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب

    یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دولت مشترکہ اجلاس پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، توقع ہے کامن ویلتھ فورم کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سرمایہ کار دوست اور کاروبار میں آسانی کے لیے پر عزم ہے، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ پاکستان ہنر مند افرادی قوت کے خزانے کے طور پر دستیاب ہے۔ دولت مشترکہ کو باہم جوڑنے کا ایجنڈا مسلمہ ضرورت کا اعتراف ہے۔

  • خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے: وزیر خارجہ

    خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا محور عوام ہیں، خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ اجلاس پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ توقع ہے کامن ویلتھ فورم کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 کے طے شدہ اہداف پر پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کروں گا، رکنیت بحالی پر پاکستان نے مثبت اور دیرپا اقدامات کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جولائی 2018 میں پاکستان میں تیسرے جنرل الیکشن ہوئے، سول حکومت نے دوسری منتخب حکومت کو اقتدار منتقل کیا۔ یورپین یونین اور کامن ویلتھ مانیٹرز نے انتخابات کو شفاف قرار دیا، خواتین کی نمائندگی سول سروس، قانون اور دیگر شعبوں میں بڑھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 11 اگست کو اقلیتوں کا دن خصوصی طور پر منایا جاتا ہے، پاکستان 27 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہے۔ واضح کرتا ہوں پاکستان صرف قانونی نقل مکانی کا حامی ہے۔ بڑھتی درآمدی حوصلہ شکنی کے ماحول میں تجارت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری پالیسیوں کا محور عوام ہیں، خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سرمایہ کار دوست اور کاروبار میں آسانی کے لیے پر عزم ہے، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ پاکستان ہنر مند افرادی قوت کے خزانے کے طور پر دستیاب ہے۔ دولت مشترکہ کو باہم جوڑنے کا ایجنڈا مسلمہ ضرورت کا اعتراف ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک علاقائی ترقی، شرح نمومیں اضافے اور خوشحالی کا پلیٹ فارم ہے۔ سی پیک روٹ میں اقتصادی زونز میں شراکت کا خیر مقدم کریں گے۔ نوجوانوں کی بہتری کے لیے قومی یوتھ کونسل قائم کی گئی ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے 2030 ایجنڈا کے لیے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔