Tag: دو افراد جاں بحق

  • دولہا کی کار نہر میں جاگری، دو افراد جاں بحق

    دولہا کی کار نہر میں جاگری، دو افراد جاں بحق

    سرائے عالمگیر میں دولہا کی کار نہر میں گرگئی، حادثے میں دولہا اور اس کی سالی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، کار میں دلہن سمیت 5افراد سوار تھے۔

    اے آر وائی نیوز سرائے عالمگیر کے نمائندے چوہدری ظفر کی رپورٹ کے مطابق شادی کی خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب دولہا دلہن اپنے ولیمے کی تقریب کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ گھر واپس جارہے تھے کہ ٹبی ٹاوان کے قریب دولہا کی کار نہر میں گرگئی۔

    دولہا اور دلہن سمیت کار میں پانچ افراد سوار تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریکسکیو 1122 اور علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچے ریکسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہن سمیت تین خواتین کو نہر سے زندہ نکال لیا۔

    حادثے میں دولہا اسامہ اور اس کی سالی مریم جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ اسپتال پہنچادی گئیں ہیں, بعد ازاں دولہا کی کار کو بھی نہر سے نکال لیا گیا۔

  • کراچی : 8 گھنٹے کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    کراچی : 8 گھنٹے کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 8 گھنٹے کے دوران فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ شہری زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات بلدیہ اتحاد ٹاؤن اور لانڈھی منزل پمپ کے قریب پیش آئے۔

    لانڈھی منزل پمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول صحبت علی فیکٹری میں کام کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق فیکٹری سے باہر نکلنے پرموٹرسائیکل سوار2ملزمان نے فائرنگ کی، مقتول لاڑکانہ کارہائشی تھا جسے 4گولیاں لگیں۔

    دوسرے واقعے میں بلدیہ ٹاؤن میں پیدل چلنے والے ایک نامعلوم ملزم نے فائرنگ کی، فائرنگ سے مقتول کو پانچ گولیاں لگیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں مقتولین سے کسی قسم کی کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی، فائرنگ کے دیگر واقعات مشرف کالونی، اورنگی ٹاؤن، کھارادر اور لانڈھی میں پیش آئے، جہاں پانچ شہریوں کو زخمی کیا گیا۔

  • پنجاب کی فضاؤں میں چھائی دھند زندگیاں نگلنے لگی،  4 افراد جاں بحق،  37 زخمی

    پنجاب کی فضاؤں میں چھائی دھند زندگیاں نگلنے لگی، 4 افراد جاں بحق، 37 زخمی

    گوجرانوالہ : پنجاب میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 37 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی فضاؤں میں چھائی دھند زندگیاں نگلنےلگی ، گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر بس الٹ گئی۔

    بس سڑک پر پھسلن اور دھند کے باعث الٹی ، حادثے میں دو افراد جاں بحق پچیس زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے اور بیس افراد معمولی زخمی ہیں۔

    مسافر بس میں پچاس افراد سوار تھے اور مسافر بس کوہاٹ سے لاہور جا رہی تھی۔

    دوسرے واقعے میں چیچہ وطنی روڈاڈاکلیرا کے قریب 4گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں،ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت2افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع نے بتایا کہ دھند کے باعث بس، مزدا، ٹرک اور کار آپس میں ٹکرائے، حادثے کا شکار ایک گاڑی میں ڈرائیور پھنس گیا تاہم نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہے۔

    دوسری جانب حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کے مختلف سیکشنزآج بھی بند کردئے گئے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پردھند کے باعث ٹریفک معطل ہے۔

    موٹروےایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ،ایم فور شور کوٹ سے فیصل آباد ،موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے ٹریفک روک دی گئی۔

  • لاہور : نامعلوم خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد، ٹرک کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق

    لاہور : نامعلوم خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد، ٹرک کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق

    لاہور : شہر کے دو مختلف مقامات سے خاتون اور مرد کی دو نامعلوم لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ کینال روڈ پر منی مزدا ٹرک کی ٹکر سے دو موٹرسائیکل سوار افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کاہنہ کی حدود کنکر کے علاقے سے ایک نامعلوم خاتون کی نعش ملی ہے، پولیس کے مطابق مقتولہ کو کسی اور جگہ قتل کرکے نعش یہاں لاکر پھینکی گئی ہے۔

    کاہنہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش میں سامنے آئیں گے۔

    دوسری جانب تھانہ سندر کی حدود موہلنوال کے علاقے سے 35سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مقتول کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔

    علاوہ ازیں لاہور کے کینال روڈ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، تیز رفتار منی مزدا ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ کینال روڈ شاہ دی کھوئی جانب کیمپس پل کے قریب پیش آیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شمس شاہ اورارسلان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں افراد کا تعلق وحدت روڈ اور شاہ پور کانجرہ سے ہے۔

    اس حوالے سے ٹریفک پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حادثہ منی مزدا ٹرک کی بریک فیل ہونے باعث پیش آیا۔ پٹرولنگ آفیسر نے مزدا ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

    حادثہ کے بعد مزدا ٹرک بھی الٹ گیا۔ ٹریفک پولیس نے مزدا ڈرائیور عرفان کو حراست میں لے کر تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا ہے، گرفتار ڈرائیور کا تعلق جڑانوالہ سے ہے۔

  • ڈیفنس میں نشے میں دھت افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

    ڈیفنس میں نشے میں دھت افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی : ڈیفنس فیز سکس میں گاڑی سے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور راہگیر زخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ملزم کو نجی اسپتال سے گرفتار کرلیا دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیزسکس خیابان بخاری میں نشے میں دھت نوجوانوں کی اندھادھند فائرنگ فائرنگ کی جس کی زد میں آکر درخشاں تھانے کا اہلکار خالد اورراہگیر رمضان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

    فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی جو درخشاں تھانے میں تعینات تھا جب کہ دیگر دو شہریوں کی شناخت رمضان اور سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال سے گرفتار کرلیا۔ ملزم نذیر قتل کے ایک اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا گاڑی سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی ہے، پولیس گاڑی کے مالک تک پہنچ گئی

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس اہلکار کو نشانہ بنانے والے ملزم کو اسٹیڈیم روڈ کے نجی ہسپتال سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پیر محمد شاہ کے مطابق واقعے میں دو ملزمان ملوث تھے جن میں سے ایک ملزم نذیر کو گرفتار کرلیا جب کہ دوسرا مفرور ہے۔ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ملزم نذیر کا ساتھی اسے ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوا، ملزم نذیر نشے کی حالت میں تھا جس نے فائرنگ کی اور پہلے پولیس اہلکار کو ٹارگٹ کیا جس کے بعد جو بھی اس کے سامنے آیا اسے نشانہ بنایا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ قریبی قونصلیٹ کے سیکورٹی گارڈز نے ملزمان کو روکنے کی بھی کوشش کی، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی جس کے نام پر رجسٹرڈ تھی اس کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ بعد ازاں پولیس گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرمیں جاں بحق پولیس اہلکار کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

  • فائرنگ سے دو افراد جاں بحق: لواحقین کا تھانے کے باہر لاش سمیت دھرنا

    فائرنگ سے دو افراد جاں بحق: لواحقین کا تھانے کے باہر لاش سمیت دھرنا

    کراچی : شہر قائد میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، ڈیفنس میں وکیل کا ملازم جبکہ یوسف پلازہ کے قریب ریڑھی بان جان کی بازی ہار گیا، گزشتہ دو روز کے دوران چھ افراد قتل کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابقکراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آج دوپہر فائرنگ سے ذوالفقارعلی نامی شخص کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    مقتول کے ورثاء نے گذری تھانے کے باہر لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی کی 15روز بعد شادی تھی، ذوالفقار علی نے وکیل خواجہ شمس الاسلام کی نوکری چھوڑ دی تھی، جس پر شمس الاسلام نے ذوالفقار کو غیرقانونی اسلحے کے الزام میں گرفتار بھی کرادیا تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق ذوالفقارعلی کی آج سٹی کورٹ میں پیشی تھی، ذوالفقار پیشی کے بعد ڈیفنس میں ڈیوٹی پرجارہا تھا کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    تھانہ گذری میں مقتول کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، قتل کی دفعات کے تحت درج کیے گئے مقدمے میں وکیل خواجہ شمس الاسلام کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے قبل وکیل شمس الاسلام کے خلاف ماضی میں بھی ایک مقدمہ درج ہو چکا ہے، شمس الاسلام کی سی ویو کے قریب گاڑی روکنے پر پولیس سے تنازع کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، پولیس سے جھگڑے کے بعد شمس الاسلام تھانے میں لاک اپ بھی کیا گیا تھا

    دوسری جانب یوسف پلازہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مقتول کے سرپرگولی ماری گئی،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا شخص ریڑھی بان تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات، تین افراد جاں بحق

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتاہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، واضح رہے کہ فائرنگ کےواقعات میں آج جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی جبکہ شہرمیں گزشتہ دو روزکے دوران6افراد قتل کردیئے گئے، عوامی کالونی سے عمر رسیدہ خواجہ سرا کی تشددزدہ لاش ملی تھی۔

  • کراچی فائرنگ : سابق ایم پی اے کے بیٹے سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی فائرنگ : سابق ایم پی اے کے بیٹے سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی : فائرنگ کے واقعات میں سابق رکن سندھ اسمبلی کے بیٹے سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، بہادر آباد میں شہری کو اغوا کرلیا گیا۔ اندرون سندھ قمبر میں سرکاری اسپتال کے باہرشہری موٹرسائیکل سے محروم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نا ظم آباد نمبر پانچ میں ایک شخص نا معلوم افراد کی گولیوں کا شکار بن گیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔

    لانڈھی بابرمارکیٹ میں ڈکیتی کےدوران مزاحمت پر ملزمان نے نوجوان گولی ماردی۔ زخمی کو اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول سلیم سابق ایم پی اے نصیرالدین کا بیٹا تھا۔

    علاوہ ازیں بہادر آباد سے نامعلوم افراد نے ایک شہری کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا،پولیس کے مطابق مغوی مسعود فیروز کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب سندھ کےعلاقے قمبر میں میں واقع سرکاری اسپتال کے باہر سے موٹر سائیکل چوری ہوگئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری نےبائیک جیسےہی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کی کچھ ہی دیربعد ملزم آیا، لاک توڑا اور یہ جا وہ جا۔

  • شیخورہ پورہ: ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم‘ 2افراد جاں‌ بحق‘ 10زخمی

    شیخورہ پورہ: ٹرین اور آئل ٹینکر میں تصادم‘ 2افراد جاں‌ بحق‘ 10زخمی

    شیخوپورہ: لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ٹرین شیخوپورہ میں آئل ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق شیخوپورہ کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس رات گئے ریلوے پھاٹک پر کھڑے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے باعث انجن اور بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی،حادثے میں ٹرین ڈرائیورعبداللطیف اور اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید جاں بحق جبکہ 10مسافر زخمی ہو گئے۔

    ریلوے حکام کےمطابق شالیمار ٹرین لاہور سے 11بجکر 20 منٹ پر روانہ ہوئی اور شیخوپورہ ہرن مینار کے قریب پھاٹک پرخراب آئل ٹینکر ست ٹکراگئی جس کے بعد چار بوگیوں،انجن اور پاور پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔کئی مسافروں نے جانیں بجانیں کے لیے چھلانگیں لگادین۔

    حادثے کی اطلاع  ملنے کے بعد ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔

    حادثے کےنتیجے میں ٹرین کی 5 بوگیوں میں شدید آگ لگی جس سے 3 بوگیاں مکمل طور پر جل گئیں جبکہ آگ نے ارد گرد کے کچھ علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے مسلسل کوششوں کے بعد 2 گھنٹے سے زائد وقت میں آگ پر قابو پالیا۔

    ریسکیو اہلکاروں نےزخمی مسافروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ شیخوپورہ انتظامیہ نے حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا۔

    ریلوے ترجمان کے مطابق آئل ٹینکر کا ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے ٹینکرریلوے ٹریک پر ہی رک گیا جس کے نتیجے میں ٹریک پر آنے والی ٹرین ٹینکر سے ٹکراگئی جس سے ٹینکر میں موجود آئل نے آگ پکڑلی۔

    ریلوے حکام کے مطابق آئل ٹینکر کے ڈرائیوراور پھاٹک عملےکو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے،حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔


    وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق


    دوسری جانب وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں ٹرین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہناتھاکہ حادثے میں ریلوےکی غلفت پائی گئی تو اسے چھپایا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حادثے سے کے وقت ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگانے کی پوری کوشش کی ہوگی لیکن ٹرین کی ایمرجنسی بریک ایک حد تک لگ سکتی ہے۔

     وفاقی وزیر ریلوےخواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ایکسل خراب ہونے کے باعث ٹرک پٹری پر موجود تھااور اگر ٹرک ڈرائیور جلد بازی نہ کرتا تو حادثہ پیش نہیں آنا تھا۔


    شیخوپورہ ٹرین حادثہ،متاثرہ مسافرمتبادل ٹرین سےکراچی روانہ


    شیخوپورہ کے قریب ٹرین حادثے کا شکار مسافروں کو لے کر متبادل ٹرین کراچی روانہ ہوگئی۔ مسافروں کو پہلےجائے حادثہ سےشیخوپورہ ریلوے اسٹیشن لایا گیا۔

    واضح رہےکہ ٹرین کے کئی مسافروں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے متبادل ٹرین سے سفر کرنے سے انکار کردیا،جس کے بعد متبادل ٹرین دیگر مسافروں کو لے کر ساہیوال کے راستے کراچی روانہ ہوگئی۔

  • کراچی، سخی حسن کے قریب فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    کراچی، سخی حسن کے قریب فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    کراچی : نارتھ ناظم آباد کے علاقے سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ملزمان بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ریسکیو ادارے کی مدد سے دونوں افراد کی لاشوں کو عباسی منتقل کردیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کا عمل جا ری ہے جب کہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتادائی شواہد جمع کر لیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت محمد راشد اور وحید کے نام سے کی گئی ہے تاہم قتل کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

    پولیس نے دہرے قتل کی واردات کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کو جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

    کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورت حال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے تا ہم اکا دکا واقعات کے ذریعے بچے کچے دہشت گرد اپنی موجود گی کا پتہ دیتے ہیں۔

  • خونی بسنت نے دو افراد کی جان لے لی، 23 زخمی

    خونی بسنت نے دو افراد کی جان لے لی، 23 زخمی

    راولپنڈی / لاہور : پتنگ بازی کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے راولپنڈی میں پیراں فقیراں اور سکستھ روڈ میں 2 موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہوگئے، دیگر حادثات میں تیئس افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صورتحال کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق منچلوں نے بسنت پر پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں گلے پر دھاتی ڈورپھرنے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا۔  تھا نہ صادق آباد کی حدود میں دوسرا اٹھارہ سال کا نوجوان دھاتی ڈورمیں کرنٹ دوڑنے سےلقمہ اجل بنا۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی میں ہی ایک اورواقعے میں راول روڈ پرگولی لگنے سے حسا س ادارے کے آفیسر کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کوبسنت کے موقع پر کی جانے والی فائرنگ کے دوران گولی لگی۔

    پتنگ اڑانے کے دوران چھت سے گرنے سے 23 افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران چھتوں پرپتنگ بازی کے ساتھ اسلحے کا بھی کھلے عام استعمال کیا گیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے راولپنڈی میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ نے ایکشن لیتے ہوئے اے ایس پی صدر راولپنڈی اورایس ایچ او صدرکو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات نا قابل برداشت ہیں۔

    انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پتنگ بازوں کیخلاف صوبے بھر میں سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا.

    دونوجوانوں کی ہلاکت کے بعد راولپنڈی پولیس نے پتنگ فروشوں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے پولیس نے کریک ڈاون میں دو سوسے زائد افرادکو حراست میں لے کرمقدمات درج کرلیے ہیں۔ گرفتار افراد سے 20 ہزارسے زائد پتنگیں اور پانچ سوڈوریں برآمد کی گئیں ہیں۔