Tag: دوپہر

  • گرمی کی شدت میں اضافہ: سعودی عرب میں محنت کشوں کی سہولت کے لیے پابندی عائد

    گرمی کی شدت میں اضافہ: سعودی عرب میں محنت کشوں کی سہولت کے لیے پابندی عائد

    ریاض: سعودی عرب میں موسم گرما کی شدت میں اضافے کے ساتھ کھلے مقامات پر کام لینے پر پابندی عائد کردی گئی، ہر سال کی طرح رواں سال بھی یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر کے تمام اداروں و کمپنیوں سے کھلے مقامات پر دوپہر کے وقت ڈیوٹی لینے پر پابندی کے فیصلے پر عمل کروایا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی، عمل درآمد جمعرات 15 جون سے 15 ستمبر 2023 تک جاری رہے گا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ پابندی پر عمل درآمد نیشنل کاؤنسل برائے سلامتی و پیشہ ورانہ صحت کے ساتھ تعاون سے کروایا جائے گا۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ پرائیوٹ سیکٹر کے ملازمین کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور انہیں صحت خطرات سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے۔ پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے حوالے سے بین الاقوامی معیار اپنایا جارہا ہے۔

    وزارت نے پرائیوٹ کمپنیوں و اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے یہاں اوقات کار منظم کریں اور پابندی کو مد نظر رکھ کر ڈیوٹی کے نئے شیڈول جاری کریں، دوپہر کے وقت کام پر پابندی نہ کرنے کی رپورٹ موبائل پر وزارت کی ایپ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

  • دوپہر میں بچوں کو سلانے کا فائدہ سامنے آگیا

    دوپہر میں بچوں کو سلانے کا فائدہ سامنے آگیا

    اکثر افراد کا خیال ہے کہ بچوں کو دن کے اوقات میں کچھ دیر نیند ضرور کروانی چاہیئے، اور اب حال ہی میں ایک تحقیق میں اس کے فوائد بھی ثابت ہوگئے۔

    آسٹریلیا کی میک کوائر یونیورسٹی میں ہونے والی ایک تحقیق میں علم ہوا کہ دن کے وقت میں بچوں کا سونا ان کے حروف کی آواز پہچاننے کی صلاحیت کے لیے فائدہ مند ہے، یہ صلاحیت پڑھنے کی ابتدائی صلاحیت کے لیے انتہائی ضروری ہوتی ہے۔

    میک کوائر یونیورسٹی میں اسکول آف ایجوکیشن کی لیکچرر ہوا چین وینگ کا کہنا تھا کہ پڑھنے کے بعد نیند لینا ممکنہ طور پر سیکھی گئی نئی معلومات کو نئے کاموں میں استعمال کرنے کی صلاحیت میں مدد دے سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماہرین نے نیند کے بچوں کے حروف کی آواز پہچاننے پر مثبت اثرات پائے اور بالخصوص اس علم کو ناآشنا الفاظ کو پڑھنے کے لیے استعمال کرنے میں۔

    یاد رہے کہ اب تک نیند اور پڑھنے کی صلاحیت کے درمیان تعلق کی معلومات بہت کم تھیں، اس نئی تحقیق میں سڈنی کے دو ڈے کیئر سینٹرز کے 3 سے 5 سال کی عمر کے 32 بچوں کا مطالعہ کیا گیا۔

  • کرونا ویکسین دن میں کس وقت لگوانا زیادہ مفید ہے؟

    کرونا ویکسین دن میں کس وقت لگوانا زیادہ مفید ہے؟

    سائنس دانوں نے ایک تحقیق کے بعد انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف ویکسین اگر دوپہر کے بعد لگوائی جائے تو یہ زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ریسرچ اسٹڈی میں معلوم ہوا ہے کہ کووِڈ 19 ویکسین سے جسم میں پیدا ہونے والی اینٹی باڈی کی سطح دوپہر کے وقت ٹیکے لگائے جانے والوں میں زیادہ دیکھی گئی۔

    اس نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ دن کے وقت اگر کوئی شخص اپنی کووِڈ ویکسین حاصل کرتا ہے تو اس کا اثر جسم کے مدافعتی ردعمل پر اچھا پڑ سکتا ہے، اس حوالے سے سائنس دانوں نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ بعد از دوپہر لگائی جانے والی ویکسین انسانی جسم میں زیادہ مقدار میں اینٹی باڈیز پیدا کرتی ہے۔

    ہفتے کو بائیولوجیکل ردھمز نامی جریدے میں شائد شدہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ہارورڈ اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی گئی اس تحقیق میں، برطانیہ میں کرونا ویکسین لگوانے والے 2,190 ہیلتھ کیئر ورکرز کے اینٹی باڈیز ڈیٹا کا مشاہدہ کیا گیا۔

    محققین نے پایا کہ اُن لوگوں میں اینٹی باڈی ردعمل سب سے زیادہ تھا جنھیں 3 بجے دن اور رات 9 بجے کے درمیان ویکسین لگائی گئی تھی۔ ان افراد کا موازنہ ان لوگوں سے کیا گیا تھا جنھوں نے ویکسین دن کے شروع میں لگوائی تھی۔

    اس تحقیق کی شریک مصنف پروفیسر ایلزبتھ کلرمین نے کہا ہمارے مشاہداتی مطالعے میں ہم نے یہ دیکھا ہے کہ جس وقت کرونا کی ویکسینیشن دی جاتی ہے اس سے مدافعتی نظام کس طرح متاثر ہوتا ہے، یہ نتائج ہمیں ویکسین کی تاثیر کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ تحقیق کے لیے جن ہیلتھ ورکرز کا ڈیٹا شامل کیا گیا تھا، انھوں نے ویکسین کی پہلی ڈوز دسمبر 2020 اور فروری 2021 کے درمیان لی تھی، اور یا تو انھوں نے فائزر یا آسٹرازینیکا کی ویکسین لگوائی تھی۔

  • متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں شدت کے پیش نظر کھلی جگہوں پر کام کرنے والے افراد کو ریلیف دیتے ہوئے دوپہر کے اوقات میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی دوپہر کے اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے، موسم گرما میں کھلے مقامات پر 15 جون سے ہر قسم کی مزدوری یا دیگر کاموں کے لیے دوپہر کے اوقات میں مکمل پابندی نافذ ہوگی۔

    موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہر سال اس پابندی کا اطلاق کیا جاتا ہے، تمام ایسے ملازمین یا مزدور جو کھلے مقامات پر کام کرتے ہیں انہیں دوپہر ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کے کام کی ذمہ داری سے وقفہ دیا جائے گا۔

    ایسے ملازمین کو وقفے کے اوقات میں سایہ دار جگہ میں آرام کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہزاروں ایسے مزدور موجود ہیں جو عمارتوں کے تعمیراتی شعبے، باغبانی اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لیے کھلی جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں ہمیشہ سے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جاتا ہے جس میں عام آدمی کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔

    اس پابندی کے ساتھ ہی ایسے کارکنوں کے لیے کام کے اوقات کار بھی 8 گھنٹے تک محدود کیے گئے ہیں جبکہ اس سے زائد کام کے لیے اوور ٹائم مقرر کرنا ہوگا۔

    وزارت انسانی وسائل اور اماراتی وزارت کے مطابق اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 13 ہزار 600 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    ہماری روزمرہ میں استعمال ہونے والی تمام غذائی اشیا اپنے اندر علیحدہ افادیت رکھتی ہیں۔ اگر انہیں مناسب مقدار اور وقت پر کھایا جائے تو یہ ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند بن جاتی ہیں۔

    یہ نقصان صرف اس صورت میں دیتی ہیں جب انہیں زیادہ مقدار میں کھایا جائے یا کسی ایسی بیماری کے دوران کھایا جائے جب یہ اس بیماری کو بڑھاوا دیں۔

    اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چیز کے کھانے کا ایک مقررہ وقت ہے۔ اگر اس مناسب وقت پر اس شے کو کھایا جائے تو نہ صرف یہ آسانی سے ہضم ہوجاتی ہیں بلکہ یہ جسم کو فائدہ بھی پہنچاتی ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں ہماری غذا میں شامل اجزا کے کھانے کا مناسب وقت کون سا ہے۔


    :چاکلیٹ

    11

    چاکلیٹ کے کچھ ٹکڑے ناشتہ کے وقت کھانا جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار میں اضافہ کرتے ہیں جو بڑھاپے کے عمل کو سست کرتے ہیں۔ چاکلیٹ امراض قلب کے لیے بھی مفید ہے۔

    لیکن اس کی زیادہ مقدار سے جسم میں چربی ذخیرہ ہونا شروع ہوجائے گی جو موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنے گی۔


    دودھ

    نیم گرم دودھ جسم اور دماغ کے خلیات کو پرسکون کر کے اچھی نیند لانے میں معاون ثابت ہوتا ہے لہٰذا اسے رات میں سونے سے قبل پینا چاہیئے۔

    اس کے برعکس دن میں دودھ پینا نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے اور آپ کے دن بھر کے کھانے کا معمول خراب ہوسکتا ہے۔


    دہی

    دہی کو کھانے کا بہترین وقت دن میں ہے۔ یہ ہاضمے کے نظام کو بہتر کرتا ہے۔

    لیکن رات کے وقت دہی کھانا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ گلے کی خرابی یا کھانسی کا شکار ہیں تو ایسی صورت میں رات میں دہی کھانے سے گریز کریں۔


    :پنیر

    4

    کم چکنائی والا پنیر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو اپنا وزن بڑھانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے کھانے کا صحیح وقت صبح ناشتہ کا ہے۔ رات میں پنیر کھانا ہاضمہ کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔


    :گوشت

    9

    گوشت کو دوپہر کے کھانے میں کھانا چاہیئے۔ یہ ہضم ہونے میں تقریباً 5 گھنٹے لیتا ہے اور اگر اسے رات کے کھانے میں کھایا جائے تو یہ نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے۔

    گوشت آئرن حاصل کرنے ک بہترین ذریعہ ہے اور یہ جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔


    دالیں

    دالوں میں ریشہ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ نظام ہاضمہ میں بہتری اور کولیسٹرول میں کمی کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اسی طرح دالیں بہتر نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

    دالوں کی ان خصوصیات کو دیکھتے ہوئے انہیں شام یا رات میں کھانا چاہیئے۔ صبح ناشتے کے وقت یا دن کے درمیان دالوں سے بنی ڈش جلدی ہضم ہو کر بے وقت بھوک پیدا کرسکتی ہے۔


    :چاول

    2

    اکثر افراد رات کے کھانے میں چاول کھاتے ہیں جو ان میں موٹاپے کا سبب بنتا ہے۔ چاول کھانے کا بہترین وقت دوپہر میں ہے۔


     :آلو

    6

    آلو سے بنی اشیا کا ناشتہ میں استعمال آپ کے جسم کو توانائی فراہم کرے گا۔ البتہ رات کے کھانے میں آلو کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے۔


    :ٹماٹر

    7

    ناشتہ میں ایک ٹماٹر کھانا نظام ہاضمہ کے مسائل کو ختم کرسکتا ہے۔ لیکن خیال رہے اس کی زیادہ مقدار گردوں میں پتھری اور جسم کو سوجن میں مبتلا کرسکتی ہے۔


    :چینی

    1

    چینی سے بنی اشیا کا استعمال کیلوریز میں اضافہ کا سبب بنتا ہے لہٰذا بہتر ہے کہ میٹھی چیزوں کو شام سے پہلے کھا لیا جائے تاکہ دن بھر چلنے پھرنے کے دوران یہ ہضم ہوجائے۔ رات کے وقت چینی سے بنی اشیا کھانا آپ کے وزن میں اضافہ کر سکتی ہیں۔


    :خشک میوہ جات

    10

    دن بھر میں خشک میوہ جات کا استعمال آپ کو بے وقت کھانے سے بچائے گا یوں آپ کے وزن میں اضافہ نہیں ہوگا۔ لیکن خیال رہے کہ خشک میوہ جات جیسے بادام، پستہ، اخروٹ وغیرہ بھرپور غذائیت کے حامل ہوتے ہیں لہٰذا انہیں رات میں کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔


    :نارنگی

    8

    نارنگی کو دن میں کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے لیکن اسے صبح ناشتہ میں خصوصاً خالی پیٹ کھانے سے گریز کریں۔ صبح نہار منہ نارنگی کھانے سے جسم میں الرجی پیدا ہوسکتی ہے۔


    :کیلا

    5

    کیلا ایک ریشہ دار غذا ہے۔ ناشتہ میں یا دن کے کسی بھی حصہ میں کیلا کھانا آپ کے ہاضمہ کے عمل کو تیز کرسکتا ہے۔ البتہ شام یا رات میں کیلا کھانا نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔


    :سیب

    3

    روزانہ ایک سیب کھانا ویسے تو آپ کو ڈاکٹر سے محفوظ رکھ سکتا ہے لیکن خیال رہے یہ سیب صبح ناشتہ میں کھایا جائے۔ رات میں سیب کھانا آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانے پر مجبور کرسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔